Home › Fatawa › Issues Of Recitation › Ref 257/2021 غیر مسلم کی گوشت کی دکان جہاں پر شہر کے ائمۂ مساجد ذبح کر نے پر مامور ہوں، اس دکان کے گوشت کا حکمQuestion کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میںکہ زید ایک بستی میں چند دنوں سے امامت کے لئے مقرر ہوا وہاں گوشت کی ساری دکانیں شروع سے ہی غیر مسلموں کی ہیں جن میں صرف بکری ، بکرے کا گوشت ملتا ہے اور بستی کے اکثر مسلمان انہیں دکانوں سے گوشت خرید کر کھاتے ہیں کیو نکہ ان کافروں کی دکانوں پر ذبح کرنے کی ذمہ داریاں ان ائمہ حضرات کی ہے جن کی ان کو غیر مسلم اجرت بھی دیتے ہیں جب زیدیہاں امامت کے لئے آیا تو اس کو بھی ذبح کے لئے بلوایا گیا زید نے بعد ذبح آ کر لوگوں سے پوچھا کہ آپ لوگ گوشت کہاں سے خریدتے ہیں جواب ملا کہ جہاں آپ ذبح کرنے جاتے ہیں، صرف انہی دکانوں سے خرید کر کھاتے ہیں۔ زید نے کہا یہ گوشت جائز ہی نہیں اور اگر بالفرض مان لیں تب بھی ہم صرف ایک یا دو بکرے صبح کو ذبح کرتے ہیں، جبکہ وہاں شام تک گوشت بکتا ہے، لہذا ظاہر ہے کہ باقی بکرے وہ خود کاٹتے ہوں گے آپ کو کیسے پتہ چلا کہ جو گوشت آپ خرید رہے ہیں وہ میرے ہاتھ ہی کا ذبح کیا ہوا ہے یہ بات سن کر وہ لوگ لاجواب ہو گئے اور کہنے لگے کہ اب ہمیں کیا کرنا چاہے ؟ مندرجہ بالا حالات کی روشنی میںدریافت طلب امر یہ ہے کہ: (۱) اہل بستی کے لئے کیا حکم ہے ؟ کیاایسی صورت میں کفار کے یہاں سے گوشت خرید کر کھانا جائز ہوگا؟ (۲) غیر مسلموں کے یہاں جانور ذبح کرنا نیز اس پر اجرت لینا، کیا ائمہ کے لئے جائز ہوگا ؟ (۳) اگر کوئی کہے کہ ہمیں ان دکاندار پر یقین ہے وہ ہمیں امام کے ہاتھ کا ہی ذبیحہ دیتے ہوں گے اسی لئے ہم خریدتے ہیں، ایسے شخص کے لئے کیا حکم ہوگا؟ (۴) جو لوگ لا علمی کی بنیاد پر گوشت ،اب تک جائز سمجھ کر کھاتے رہیںیا کسی دوسرے مسلمان کو کھلاتے چلے آئے ہیں ان پر کیا حکم ہوگا؟ (۵) نیز سنی کے ہاتھ کا خریدا ہوا گوشت یہ جانتے ہوئے کہ غیر مسلم کی دکان سے خریدا گیاہے، کھانے والے پر کیاحکم ہے ؟ المستفتی : محمد رضوان رضا باقر گنج ،بریلی شریف امام درگاہ راج بخش مسجد محلہ ساگر ضلع شیموگہ کرناٹکہ Answer الجواب بعون الملک الوھاب : امام صاحب مذکور نے صحیح کہا، اس گوشت کا تناول مسلمانوں کو ہر گز جائز نہیں ، ذبح اگر چہ مسلمان نے کیا ہے، مگر وہ گوشت جبکہ وقت ذبح سے وقت خریداری تک ہر آن مسلمان کی نگاہ میں نہیں رہتا تو وہ مثل حرام مطلق ہے ۔ اعلی حضرت فرماتے ہیں : ’’اگر مسلمان نے ذبح کیا اور اس کے بعد جانور اس کی نظر سے غائب ہو گیا اور کافر گوشت (فروش) اس کی حلت و حرمت و طہارت کرنا چاہتا ہے اور حلت و حرمت و طہارت و نجاست خالص امور دیانت ہیں اور امور دیانت میں کافر کی خبر محض نا معتبر ہے‘‘ ۔ (رضویہ ، ج: ۱۲ ، ص : ۴۹۷ ) اللہ تعالی فرماتا ہے : (و لن یجعل اللہ للکافرین علی المؤمنین سبیلا ۔۔الآیۃ) ۔ یعنی اللہ تعالی ہرگز کافروں کو مومنین پر راہ نہ دے گا ۔بلکہ کافر اگر مسلمان سے ذبح کرائے اور ابھی تک مسلمان کی نگاہ سے غائب نہ ہوا ہو ،جب بھی مسلمانوں کو کافر سے خریدنا نہ چاہئے، جبکہ قلوب اس سے تنفر کرتے ہوں۔ اب بالترتیب سوالات کے جوابات لیں : (۱) ہرگز جائز نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم۔ (۲) فی نفسہ اس میں کوئی قباحت نہیں لیکن اگر عوام اس کے اس عمل پر اعتماد کر کے کافروں کے یہاں سے گوشت خرید کر کھائیں جو بعد میں نگاہ مسلم سے اوجھل رہا، تو ایسے کام سے احتراز لازم ،جس سے مسلمانوں کے حرام میں پڑنے کا گمان غالب ہو ۔ واللہ تعالی اعلم۔ (۳) ذبیحہ اگر چہ امام کے ہاتھ کا ہونا متحقق ہو، مگر جبکہ وقت ذبح سے وقت خریداری تک نگرانی مسلم میں نہ رہا، حرام ہے کیونکہ کافر کی خبر دیانت میں معتبر نہیں ،اگر وہ کہے کہ امام صاحب نے ذبح کیا ہے ،ہرگز نہیں مانا جائے گا ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ (۴)توبہ کریں اور آئندہ اس سے باز رہیں ۔واللہ تعالی اعلم ۔ (۵) جائز نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف ۹؍ محرم الحرام ۱۴۴۳ ھ ۱۹؍ اگست ، ۲۰۲۱ء Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
