Home › Fatawa › Sacrificial Issues › Ref 225/2021

Text size
translateاردو

عسائیوں کی گوشت کی کمپنی کو این۔ او۔ سی۔ دینے کا حکم

Question

بعدہ عرض ہے کہ عسائیوں کی ایک کمیٹی ہے جو گوشت وغیرہ فروخت کرتی ہے، اس نے جامع مسجد سے مسلمانوں میں گوشت فروخت کرنے کے لئے این ،او ،سی مانگی، جب کمیٹی کے لوگوں اور ذمہ داروں نے مسجد کے امام صاحب سے مشورہ کیا تو امام صاحب نے مسئلہ شرعیہ بتاتے ہوئے انہیں منع کیا، لیکن وہ نہ مانے اور عسائیوں کو مسلمانوں میں گوشت فروخت کرنے کی این ،او ،سی ،دے دی جب امام صاحب اورمسلمانوں کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے اس بات کی مخالفت کی، لیکن دنیا دار قسم کے ذمہ داروں نے امام صاحب اور مسلمانوں کی مخالفت شروع کر دی۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ امام صاحب کی بات نہ مان کر انہیں این ،او ، سی، دینے والے ٹرسٹیوں  کے لئے کیا حکم ہے ، حکم شرع سے آگاہ فرمائیں ۔بینواتوجروا ۔

المستفتی : جملہ مسلمانان اہل سنت و جماعت مڈگاؤں ،گوا ۔

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق الصواب: مذکور فی السوال گوشت کی یہ کمپنی یا کمیٹی لا اقل تین حال سے خالی نہیںیا تو خود نصاری ذبح اور بیع و شرا کرتے ہوں گے یا مشرکین و ہنود یا مسلمانوں کو ملازمت پر رکھ کر انہی سے ذبح کرا کر انہی کی نگرانی میں  فروخت کیا جاتا ہوگا ، آخری صورت صرف اس شرط پر جائز ہوگی کہ ذابح و نگراں مسلمان ہوں اور گوشت وقت ذبح سے وقت خریداری تک کسی آن مسلمان کی نگاہ سے غائب نہ ہوتا ہو اور اگر صرف ذابح مسلم اور نگراں غیر مسلم تو یہ صورت بھی ناجائز اور مسلمانوں کو اس گوشت کا تناول حرام ہوگا ۔ رہی درمیانی صورت یعنی ہنود و مشرکین ذابح و نگراں ہوں یا صرف ذابح یا صرف نگراں ہوں، تو اس کے ناجائز و حرام ہونے میں شبہ نہیں ، البتہ صورت اولی یعنی ذبائح نصاری تو اس کی بابت علماکے مابین اختلاف ہے، مگر احوط اور مفتی بہ قول یہی ہے کہ احتراز و پرہیز لازم اور بچنا واجب و واصب ہے ، علمائے محتاطین تصریح فرما چکے کہ بلا ضرورت ہمارے دیار وادوار میںیہود و نصاری کے ذبائح کا تناول ناجائز و ممنوع ہے ۔ مجمع الانھر شرح ملتقی الابحر میںہے : ’’لا یاکل ذبیحتھم الا للضرورۃ کما فی الفتح فعلی ھذا یلزم علی الحکام فی دیارنا ان یمنعوھم من الذبح ،لان النصاری فی زماننا یصرحون بالابنیۃ ، قبحھم اللہ تعالی و عدم الضرورۃ متحقق والاحتیاط واجب لان فی حل ذبحھم اختلاف العلماء کما بیناہ فالاخذ بجانب الحرمۃ اولی عند عدم الضرورۃ ‘‘۔ (ج : ۱،ص : ۴۸۳ )،بغور دیکھیں کہ حضرت شیخی زادہ نے مذکورہ عبارت میں صاف فرمادیا کہ مسلم حکمران پر لازم کہ یہود و نصاری کو ذبح نہ کرنے دیں، یہاں مسلم حکام کہاں جو روک دیں ، تو حکم یہ ہوگا کہ مسلمانوں پر لازم کہ بلا ضرورت ان کا ذبیحہ کھائیں نہ ان کے ذبیحہ کے حلال ہونے کا انہیں سرٹیفکٹ دیںکہ بلا وجہ عام مسلمان حرام و گناہ میںیا کم از کم ایک غیر  محمود کام میں جا پڑیں تا وقتیکہ سختی کے ساتھ رعایت شرائط نہ پائی جائے ۔ اعلی حضرت امام اہل سنت فرماتے ہیں : ’’ مگر تاہم جب کہ علماکا اختلاف ہے اور اس قول پر فتوی بھی منقول ہو چکا تو احتیاط اسی میںہے کہ نصاری کی نساء و ذبائح سے احتراز کرے ۔۔ اگر فی الواقع یہود و نصاری عند اللہ کتابی ہی ہوئے ، تا ہم ان کی عورتوں سے نکاح اور ان کے ذبیحہ کے تناول میں ہمارے لئے کوئی نفع نہیں ،نہ شرعا ً ہم پر لازم کیا گیا، نہ بحمد اللہ ہمیں اس کی ضرورت ، بلکہ بر تقدیر کتابیت بھی علما تصریح فرماتے ہیں کہ بے ضرورت احتراز چاہے ۔۔اور اگر انہیں علما کا مذہب حق ہوا اور یہ لوگ بوجہ اپنے اعتقادوں کے عند اللہ مشرک ٹھرے ، تو پھر نکاح زنائے محض اور ذبیحہ حرام مطلق۔ والعیاذ  باللہ تعالی ،تو عاقل کا کام نہیںکہ ایسا فعل اختیار کرے جس کی ایک جانب نا محمود ہو اور دوسری جانب حرام قطعی ۔‘‘(رضویہ ، ج : ۱۱، ص : ۳۹۸)، لہذا حکم منع کا ہی ہوگا بالخصوص ہمارے بلاد میں زمانہ حال کے نصاری کی کمپنیوں کا ذبیحہ جن میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ نصاری مالک اور ملازمین و کارندے کافر و مشرک ہنود اور اگر بالفرض مسلمان ہی ہوئے تب بھی گوشت ہر وقت اورہر آن نگاہ و نگرانی مسلم میںنہ رہ پاتا ہوگا ، تو یہ بھی موجب حرمت ہے اور اگر شرائط کی پابندی پر رضامندی فی الحال ظاہر بھی کر دی ہو تاہم ضروری نہیں کہ ہمیشہ پابندی کریں اور شرائط کی رعایت اور اس کا لحاظ آگے بھی کریں۔ تو بہر صورت مسلمانوں کو اس سے پرہیز لازم اور اپنے حق میں اس گوشت کو مثل حرام مطلق جانیں ،  جب تک یقین یا ظن غالب سے معلوم نہ ہو کہ ذابح و نگراں مسلمان ہے۔ لہذا اگر گوشت ، مذکورہ شرائط کی رعایت کے بغیر فروخت ہوتا ہو توحلال کی سند دینے والے مرتکب حرام کے ہیں اور اگر انھیں معلوم ہو کہ گوشت حرام مطلق ہے ، پھر بھی سند حلال دی ، تو معاذاللہ تحلیل  حرام کی وجہ سے حکم بہت سخت ہوگا ان پر لازم کہ این ، او ، سی ، واپس لے کر توبہ و استغفار کریں ۔واللہ تعالی اعلم بالصواب۱۲۔

کتبہ: فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

ذو قعدہ ۱۴۴۲ ؁ ھ /۴؍جولائی ۲۰۲۱ ؁ ء

الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.