Home › Fatawa › Issues Of Heirship › Ref 25/2020

Text size
translateاردو

باپ کے تحت کفالت کمائی ہوئی جائداد میں سب بھائیوں کا حق برابر ہے یا نہیں؟

Question

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ زید چار بھائی ہیں ، زید کے والد ایک اسکول ٹیچر تھے جو اب اس دنیا میں نہیں ہیں ۔ زید نے خود اور والدین کے تعاون سے بیگ بنانے کا ایک کارخانہ ۱۹۹۲ ؁ میں قائم کیا ، جس میں زید نے پانچ ہزار روپئے لگائے، جو زید و بکر کی مشترکہ کمائی کا حصہ تھا، نیز والدین نے اپنی کچھ چیزیں بیچ کر دو ہزار روپئے کارخانے میں لگانے کے لئے دیئے۔ پہلے زید اپنے بھائی بکر کے ساتھ کارخانہ میں کام کرتا تھا اور دونوں کے معاوضے میںملنے والی رقم زید اپنے پاس ہی رکھتا تھا ، بکر کو نہیں دیتا تھا، زید نے اپنی اور بکر کی مشترکہ کمائی سے پانچ ہزار روپئے لگا کر کارخانہ کھولا اس کے ساتھ بکر جو پہلے بھی دوسرے کارخانے میں زید کے ساتھ کام کرتا تھا یہ دونوں اور دو چھوٹے بھائی عمرو، شاہد بھی اس کاروبار میں شریک ہوگئے، اس  وقت بکر کی عمر ۱۵ ؍ سال ، عمرو کی عمر ۱۳ ؍ سال اور شاہد کی عمر ۱۱؍ تھی، تمام بھائیوں نے مل کر اسے اپنا کارخانہ سمجھ کر بہت محنت سے پروان چڑھایا جو آج ایک بڑے کارخانے کی صورت میں موجود ہے، یہ کارخانہ والد کے مکان کے نصف حصے میں چلتا تھا اور اب بھی چل رہا ہے، زید نے کبھی اس کا کرایہ نہیں دیا، تمام بھائی اسے اپنے گھر کا مشترکہ کارخانہ سمجھ کر چلاتے تھے، آمدنی پہ بھی کسی کی کوئی اجارہ داری نہیں تھی جس بھائی کو ضرورت ہوتی وہ موجود بھائی سے حسب ضرورت رقم لے لیتا ، جب تک والد صاحب حیات تھے ، وہ خودگھر کا خرچ اٹھاتے، کارخانے سے ہونے والی آمدنی یا تو کارخانے میں ہی لگتی یا گھر کی دیگر مشترکہ ضروریات میں صرف ہوتی، والد صاحب کا انتقال ۲۰۰۳ ؁ میں ہوا اس کے بعد خورد و نوش و گھر کے جملہ اخراجات بھی کارخانے کی آمدنی سے پورے ہوتے رہے، والد صاحب کی حیات ہی میں اس کارخانے کی آمدنی سے چچا کا گھر خریدا گیا، جس کا رجسٹرڈ قبالہ چاروں بھائیوں کے نام ہے، والد صاحب کے انتقال کے بعد کارخانے کی آمدنی سے رہائشی مکان کی دو منزلیں تعمیر ہوئیں ان میں بھی تمام بھائیوں کا مشترکہ رجسٹرڈ حصہ ہے۔ اب زید کا دعویٰ ہے کہ کارخانہ میںنے قائم کیا  ہے میں ہی اس کا مالک ہوں، اس کے جملہ اثاثوں میں ۸۰ ؍فیصد کا مالک میں ہوں اور بیس فی صد میں سبھی بھائیوں اور بہنوں کا حق ہے، زید اس کارخانے سے دو بھائیوں کو بے دخل بھی کرچکا ہے، اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ زید کا یہ عمل و دعویٰ از روئے شرع کہاں تک درست ہے؟ زید کے تمام بھائیوں کا مذکورہ کارخانے میں واقعتا ً حصہ نہیںہوا؟اگر ہوا تو کتنا حصہ ہوا؟ واضح فرمایا جائے، کیا اس میں  والدہ اور بہنوں کے بھی حصے ہوئے؟

سائل: محمد مجاہد حسین ، مداردروازہ، سہسرام، رہتاس

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب: ان معاملات میں قاعدہ کلیہ ہے کہ معطی نے جس جہت سے مال دیا وہی جہت متعین ہوگی۔ اور اگر کچھ تصریح نہ ہو کہ قرضاً ہے یا ہبۃًیا اباحۃً تو دینے والے کا قول معتبر ہے اس لئے کہ وہ اپنی نیت سے خوب آگاہ ہے، تا آنکہ عرف و حال اس کے خلاف دال نہ ہوں۔

اعلیٰ حضرؔت امام اہل سنت فرماتے ہیں : ’’ اگر اپنی نافع ،نیت بتائے گا ، مثلا ًکہے میں نے قرضاً دیا،یا قرض میں دیا، ہبہ مقصود نہ تھا ، تو اس کا قول قسم کے ساتھ مان لیا جائے گا اور جو اس کے خلاف کا مدعی ہو وہ محتاج اقامت بینہ ہوگا، مگر جبکہ قرائن و دلائل عرف سے اس کایہ قول خلاف ظاہر ہو تو نہ مانیںگے اور اسی کو اقامتِ بینہ کی تکلیف دیںگے بکثرت مسائل اسی اصل پر متفرع ہیں ‘‘۔

 (فتاویٰ رضویہ ، جلد: ۱۶ ، صفحہ: ۹۵)

جامع الفصولین میں ہے: ’’ دفع الی ابنہ مالا فاراد  اخذہ صدق انہ دفعہ  قرضا لانہ مملک‘‘ ۔

(فصل: ۳۴ ، جلد: ۲، صفحہ: ۲۱۷)

پس صورت مستفسرہ میں اگرصراحۃً ثابت ہو کہ زید و بکر کو والدین نے جو مال دیا تھا (رقم دو ہزار اور حصۂ زمین) وہ ہبۃً تھا، تو زید وبکر دونوں بھائی اس کے مالک ہوںگے، والد کی میراث میں اس کو شامل نہیں کیا جائے گا، مگر یہاں قرائن ودلائل عرف اس کے خلاف پر دال ہیںکہ سوال سے ظاہر ہے کہ والد نے محض کاروبار کی ترقی اور حصول آمدنی کے ذرائع بڑھانے کے لئے ان بیٹوں کو رقم اور جگہ دی اور بیٹے اس کی کفالت میں تھے اور اس کے عیال تھے، تو بیٹے اس کے معاون ہوئے اور ان کا پورا کسب باپ کی ملک ٹھہرے گا۔ لہٰذا ایسی صورت میں اصل سرمایہ مع نفع اور نفع سے خریدی ہوئی جائداد والد کا ترکہ شمار ہوگی اور شرعی تقسیم کے حساب سے ورثہ اس کے مالک ہوںگے۔ رد المحتار میں ہے: ’’ فی القنیۃ الاب و الابن یکتسبان فی صنعۃ واحدۃ ولم یکن لھم شئی فالکسب کلہ للاب ان کان الابن فی عیالہ لکونہ معینا لہ الا تری لو غرس شجرۃ تکون للاب‘‘۔

(ج: ۴، ص: ۵۱۸ )

اس کے تحت اعلیٰ حضرت تحریر فرماتے ہیں : ’’ انما ھو فی التصرفات التی یصح فیھا التوکیل اذ ھو مآل جعلہ معینا‘‘ (جد الممتار، ج : ۵ ، ص: ۴۴۲  )

خلاصہ یہ ہے کہ باپ کی تحت کفالت کام کرنے والے بیٹو ں کی کمائی کا مالک باپ ہے، اس لئے کہ وہ اس کے معین و مددگار ہیں ۔ جد الممتار میںمزید فرماتے ہیں : ’’نص فی الخیریۃ من الدعویٰ‘‘ ص، ۱۵۳: ( ان مدار الحکم علی ثبوت کونہ معینا، فان ثبت کون ابنہ و اخویہ عائلۃ علیہ وھم معینون لہ فالمال کلہ لہ و القول قولہ) اھ ملخصا۔ فأفاد أن الحکم لا یختص بالاب بل المدار علی کون الآخر معینا لہ فی عیالہ ۔۔۔ الخ ‘‘۔

(ج: ۵، ص: ۴۴۴)

تو مدار حکم، معین و مددگار ہونے پر ہے، اور زید و بکر اپنے والد کے زمانے میں اس کے تحت کفالت اور اس کے معین مددگار تھے تو ان کا کسب والد کی ملک اور بعد وفات والد کا ترکہ ہے اور جبکہ وہ ترکہ ہوا اور شرکت، شرکت ملک ہوئی تو جو کچھ تجارت و کاروبار میں برادران اضافہ کریںگے، اس میں سب برابر کے شریک ہیں۔ رد المحتار میںہے: ’’ وکذا لو اجتمع اخوۃ یعملون فی ترکۃ ابیھم ونما المال فھو بینھم سویۃ ولو اختلفوا فی العمل والرای اھ‘‘۔( ج:۴، ص: ۵۱۸ )

ایضا: ’’یقع کثیرا فی الفلاحین و نحوھم ان احدھم یموت فتقوم اولادہ علی ترکتہ بلا قسمۃ ویعملون فیھا حرثا  وزارعۃ و شراء و استدانۃ  نحو ذٰلک وتارۃ  یکون کبیرھم ھو الذی یتولی مھماتھم و یعملون عندہ بامرہ وکل ذالک علی وجہ الاطلاق و التفویض فلا شک فی تحقق معنی التوکیل‘‘۔

 (ج : ۴ ، ص : ۴۹۹ )

حضرت صدر الشریعہ اس عبارت کی تشریح بایں الفاظ فرماتے ہیں: ’’ ہندستان میں عموماً ایسا ہوتا ہے کہ باپ کے مرجانے کے بعد اس کے تمام بیٹے  ترکہ پر قابض ہوتے ہیں اور یکجائی شرکت میں کام کرتے رہتے ہیں لینا ، دینا ، تجارت ، زراعت ، کھانا ، پینا ایک ساتھ مدتوں رہتا ہے اور کبھی یہ ہوتا ہے کہ بڑا لڑکا خود مختار ہوتاہے ، وہ خود جو چاہتا ہے کرتاہے اور اس کے دوسرے بھائی اس کی ماتحتی میں اس بڑے کے رائے اور مشورہ سے کام کرتے ہیں اور علاوہ روپئے اشرفی کے متاع اور اثاثہ اور دوسری چیزیں بھی ترکہ میں ہوتی ہیں ۔ جن میںیہ سب شریک ہیں ، لہٰذایہ شرکت، شرکتِ مفاوضہ نہیں، بلکہ،شرکتِ ملک ہے اور اس صورت میں جو کچھ تجارت وزراعت اور کاروبار کے ذریعہ سے اضافہ کریںگے اس میں سب برابر کے شریک ہیں ۔۔۔ الخ‘‘۔ (بہار شریعت، ج:۲ ، ص: ۴۹۲ )

لہٰذا مذکورہ بالا اصول و تصریحات ائمہ کی روشنی میں واضح ہوگیا کہ زید کامذکورہ دعویٰ اور عمل غیر شرعی وناجائز ہے، اس لئے کہ زید اور اس کے بھائیوں کا اس کارخانے میں برابر کا حصہ ہے، والدہ اور بہنوں کو ترکۂ والد سے حصہ ملے گا۔ زید کا اپنے دو بھائیوں کو بلا معاوضہ بے دخل کرنا، ناجائز ہے اور زید کی طرح اس کے دیگر بھائی ،بہن اور والدہ بطریق قاعدۂ میراث شرعی وارث ہیں ۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۲۰ ؍ ربیع الاول شریف ۱۴۴۲ ؁ ھ

الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.