Home › Fatawa › Issues Of Funeral › Ref 329/2022 سابقہ سجادہ نشین کی وقف کردہ جائداد میں تصرف کا حق تمام وارثین کو ہے یا صڑف متولی کوQuestion کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں۔ کہ پھکولی شریف میں زید پیر طریقت نے خانقاہ قائم کی۔ چند عقیدت مندوں نے خانقاہ کے نام پر زمین وقف کر کے عمر بھر کے لئے زید مذکور کو اس کا متولی ،نگران و منتظم بنا دیا۔ ساتھ ہی وقف نامہ میں واضح کر دیا کہ زید کے بعد انکا سجادہ متولی و منتظم ہوگا ۔ لیکن کسی سجادہ یا خانقاہ کو یہ حق نہ ہوگا کہ زمین کسی کو دیدے یا بیچ دے یا رہن رکھ دے ، زید موصوف نے اپنے چھوٹے لڑکے کو اپنے انتقال سے دس سال پہلے اپنے بعد کے لیے خانقاہ مذکورہ کا سجادہ و متولی و منتظم نامزد کر دیا، اس درمیان خانقاہ کی زمین پر مدرسہ بھی قائم ہوگیا ۔ وصیت نامہ میں زید مذکور نے اپنے سجادہ کو خانقاہ و مدرسہ کی تمام جائداد و مکانات کانا قابل اختلاف متولی و سجادہ تحریر کیا تھا ۔ اور ناقابل اختلاف قابض و دخیل بنایا تھا ۔ زید مذکور کے پاس تھتیاں شریف میں آبائی مکان بھی ہے اور کچھ کاشت کی زمین بھی۔ ١٩٨٠ کے بعد انہوں نے اپنے نام سے دو قطعہ زمین خریدی، جس میں سے ایک قطعہ زمین پر ١٩٨٤ میں خانقاہ کی عمارت بنوائی اور دوسری زمین اپنی قبر کے لئے احاطہ بندی کرائی ۔١٩٨٩ میں جب زید کا انتقال ہو گیا تو انکی نامزد زمین میں مدفون ہوئے ۔ اور ان کی حیات سے وصال تک ایک پھکولی اور تھتیاں سے شریعت و طریقت اور تعلیم و تربیت کا کام انجام پاتا رہا۔زید کے وصال کے بعد سے ان کے سجادہ کے ذریعہ دونوں مقامات پر کارہائے دینی بحسن و خوبی انجام پارہے ہیں ۔ زید مذکور کے دو لڑکے ہیں ،ایک لڑکا اپنے والد کی قائم کردہ خانقاہ و مزار کی زمین کو ترکہ بتاکر بانٹنا چاہتا ہے ،جب کہ دوسرا لڑکا جو سجادہ ہے اس زمین کے بٹوارے کے خلاف ہے اور یہ سمجھتا ہے تقسیم سے خانقاہ و مزار کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ اب دریافت طلب یہ امر ہے کہ تھتیان میں واقع خانقاہ و مزار کی زمین از روئے شرع شریف ترکہ میں بٹ جائے گی یا خانقاہ و مزار کی زمین کو ناقابل تقسیم قرار دیکر ان دونوں کا وجود برقرار رکھا جائے گا اور دینی کار کو خلل سے بچا یاجائے گا ۔بینوابالتفصیل توجروا من الرب الجلیل ۔ المستفتی :حامد القادري غفرلہ (سجادہ و متولی خانقاہ قادری پھکولی شریف و تھتیاں شریف ضلع مظفر پور ١٥جمادی الاولی۱۴۴۳ھ) Answer الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : وقف کی زمین واقف کی ملک نہیں رہ جاتی ،نہ کسی کی ملک میں داخل ہو جاتی ہے، وہ خاص ملک الہی ہے۔ اس میں کسی کا کوئی مالکانہ تصرف نہیں ،نہ وہ ترکہ ہو، لہذا جن زمینوں کو زید نے اور زید کےمریدوں نے وقف کر دیا، اس میں میراث جاری نہ ہوگی ،نہ وہ وارثین میں تقسیم کی جائے گی ،بلکہ زید نے جسے اپنا جانشین و خلیفہ خاص و متولی مقرر کیا وہی ان تمام اوقاف کا نگراں و ذمہ دار ہوگا اور تمام نظم و نسق، رتق و فتق، عزل و نصب کے اختیارات اسی کو حاصل ہوں گے، البتہ پیر صاحب مذکور کی ذاتی جائداد جسے انہوں نے وقف نہ کیا تھا، وہ ان کا ترکہ ہیں ، دیگروارثین کا اس میں بے شک حق ہے اور بطریق شرعی ان کے ورثہ پر تقسیم کی جائے گی۔ واللہ تعالی اعلم ۔۱۲ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت،بریلی شریف ۲۳؍ رجب المرجب ۱۴۴۳ ھ، ۲۵؍ فروری ۲۰۲۲ الجواب صحیح ،واللہ تعالی اعلم ۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
