Home › Fatawa › Issues Of Divorce

Text size
translateاردو

طلاق کی خاص صورت، حالت نشہ میں دی ہوئی طلاق واقع ہوگی یا نہیں

Question

 

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان شرع متین درج ذیل مسئلہ میں کہ زید اور ہندہ عرصۂ دراز سے نکاح کے بندھن میں بندھے ہوئے تھے اور خوشی خوشی دونوں ساتھ رہ رہے تھے، کچھ عرصہ قبل زید نے افیون کھانا شروع کر دیا تھا، افیون کھانے سے نشہ ہوتا ہے لیکن اس قدر نشہ نہیں ہوتا کہ وہ حواس کھو بیٹھے، اس کے علاوہ زید تمباکو والی بیڑی بھی پیتا ہے، بیڑی سگریٹ پینے والے کی عادت ہوتی ہے کہ ان کے پاس جب کوئی دوسرا بندہ بیڑی یا سگریٹ پینے والا آتا ہے تو بغیر طلب کیے ہی اس کے سامنے بیڑی وغیرہ پیش کرتا ہے، زید ایسے ہی ایک بیڑی نوش کے پاس گیا، تو اس بیڑی نوش نے از خود زید کو بیڑی پیش کی، جسے زید نے لے کر پی لی پھر اس بیڑی نوش نے دوسری بیڑی پیش کی زید نے وہ بھی پی لی، پھر زید کو احساس ہونے لگا کہ اس بیڑی میں کچھ ملا رکھا ہے، اتنے میں زید کو تیسری بیڑی پیش کی گئی اور اس نے وہ بھی پی لی (بقول زید کے) اس بیڑی میں ایک نشہ آور شئ ملا رکھی تھی، جسے "ٹانکا" کہتے ہیں تین چار قسم کے کیمیکل سے مل کر بنتا ہے اور اس قدر نشہ آور رہتا ہے کہ اسے پینے والا ہوش و حواس کھو بیٹھتا ہے، زید کے ساتھ بھی یہی ہوا زید کے تیسری بیڑی پینے کے بعد حواس جاتے رہے، جہاں بیڑی پی تھی اس جگہ سے وہ گاڑی لے کر گھر کے لیے نکلا تو راستے میں گر گیا پھر اسے دوسرے لوگ اٹھا کر گھر لے گئے پھر چار پانچ دن تک وہ اپنے ہوش و حواس میں نہیں رہا البتہ اگر کوئی اس سے بات کرتا تو وہ جیسے تیسے کوئی جواب وغیرہ دے دیا کرتا، جہاں بٹھاتے وہاں بیٹھ جاتا، ان چار پانچ دنوں میں جب زید کی بیوی ہندہ نے اسے سمجھانا چاہا، تو زید نے اسے دو طلاق دے دی (بقول ہندہ) پھر جب کسی ذریعے سے انہیں چار پانچ دنوں میں زید کے چچا زاد بھائی بکر کو اس بات کا علم ہوا تو وہ زید سے پوچھنے آیا کہ کیا تو نے ہندہ کو طلاق دی ہے ،تو زید نے کہا کہ ہاں میں نے طلاق دی ہے اور تم گواہ رہنا تمہارے سامنے بھی طلاق دے رہا ہوں یہ کہہ کر کئی بار طلاق طلاق بول دیا، (بقول بکر)۔ زید کا یہ کہنا ہے کہ مجھے ان چار پانچ دنوں میں کیا ہوا، کون ملنے آیا، کس نے کیا کہا کوئی خبر نہیں حتی کہ مجھے پاس کے کلینک پر لے گئے اس کی بھی خبر نہیں،(ان چار پانچ دنوں میں ٹانکا پینے کے سبب زید کی طبیعت خراب ہوئی تو اسے ڈاکٹر کے پاس لے گئے تھے) مجھے ان تمام باتوں کا علم ہوش و حواس بحال ہونے کے بعد ہوا۔ دریافت طلب امر یہ ہے کہ:

 (۱) کیا مذکورہ صورت میں طلاق واقع ہو گئی؟

(۲) دھوکے سے کوئی نشہ آور چیز کھلا دے اور پھر ہوش و حواس کا ٹھکانہ نہ رہے۔ اس صورت میں طلاق دینے پر طلاق واقع ہو جائے گی؟

(۳) اگر مذکورہ صورت میں زید کی بیوی ہندہ پر طلاق واقع ہو گئی تو اب انہیں پھر سے ساتھ میں رہنے کے لیے کیا کرنا پڑے گا؟

 المستفتی۔ رحمت علی نظامی علیمی پتہ۔بادہ کھیڑی مند سور

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب : ( ۱) سوال میں درج تفصیل سے روشن ہے کہ نشہ آور دو بیڑیاں پینے تک زید کے حواس بحال اور سمجھ بوجھ باقی تھی اور اس وقت اسے احساس بھی ہو چکا تھا کہ بیڑی میں کوئی نشہ آور شئی مخلوط ہے پھر بھی اس نے بلا کسی جبر و اکراہ کے برضاو رغبت تیسری بیڑی نوش کر لی جس سے مقدار نشہ  میں اضافہ ہو اور اس کے حواس مختل ہوگئے تو جس مقدار نشہ سے حواس میں خلل آیا وہ برضا و رغبت تھا نہ کہ  دھوکہ سے اور پھر زید نے اسی حالت میں اپنی بیوی ہندہ کو دو طلاقیں دیں پھر اس کے  چچا زاد بھائی بکر کے مذکورہ دو طلاق دینے کے تعلق سے پوچھنے پر زید کا یہ کہنا کہ’’ ہاں میں نے طلاق دی ہے اور تم گواہ رہنا تمہارے سامنے بھی طلاق دے رہا ہوں‘‘ یہ کہہ کر کئی بار طلاق طلاق بولنا ،یہ انشاء و ایجادِ طلاق میں ظاہر و بین ہے اسے ما قبل سے اخبار قرار دنیا صحیح نہیں اور چونکہ صریح ، صریح کو لاحق ہوتی ہے جیسا کہ تنویر الابصار میں ہے :  ’’الصریح یلحق الصریح ۔ اھ ‘‘ ۔ لہذا صورت مستفسرہ میں زید کی بیوی ہندہ طلاق مغلظہ سے مطلقہ ہوکر زید پر حرام ہو گئی تاوقتیکہ حل جدید نہ ہو لے ۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے : ’’فان طلقھا فلا تحل لہ من بعد حتی تنکح زوجا غیرہ ۔۔ الآیہ ‘‘۔ ہاں اگر زید کا کلام مذکور قصد و انشاء  میں ظاہر نہ ہوتا اور اس صورت میں اگر وہ بقسم کہہ دیتا کہ میری مراد اخبار تھا نہ کہ انشاء تو ضرور اس کا قول معتبر ہوتا اور کوئی مزید طلاق واقع نہ ہوتی،  جیساکہ مجدد اعظم اعلی حضرت امام احمد رضا قادری قدس سرہٗ  تحریر فرماتے ہیں کہ : ’’ اگر اس وقت ایک طلاق دی تھی اور باقی بار اوروں کے پوچھنے پر کہا اور وہ قسم کھا کر کہہ دے کہ میں نے ان دفعوں میں طلاق دینے کا ارادہ نہ کیا تھا بلکہ اس کے پوچھنے پر خبر دی تھی تو صرف ایک طلاق واقع ہوئی ۔ اھ ‘‘ ۔

( فتاوی رضویہ قدیم ، ج: ۵ ، ص: ۶۲۲ ) ۔ واللہ تعالی اعلم ۔

(۲) فقہائے کرام تصریح فرماتے ہیں کہ اگرکسی کو کسی  شئی حلال کے کھانے یا پینے سے اس قدر نشہ ہو گیا کہ حواس جاتے رہے اور پھر اسی حالت میں طلاق دی تو طلاق کے وقوع کا حکم نہ ہوگا کہ شئی حرام سے نشہ کرنے والے کی طلاق کا حکم زجر اً  ہے تاکہ آئندہ اس فعل حرام کا ارتکاب نہ کرے ۔ اور جسے شئی حلال سے نشہ ہوا ہو وہ قابل زجر و ملامت نہیں ۔ در مختار مع شامی ، جلد : ۳ ،ص: ۲۵۹ تا ۲۶۴ پر ہے : ’’ و یقع طلاق کل زوج بالغ عاقل و لو سکران و لو بنبیذ او حشیش او افیون او بنج زجراً بہ یفتی ، نعم لو زال عقلہ بالصداع اوبمباح لم یقع ۔ اھ ۔ ملخصاً‘‘ ۔اور اسی کے تحت شامی میں ہے : ( او بمباح ) کما اذا سکر من ورق الرمان فانہ لا یقع طلاقہ ولا عتاقہ و نقل الاجماع علی ذلک صاحب التھذیب کذا فی الھندیہ۔ ا ھ ‘‘۔اور  اسی عبارت مذکورہ  کے دلالۃ النص سے یہ بھی ثابت ہے کہ اگر کسی کو دھوکے سے کوئی حرام نشہ آور شئی کھلا یا پلا دی جس سے حواس جاتے رہے اور پھر اسی حالت میں طلاق دی تو طلاق واقع نہ ہوگی کہ  یہ بھی عدم ارتکاب معصیت اور عدم استحقاق زجر و ملامت  میں سکران بمباح کے مثل ہے ، مگر صورت مسئولہ میں موجب اختلال حواس نشہ دھوکے سے نہیں بلکہ از خود برضا ورغبت ہے۔ کما مرّ ۔ واللہ تعالی اعلم ۔

(۳) اب اگر ہندہ زید کے ساتھ رہنا چاہے تو وہ زید کی عدت گذار کر جس سے چاہے نکاح کر لے پھر وہ دوسرا شوہر ہندہ سے ہمبستری کرنے کے بعد اگر انتقال کر جائے یا اسے طلاق دے دے تو ہندہ اس دوسرے شوہر کی عدت گذارکر  زید سے نکاح کر سکتی ہے ۔ واللہ تعالی اعلم ۔

کتبہ : فقیر محمد طلحہ رضوی غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۱۶ / ذو القعدہ ۱۴۴۴ ؁ ھ ۶ / جون  ۲۰۲۳ ؁ ء

تصدیق جلیل

از : مظہر حجۃ الاسلام ، حضرت علامہ شاہ مفتی محمد ارسلان رضا قادری ازہری مدظلہ العالی

بسم اللہ الرحمن الرحیم

سوال میں مذکور ہے کہ زید نشے کا عادی ہے اور دو بیڑی پینے کے بعد اسے اچھے سےمحسوس و معلوم ہو گیا کہ بیڑی اپنے اصل ذائقہ پر نہیں ہے۔ اور جو چیز اس میں ملی ہے اسے ’’ ٹانکا ‘‘ کہتے ہیں، اس کے با وجود اس نے تیسری کا مطالبہ کرکے اسے پی لی، بلا شبہ یہ پینا ، واقفیت اور مع العلم اور برضا و رغبت ہوا۔ اور یہ حرام و ناجائز ہے اور بطریق حرام نشہ کرنے کے بعد طلاق دینے پر زجرا طلاق واقع ہو جائےگی۔ہاں اگر وہ علم ہو جانے کے بعد باز آ جاتا اور تیسری نہ پیتا اور حواس مختل ہو جانے پر طلاق دیتا تو حکم طلاق نہ ہوتا کہ نشہ بطریق حرام نہ تھا۔

اس کی نظیر یہ ہے کہ اگر کسی شخص کو کوئی شرابی جام و ساگر و مینا کے بجائے کسی اور پیمانے میں شراب کسی دوسرے معروف و معلوم الذائقہ مشروب کے نام پر پیش کرے اور شارب پیتے ہی  محسوس کر لے کہ یہ وہ مشروب نہیں بلکہ کچھ اور ہے، اور قرائن و دلائل یا علامات سے بخوبی معلوم ہو رہا ہے کہ یہ مشروب ، شراب ہی ہے، دینے والا شرابی ہی ہے اور پینے والا ذوق شراب کو محسوس بھی کر رہا ہے ، پھر بھی نہایت ذوق و شوق سے عصیر کا نام دے کر پئے  جا رہا ہے۔ (اور معلوم ہے کہ معاملات میں قرائن قویہ شرعا معتبر ہیں،اور مذکورہ علامات ضرور قرائن قویہ ہیں )اگر یہ ناجائز و حرام نہ ہو تو ایک فاسق و فاجر محرمات شرعیہ کا ارتکاب کرنے اور حد و تعزیر سے بچنے کے لیے  اسی طرح کے حیلے بہانے سے کرتا پھرےگا :

ع رند کے رند رہے ہاتھ سے جنت نہ گئی

اور بالفرض اس نشے کو حرام نہ بھی مانیں تب بھی تین طلاق واقع ہو جانے میں آخر کیا شبہ ہے، جبکہ زید سے بعد طلاق کسی نے پوچھا کہ کیا تو نے اپنی زوجہ کو طلاق دے ڈالی تو اس نے باہوش و حواس نہ صرف اقرار کیا بلکہ مزید چار ، چھ اور دے ڈالیں تو جو سابقہ کو طلاق نہیں مانتے ، انہیں اِس وقت کی ماننی پڑے گی۔ اور زید کے اس دعوی بلا دلیل یا اس حیلہ بہانے سے کسی طرح نہ بنے گی کہ وہ اس دوسرے موقع پر بھی زائل العقل اور مختل الحواس تھا،حالانکہ وہ  تمام امور کا بخوبی ادراک کر رہا ہے، اپنے شناسا کو پہچان رہا ہے، اسکا سوال سمجھ رہا ہے، سابقہ دی ہوئی طلاق یاد بھی کر رہا ہے، سامنے والے کو گواہ بھی بنا رہا ہے اور مزید چار ، چھ اور طلاقیں دے رہا ہے۔ کسی چیز کو اگر نہیں جان رہا ہے تو وہ طلاق ہے۔

کیا کوئی عاقل اس میں شبہ کرےگا کہ وہ عقل و حواس رکھتا تھا، اب یا تو نسیان کا بہانہ بنا رہا ہے یا ممکن ہے کہ واقعی جو ہوا وہ بھول گیا۔ لیکن جب ہوا تب باہوش و حواس تھا، اس کا اندازہ اس وقت موجود لوگ کر سکتے ہیں اور اب بتا بھی سکتے ہیں۔

اور’’ ٹانکا ‘‘ کوئی ایسا نشہ نہیں جس سے انسان چار چھ دن کے لئے عقل کھو بیٹھے۔ طبیعت خراب ہو جانا ایک الگ بات ہے اور عقل کھو بیٹھنا دوسری بات ہے۔ خلاصہ یہ کہ اگر بفرض غلط اس نے تیسری بیڑی بلا رضا و رغبت اور بلا علم و واقفیت پی، اور وہ اس وقت نشے میں طلاق دے بیٹھاپھر ایک رات گزار کر یا دوسرے یا تیسرے دن ہوش و حواس میں آ گیا یہاں تک کہ بات چیت کر اور سمجھ رہا ہے اگر چہ طبیعت میں فرحت و انبساط نہیں، دماغ تر و تازہ نہیں، مگر سمجھ سب رہا ہے تو پہلے دی ہوئی طلاق اگر بفرض باطل واقع نہ ہو تو اِس وقت دی ہوئی طلاق واقع ماننی پڑےگی۔

علامہ شامی فرماتے ہیں:”اذا شرب الماء وغیرہ من المباحات بلھو وطرب علی ھیئۃ الفسقة حرم“ یعنی جب کوئی شخص پانی اور اس جیسے مباح مشروبات کو لہو و لعب کے طور پر فاسق وفاجرکے انداز پر پیئے تو وہ حرام کا مرتکب ٹھہرے گا۔(ردالمحتار،ج : ۱۰ ،ص: ۳۹ )

  سرکار اعلی حضرت رحمۃ  اللہ علیہ فرماتے ہیں:’’ شراب کے دور کی طرح پانی پینا حرام ہے‘‘ ۔

جب شراب کے طور پر پانی پینا حرام ہے تو مباح بلکہ مکروہ مشروب کے نام پر شراب پینا کیوں کر جائز ہو جائےگا۔ جبکہ قصد و ارادہ ، علم و واقفیت اور رضا و رغبت بعد کو شامل ہو گئی ۔ واللہ تعالیٰ اعلم۱۲ ۔

فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتاء ، بریلی شریف

۲۶ ؍ ذو الحجہ ۱۴۴۴ ؁ ھ،۱۵ ؍ جولائی ۲۰۲۳ ؁ ء

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.