Home › Fatawa › Issues Of Funeral کیا زمانہ قدیم سے جو عام راستہ رہا ہے اسے بند کرنا ، عمل در آمد قدیم کی خلاف ورزی ہو جائز ہے ؟Question کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ موضع پنڈول ٹولہ چکنا ضلع سیتامڑھی بہار میں ایک قدیم مسجد ہے جو غیر مزروعہ(بہار سرکار) کی زمین میں برسہا برس سے واقع ہے جسکی تفصیل حسب ذیل ہے پورب میں خسرہ ۷۲۳۳ اورپچھم میں خسرہ ۷۲۳۴ ہے یہ دونوں ہی غیر مزروعہ ہیں مگر مسجد شروع سے ہی ۷۲۳۳ میں بنی ہے البتہ مسجد کا اندراج غلطی سے ۷۲۳۴ میں ہوگیا حالانکہ وہ عام راستہ ہے پھر کسی صاحب نے مسجدکے دکھن کونہ سے اپنی تکونی زمین مسجد مذکورپر زبانی وقف کی ہےجو فی الحال خالی پڑی ہے ادھر واقف کی بہونے کچھ لوگوں کے سامنے یہ کہا کہ ہمارے خسر نے مسجد کے لئے دی تھی مگر ا ب تک مسجد کے مصرف میں اسے نہیں لیا گیا تو میں بیچ کر اسکی رقم دوسری مسجد میں لگا دونگی اسکے بعد کچھ لوگوں نے اسے بانس بلیوں سے گھیر دیا۔ پچھم طرف والی غیر مزروعہ زمین راستہ کے لئے استعمال ہوتی آئی ہے اس کی بابت بھی کچھ لوگ مسجد کو پچھم جانب بڑھا کر عام راستہ کو بند کرنا چاہتے ہیں واضح رہے کہ راستہ سے دکھن جانب کے لوگ اسی راستہ سے آنا جانا کرتے آئے ہیں اس راستہ سے پچھم دکھن جانب سے میرے والدِ مرحوم نے کنواں بھی کھدوا یا تھا جس سے محلہ کے سارے لوگ نہانے دھونے اور پینے کے لئے پانی لیتے رہے اور نمازی بھی اس سے وضو کرتے رہے مگر اب کنواں پٹ چکا ہے پھر بھی راستہ برقرار ہے۔ دریافت طلب یہ ہے کہ کیا زمانہ قدیم سے جو عام راستہ رہا ہے اسے بند کرنا اور مسجد کی پرانی جگہ کو چھوڑ کر راستہ والی زمین میں بڑھا نا جس سے تعامل و عمل در آمد قدیم کی خلاف ورزی ہو جائز ہے ؟بینوا توجروا ۔ المستفتی :محمد یحییٰ موضع پنڈول ٹولہ چکنا ضلع سیتامڑھی Answer الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : (۱) جو جگہ ایک دفعہ مسجد ہوگئی وہ تا قیام قیامت مسجد رہے گی اور شرعاً تمام مسجدیت کے لئے اتنا کافی کہ واقف یا تو زبان سے کہہ دے کہ میں نے اپنی اس جگہ کو مسجد کیا یا عامۃالمسلمین کسی جگہ کو خرید کر یا گرام سماج وغیرہ کی زمین کو حکومت کی اجازت سے ( اگر چہ اشارۃً و دلالۃ ً ہی ہو ) مسجد کر دیں اور اس میں بلا تحدید ایک دفعہ باذان و اقامت نماز ہو جائے تو وہ مسجد ہو گئی ۔ صورت مسئولہ میں جبکہ اہل محلہ نے اس جگہ کو مسجد کر دیا اور زمانہ قدیم سے نماز پرھتے آ رہے ہیں تو شرعاً اس حصہ زمین کے مسجد ہونے میں اصلاً شبہ نہیں ، خواہ کاغذات میں خطاءً کسی بھی جہت سے مندرج ہو گئی ہو ۔ اب اس میں کسی قسم کا غیر شرعی تصرف کرنا ، تبدیل و منتقل کرنا، بیع کرنا ،حتی کہ اس کے کسی چھوٹے سے چھوٹے حصہ زمین کو غیر مسجد کرنا ، یا ایک طرف سے کم کرکے دوسری طرف بڑھانا حرام ، حرام سخت حرام اور اپنے آپ کو اس فرمان باری تعالی کا مصداق بنانے کے مترادف ہے : ( و من اظلم ممن منع مساجد اللہ ان یذکرفیھا اسمہ و سعی فی خرابھا ۔۔ الآیہ ) کاغذات میں اس کے خلاف لکھا ہونا کچھ اس کے غیر مسجدہونے پر شرعاً دلیل نہیں ۔ فتاوی رضویہ میں ہے : ’’ زمین اگر مسلمانوں نے مسجد کر دی تو اسے بیچنا جائز نہیں ‘‘ ۔ ( ج : ۶ ص ؛ ۴۹ ) یوں ہی اس کے کسی حصہ کو غیر مسجد کر نا ناجائز ۔ البتہ راستے کے کچھ حصہ کو مسجد کرنا اگرچہ بعض صورتوں میں جائز بھی ہے تو اس شرط پر کہ مسجد نمازیوں کے لئے تنگ ہو گئی ہو اور ایسا کرنے سے راہ گیروں کو ضرر و تکلیف نہ ہوتی ہو ۔ اور جہاں ایسی حالت نہ ہو یعنی نہ مسجد تنگ پڑ رہی ہو نہ ضرر معدوم ہو وہاں یہ تبدیلی وتوسیع بھی ہر گز جائز نہیں ، بالخصوص اس صورت میں کہ دوسری طرف مسجد بڑھانے کے لئے پہلی طرف اور کونے کو چھوڑ دیا جائے گا اور غیر مسجدکو مسجد اور مسجد کو غیر مسجد کر دیا جائے، بعد اس کے کہ وہ جگہ مسجد ہو چکی ، یہ کسی طرح جائز نہیں ۔ رد المحتار میں ہے : ’’ (لضیقہ لم یضر بالمارین ) افادا ن الجواز مقید بھذین الشرطین ‘‘ ۔ ( ج : ۵ ، ص : ۵۷۵) لہذا صورت مسئولہ میں مسجد کو بحالہ باقی بھی رکھیں یعنی اس کےایک طرف اور کونے کو ترک نہ کریں اور نہ غیر مسجد کریں ، جب بھی مسجد کووسیع کرنے کے لئے راستہ تنگ یا بند کرنا جائز نہیں ۔ (۲) وقف کے کسی حصہ کو بیچنا یا بدلنا متولی خواہ غیر کسی کو جائز نہیں ، جبکہ واقف نے زبانی وہ جگہ مسجد کے لئے وقف کر دی تو اب کسی کا اس میں کوئی مالکانہ تصرف نہیں ۔ اعلی حضرت فرماتے ہیں : ’’ تحریر شرعاً کوئی ضروری چیز نہیں ، نہ اس پر وقف موقوف ، اگر اس نے زبان سے کہہ دیا تھا کہ میں نے اس کو اللہ کے لئے وقف کر دیا تو وقف ہو گئی ، اب اس سے رجوع نہیں کر سکتا ۔ الخ ‘‘ ۔ (رضویہ : ۱۲/۳۴۸ ) جب واقف بعد وقف خود رجوع نہیں کر سکتا تو واقف کے ورثہ واہل خانہ کو کیا اختیار ہو سکتا ہے ۔ مسجد پر وقف شدہ مذکورہ تکونی زمین مسجد کی ہے ، اس میں کسی کو کو ئی حق مالکانہ حاصل نہیں۔ واللہ تعالی اعلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتاء ، مرکز اہل سنت ،بریلی شریف ۱ ؍ محر م الحرام ۱۴۴۵ ھ، ۲۰ ؍ جولائی ۲۰۲۳ ء Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
