Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 179/2021 شخص معین پر بلا ثبوت شرعی حکم نافذ کرنے کا حکمQuestion کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ کسی مفتی اور قاضی نے بغیر جانچ پڑتال کئے ہوئے کسی شخص کے نام سے شخصی فتویٰ جاری کیا تو کیا ایسے فتوے پر عمل کرنا جائز ہے یا نہیں ؟ اور ایسے شخصی فتوی دینے والے پر شریعت مطہرہ کا کیا حکم نافذ ہوتا ہے؟ جواب عنایت فرما ئیں ۔ عین کرم ہوگا۔ فتوے کی کاپی ساتھ میں دی گئی ہے۔ المستفتی: محمد نہال احمد نوری، موضع : ڈومنی مؤ پوسٹ سراؤںضلع پریاگ راج ، یو۔ پی Answer الجواب بعون الملك الوهاب:قاعدہ کلیہ ہے کہ عموم واطلاق اور تقیید و تعیین میں بون بعید اور فرق شاسع ہے ، لہذا حکم بر سبیل عموم و اطلاق میں بس یہ بتا دیناہے کہ جو فلاں کام کرے اس پر یہ حکم ہے کسے باشد،مثلاً یوں کہے کہ زانی و شرابی یا تہمت لگانے والے از روے شریعت مطہرہ فساق وفجار ہیں البتہ حکم برسبیل تعیین و تشخیص کے کچھ شروط و ضوابط ہیں کہ بغیر ان کی رعایت کئے ہرگز معین شخص پر حکم جائز نہیں، بلا ثبوت شرعی، مومن کی طرف کبیرہ کی نسبت تہمت اور گناہ کبیرہ ہے’’ لا تجوز نسبة مسلم الى كبيرة‘‘علما تلقین فرماتے ہیںکہ استفتاء ہمیشہ فرضی نام سے کیا جائے بجز چند مخصوص صورتوں کے کہ جس میں تصریح بالاسم کی اجازت اور مفتی کا معین و شخص فتوی دینا روا، اس صورت میں علماء نے فرمایا ، ’’الافضل ان یبھمہ ‘‘ مباح صورت میںبھی بہتر یہ ہے کہ نام کو پوشیدہ رکھے ، حضرت تاج الشریعہ علیہ الرحمہ بھی جا بجا اپنے فتاوی میںفرماتے ہیں: سوال زید، بکر، عمر، فرضی نام سے کرنا چاہئے، (فتاوی تاج الشریعہ ج:۲ ، )صورت مسئولہ میں ہرگز بلا دلیل شرعی، شخصی حکم جائز نہیں، مستفتی و مفتی ہر دو اس امر میں خطا کار اور حق العبد میں گرفتار ہیں ۔ اس کا مداوا اور تدارک یوں ہی ممکن ہے کہ یا تو محکوم علیہ کے خلاف حجت قائم کریںیا اس سے معافی کے طلب گارہوں، ور نہ یہ عمل خودان پر حجت اور انہیں گناہ گار و فسق و فجور کا سزاوار بنا دے گا ، امام ابن حجر عسقلانی ’’ زواجر عن اقتراف الکبائر ‘‘ میں فرماتے ہیں :’’( ترجمہ : غیبت میں اصل انسان کی حرمت ہے اور انسان کی حرمت واجب اور بسا اوقات کسی غرض صحیح شرعی کی وجہ سے وہ حرمت مباح ہو جاتی ہے کہ بغیر اسے ذکر کئے اس غرض تک وصول ناممکن ہوتا ہے۔ امام عسقلانی آگے ان صورتوں کی تفصیل بیان فرماتے ہیں جن میں ایک صورت مستفتی کا کسی کے نام کو مصر ح کر کے حکم حاصل کرنا ہے غرض صحیح شرعی مقصود ہونے کے بعد بھی فرمایا کہ ’’الافضل ان يبهمه فيقول ما تقول في شخص لحصول الغرض بہ و إنما جاز التصريح باسمه مع ذلك لان المفتى قد يدرك من تعيینہ معنی لا یدرکہ مع ابھامہ فکان في التعيين نوع مصلحة‘‘ ( ج: ۲، ص : ۲۵ ) لیکن یہاں ایسی کوئی شرعی مصلحت نہیں لہذا بلا دلیل شرعی معین شخص پر کوئی حکم لگانا بہتان عظیم یا افک مبین ہے، جو بلا گواہان شرعی مردود بلکہ معصیت کبیرہ اور ظلم جسیم ہے ۔ اللہ تعالی فرماتا ہے:(والذین یوذون المؤمنين والمؤمنات بغير ما اكتسبوا فقد احتملوا بهتانا و اثما مبينا) و قال الحسن و ذكر الغیر غیية أو بھتان او افك وكل ذلك في كتاب الله تعالى فالغيبة ان تقول مافيه والبهتان ما ليس فيه والافك ان تقول مابلغكايضا) ‘‘۔ یعنی ہر وہ بات جو تم تک پہنچے اسے بلا دلیل کہتے پھر نا’’ افک ‘‘ہے ، مفتی صاحب کو چاہئے کہ وضاحت فرما دیں کہ وہ حکم مطلقا ہے، معین نہیں اور مستفتیان سے ثبوت شرعی طلب کئے جائیں ورنہ انہیں اپنے اس عمل سے توبہ و استغفار لازم ۔ و الله تعالی و رسولہ صلی الله علیہ وسلم اعلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف ۲۷ ؍ شعبان المعظم ۱۴۴۲ ھ / ۱۰ ؍ اپریل ۲۰۲۱ ء Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
