Home › Fatawa › Mixed Issues

Text size
translateاردو

سنی مسلمانوں کو مزارات پر سجدہ کرنے کا الزام دینے والا وہابی ہے یا کیا

Question

 

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید نے اپنی بہن کا رشتہ ایک شہر میں کیا ۔ تو ایک مرتبہ زید اپنے ہو نے والے بہنوئی کے ساتھ مزار شریف پر گیا اور زیدنے کہا چلو بھائی مزار شریف کے اندر حاضری دے دیتے ہیں، تو اس کے ہونے والے بہنوئی نے کہا: جاؤ ، آپ ہی سجدے کرو، زید نے کوئی جواب نہیں دیا ،اور مزار مقدس پر حاضری دے کر گھر واپس آگیا ،اس کے ایک ماہ بعد زید نے اپنی بہن کی شادی اس لڑکے کے ساتھ کرادی ، زید کے ایک دوسرے بہنوئی عالم دین ہیں ،جب ان کو یہ بات معلوم ہوئی تب وہ بولے کہ یہ لڑکا دیوبندی ہے ۔اور ان کی شرکت بھی رہی، طلب کرنے پر بتایا کہ میں تو عام دعوت کے طور پر شریک ہوا ہوں ۔ شادی کے بعد وہ لڑکا اپنی سسرال آیا اور اس کے عالم دین رشتہ دار بھی اسی شہر میں رہتے ہیں ۔اوران کے گھر گیا عالم صاحب نے اس لڑکے سے کچھ باتیں کیں ،بعدہ بولے کہ یہ لڑکا سنی ہی ہے ۔لہذا دریافت طلب امور یہ ہے :

(۱) کیا اس لڑکے کا یہ کہنا جائز ہے’’ آپ ہی سجدے کرو‘‘ ،اور کیا یہ دیوبندی ہونے کی علامت ہے ؟

(۲) اس شادی میں شر یک ہونے والے اور نکاح پڑھانے والے کا کیا حکم ہے ؟

(۳) عالم دین کا تفتیش کے بعد ناراض ہونا کیسا ہے ؟

(۴)گھر والوں کے ساتھ میل جول رکھنا کیسا ہے ؟

المستفتی : محمد کیف ، پتہ امروہہ

Answer

الجواب  اللھم ہدایۃ الحق والصواب ۔ محض اتنی سی بات سے کسی کی دیوبندیت و وہابیت قطعی اور یقینی طور پر ثابت نہیں ہو جاتی ، بلکہ اس سے تفصیل طلب کی جائے، اور مراد واضح کرنے کو کہا جائے ۔ اگر واقعی زید کا بہنوئی بر بنائے عداوت از اولیاء اور بر بنائے وہابیت ،حاضر ئ مزارات کا منکر، بلکہ اسے شرک سمجھنے والا اور عامۃالمسلمین کو مزارات اولیاء پر سجدہ کرنے کا الزام دینے والا ہے ، تو اسی ایک محتمل قول ہی کی اس سے کیا شکایت ؟ جس کے برے مذہب میں تعظیم نبی کریم علیہ الصلوۃ و التسلیم ہی صریح شرک ٹھہرے ، اور ہزار سالہ امت مرحومہ کافر و مشرک قرار پائے ، تو یہ قول باطل تو پھر بھی ایک احتمال کی گنجائش اور ’’و  قول حق ارید بھا باطل‘‘ کی قبیل سے کھیچ تان کر ہو سکتا ہے ۔ لہذاایسے سے ملنا ،جلنا ،اٹھنا بیٹھنا ،نکاح و طعام سب حرام ہے ،بموجب حدیث پاک ’’ایاکم و ایاہم لا یضلونکم ولا یفتنونکم ‘‘ اور اگر اس نے بر بنائے جہالت ایسا کہا یا اس بنا پر کہا کہ سجدئہ تعظیمی حرام ہے ، اور عوام کالانعام مزارات پر ایسے امور بھی کرگزر تے ہیں ، جن کو علمائے اہل سنت نے حرام وناجائزکہا ہے، تو اگر چہ تمام مسلمانوں (مزار ات پر جانے والے تمام مسلمانوں )سے عمومی طور پر بد گمانی کر نا اور سب کو اس کا مورد الزام ٹھہراناہرگز جائز نہیں اور اس کو اس سے توبہ و رجوع لازم ، تاہم اسے سنی ہی تصور کیا جائے گا جب تک کوئی اور بات خلاف عقائد و معمولات اہل سنت ثابت نہ ہو جائے ۔ ہان البتہ مزارات اولیاء کے عمومی حاضرین کے متعلق اس طرح کے بد گمانی عرف میںنہیں کرتا مگر وہابی کہ وہ امور مشروعہ و مباحہ، بلکہ مستحبہ و مسنونہ تک کو قبر پرستی اور سجدہ ریزی سے تعبیر کرتا ہے ۔ لہذا زید کا بہنوئی لا اقل دو حال سے خالی نہیں یا تو اپنے مسلک سے جاہل ہے یا وہابیوں کے فریب میں ہے ۔ بہر صورت اس کی اصلاح و تصحیح میں کوشش کی جائے اور دعوت و تبلیغ میں ہرگز کوتاہی نہ برتی جائے، ورنہ وہ آج وہابی نہیں تو خدانخواستہ کل ہو سکتا ہے ۔واللہ تعالی اعلم ۔

(۲) جب کہ عالم دین نے اس سے بات چیت، مفاہمہ و مکالمہ سے جان لیا کہ وہ سنی ہی ہے اور وہ جملہ اس سے بر بنائے جہالت یا اور کسی جائز وجہ سے صادر ہوا ہے، نہ کہ بر بنائے وہابیت ، تو محض اس قول کی بنا پر اسے دیوبندی نہیں کہا جا سکتا ، تو اس کی شادی وغیرہ میں شرکت اور نکاح خوانی میں حرج نہیں ۔واللہ تعالی علم ۔

(۳) عالم صاحب نے جب اس کی سنیت کی تفتیش کر کے اسے سنی مان لیا، تو اب ناراض ہونا اگر اور کسی شرعی وجہ سے ہے تو ٹھیک ، ورنہ بے معنی اور ناجائز ہے ۔ حدیث پاک میں بلا کسی شرعی سبب کے اپنے مسلمان بھائی سے تین دن سے زیادہ قطع تعلق کی ممانعت آئی ہے ، اور حکم ہوا ہے : ’’ ولا تحاسدوا ولا تناجسوا ولا تباغضوا ولا تدابروا ۔۔۔الخ ‘‘ ۔واللہ تعالی اعلم ۔

(۴) سنیت ثابت ہو جانے کے بعد جائز ہے ۔ واللہ تعالی اعلم و صلی اللہ تعالی علیہ وسلم ۔

 کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۹؍ ربیع النور شریف ، ۱۴۴۳ ؁ ھ  /۱۶؍ اکتوبر ۲۰۲۱ ء ؁

الجواب صحیح،واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.