Home › Fatawa › Issues Of Prayer › Ref 345/2022

Text size
translateاردو

مسجد میں بدمذہبوں کو روکنے کے لیے بورڈ لگانا

Question

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ ہمارے یہاں ایک مسجد ہے جو کہ مسلک اعلی حضرت (اہل سنت و جماعت ) کی ہے ، جو روڈ پر واقع ہے ، جس کی وجہ سے وہاں مسافر آتے جاتے ہیں، جن میں دیوبندی ، وہابی ، صلح کلی وغیرہ بھی ہوتے ہیں، تو کیا شریعت ایسے لوگوں کو مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت دیتی ہے یا نہیں ؟اپنی نمازوں کو درست رکھنے کے لئے ایسے لوگوں کو مسجد سے روکنا صحیح ہے یا نہیں ؟ نیز اس کام کے لئے کوئی بورڈ لگا دیا جائے جس میں یہ صراحت ہو کہ یہ بریلوی مسلک کی مسجد ہے ، اس میں مسلک اعلی حضرت کے علاوہ کی اجازت نہیں ، تو کیا ایسا کرنا صحیح ہوگا یا نہیں ؟ خلاصہ یہ کہ :

(۱)وہابی ، دیوبندی کو چاہے مسافر ہی کیوں نہ ہو ، سنیوں کی مسجد سے روکنا صحیح ہے کہ نہیں ؟

(۲) غیر سنیوں کو مسجد سے روکنے کے لئے بورڈ لگانا صحیح ہے کہ نہیں ؟

(۳) ان دونوں کاموں سے روکنے والوں کے لئے شرعاً کیا حکم ہے ؟

(۴) یہ بھی وضاحت فرمادیں کہ بغیر میٹر لگائے گورمینٹ کی بجلی کا استعمال کر کے مسجد میں نماز ادا کرنا شرعاً کیسا ہے ؟

جواب عنایت فرماکر عند اللہ ماجور ہوں ۔ فقط والسلام

سائل : محمد علیم خاں سلطانی (ممبر ) محلہ صالح نگر ، بریلی شریف

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب:(۱،۲،۳)اہل سنت و جماعت کی مساجد خاص انہی کی ہیں، اس میں کسی مبتدع و بدمذہب فرقے کا کوئی حق نہیں، بلکہ تمام سنی مسلمانوں کا بھی اس میں حق برابر نہیں ، جو مسجد جس قبیلے کے لوگوں کی ہو، اس میں ان کا حق مقدم اور زیادہ ہے، وہ وقت حاجت و ضرورت اوروں کو اس میں نماز پڑھنے سے روک سکتے ہیں، بہت سی صورتوں میں شریعت مطہرہ نے سنی مسلمان تک کو مسجد سے نکال دینا اور روک دینا جائز رکھا ہے، ان میں سے یہ ہے کہ اگر لہسن یا کچی پیاز کھا کر آئے۔ اور حدیث میں ہے:’’ جس کے پاس وسعت ہو اور قربانی نہ کرے وہ ہمارے مصلے کے پاس نہ آئے‘‘ ۔ اور فقہ میں ہے کہ موذی شخص کو مسجد سے نکال دیا جائے، جس کے آنے سے برہمی پیدا ہوتی ہے، یہ صورتیں تو عام مسلمانوں کے متعلق تھیں۔ بد مذہب و بدعتی کا سنیوں کی مساجد میں آنا تو بڑی بات ہے، خاص بد مذہبوں کے بارے میں حدیث پاک میں آیا ہے: ’’لا تصلواعلیھم ولاتصلوامعھم‘‘،بد مذہبوں کی نہ نماز جنازہ پڑھو، نہ ان کے ساتھ نماز پڑھو،بلکہ خو د نبی کریم علیہ الصلوۃ و التسلیم نے خاص جمعہ کے مجمع میں مدعیان اسلام ، کلمہ گو منافقین کو ایک ایک کا نام لے کر مسجد اقدس سے نکلوا دیا کہ’’ اخرج یا فلان فانک منافق‘‘ ، ’’ اخرج یا فلان فانک منافق۔‘‘ کیا آج کوئی معاذ اللہ یہ کہہ سکتا ہے کہ آیت کریمہ : (ومن اظلم ممن منع مساجد اللہ ان یذکر فیھا اسمہ و سعی فی خراھا) کے مطابق اس طرح کا عمل درست نہیں؟ آیت کریمہ میں بلا وجہ شرعی مسجدوں سے لوگوں کو باز رکھ کر انہیں ویران کر دینے کی برائی کا بیان ہے ، ورنہ خود اسی آیت میں مفسدوں کی نسبت فرمایا ہے کہ انہیں مسجد میں آنے کا حق نہیں، مگر ڈرتے ہوئے:(اولٓئک ما کان لھم ان یدخلوھا الا خائفین)۔پھر یہ کہ عموماً لوگ اس آیت کریمہ کا ترجمہ کرنے میں غلطی کرتے ہیں، کچھ ترجمہ کرتے ہیں:’’اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللہ کی مسجدوں سے یعنی اس بات سے کہ اس میں اللہ کا ذکر کیا جائے ،منع کرے‘‘،حالانکہ اس ترجمہ میں مغالطہ ہے، صحیح ترجمہ یوں ہے :’’ اس سے بڑھ کر ظالم کون جو خدا کی مسجدوں کو ان میں خدا کا نام لئے جانے سے روکے‘‘۔( کنز الایمان )

’ مسجدوں سے روکے ‘  او ر ’ مسجدوں کو روکے ‘  میں بڑا فرق ہے، کسی شخص کو روکنا اور بات ہے اور مسجدوں کو یاد خدا سے روک دینا اور بات۔ سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں : ’’ اگر بعض اشخاص کسی وجہ شرعی کے سبب مسجد سے روکے گئے اور صدہا نمازی اس میں نماز پڑھ رہے ہیں، تو یہاں ان شخصوں کا روکنا ہوا مسجد کا روکنا نہ ہوا، جس کا اس آیت میں ذکر ہے کہ مسجدوں میں تو یاد خدا ہو رہی ہے۔ مسجدوں کا روکنا تو اس وقت ہو کہ کسی کو اس میں عبادت نہ کر نے دیں، مسجدوں کی ویرانی میں کوشش کرنے والے وہی لوگ ہیں جو اپنی مسجد ہوتے ہوئے دوسروں کی مسجد پر قبضہ چاہیں اور فتنہ اٹھائیں کہ اس کے انجام میں جو فریق قید میں پہنچےگا اس کی مسجد ویران ہوگی۔ ہر فریق اپنی اپنی مسجد میں نماز پڑھا کرتا تو سب مسجدیں امن و امان سے آباد رہیں ‘‘۔ (اظہار الحق، ص: ۴۳)

اور مذہبی مسئلے کی رو سے بد مذہبوں کے سنیوں کی مساجد میںآنے میں کئی حرج ہیں: ایک تو یہ کہ سنیوں کا ان کے ساتھ نماز پڑھنا منع ہے۔ دوسرے یہ کہ ان میں بہت سے بدعتی فرقے، مثلا ًدیوبندی ، وہابی، غیر مقلد ، سنیوں کو مشرک ، قبر پجا کہتے ہیں، مسجد میں ان کے آنے سے سنیوں کو غیظ و غضب آتا ہے، پھر یہ کہ اگر وہ جماعت میں شریک ہو جائیں تو صف منقطع ہوتی ہے اور قطع صف گناہ ہے، لہذا سنی مسلمانوں کو متعدد وجہوں سے لازم ہے کہ بد مذہبوں کو اپنی مسجد میں نہ آنے دیں اور اس کے لئے بورڈ وغیرہ لگانا بہت مناسب ہے ۔ سرکار اعلی حضرت ان وجوہ کی نشاندہی فرما تے ہیں جن کی بنا پر بدمذہبوں کو سنیوں کی مساجد سے روکا جائے:’’اول ان کے آنے سے فتنہ ہوتا ہے ، جس کے سبب ملک میں بکثرت فوجداری کے مقدمے ہوئے اور مچلکوں وغیرہ تک نوبت پہنچی اور فتنہ بند کرنا عقل و شرع قانون سب میں واجب ہے۔ دوم ان کے آنے سے نمازیوں کو نفرت ہوتی ہے اور جو وجہ نفرت ہو مساجد سے روکا جائےگا جیسے جذامی یا وہ جس کا بدن پیپ ہو گیا ہو، حالانکہ ان کا اپنا کوئی قصور بھی نہیں، تو بدمذہب بدرجہ اولی روکا جائےگا، سوم ان کے فتنے کے خوف سے نمازی مسجد کو چھوڑ بیٹھے تو مسجد ویران ہوئی اور نہ چھوڑا اور فتنہ اٹھے تو جیل آباد ہوئے مسجدیں یوں بھی ویران ہو ئیں اور غم و غصہ کھایا کئے تو نماز خراب ہوئی ‘‘۔

بہر حال بدعقیدوں کے سنی مساجد میں آنے کی ممانعت ہے اور متعدد وجوہ سے ہے،اور جو اس ممانعت سے نہ بچے اور بچنے بچانے والوں کی مخالفت کرے وہ بھلائی سے روکنے والا ،حد سے بڑھنے والا ،گنہ گار ہے۔اسے’’ مناع للخیر معتد اثیم‘‘کا مصداق بننے سے بچنا چاہیے۔ واللہ تعالی اعلم۱۲

(۴) اگر حکومت سے صراحتاً یا دلالتا ً اس کی اجازت نہیں ، تو بغیر میٹر کے مساجد وغیرہ میں لائٹ استعمال کرنا جائز نہیں کہ یہ سرقہ یا غدر و دھوکا دہی ہے، جو کسی سے جائز نہیں۔واللہ تعالی اعلم ۱۲

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا،  بریلی شریف

۲۵؍ رمضان المبارک  ۲۰۲۲؁ھ/۲۷؍ اپریل ۲۰۲۲؁ء

الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.