Home › Fatawa › Mixed Issues

Text size
translateاردو

مقابر مسلمین پر بلڈوزر چلوانا

Question

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ زید ایک جامع مسجد کے ٹرسٹ میں سیکرٹری کے عہدہ پر ہے جس کی نگرانی اور دیکھ بھال میں شہر کا قبرستان بھی ہے قبرستان اونچی نیچی ٹیلے اور پہاڑیوں پر مشتمل زمین کی صورت میں ہے جس میں زمانہ قدیم سے مسلمانوں کی لاشیں دفنائی جاتی رہی ہیں نشیب و فراز یعنی اونچا اور نیچا ہونے کی وجہ سے کچھ قبریں بلند زمین پر بنی ہیں تو کچھ قبریں پست اور نیچی جگہ پر بنی ہیں اور شہری پرانا قبرستان ہونے کی وجہ سے قبرستان میں خالی کوئی ایسی جگہ نہیں بچی ہے جہاں پر نئی قبر بنا کر مردہ دفنایا جا سکے اس لیے شرعی حکم کے مطابق جدھر سے قبریں زیادہ پرانی ہو گئی ہوں اور نشانات مٹ گئے ہوں ادھر سے نا قبریں بنانے کا حکم ہے اب اگر نئی قبر بناتے وقت پرانی کسی قبر کی ہڈیاں یا باقیات اس میں نکل آئیں ان کو اسی قبر میں نئی نعش کے ساتھ پاتی کی طرف علیحدہ رکھ دینے کا حکم ہے ان کے علاوہ دوسری اور کوئی صورت نہیں ہے لیکن شریعت کو بالائے طاق رکھ کر طبیعت پر عمل کرنے والے سکریٹری نے بچوں کے ایریے میں جو نعشیں تھیں ان نعشوں کو کھود وا کر اور ہڈیاں چنوائیں اور انہیں نکال کر ایک کمرے میں رکھوا دیا اور بڑوں کو ایریے میں بلڈوزر لگا کر زمین کو برابر کرنے اور قبرستان کو ہموار بنانے کی نیت سے بلڈوزر چلوا کر انہیں برابر کروایا اور بچوں کی نعشیں جہاں سے نکالی گئی ہیں باقیات نکالے گئے ہیں وہاں پر بلڈوزر چلوانےکی نوبت آئی توعوام کو پتہ چلا انہوں نے ایکشن کیا اس پر حکم شرع سے آگاہ فرمائیں کہ کیا مقابر مسلمین کو اس طرح سے منہدم کرنا کھود کر باقیات اور ہڈیوں کو نکال کر علیحدہ کرنا اور زمین کو ہموار کرنے کی نیت سے بلڈوزر چلانا کیسا ارواح مومنین کے بے حرمتی اور مقابل مسلمین کی بے حرمتی نہیں ہے اور کیا محض ٹیک لگانے سے جب مردے کو صاحب قبر کو تکلیف ہوتی ہے حدیث کہتی ہے تو اس پر اتنے مظالم ڈھانے کے بعد ایذائے مومنین و مسلمین نہیں ہے اس جرم عظیم کا ارتکاب بغیر رائے و مشورہ کے باقی ارکان کمیٹی کے خود اپنی من مانی اور اپنی مرضی سے کر رہا ہے اس لیے اس پر حکم شرع بیان کیا جائے یہی نہیں اس کی اور بھی بہت ساری باتیں ہیں لیکن فی الحال قبرستان کے مسئلہ میں مدلل اور مفصل جواب دیا جائے اور جو لوگ پس پردہ اس کی پشت پناہی یا وفاداری اور کافی حمایت کر رہے ہیں ان کے لیے بھی حکم شرع بیان کیا جائے نجدیوں نے ایک بار جنت البقیع اور جنت المعلی شریف میں بلڈوزر چلائے ہیں آج تک دنیائے سنیت انہیں مجرم گردانتی ہے اور جرم عظیم کا مرتکب مانتی ہے اور یہ سنی جامع مسجد کا سکریٹری شریعت کو بالائے طاق رکھ کر اپنی طبیعت سے من مانی کرتا ہوا نظر آتا ہے یہی موصوف مسجد کے اسٹاف کے لیے جو رقم عوامی چندہ سے اکٹھا ہوتی ہے اس سے بنے بنائے لیٹرین کو توڑ کر فائیو سٹار ہوٹلوں جیسا لیٹرین اور ٹوائلٹ بنانے کے لیے خرچ کرتے ہیں اور اسٹاف کی تنخواہیں لٹک جاتی ہیں اس طرح کی طبیعت کو شریعت پر ترجیح دینے والے کا حکم کیا ہے اور عوام مسلمین کا شریعت کے مطابق اس کے ساتھ کیا سلوک اور برتاؤ ہونا چاہیے واللہ ھو الموفق ۔ اللہ تعالی ہی توفیق دینے والا ہے ۔ اس لئے حکم شرع سے آگاہ کیا جائے ۔ المستفتیان : محمد مزمل خان و جملہ مسلمانان اہل سنت ، شہر مڈ گاوں ، گوا ۔

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب :مستفتی نے استفتاء کے ساتھ افتاء کے فرائض بھی انجام دے دئے ہیں ، جس پر صرف الجواب صحیح لکھنا باقی ہے۔ رہا حکم تو مذکور فی السوال سیکریٹری سخت گنہ گار حقوق اللہ و حقوق العباد میں گرفتار ، مستوجب غضب جبار ہے، اس پر لازم کہ علانیہ توبہ و استغفار کرے ، اور اس بدکام بد انجام یعنی ہتک قبور مسلمین و کشف ستررب العٰلمین سے باز آئے ورنہ تمام واقف حال مسلمان اس کا بائیکاٹ کر دیں اور مسجد و قبرستان کی ذمہ داری سے اسے معزول کر دیا جائے ۔ اس کے حامیین بھی اسی کا سا حکم رکھتے ہیں،فرمان باری تعالی:’’لا تعاونوا علی الاثم و العدوان‘‘۔

کسے نہیں معلوم کہ حدیث پاک میں آیا ہے کہ : ’’المیت یتأذی مما یتأذی منہ الحی‘‘میت کوہر اس چیز سے اذیت پہنچتی ہے جس سے زندہ کو اذیت پہنچتی ہے ۔ ان سیکریٹری صاحب کا گھر اگر بلا سبب اجاڑ دیا جائے ، کپڑوں کو پھاڑ دیا جائے اور کھلے عام ذلیل و رسوا کیا جائے تو کیا انہیں اس سے تکلیف نہ ہوگی؟ تو اپنے مسلمان بھائیوں کی قبروں اور ان کی نعشوں کے ساتھ یہ حرکت و سلوک کیوں کر روا اور کس قدر موجب اذیت و تکلیف ہوگا ۔ علماء فرماتے ہیں کہ کسی کی ذاتی زمین میں اگر کسی مسلمان کو دفن کر دیا گیا ہو ، تو اصل حکم تو یہ کہ اسے اختیار ہے کہ وہ نعش کو منتقل کر دے ۔ اصل حکم بتانے کے بعد بھی تلقین فرمائی کہ اگر وہ اپنے مسلمان بھائی پر رحم کرے گا تو اللہ تعالی اس پر رحم فرمائے گا اور نیز فرماتے ہیں کہ اگر قبر منہدم ہو جائے تو اسے درست کر دیا جائے نہ یہ کہ اسے اکھاڑا جائے : ’’ اذا خربت القبور فلابأس بتطیینھا لما روی ان النبی ﷺ مرّ بقبر ابنہ ابراھیم فرای فیہ حجرا سقط منہ فسدہ و اصلحہ ثمّ قال من عمل عملاً فلیتقنہ ‘‘ ( عالمگیری ج : ۱ ، ص: ۱۶۶ )۔

اور قبرستان تنگ ہونے کی صورت میں اس کا علاج یہ نہیں جو سیکریٹری نے کیا بلکہ اگر قبرستان تنگ ہو اور قبریں اتنی پرانی ہوں کہ اعضائے میت کا مٹی ہو جانا، ظن غالب ہو تو اس پر بغیر نبش قبرکئے مٹی بھر کر ہموار و برابر کر کے اس میں دفن اموات جدیدہ کر سکتے ہیں ۔ فتاوی عالمگیری میں ہے : ’’و لو بلی المیت و صار تراباً جاز دفن غیرہ فی قبرہ ‘‘۔ (عالمگیری ، ج: ۱ ، ص : ۱۶۶ ) ۔واللہ تعالی اعلم۔

کتبہ: فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ 

رضوی دار الافتاء ، مرکز اہل سنت ،بریلی شریف

۶؍ صفر المظفر ۱۴۴۳  ؁ھ۱۴؍ ستمبر  ۲۰۲۱ ء ؁

الجواب صحیح

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.