Home › Fatawa › Married Life جس سے زنا کیا اس کی بیٹی سے نکاح کرنے کا شرعی حکمQuestion کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین درج ذیل مسئلہ میں کہ زید نے ہندہ کے ساتھ زنا کیا پھر کچھ مہینے کے بعد زید نے ہندہ کی بیٹی سے نکاح کیا، اب زید کے دو بچے ہو چکے ہیں، کچھ علمائے کرام سے بعد میں جب یہ مسئلہ پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ زید پر ہندہ اور اس کی بیٹی (منکوحہ) دونوں حرام ہیں، زید کے لیے سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اگر زید ہندہ کی بیٹی کو چھوڑ دیتا ہے تو زید کو جان کا خطرہ ہے اور ہندہ کی بیٹی کے ہوتے ہوئے زید دوسرا نکاح بھی نہیں کر سکتا، اس لیے کہ اس صورت میں خطرات بہت زیادہ ہیں، لہذا دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا شرعا کوئی ایسی صورت ہے جس سے زید کے لیے ہندہ کی بیٹی حلال ہو جائے اور اس سے جسمانی تعلقات قائم کرنا جائز ہو ؟ امید ہے کہ جواب سے نواز کر کرم فرمائیں گے۔ المستفتی۔ انتخاب عالم رضوی ، پانچوں پیرن، سلطان پور Answer الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب: اگر یہ بیان واقعی ہے کہ زید نے ہندہ سے (معاذ اللہ) زنا کیا، پھر اس کی بیٹی سے نکاح کیا، تو یہ نکاح فاسد وغیر منعقد ہے، حرمت مصاہرت ثابت ہو جانے کی وجہ سے زید پر لازم ہے کہ مزنیہ (جس سے زنا کیا) کی بیٹی سے فوراً جدا ہو جائے، پھر توبہ و استغفار کر کے کسی اور سے نکاح کر سکتا ہے، اس کا نکاح نہ ہندہ سے جائز ہے نہ اس کی بیٹی سے اس لیے کہ زنا کی وجہ سے زانی کے اصول و فروع مزنیہ پر ،اور مزنیہ کے اصول و فروع زانی پر حرام ہو جاتے ہیں، اور زید کی وہ اولاد جو اس کی مزنیہ کی بیٹی سے ہیں وہ ولد الزنا غیر ثابت النسب نہیں کیونکہ نکاح فاسد سے جو اولاد ہوتی ہے وہ ثابت النسب ہوتی ہے اور نکاح باطل سے پیدا شدہ اولاد غیر ثابت النسب ہوتی ہے اور مذکورہ نکاح باطل نہیں فاسد ہے۔ اللہ تعالی فرماتا ہے: (و لا تنكحوا ما نكح آباءكم من النساء۔۔ الآیہ )( سورۃ النساء: ۲۲). آیت کریمہ میں وارد لفظ نکاح کا لغوی معنی امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالی عنہ کے نزدیک وطی پر محمول ہے، لہذا وطی جس صورت میں پائی جائے چاہے نکاح کے ساتھ یا بغیر نکاح کے حرمت بہرحال ثابت ہو جائے گی اور موطؤہ کے اصول و فروع واطی پر اور واطی کے اصول و فروع موطؤہ پر ہمیشہ کے لیے حرام ہو جائیں گے۔ فتاویٰ عالمگیری میں ہے: ’’تثبت بالوطء حلالا كان او عن شبهة او زنا كذا في فتاوى قاضي خان، فمن زنا بامراة حرمت عليه امها وان علت وابنتها وان سفلت‘‘۔اہ(فتاویٰ ہندیہ ج: ۱ ، ص: ۲۷۴)۔بدائع الصنائع میں ہے:’’تثبت حرمة المصاهرة بالزنا والمس والنظر بدون النكاح‘‘ ۔اه (بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع، ج: ۳ ، ص: ۴۲۴)و اللہ تعالیٰ اعلم بالصواب ۔ کتبہ۔ فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہ رضوی دارالافتاء بریلی شریف ۱۴؍ صفر المظفر ۱۴۴۲ الجواب صحيح وصواب والمجيب مثيب ومثاب، هذا اول الجواب رقمه المجيب الفاضل ذو الاكرام بدار الافتاء الرضوية ببريلى الشريفة في الهند، زاده الله تعالى شرفا وتكريما وبارك له في العلم والعمل والتقوى، آمين بجاه طه و يس‘‘۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہ رضوی ، ۱۴ ؍ صفر المظفر ۱۴۴۲ Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
