Home › Fatawa › Mixed Issues

Text size
translateاردو

کسی خانقاہ کے ذمہ داران کی غیر ذمہ دارانہ روش کے متعلق حکم شرع

Question

کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ زید لوگوں سے بیعت لیتا تھا لیکن زید کا حال یہ تھا کہ اس نے اپنی شادی ایک مشہور دیوبندی تبلیغی کی بیٹی سے کی نیز اپنی بیٹی کی شادی بھی اسی خاندان تبلیغی دیوبندی میں ایک دیوبندی سے کردی نیز یہ کہ زید کے مدرسے کی مسجد تعمیر ہونے سے قبل زید برسوں دیوبندی امام کی اقتدا میںنماز جمعہ پڑھتا رہا اور اپنے دیوبندی سسرالی رشتے داروں کے یہاں آنا جانا، ان کو اپنے یہاں ہر خوشی، غمی کے موقع پر بلانا، اور ان کی نماز جنازہ پڑھنا، پڑھا نا کرتا رہا ، نیز  زید نہ تو عالم تھا اور نہ ہی اس نے کسی مدرسے میں دینی تعلیم حاصل کی۔ یعنی پیر ہونے کی شرائط مفقود ہونے کے باوجود ، زید لوگوں کو بیعت کرتا رہا ، پھر زید کا انتقال ہوگیا ۔ اس کے بیٹوں اور نواسوں نے اس کی قبر کو اندر سے پکی بنوائی ، یعنی سنگ مرمر لگوایا اور اس کی قبرکو ایک عالیشان مزار کی شکل دے دی اور اس کے نام کے ساتھ’’ خواجہ و مخدوم‘‘ جیسے معزز القاب استعمال کرنے لگے۔ ابھی بھی زید کا سجادہ نشین  اور اس کے نواسے صلح کلیوں سے ملنا، جلنا، ان کو اپنے سالانہ جلسے میں مدعو کرنا نیز اعلیٰ حضرت اور تاج الشریعہ کے خلاف اپنی ناقص تحقیق کو پیش کرنے والوں کو اپنے محافل میں بلانا ان کا عام شیوا ہے، یہاں تک کہ متعدد معبودان باطل کی تعریف کرنے والے اور تاج الشریعہ اور آپ کے والد ماجد حضور مفسر اعظم ہند کو گالی دینے والے کو اپنے اجلاس میں مدعو کر چکے ہیں، نیز دیوبندیوں کی نماز جنازہ پڑھنا، پڑھانا ، ان کو دعوت دینا اور ان کی دعوت میں جانا ، ابھی بھی جاری ہے۔ لیکن پچھلے ایک ، دو سال سے یہ لوگ اپنے عیب پر پردہ ڈالنے کے لے اپنے نام کے ساتھ ناشر مسلک اعلیٰ حضرت لگوانے لگے ہیں ، اور اپنی محافل میں اعلیٰ حضرت اور تاج الشریعہ کا نام لیکر عوام کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہمارا کام مسلک اعلیٰ حضرت کے مطابق ہے۔

دریافت طلب امر یہ ہے کہ مذکورہ بالا خرابیاں ہوتے ہوئے کیا زید لوگوں سے بیعت لینے کے قابل تھا اور یہ کہ اپنی شادی اور اپنی بیٹی  کی شادی دیوبندی گھرانے میں کرنے، دیوبندی کے پیچھے نماز پڑھنے کی وجہ سے اور مذکورہ بالا دیگر چیزوں کی وجہ سے زید پر شریعت کا کیا حکم ہوگا؟

نیز ان تمام امور سے توبہ کئے بغیر زید کے انتقال کر جانے کے بعد، اس کے بیٹوں اور نواسوں کا اس کا عالیشان مزار بنانے اور اسے’’خواجہ و مخدوم‘‘ جیسے القاب سے موسوم کرنے کی کیا شریعت اجازت دیتی ہے؟ نیز زید کے بیٹو ں اور نواسوں کا زید کی روش پر قائم رہتے ہوئے دیوبندیوں کی نماز جنازہ پڑھنے ، پڑھانے اور مذکورہ بالا امور انجام دینے کی وجہ سے زید کے بیٹے اور اس کے نواسوں پر شریعت کا کیا حکم ہے؟ کیا یہ اس قابل ہیں کہ ان کی بیعت کی جائے ، نیزیہ کہ ان تمام خرابیوں کے موجود ہونے کے باوجود زید کے بٹے اور نواسوں کا ناشر مسلک اعلیٰ حضرت لکھوانا درست و جائز ہے؟کیا عوام کو دھوکا دینے کے لئے مسلک اعلیٰ حضرت کا نعرہ لگوانے سے ان کے مذکورہ بالا گناہ معاف ہوجائیں گے ، شریعت کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی۔

المستفتی : محمد عبد القیوم ، ساکن: منجھن پور،کوشامبی (یوپی)

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب : دیوبندیوں وہابیوں کی بابت ہر خاص و عام سنی جانتا ہے کہ وہ علی الاقل ضال مضل ہیں اور ان میں جو اساطین اربعہ کے کفر پر مطلع ہوکر، ان کے کفر و عذاب میں شک کریںیا انہیں اپنا پیشوا ومقتدامانے تو وہ اور یہ ایک ہی رسی میں بندھے ہوئے ہیں۔ زید بے قید نے اگر دیوبندیوں کے عقائد پر مطلع ہوکر اور انہیں حق و صحیح جان کر ان سے مناکحت روا رکھی اور اسی طور پر ان کی نماز جنازہ بھی پڑھایا کرتا تھا تو زید بھی حکم میں ان کے شریک و سہیم اور منھم ہے اور اگر ان کے عقائد کو باطل اور اساطین اربعہ کو کافر جانتا تھا، پھر بھی ان کے یہاں شادی بیاہ رچاتا اور ان سے راہ و رسم اور میل، ملاپ رکھتا تھا، تو سخت گنہ گار فاسق و فاجر، ناقابل پیر ی، مریدی بلکہ مقاطعہ کئے جانے کے لائق تھا کہ مسلمانوںپر لازم تھا کہ اس سے یک لخت الگ ہو جاتے تا وقتیکہ وہ تائب نہ ہو جاتا، لیکن جبکہ زید مذکورہ امور شنیعہ سے بلا توبہ کئے فوت ہوا تو اس کا مثل ولی اللہ مزار بنانا،اور قبر کو اندر سے پختہ کرنا، عرس و سالانہ جلسہ کرنا سب ناجائز و حرام، بدکام و بدانجام ہے، زید تو کئی وجوہ سے پیر و شیخ طریقت ہونے کے قابل نہ تھا۔ غیر عالم اور فاسق معلن ہونا ہی اس سے بیعت کے عدم جواز کو بس تھا چہ جائے کہ اور شنیعات جس سے اس کی سنیت ہی شکوک کے دائرے میں ہے ، بہر حال جس نے اس سے بیعت کی ، ان کی ہرگز بیعت نہ ہوئی ، کسی جامع شرائط پیر سے مرید ہوں اور اسی سے پر ظاہر کہ جب زید کا یہ حال تھا تو ’’خواجہ و مخدوم ‘‘جیسے جلیل القدر القاب تو بہت بڑی بات اس کے لے، تعظیم و تکریم کے ایسے کلمات بھی استعمال کرنا، جس سے اس کے درمیان اہل سنت معتبر و مستند ہونے کا ایہام ہو اور لوگوں کے برائی میں مبتلاہونے کا اندیشہ ہو، ہر گز جائز نہیں۔ لہٰذا مذکورفی السوال معاملات و شنیعات کا مرتکب ہونے کی وجہ سے زید علی الاقل فاسق معلن تھا اور سنیت کے حوالے سے اس کی ذات مشکوک تھی ، زید کے بیٹے اور نواسے جبکہ زید کی روش پر قائم ہیں تو ان پر بھی وہی حکم ہے کہ نالائق پیری و شیخی و ناقابل امامت و خلات ہیں،مروجہ القاب ناشر مسلک اعلیٰ حضرت کا استعمال محض دھوکہ دہی ہے اگر وہ واقعی مسلک اعلیٰ حضرت پر قائم ہیں تو علانیہ توبہ و استغفار کریں اور زید کی غیر شرعی روش سے اپنی برات و بیزاری کا اعلان کریں اور نیز اپنی سابقہ روش کو ترک کریں ، ورنہ اہل سنت پر ان سے علیحدگی اور دوری لازم ہے ۔ واللہ تعالیٰ اعلم ۱۲

(نوٹ:  پابرکاب ہونے کی وجہ سے صرف حکم پر اکتفا کیا ہے۔ )

کتبہ: فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفرلہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۲۰رجب المرجب ، ۱۴۴۴ ؁ ھ

تصدیقات علمائے کرام : -

(۱)الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی ، جامعۃ الخضراء ، مظفر پور

(۲) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد افروز عالم نوری بریلوی ، خادم التدریس و الافتا ، جامعہ رضویہ منظر اسلام ، بریلی شریف

(۳) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

فقیر قادری سید کفیل احمد عفی عنہ ، خادم الافتا منظر اسلام ، بریلی شریف

(۴) الجواب صحیح ، و ھو تعالی اعلم ۔

محمد ایوب خاں نوری، منظر اسلام ، بریلی شریف

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.