Home › Fatawa › Fasting / Ramadan › Ref 343/2022

Text size
translateاردو

سحری کے وقت تیز آواز سے لاؤڈ اسپیکر بجانا

Question

کیا فرماتے ہیں دین اسلام کے مفتیان کرام اور علمائے عظام اس مسئلہ میں کہ رمضان شریف میں سحری کا وقت یعنی تقریباً رات ۳ ؍ بجے سے فجر کی اذان تک محلوں کی مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کھول دیا جاتا ہے اور تھوڑے تھوڑے وقفے سے مسلسل نعت پاک ، تقریر اور سحری ختم ہونے کا وقت ہر ۲۰ ؍ منٹ میں بتایا جاتا ہے اور اس طرح آدھی رات میں لاؤڈ اسپیکر کا زیادتی سے استعمال ہونا کیسا ہے ؟ جبکہ کچھ لوگ ذکر و اذکار اور تلاوت قرآن میں یا تہجد کے نوافل میں مشغول ہوتے ہیں ۔ اس وقت لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی زیادتی ان کی عبادت میں خلل کا باعث ہوتی ہے ۔ نیز علاقوں میں صبح کو اسکول جانے والے بچے ، نوکریوں پر جانے والے لوگ اور بوڑھے ، بیمار ، مستورات جو دن میں گھر بھر کے کام میں مصروف رہتی ہیں اور غیر مسلم حضرات جن کا رمضان سحری سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اور ان تمام کی نیند میں خلل پڑتا ہے نیز فتنہ اور فساد کا بھی اندیشہ لاحق ہوتا ہے ، بعض لوگ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو لوگوں کے جگانے کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور اس عمل کو باعث ثواب سمجھتے ہیں ، جبکہ فی زمانہ ہر ایک شخص کے پاس اپنا موبائل موجود ہے جس میں وقت بتانے کے لئے گھڑی اور جگانے کے لئے الارم کی سہولت موجود ہے ۔ اور اس دور میں بھی کچھ علاقوں میں ڈھول بجا کر لوگوں کو سحری میں جگانے کو باعث ثواب سمجھا جاتا ہے اس صورت میں شرعی حکم کیا ہے اور ان کا یہ فعل شرعی رو سے کیسا ہے ؟

المستفتی : عدنان احمد ، اروند نگر ، نینی تال روڈ ، بریلی

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : فرمان باری تعالی ہے : ( وما جعل علیکم فی الدین من حرج ) ’’ اور تم پر دین میں کچھ تنگی نہ رکھی‘‘ اور حدیث پاک میں آیا ہے : ’’ یسروا ولا تعسروا ، بشرواولا تنفروا‘‘ یعنی آسانی پہنچاؤ نہ کہ تنگی ، خوش خبری دو نہ کہ متنفر کرو ۔

ہمارا دین ، دین فطرت ہے ، تمام لوگوں کے حالات کی رعایت فرماتا ہے ، کسی کو تنگی اور مشقت و حرج میں ڈالنا اسے پسند نہیں ، وہ افراط و تفریط سے پاک ہے ، اعتدال کا حکم فرماتا ہے ۔ اور یہ ہرگز اعتدال نہیں کہ زور زور سے لاؤڈ اسپیکر بجا کر لوگوں کو پریشان کیا جائے ، لوگوں کے حالات کا ہمارے دین نے اس قدر لحاظ اور رعایت فرمائی ہے کہ نماز جیسی اہم عبادت میں تطویل قرأت کو منع فرما دیا جبکہ قرآن پاک کی تلاوت اور وہ بھی نماز میںعین مطلوب اور باعث اجر و ثواب ہے ۔ حدیث پاک میں آتا ہے کہ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالی عنہ نے نماز میں طویل قرأت فرمادی ، کچھ لوگ رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں شاکی ہوئے ، تو حضور علیہ الصلوۃو السلام نے اپنی ناراضگی ظاہر فرمائی اور فرمایا ’’ أفتان انت یا معاذ ‘‘ اے معاذ کیا تم لوگوں کو آزمائش میں ڈالنے والے ہو ۔

اسی طرح نبی کریم ﷺ ارشاد فرماتے ہیں کہ میں نماز میں لمبی قرأت کرنا چاہتا ہوں مگر جب میرے کانوں میں بچے کے رونے کی آواز آتی ہے تو اس کی رعایت میں تخفیف کر دیتا ہوں تاکہ اس کی ماںپر شاق نہ گزرے۔ (قال رسول اللہ ﷺ: انی لاقوم فی الصلوۃ و اریدان اطول فیھا ، فاسمع بکائ الصبی ، فأتجوز فی صلاتی کراھیۃ ان اشق علی امہ، رواہ البخاری )، پھر عام حکم فرما دیا : ’’ اذا صلی احدکم للناس فلیخفف فان منھم الضعیف و السقیم والکبیر و اذا صلی احدکم لنفسہ فلیطول ما شائ‘‘ ۔ یعنی تم میں سے کوئی بھی شخص جب امامت کرے تو اسے نماز میں تخفیف کرنا چاہئے ، اس لئے کہ اس کے پیچھے نماز پڑھنے والے لوگوں میں کمزور ، بیمار ، بوڑھے ،( ہر طرح کے لوگ ہیں ، انہیں مشقت و حرج ہو سکتا ہے ۔) اور اگر تنہا پڑھے تو جتنا چاہے طویل کرے ۔

غور فرمائیں یہ رعایتِ ناس کا حکم اس فرض کے بارے میں ہے جو دین اسلام کے پانچ ارکان میں سے رکن ثانی ہے ، تو پھر اور دیگرفروعی احکام میں رعایت ناس کا کس درجہ اور کس قدر حکم ہوگا۔ بلکہ فقہی قاعدہ ہے ’’ درئ المفاسد اھم من جلب المصالح ‘‘ کہ مصلحت کی تحصیل سے مفسدے کا ازالہ مقدم تر ہے ۔اگر کسی چیز میں بظاہر مصلحت بھی ہو اور مفسدہ بھی تو مفسدہ کو دور کیا جائے گا اور حکم منع کا ہوگا۔ لہذا سحری وغیرہ میں لوگوں کو جگانا بے شک باعث اجر و ثواب ہے مگر اس طرح اور اس طور پر بیدار کرنا، جس سے دیگر لوگ تنگی و حرج میں مبتلا ہوں ، انہیں تکلیف و پریشانی لاحق ہو ، بالخصوص ان لوگوں کو جن پر روزہ فرض نہیں ، ہرگز جائز نہیں ، اس سے پرہیز لازم ۔ ہاں اعتدال میں رہ کر کوئی کام کرے جس پر لوگوں کے آزمائش میں مبتلا ہونے کا اندیشہ نہ ہو تو حرج نہیں ۔

اللہ تعالی بول چال میں اعتدال کا حکم فرماتا ہے :( واقصد فی مشیک و اغضض من صوتک ان انکر الاصوات لصوت الحمیر ) ۔’’اور میانہ چال چل اور اپنی آواز کچھ پست کر ،بے شک سب آوازوںمیں بری آواز گدھےکی۔۔‘‘

اس کے تحت تفسیر قرطبی میں ہے ’’ واغضض من صوتک ای انقص منہ ای لا تتکلف رفع الصوت وخذ منہ ما تحتاج الیہ فان الجھر باکثر من الحاجۃ تکلف تؤذی ‘‘ ۔ یعنی اپنی آواز کم کرو اور آواز بلند کرنے میں تکلف نہ کرو بلکہ محض ضرورت بھر بلند کرو اس لئے کہ ضرورت سے زیادہ آواز بلند کرنا تکلیف اور ایذا پہنچاتاہے ۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے ایک دن مؤذن کو ڈانٹ کر فرمایا کہ تو طاقت سے زیادہ اذان میں آواز بلند کرتا ہے ، کہیں تیرا پیٹ نہ پھٹ جائے ۔ ’’ قال عمر لمؤذن تکلف رفع الاذآن باکثر من طاقتہ لقد خشیت ان ینشق مریطاؤک ‘‘۔ (تفسیر قرطبی تحت ھذہ الآیۃ )

لہذا مذکورہ آیت کریمہ ضرورت سے زیادہ آواز بلند کرنےکی قباحت پر دلالت کرتی ہے اور ضرورت سے زیادہ آواز بلند کرنے کو گدھے کی آواز کے مشابہ فرماکر صاف فرما دیا کہ سب سے بری آواز گدھے کی آواز ہے ۔ بے محل اور بلا ضرورت لاؤڈ اسپیکر کا استعمال بھی اسی حکم میں ہوگا ۔ اسی طرح حدیث پاک میں حضور علیہ الصلوۃ و السلام نے لوگوں کے ایذا رسانی کے اندیشہ سے ذکر الہی میں آواز پست کرنے کا حکم فرمایا :’’ اخفض من صوتک شیأ ‘‘ یعنی آواز پست کرو ‘‘ ۔

بہر حال اس طور پر لاؤڈاسپیکر وغیرہ کا استعمال جس سے لوگوں کی ایذا رسانی ہو ہرگز جائز نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ ۱۲

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ  

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۷؍ رمضان المبارک ۱۴۴۳ ؁ ھ/ ۹ ؍ اپریل ۲۰۲۲ ؁ ء

الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہ رضوی

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.