Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 52/2020

Text size
translateاردو

شہر بیجاپور میں بد مذہبوں کی شمولیت و رکنیت میں ادارہ شرعیہ کا قیام اور اس کے بارے میں شرعی حکم

Question

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام و علمائے ذوی الاحترام مسائل ذیل میں کہ شہر بیجا پور ریاست کرنا ٹک کا ایک مشہور تاریخی شہر ہے،  اس شہر میں کئی سنی علما ، کئی سنی خانقاہیں و سنی مساجد خصوصاً یہ شہر کئی اولیا اللہ کی آماجگاہ ہے، اس شہر میں ایک شخص عالم ہے جو پیری مریدی بھی کرتا ہے اور اہل سنت سے ہونے کا بھی مدعی ہے، اس نے ایک تنظیم بنارکھی ہے جس کا نام’’ مسلم متحدہ کونسل ا یم ،ایم ، سی‘‘ ہے اس میں اکثریت وہابیہ ، دیابنہ کی ہے اس کے علاوہ دیگر مکاتب فکر کے لوگ بھی شامل ہیںیہ عالم و پیر صاحب ہی اس مختلط تنظیم کے صدر ہیں ، ابھی چند روز قبل اسی شہر بیجاپور میں اماراتِ شرعیہ بنگلور کی تصدیق و توثیق سے اپنی مختلط تنظیم ا یم،ایم،سی کی سرپرستی میں دار القضاء کا قیام عمل میں  لایا گیا ہے، اس دار القضاء کے لئے بحیثیت قاضی ونائب قاضی کے طور پر دو دیوبندی، قاسمی مولویوں کا تقرر ہوا ہے، مذکورہ عالم و پیر صاحب نے امارات شرعیہ بنگلور کے صدر و امیر شریعت کا نام لیتے ہوئے تعظیمی کلمات کے ساتھ حضرت مولانا ۔۔۔۔۔امیر شریعت دامت برکاتہم کہہ کر دعائیہ جملے استعمال کئے ہیں ، اپنی اس مختلط تنظیم کو ایک عظیم الشان ادارہ اور تمام مکاتب فکر کا ایک حسین گلدستہ قرار دیا ہے، اور اس دار القضاء کی بنیاد رکھنے کو ایک احسن اقدام بتایا ہے، شہر بیجا پور کے تمام مکاتب فکر کے علما و ائمہ، اور عامۃ الناس سے اس دیوبندی دار القضاء سے فیصلےلئے جانے کی اپیل کی ہے، اس ادارے میں تقرر دیوبندی مولویوں کو دل کی عمیق گہرائیو ں سے مبارکباد  پیش کی ہے، یہ سارے کام سنی کہلانے والے عالم و پیر صاحب نے کیا ہے ،جب کہ کرناٹک میں سنیوں کا ادارہ دار القضاء (ادارہ شرعیہ پٹنہ کے تحت قائم کردہ) کے رہتے ہوئے دیوبندیوں کے امارات شرعیہ کی سرپرستی میں دار القضاء قائم کیا  ہے۔

اس کے علاوہ اس عالم و پیر صاحب نے اپنے تقریروں میں کہا ہے کہ میں ابو طالب کو مسلمان مانتا ہوں ، جو کوئی ابو طالب کو مسلمان نہیںمانتا میںاس کو مسلمان ماننے کے لئے تیار نہیں، اگر ابو طالب مسلمان نہیں تو روئے زمین پر کوئی مسلمان نہیں، اور اپنی تقاریر میں  حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی شان میں بھی گستاخیاں کرچکا ہے، اور ان کے روابط شیعہ ، دیوبندیوں، سلفیوں سے بھی رہتے ہیں ، مذکورہ بالا عبارات کی روشنی میں سوالات یہ ہیں ۔

(۱)سنی کہلانے والے عالم و پیر کو سنی دار القضاء کے رہتے ہوئے دیوبندیوں کی اماراتِ شرعیہ کی سرپرستی میں، دار القضاء کا قیام عمل میں لانا کیسا ہے؟ کیا ایسے شخص کو سنی مانا جاسکتا ہے؟

(۲) اماراتِ شرعیہ کے امیر کو امیر شریعت ماننا اور ان کی تعریف کرنا یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ کفریاتِ قطعیہ کے حاملین کو اپنا پیشوا مانتا ہے شرعاًً درست ہے یا نہیں؟ نیز اس طرح ان دیابنہ کی تعریف کرنے والے پر شریعت کا کیا حکم عائد ہوتا ہے؟

(۳) دیوبندی عقائد کے حاملین کو قاضی تسلیم کرنا اور سنیوں کو انھیںقاضی ماننے کی اپیل کرنا از روئے شرع کیسا ہے؟ اور جس نے ان دیوبندیو ں کو قاضی بنایا، اس پر شریعت کاکیا حکم ہے؟

(۴) دیگر مکاتب فکر کے علماو ائمہ دین کے ساتھ مل کر کسی ایسی تنظیم کی بنیاد رکھنا جہاں دونوں کے درمیان دینی و دنیوی اتحاد کی فضا خوشگوار کی جائے ۔تفریق عقائد کو برقرار رکھتے ہوئے کیا ایسا کرنا شرعاً جائز ہے؟

(۵) ابو طالب کے مسلمان نہ ہونے کا عقیدہ رکھنے والے کو مسلمان نہ ماننا اور جمہور کو اسلام سے خارج کرنا از روئے شرع کیسا ہے؟ اور ابو طالب کے مسلمان نہ ماننے پر ساری امت کے ایمان کو موقوف بتانا کیسا ہے؟ اور اس کے قائل پر شریعت کا کیا حکم عائد ہوتا ہے؟

(۶) حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی توہین کرنا کیساہے؟ اور اس طرح کھلے طور پر شیعہ، وہابیہ، دیابنہ سے ملنے جلنے والے سے مرید ہونا ان کو اپنا رہبر ماننا اپنے ادارے، مدرسے، ومکاتب کا سرپرست بنانا نیزان کی بنائی ہوئی کسی جماعت کا رکن بننا ، ایسے لوگوں پر شریعت کا کیا حکم عائد ہوتا ہے؟

اس سوال نامہ کے ساتھ جانکاری کے لئے قائل کے اس بیان کا خلاصہ جو دار القضاء کے قیام پر دیا ہے اور ابو طالب کے حوالے سے جو کچھ بیجا پور کے اس عالم نے تقریر کی ہے اس کی ویڈیو کلپس بھی بھیجی جاسکتی ہیں۔

مذکورہ جملہ سوالات کے جوابات قرآن و احادیث و اقوال فقہاء کی روشنی میں عنایت فرما کر عوام اہل سنت کو اس اضطرابی بحران سے نکالیں اور ان کے ایمان و عقیدے کو تحفظ بخشیں اور عند اللہ و عند الرسول ماجور ہوں۔

المستفتیان

(۱) آل کرناٹکا سنی علماء بورڈ رجسٹرڈ بنگلور، (۲) جامعہ حضرت بلال بنگلور، (۳) آل کرناٹکا رضا اکیڈمی چترادرگہ، (۴)  رضا فونڈیشن بنگلور، (۵) جماعت رضائے مصطفیٰ شاخ بنگلور، (۶)جماعت رضائے مصطفیٰ شاخ وڈو ضلع بلہاری، (۷) رضائے مصطفیٰ شاخ ہانگل ضلع ہاویری ، (۸) جماعت رضائے مصطفیٰ شاخ ہاسپٹ،(۹) تنظیم و علمائے اہل سنت ہر پنہلی، (۱۰) انجمن پیغام رضا ٹرسٹ رجسٹرڈ بھدراوتی

قائل کے بیان کا خلاصہ

مسلم متحدہ کونسل ایم ،ایم، سی بحمدہ تعالیٰ ملتِ اسلامیہ کو گزشتہ ۱۵؍ سالوں سے مسلسل عظیم خدمات دیتی چلی آرہی ہے، ایم،ایم ،سی ضلع بیجا پور کے مسلمانوں کا ایک عظم الشان ادارہ ہے جو تمام مکاتب فکر کا ایک حسین اور خوبصورت گلدستہ کی حیثیت رکھتا ہے، اس ادارے کے ذریعے وقتاً فوقتاً ملت اسلامیہ کے مسائل کے حل کے لئے اخلاص بھرے جذبے کے تحت سعی کی جاتی ہے، دار القضاء کے ذریعے مسلسل اب تک کم و بیش ستر مقدمات کی سنوائی ہوئی ہے، شرع شریف کے مطابق باضابطہ طور پر ان مسائل کا حل امت مسلمہ کے سامنے پیش کیا گیا ، سو کے قریب دار القضاء میںمقدمات درج ہیں ، ان شاء اللہ باذن اللہ تعالیٰ دار القضاء کی جانب سے یہ کوشش جاری رہے گی ۔  باہمی مشورہ سے متفقہ طور پر مسلم متحدہ کونسل ا یم،ایم ، سی میںیہ طے پایا کہ شرعی کونسل کے زیر اہتمام قاضی و نائب قاضی کا تقرر دار القضاء کے لئے ہوناچاہئے اتفاقِ رائے سے متفقہ طور پر حضرت مولانا شاکر حسین صاحب قاسمی اور مولانا سید یوسف قاسمی صاحب ان دونوں حضرات کو قاضی اور نائب قاضی کے طور پر منتخب کیا یہ ایک احسن اقدام ہے، حضرت مولانا شاکر حسین قاسمی صاحب ایک سینئر عالم دین ہیں کم و بیش  میں سمجھتا ہوں کہ چالیس سال کا آپ ایک طویل تجربہ رکھتے ہیں، زبان و ادب پر انہیں بڑا کمال حاصل ہے، حضرت مولانا سید یوسف قاسمی بخاری صاحب ایک نوجوان عالم دین ہیں اور قوم و ملت کا درد رکھتے ہیں، مسلم متحدہ کونسل بیجا پور نے یہ طے کیا کہ قاضی و نائب قاضی کی تصدیق و توثیق کے لئے حضرت صغیر احمد خاں دامت برکاتہم امیر شریعت کرناٹک سے رابطہ کیا جائے ۔ الحمد للہ ہم نے امیر شریعت سے گزارش کی توآپ نے بے پناہ دعاؤں کے ساتھ بیجاپور کے ایم،ایم سی کو اور دار القضاء کو نوازا مبارک باد دی او رتصدیق و تائید کی، میں ضلع بیجا پور کے تمام علمائے کرام سے ائمہ مساجد سے اور عامۃ الناس سے گزارش کرتا ہوں اپنے عائلی مسائل کے حل کے لئے دار القضاء سے رجوع کریں اور دار القضاء سے رابطہ کرکے اپنے عائلی مسائل کاحل شریعت ِمطہرہ کی روشنی میں پائیں ، میں اپنی جانب سے حضرت مولانا شاکر حسین قاسمی صاحب کو اور حضرت مولاناسید یوسف قاضی قاسمی بخاری کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد ی پیش کرتا ہوںامید کرتا ہوں یہ حضرات دار القضاء میں اپنے خدمات انجام دیتے رہیںگے اور پورا ضلع اور ضلع کے مسلمان اس سے استفادہ کریںگے۔

مندرجہ بالا تحریر ان کے اس دار القضاء کے قیام کے موقع پر کی گئی گفتگو کا خلاصہ ہے۔اس سے پہلے ان کی تقریروں میںدرجہ ذیل جملوں کو سنایا گیا ہے ، جس کی کلپس پیش کی جاسکتی ہیں ۔

Answer

الجواب بعون الملک الوھاب(۱) سنّی دار القضاء کے ہوتے ہوئے اس کے بالمقابل بلا ضرورت شرعیہ داعیہ دوسرا دار القضاء قائم کرنا، ایسا ہی ہے جیسے مسجد قُبا کے مقابلے میں مسجد ضرار، اگرچہ وہ سنیوں کاہی ہو، چہ جائے کہ بد عقیدوں کا، کہ وہ نام نہاد دار القضاء جو فرقہ ہائے باطلہ، مرتدہ کا معجون مرکب ہو اور انہیں شرپسندوں کی شر پرستی میں قائم ہو، وہ سنیوں کا ادارہ نہیںان کے حق میں  اغارہ ہے اور کوئی سنی صحیح العقیدہ کہ عالم دین سنیوں کی غارت گری سوچ بھی نہیں سکتا، جو ایسے ادارہ کا ممدومعاون ہو، وہ بحکم قرآن کریم (ومن یتولھم منکم فانہ منھم) وہ انہیںمیں سے ہے ۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔

(۲) یہاں ’’امارت شرعیہ ‘‘ نام کے ادارے یا ’’ امیر جماعت‘‘ سنی مخالف عقائد والوں میں ہوتے ہیں، اہل سنت و جماعت میں ’’ادارہ شرعیہ‘‘ اور ’’ امین شریعت‘‘ کی اصطلاحات رائج ہیں ، پھر تجربات شاہد ہیں کہ ان اداروں میں اہل سنت وجماعت کی رکنیت برائے نام ہوتی ہے وہ بھی سنیوں کو پھانسنے کے لئے اور سیاہ وسفیدی کے جملہ اختیارات بحق خود محفوظ رکھتے ہیں ۔ کیا ابتداً، ندوۃ العلماء لکھنؤ میں اہل سنت شامل نہ تھے؟ مسلم پرسنل لا بورڈ میں بھی اہل سنت سے کچھ افراد لئے نہ گئے تھے؟ سنی وقف بورڈ بھی شیعہ وقف بورڈ کے مقابلے میں ضرور بولا جاتا ہے ،مگر اس میں سنی صحیح العقید ہ کی تعداد کیا رہ گئی؟یہ بھی برائے نام رہ گیا ۔ تسلط تو دیابنہ و وہابیہ کا ہے۔ کیا واقف حال لوگ اس سے بے خبر ہیں؟ اور طرفہ یہ کہ یہی غاصب و ظالم لوگ عام مسلمانوں سے لے کر ارباب اقتدار تک سب کی نگاہوں میں پوری امت مسلمہ کے نمائندے سمجھے ،مانے جاتے ہیں ۔ سیاسی محاذ پر بھی بنام مسلم و خیر خواہیٔ مسلم ، اہل اسلام و شعائر اسلام کے خلاف کیا کیا گل افشانیاں ہوتی رہتی ہیں وہ بھی حالات سے باخبر لوگوں سے مخفی نہیں۔ بابری مسجد کی جگہ پر بت خانہ بنانے کی حمایت ہو کہ شیو کو پیغمبر بتانا، سناتن دھرم کو مسلمانوں کا مذہب بتانا ہو یا پاروتی کو ماں او رشنکر کو باپ بتانا، ہند، کو ہندو راشٹر بنانے کا مشورہ ہو یایہاں کے مسلمانوں کو ہندو قرار دینا وہمچوں دیگر اسلام و اہل اسلام مخالف بیا نات اسی قسم کے نام نہاد دین بیز ار مفتیوں، قاضیو ں، وہابیوں، دیوبندیوں، قاسمیوں، رافضیوں، صلح کلیوں وغیرھم کی ہفوات ہیں، جو بنام شریعت  براہ سیا ست مسلمانوں کے ووٹ سے جتا کر مسلمانوں کی نمائندگی کے نام پر بنیں، والعیاذ باللہ تعالیٰ، ایسے افراد جس ادارہ سے متعلق ہوںگے اور جو ادارہ ایسے گندم نما جو فروش کی سرپرستی وقیادت میں ہوگااس سے خیر کی کیا امید ؟ پھر ان میں سے کسی کو سرپرست بنانا، اپنا دینی پیشوا ماننا کس طرح جائز ہوسکتا ہے ان کی تعظیم ناجائز اور تحقیر واجب، من وقر صاحب بدعۃ اعان علی ھدم الاسلام۔ واللہ تعالیٰ اعلم

(۳)عقائد کفریہ نجسہ کے حاملین میں سے کسی کو قاضی بنانا، ماننا گویا ناجی پر ناری کا حاکم ہونا ہے، کیا کوئی جنتی کسی جہنمی کو یا کوئی صاحب مال، چور کو چوکید ار بنانا گوارا کرسکتا ہے ؎

آنکھ سے کاجل صاف چرالیںیاں وہ چور بلا کے ہیں

تیری گٹھری تاکی ہے اور تونے نیند نکالی ہے

قال تعالیٰ: ومن یتولھم منکم فانہ منھم۔  واللہ تعالیٰ اعلم

(۴) دینی اتحاد، کا مطلب، حق و باطل کا اتحاد یعنی اہل حق یا تو باطل کو حق مان لے یا پھر اپنے دین حق کو باطل جانے، دونوں صورتیں حرام، کفر و ارتداد جہنم انجام ہیں حتی کہ وداد قلبی بھی ناجائز و حرام بد انجام ہے۔ البتہ اگر کسی دینی تشخص کی حمایت و نصرت میں بظاہر اتحاد محض تحفظ کے لئے ہو جسے بعض کفار و مشرکین بھی بعض مسائل میںاقلیتی طبقہ کا ساتھ دیتےہیں اور علم احتجاج بلند کرتے ہیں آواز سے آواز ملاتے ہیں تو اس قدر کی اجازت ہوگی ۔ واللہ تعالیٰ اعلم

(۵) اعلیٰ حضرت امام اہل سنت مجدد دین و ملت امام احمد رضا فاضل بریلوی قدس سرہٗ نے اس موضوع پر مکمل ایک رسالہ تحریر فرمایا جس میں وہ فرماتے ہیں:

آیات قرآنیہ و احادیث صحیحہ سے ابو طالب کا کفر پر مرنا، اور دم واپسی ایمان لانے سے انکار کرنا ایسے روشن ثبوت سے ثابت جس میںکسی سنی کو مجال دم زدن نہیں۔ قال تعالیٰ انک لا تھدی من احببت ولکن اللہ یھدی من یشاء وھو اعلم بالمھتدین۔ اے نبی تم ہدایت نہیں دیتےجسے دوست رکھو، خدا ہدایت دیتا ہے جسے چاہے وہ خوب جانتا ہے جو راہ پانے والے ہیں۔ تفسیر معالم التنزیل میں ہے ، نزل فی ابی طالب۔ جلالین میں ہے نزل فی حرصہ صلی اللہ تعالیٰ علہ  وسلم علی ایمان ابی طالب، کشاف و تفسیر کبیرمیں ہے قال الزجاج اجمع المسلمون انہا نزلت فی ابی طالب، امام نووی شرح مسلم کتاب الایمان میں فرماتے ہیں: اجمع المفسرون علی انہا نزلت فی ابی طالب، مرقات شرح مشکوٰۃ میں بھی: انک لا تھدی من احببت کے شان نزول پر اجماع مفسرین نقل فرمایا کہ یہ ابو طالب کے حق میںنازل ہوئی۔ ملخصا

(شرح المطالب فی مبحث ابی طالب)

علاوہ ازیں صحیح حدیث میں اس آیت کریمہ کا سبب نزول یوں مذکور کہ جب حضور اقدس ﷺنے ابو طالب سے مرتے وقت کلمہ پڑھنے کو کہا ، تو صاف انکار کردیااور کہا کہ قریش عیب لگائیںگے کہ موت کی سختی سے گھبرا کر مسلمان ہوگیا ، ورنہ حضور کو خوش کردیتا، اس پر یہ آیت کریمہ نازل ہوئی کہ اے حبیب تم اس کا غم نہ کرو، کہ تم اپنا منصب تبلیغ ادا کرچکے، ہدایت دینا اللہ کے اختیار میںہے۔

اب یہ سوال قائل سے کرنا چاہئے کہ وہ جمہور مفسرین و محدثین، بلکہ خود حدیث نبی کریم کی با بت کیا عقیدہ رکھتا ہے؟

البتہ ابو طالب نے حضور اکرمﷺ کی حمایت و کفالت ، نصرت و محبت میں کوئی کسرنہ چھوڑی اور اپنے تمام عزیزوں سے مخالفت گوارا کی، آپ کی مدح و ستائش کی، آپ کا قصیدہ پڑھا۔ روافض و دیگر قائلین ایمان ِ ابو طالب انہیں باتوں کو دلیل ایمان مانتے ہیں ، حالانکہ ’’ دانستن وشناختن‘‘ اور ہے اور ’’اذعان و گرویدن‘‘ اور ، اگر ایمان ابو طالب ثابت تھا تو ایمان ابو طالب میں آقائے کریم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم کی شدت رغبت کے باوجود استغفار کی ممانعت کیوں آئی؟ قال تعالیٰ : ( ماکان للنبی و الذین آمنوا ان یستغفروا للمشرکین ولو کانوا اولی قربی۔۔ الآیۃ)، ولہٰذا مفسرین نے فرمایا کہ ابو طالب کو  نبی رحمت سے یہ محبت دینی نہ تھی، طبعی تھی۔اور بتقدیر الٰہی خاتمہ بالخیر نصیب نہ ہوسکا، کتب تفاسیر میں زیر آیت ،( انک لا تھدی من احببت ولکن اللہ یھدی من یشاء ۔ الآیہ )اس کی صراحت موجود ہے، چنانچہ تفسیرابن کثیر ، ج: ۳، ص:۶۳۱ میں ہے : ’’وقد ثبت فی الصحیحین انہا نزلت فی ابی طالب عم رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم و قد کان یحوطہ و ینصرہ و یقوم فی صفہ ویحبہ حبا شدیدا طبعیا لا شرعیا فلما حضرتہ الوفاۃ وحان اجلہ دعاہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم الی الایمان والدخول فی الاسلام، فسبق القدر فیہ و اختطف من یدہ۔ فاستمر علی ماکان علیہ من الکفر وللہ الحکمۃ التامۃ‘‘۔ مسلم شریف ،ج: ۱، ص: ۴۰ میں ہے : ’’ حتی قال ابو طالب آخر ما کلمھم ھو علی ملۃ عبد المطلب و ابی ان یقول لا الہ الا اللہ ‘‘۔ خود حضرت علی ابن ابو طالب نے اپنے باپ (ابو طالب)کی خبر وفات اس طرح دی۔ ’’ان عمک الشیخ الضال قد مات‘‘۔ (کافی شرح وافی) سیدنا امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فقہ اکبر میں فرماتے ہیں۔’’ ابو طالب عمہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم مات کافرا‘‘۔

ابو طالب کے مسلمان نہ ہونے کا عقیدہ رکھنے والوں کو مسلمان نہ ماننا اور جمہور کو اسلام سے خارج قرار دینایا ان کے ایمان کو ایمان ابو طالب کے اقرار پر موقوف ماننا، مذہب روافض ہے ،یونہی حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم اور ان کے اتباع و محبین کی تکفیر مذہب خوارج ہے اور بلاشبہ دونوں ہی باطل۔ البتہ کسی ثابت الایمان مسلمان کی تکفیر ضرور کفر ہے۔ مسئلہ دائرہ میں زیادہ سے زیادہ یہ مانا جائے کہ جمہور نے ایمان ابو طالب ثابت نہیں مانا یہ نہیں کہ ایمان ثابت کا انکار کیا۔ اور کچھ وہ ہیں جنہوں نے ایمان ابو طالب کا قول کیا، خصوصاً روافض نے جس کا بطلان گزر چکا تو پرظاہر کہ مخالفین کے نزدیک بھی مسئلہ ایمان ابو طالب مختلف فیہ ٹھہرا۔ پھر ایسے مسائل میں کسی کی تکفیر و تفسیق کب روا؟، متعدد مسائل ہیں جن میں مابین الفقہاء اختلاف اہل فن پر مخفی نہیں مگر کسی پر حکم کفر تو بہت بڑی بات ، حکم فسق بھی نہیںہوسکتا۔ حتی کہ جو ایمان ابو طالب کے قائل ہیں اگرچہ ان کی دلیلوںمیں دم نہیں تاہم ان کی تکفیر نظر فقیرسے نہیں گزری۔ تو یہ کس قدر جرأت و جسارت ہے کہ جمہور مفسرین کا اجماع ہوتے ہوئے بھی سواد اعظم کی تکفیر کا فتنہ کھڑا کیا جارہا ہے۔ قال علیہ الصلوٰۃ و السلام:’’ اجرأکم علی الفتیا اجرأکم علی النار ‘‘تم میں جو فتوی دینے میں جری ہے وہ آتش دوزخ پر جری ہے۔ و ایضا قال:’’ فافتوا بغیر علم فضلوا و اضلوا‘‘ ۔قرب قیامت بے علم فتوی دیںگے، تو خود گمراہ ہوںگے اور دوسروں کو گمراہ کریںگے ۔نسال اللہ العفو و العافیہ۔

تو جو شخص بہ علم و آگہی کسی گستاخ خدا و رسول کی تعظیم و توقیر کرے، لوگوں کو اس کی ترغیب و تلقین کرے اور اسے قاضی اسلام کا منصب جلیل سپرد کرے۔ ظالم کی ظلم میں مدد کرے، مرتد کو مسلمان جانے، اسے اسلامی منصب پر فائز کرے وہ بہ ضابطۂ خود بھی مکفر المسلمین قرار پاکر اور مرتدین کو داخل دین مان کر اپنی گردن سے اسلام کی رسی نکال چکا۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔

(۶) کسی عام مسلمان کو بھی اس کے باپ یا بیٹے کی وجہ سے سزا نہیںدی جا سکتی اگر وہ اس جرم میں شریک نہ ہو۔( لا تزر وازرۃ وزر اخری) ۔ کوئی بوجھ اٹھانے والی جان دوسرے کا بوجھ نہ اٹھائے گی۔ پھر یزید کے جور و ظلم کی پاداش میںحضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شان میں طعن و تشنیع اور سب و شتم کیونکر جائز ہوگا؟ یہ بھی طریقۂ روافض ہے اور گزرچکا کہ جو ان میں سے کسی کو دوست بنائے وہ انہیںمیں سے ہے اور ایسوں سے وداد و اتحاد، میل جول اور انہیں پیر بنانا، رہبر و رہنما ماننا کسی ادارہ کا سرپرست بنانا، کوئی منصب دینایا ان کے کسی ادارہ کا رکن بننا ناجائز و حرام سخت بد انجام ہے۔ قال تعالیٰ :( واما ینسینک الشیطان فلا تقعد بعد الذکری مع القوم الظالمین) ۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔

کتبہ: محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی

رضوی دار الافتاء، مرکز اہل سنت،  بریلی شریف

۲۵؍ ربیع النور شریف ، ۱۴۴۲ ؁ ھ/ ۱۳؍ نومبر ۲۰۲۰ء؁

تصدیقات علمائے کرام : - 

(۱)الجواب صحیح و المجیب نجیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد عبید الرحمن عفی عنہ، خادم التدریس و الافتا ،مظہر اسلام  بریلی شریف

(۲) صح الجواب، واللہ تعالی اعلم بالصواب۔

قاضی شہید عالم رضوی ، خادم التدریس و الافتا ، جامعہ نوریہ ، بریلی شریف

(۳) صح الجواب بعون الملک الوہاب، واللہ تعالی اعلم بالصواب ۔

 فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ ، رضوی دارالافتاء، بریلی شریف

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.