Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 235/2021

Text size
translateاردو

فروعی مسائل میں اختلاف کی بنا پر کیا دوسرے سلسلے سے منسلک سنی مسلمانوں کا بائیکاٹ کرنا درست ہے ؟کیا

Question

 

کیا فرماتے ہیں علمائے دین مفتیان شرع متین اس مسئلے میں کہ کچھ فروعی مسائل کی بنا پر ایک قاضی صاحب نے ہندوستان کے ایک بڑی سنی بریلوی قوم کے افراد کا بائکاٹ کیا اس بنا پر کہ اس قوم کے لوگ قاضی صاحب کے پیر کو نہیں مانتے بقول قاضی صاحب اب اس بائکاٹ میں معاملہ فقط شادی بیاہ و دیگر موالات تک محدود نہ رہا ، بلکہ سنی قبرستان میں دفن کرنے کی بھی اجازت نہیں دریافت طلب امر یہ ہے کہ سنی بریلوی ضروریات دین وضروریات اہل سنت کے ماننے والوں کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ کرنا کیسا ہے اور ایسا فتوی دینے والوں پر شرع شریف کا کیا حکم ہے؟ شرع شریف میں اپنے گورستان میں دفن نہ کرنے دینا، یہ قانون کن لوگوں کے لئے ہے، قاضی صاحب مذکور نے یہ بھی فرمایا کہ فلاں سنی بریلوی خانقاہ کے لوگوں کو گھر بلایا تو اس سنی عالم کو اور بلانے والوں کو ننگا کیا جائے گا، زید کہتا ہے کہ انہوں نے یہ فتوی فسق کی بنا پر دیا جبکہ بکر کا کہنا یہ ہے کہ فتوی دینے والا خود فاسق ہے اور اگر فقط فسق کی بنا پر بائکاٹ ہے تو ہر فساق و فجار کے ساتھ یہی معاملہ ہونا چاہئے، زید و بکر میں سے کون صحیح ہے ۔ مدلل و مفصل جواب عنایت فرمائیں اور مولی تعالی سے اجر پائیں ۔

 المستفتی:  جاوید رضا بالکنی اسٹریٹ، جام نگر، گجرات

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب: مدعا سے پہلے ایک مختصر تمہید ملاحظہ کریں اور اسی کے ضمن میں اپنے سوالات کے جوابات لیں :

 قرآن و سنت میں بعض معاصی و آثام کی جو سزائیں بطور حق اللہ مقرر و مقدر ہیں انہیں ’حد‘ کہا جاتا ہے ، جیسے زنا کی حد سو کوڑے یا رجم ، سرقہ کی حد، قطع ید وغیرہ اور جن جرموں پر سزا، کتاب و سنت میں صراحۃً مقرر نہ ہو ، بلکہ حاکم وقت کی رائے اور صواب دید پر موقوف ہو کہ حالات کے معائنہ کے بعد جو مناسب سمجھے سزا دے ،انھیں’ تعزیر‘ کہا جاتا ہے اور ان حدود و تعزیرات کو قائم و نافذ کرنے کا اختیار حکام مسلمین کو ہے نہ کہ ہر مقام پر ہر خاص و عام کو ، اب ہمارے بلاد و امصار میں مسلم حکمراں کہاں جو شرعی سزائیں اور حدود و تعزیرات قائم و نافذ کر سکیں تو علما و فقہا ایسے کسی گناہ و جرم کی پاداش میں جو باصرار علانیہ کیا جاتا ہو اور دیگر لوگوں کے اس میں مبتلا و ملوث ہو جانے کا اندیشہ ہو، بائکاٹ و مقاطعہ کا حکم دیتے ہیں ، اور یہ ترک معاملات کی سزا اور مقاطعہ کا حکم بر بنائے مصلحت شرعی دیا جاتا ہے جس سے اپنے گنہ گار مسلم و مؤمن بھائی کی اصلاح مقصود ہوتی ہے، تاکہ وہ ا س سے باز رہے اور دوسرے مسلمان بھی عبرت پکڑیں اور یہ مقاطعہ اور ترک معاملات بھی اس وقت درست ہوگا ، جبکہ اپنے گنہ گار مسلم بھائی کو خوب وعظ و تذکیر ا ور ترغیب و ترہیب کر دی ہو ،مگر پھر بھی وہ اس گناہ پر مصر ہو ۔ امام ابن حجر عسقلانی فتح الباری میں فرماتے ہیں :’’قال ابن ابی جمرۃ و ھذا انما یستمر اذا کان اھل الرحم اھل استقامۃ فان کانوا کفارا او فجارا فمقاطعتھم فی اللہ ھی صلتھم بشرط بذل الجھد فی وعظھم ثم اعلامھم اذا اصروا ان  ذلک بسبب تخلفھم عن الحق ولا یسقط مع ذٰلک صلتھم بالدعاء لھم بظھر الغیب ان یعودوا الی الطریق المثلی‘‘ ۔

مگر اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ مقاطعہ یا بائکاٹ کا شکار مسلم و مؤمن شخص معاذاللہ کافر اور دین و ملت سے خارج ہو گیاکہ اب اس کا مقاطعہ مرنے کے بعد بھی جاری رہے گا اور مقابر مسلمین میں دفن کی اجازت نہ دی جائے گی، گنہگار مسلم کے حق میں مقاطعہ و ترک معاملت کی سزا اگر جائز بھی ہے تو دنیااور اس کی حیات تک نہ کہ برزخ و بعد ممات تک ، سرکار اعلی حضرت تارک جمعہ کے سلسلے میں ایک سوال کے جواب میں فرماتے ہیں : ’’وہ ضرور گنہ گار ہے مگر یہ باطل ہے کہ اسے قبر ستان مسلمین میں دفن نہ کر سکیں ، اسے نفاق عملی کہہ سکتے ہیں نہ کہ حقیقی ۔ ہاں اس جرم پر مسلمان اس سے میل جول ترک کر سکتے ہیں ‘‘ ۔ (رضویہ ، ج: ۶ ، ص : ۳۳۸ ) اور پھر یہ صورتیں جو سوال میں درج ہیں ،محض انکی بنا پر اپنے سنی مسلمان بھائیوں کا مقاطعہ کرنا سخت ناجائز وحرام ، بد کام و بد انجام ہے۔ قاضی صاحب نے صرف اتنی سی بات پر مقاطعہ و ترک معاملات حتی کہ تدفین کی ممانعت کا حکم نہ دیا ہوگا ۔

کسی بھی صاحب سلسلہ جامع شرائط پیر سے بیعت ہونا ہرگز کوئی گناہ و جرم یا غیر محمود بات نہیں۔ ہاں کسی دوسرے مستند و معتبر اور معتمد اہل سنت پیر و بزرگ کو نہ ماننا اگر بر بنائے تعصب و عناد ، بغض و حسد ہے تو یہ ضرور گناہ اور ناجائز و حرام ہے ، اس سے توبہ و رجوع چاہئے ، اور یہ تعصب و عناد اور نہ ماننا اگر ان بزرگ کی توہین و تحقیر تک جا پہنچا ہے تو ایک عام مسلمان کی توہین ہی سخت گناہ ہے چہ جائے کہ خواص اور علماء کی توہین ،حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا :’’ سباب المسلم فسوق ‘‘۔

اور علمائے حق و اکابرین اہل سنت سے بوجہ علم بغض و کینہ رکھنے والے پر تو فقہاء نے کفر کا اندیشہ کیا ہے ،اعلی حضرت امام اہل سنت فرماتے ہیں: اگر عالم دین کو اس لئے برا کہتا ہے کہ وہ عالم ہے جب تو صریح کافر ہے اور اگر بوجہ علم اس کی تعظیم فرض جانتا ہے مگر اپنی کسی دنیوی خصومت کے باعث برا کہتا ہے، گالی دیتا ہے، تحقیرکرتا ہے، تو سخت فاسق و فاجر ہے اور اگر بے سبب رنج رکھتا ہے ،تو مریض القلب خبیث الباطن ہے اور اس کے کفر کا اندیشہ ہے ، خلاصہ میں ہے : ’’من ابغض عالما من غیر سبب ظاھر خیف علیہ  الکفر‘‘۔اگر حالت یہ ہے اور اسی حالت پر مقاطعہ کا حکم دیا گیاہے تو بطور زجر بعد ترغیب و ترہیب ،و وعظ و تذکیر ،مذائقہ نہیں، مگر یہ حکم بعد ممات تک ممتد نہیں تا وقتیکہ ضروریات دین وغیرہ کا منکر نہ ہو۔

 اور اگر ان پیر صاحب مذکور کو شرعی خامی کی بنا پر نہیں مانتے تو الزام نہیں، سوال گول مول سا کیاگیا ہے ۔خلاصہ یہ کہ جیسی حالت ہوگی ویسا حکم ہوگا ۔

بہر حال تمام مسلمانان اہل سنت (جن کو عرف عام میں بریلوی کہا جاتا ہے ) پر لازم ہے کہ بموجب فرمان باری تعالی : (واعتصموا بحبل اللہ جمیعاً و ولا تفرقوا واذکروا نعمۃ اللہ علیکم اذ کنتم اعداء فاّلف بین قلوبکم فاصبحتم بنعمتہ اخواناً۔۔۔)اور بمطابق حدیث پاک : ’’لاتحاسدوا ولا تناجشوا ولا تباغضوا ولا تدابروا ولا یبیع بعضکم علی بیع بعض وکونوا عباد اللہ اخواناً،المسلم اخو المسلم، لا یظلمہ ولا یحقرہ ولا یخذلوہ ۔۔۔‘‘باہم شیر و شکر ہو کر رہیں۔

جاننا چاہئے کہ یہ سلاسل و طرق برائے قطع و فصل نہیں بلکہ برائے ربط و وصل ہیں، اگر ان سلسلوں ، طریقوں اور پیری مریدی سے بجائے مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق قائم ہونے کے ، نفرت و بغض ہونے لگے ۔ بجائے فائدہ ،نقصان ہونے لگے ،بجائے صلح و محبت و مودت کے ،جھگڑا و فساد ہونے لگے تو معلوم ہو کہ بیعت ہونا ایک مستحب کام ہے اور مسلمانان اہل سنت کا باہم متحد و متفق رہنا فرض و واجب ہے۔ترک مستحب زیادہ سے زیادہ مکروہ (وہ بھی تنزیہی ) اور ترک فرض و واجب ،حرام و گناہ شدید ، لہذا مسلمانوں کو چاہےکہ مستحبات کی انجام دہی ا س طور پر اور اس طرح کریں جس سے فرض و واجب کا ترک لازم نہ آئے ، ہمارے بزرگوں کی یہی روش اور یہی تلقین تھی ۔

سرکار مفتی اعظم ہند رحمۃاللہ تعالی علیہ سلاسل کی لڑائیوں پر عوام و جہلا کو تنبیہ فرماتے ہیںاور وہ بھی اس سلسلے کی بابت جو عند التحقیق سوخت ہے کہ اس جھگڑے میںنہ پڑیں ،بات کو طول نہ دیں اگر وہ سوخت ہی ہوا تو کون سا ایمان ہاتھ سے جاتا ہے مگر فساد اس حد تک پہنچاؤ گے تو عین ممکن ہے کہ ایسے اقوال و افعال کا صدور ہو جو فسق و ضلالت حتی کہ کفر تک پہنچا دیں ۔فتاوی مصطفویہ میںہے : ’’اس میں اس درجہ جاہلوں کو پڑنا کہ ایک دوسرے کا دشمن ہو جائے ، تکفیر او رتفسیق تک نوبت پہنچ جائے ، ہرگز جائز نہیں جو اس سلسلے میں ہوتے ہیںان سے تعرض نہ کریں کہ اس بے کار بحث کا نتیجہ سوا فساد اور کچھ نہیں ۔ملتقطا‘‘۔ (یاد رہے کہ یہ حکم سرکار مفتی اعظم کے آخری اور حضرت تاج الشریعہ علیہما الرحمہ کے ابتدائی دور کا ہے،مگر آج تجربہ و مشاہدہ سے ثابت ہو چکا ہے کہ اس سلسلے کے اکثر لوگ اپنے فسق و فجور اور ضلالت و گمراہیت میں حد سے تجاوز کرجاتے ہیں ، لہذاآج ان سے حکم دور و نفور کا ہوگا ،یہاںزیر بحث یہ نہیں، محل استشہاد یہ ہے کہ ضروریات دین وضروریات اہل سنت کے مقر سے امور غیر مہمہ میںتعرض نہ کیا جائے جو موجب فساد ہو ۔)

اسی طرح حضرت تاج الشریعہ علیہ الرحمہ نے متعدد فتاوی میں عوام اہل سنت کو سلسلوں کی لڑائیوں میں نہ پڑنے کی تلقین فرمائی ہے۔جس کا خلاصہ یہ ہے کہ غیر ضروری اور غیر مہم باتیں دوسرے سلاسل و طرق کے ارباب و احباب سے زبر دستی نہ منوائی جائیں ، اور نہ دوسروں سے تعرض کریں ، نہ کسی فروعی و مختلف فیہ مسائل کو دوسروں سے الجھنے کا ذریعہ بنائیں اور فتنہ و فساد سے احتراز کریں اور جو مسلک اہل سنت پر قائم اور احکام شرع پر کاربند ہے ان سے محبت سے پیش آئیں‘‘ ۔ (ملاحظہ ہو فتاوی تاج الشریعہ،ج:۱،ص:۴۳۵، ص:۴۷۸،ص:۴۸۷ وغیرہ) یہی حکم صورت مستفسرہ میں ہے اوریہی فریقین کو ہماری تلقین ہے ۔ واللہ تعالی اعلم۱۲

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

یکم ذو الحجہ ۱۴۴۲؁ھ/۱۳ ؍جولائی۲۰۲۱؁ء

الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم بالصواب ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہ رضوی ، مظفر پور

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.