Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 218/2021

Text size
translateاردو

افتادہ زمین پر مسجد قائم کرنا

Question

کیا  فرماتے ہیں علمائے دین مفتیا ن شرع متین اس مسئلہ میں کہ مسجد سرکاری زمین پرتعمیر ہے اور خارج مسجد تعمیر کے وقت یہ سمجھ کر تعمیر کیا گیاتھاکہ اس میں طہارت خانہ ،وضو خانہ اور حوض اور جنازہ کی نماز ادا کی جائے گی اور اوپر کی جود وفلور ہے اس میں شادی کا ہال اور مدرسہ بنایا جائے گا اسی خارج مسجد کے ٹیرس پہ موبائیل نیٹورک ٹاور بھی لگا ہوا ہے جسکے جواز کا فتوی بھی موجود ہے اور شادی ہال بنانے ہی کی نیت سے اس خارج مسجد کے حصے میں آنے جانے کے لئے دو باہر سے الگ سیڑھیاں بھی بنائی گئی ہیںاور جمعہ وعید کی نماز کے لئے عوام کو آنے اور جانے کے لئے مسجد کے اندر سے بھی سیڑھی اور دروازے بھی موجود ہیں ۔ اور حال کی شروعات اب تک اس لئے نہیں کی گئی تھی کہ خارج مسجد کے اندرونی حصہ کا تعمیر ی کام باقی تھا حال کی بینک سے جو بھی آمدنی ہوگی وہ مدرسہ کے اخراجات پورا کرنے میں استعمال کی جائے گی ۔

المستفتی : سید شکیب رضا مصباحی امام و خطب سنی انجمن غریب نواز

 مسجد و مدرسہ پتھر نگر بھارت نگر، باندرہ ، ایسٹ ممبئی

Answer

الجواب اللهم هداية الحق والصواب : افتادہ زمین پر تعمیر کی گئی مسجد اگر گور مینٹ سے اجازت لے کر بنائی گئی ہے تو وہ شرعی مسجد ہوگئی اس کے وہی احکام ہیں جو واقف و بانی کی وقف کردہ مسجد کے ہوتے ہیں کہ مسجد ہو جانے کے بعد تحت الثری تک ملا اور عرش تک خلا ،یہ ساری فضا محترم باحترام مسجد ہو جاتی ہے، اور تابع مسجد بھی مسجد کا حکم رکھتا ہے۔ لہذا بعد تمام مسجدیت اس کے نیچےیا اوپر کسی قسم کا غیر جائز نہیں چہ جائے کہ انٹینا ، چہ جائے کہ شادی ہال ، فتاوی عالمگیری میں ہے : ’’ قيم المسجد لا يَجُوزُ لَهُ أَنْ يبْنى حَوَانِيتَ فِي حَد المسجد أو في فنائِهِ لأن المسجدَ اذا جُعِلَ حانوتاً ومسكنا تسقط حرمته وهذا لا يجوز والفناء تبع المسجد فيكون حكمه حكم المسجد كذا في محيط السرخسی‘‘ (۴۹۲۲)، نیز فتاوی رضویہ میں ہے: ”جوز مین مسجد ہو چکی اس کے کسی حصہ ، کسی چیز کا غیر مسجد کر دینا اور اگر چہ متعلقات مسجد ہی سے کوئی چیز ہو، حرام قطعی ہے ‘‘ ۔ اور کچھ سطر بعد صاف فرمادیا ’’کہ فنائے مسجد میں دکانیں کرنے کو تو علمانے منع فرمایا۔۔‘‘ (ج : ۱۲ ، ص: ۳۰۰)  لہذا شادی ہال جیسی چیز جہاں فی زمانہ  صد ہا خرافات ہوتے ہیں ،تو ہرگز جائز نہیں ،بلکہ وہ موبائیل ٹاور بھی اگر بعد تمام مسجدیت بنایا گیا تو قابل ہدم ہے، ’’لانه يستحق الازالة لا الادامة ‘‘، اعلی حضرت امام اہل سنت فرماتے ہیں: ’’اگر مسجد بنا کر ، بنانا چاہے اگر چہ مسجد کی دیوار کا صرف سہارا اس میں لے اور کہے میری پہلے سے یہ نیت تھی، ہر گز قبول نہ کریںگے اور اس عمارت کو ڈھا دیں گے ۔ (ج :۱۲، ص: ۲۹۵)

مذکور فی السوال مسجد کی بابت ماہ رمضان المبارک میںاسی نوعیت کا ایک مبہم سوال دار الافتاء میں آیا تھا، جواب میں واضح طور پرلکھ دیا گیا تھا کہ فنائے مسجد تابع مسجد ہے اس کا بھی چند استثنائی صورتوں کو چھوڑ کر وہی حکم ہے جو مسجد کا ہے کہ بعد تمام مسجدیت اس میں کوئی نئی تعمیر و بنا اگر چہ مصالح مسجد کے لئے ہو ، جائز نہیں۔ عالمگیری، درمختار، غنیۃالمتملی، فتاوی رضویہ کے حوالے دئے گئے ، جواب اسی قدر بس تھا اسی میں اس نئے سوال کا بھی جواب تھا کہ بعد تمام مسجدیت اگر چہ مسجد کا کوئی ایک خاص بانی نہ ہو ،سرکاری زمین پر قائم ہو، جبکہ مسجد شرعی ہو گئی تو اس میںترمیم وتبدیل جائز نہیں ، خارج مسجد حدود مسجد میں ہے اس پر موبائیل ٹاور یا کچھ اور بنانا بھی مسجد کے مسجد ہو جانے کے بعد جائز نہیں نہ کہ معاذ اللہ شادی ہال، وہ بھی بالکل جوار مسجد اور خارج مسجد میں ، حدیث پاک میں ہے: ’’ ان هذه المساجد لم تبن لهذه ‘‘ مسجد ان کاموں کے لئے نہیں ہیں ، کسے نہیں معلوم کہ شادی ہال موجودہ زمانے میں دنیا بھر کی خرافات ولغویات، کھیل کو د اور کئی قسم کی غیر مناسب و غیر شرعی حرکات و افعال کا ٹھکانہ ہے، جوار مسجد و خارج مسجد میں اس کی بنا ہرگز ہرگز جائز نہیں ، اس سے مسجد کی حرمت پامال ہوگی ،فتاوی عالمگیری میں صریح جزیہ موجود ہے کہ متولی کا نہ صرف حدود مسجد ، بلکہ فنائے مسجد میں بھی (بعد تمام مسجدیت ) دکان و مکان برائے مصالح مسجد بنانانا رو اونا درست ہے کہ اس سے حرمت مسجد جاتی رہتی ہے، ایسا ہی سرکار اعلی حضرت نے فرمایا ہے جیسا کہ نقل ہوا کہ فنائے مسجد میں بعد تمام مسجدیت دکان وغیر ہ بنانا جائز نہیں۔ واللہ تعالی و رسولہ صلی الله تعالی علیہ وسلم اعلم۔ 

 کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۱۴ ؍ ذو القعدہ ۱۴۴۲ ؁ ھ

الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.