Home › Fatawa › Issues Of Prayer

Text size
translateاردو

بلا وجہ شرعی امام کو معزول کرنا یا کرانا

Question

 عرض ہے کہ ہمارے صوبہ گوا میں ایک شہر مڈگاوں ہے ،وہاں کی جامع مسجد میں ایک سنی صحیح العقید ہ سید صاحب جو کہ ایک عالم دین اور مسلک اعلی حضرت کے متبع اور پابند شرع، ذی علم شخصیت ہیں اور حضور تاج الشریعہ رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ ہیں ، ایک زمانہ دراز سے ہماری مسجد میں امامت و خطابت کے منصب پر فائز ہیں ، آپ کی ذات سے شہر مڈگاوں میں اور صوبہ گوا کے اندر اہل سنت و جماعت، مسلک اعلی حضرت کا بہت کام ہوا اور آپ کی وجہ سے صلح کلیت اور وہابیت ، دیوبندیت اور منافقین وغیرہ کا قلع قمع ہوتا رہا ، ادھر کچھ دنوں سے کچھ لوگ سید صاحب کے مخالف ہو گئے اور انہوں نے سنی دعوت اسلامی کے لوگوں کے ساتھ مل کر ان کے خلاف سازش کی کہ اب وہ کافی دن سے یہاں ہیں ، انہیں امامت سے معزول کردیا جائے ۔ اس سلسلہ میںدریافت طلب امر یہ ہے کہ ذاتی طور پر سید صاحب سے رنجش کرکے ان کے خلاف سازش کرکے سنی دعوت اسلامی کے ذریعہ ان کو امامت سے بر طرف کرنا اور سنی دعوت اسلامی کے مبلغ کو ان کی جگہ امامت پر لانے کا ارادہ کرنا، از روئے شرع کیسا ہے؟ حکم شرع سے آگاہ فرمائیں ۔بنو ا و توجروا۔

 المستفتی : جملہ مسلمانان اہل سنت و جماعت مڈگاوں گوا

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب:بلا وجہ شرعی امام صاحب کو امامت سے برطرف کرنا ،ناجائز و ممنوع ہے بالخصوص اس صورت میں جبکہ انہیں حق گوئی کی بنا پر معزول کیا جاتا ہو ، رد المحتار میں ہے:’’ لا یصح عزل صاحب وظیفۃ بلا جنحۃ ‘‘ ۔ بغیر کسی جرم کے ملازم کو معزول کرنا درست نہیں، مسجد کے متولیان و ذمہ داران کو جاننا چاہیےکہ مساجد اللہ کے گھر ہیں(ان المساجد للہ ) ان کی ذاتی ملکیت نہیں اور خادم مسجد یعنی امام صاحب بایں معنی خادم کہ خادم القوم سید ھم تو وہ ان کے ذاتی خدمت گار نہیں، بلکہ مخدوم ہیںاور نسبا سید امام تو بلا امامت کے ہی سردار و مخدوم اور واجب التعظیم ہے،لہذا انہیں بلا وجہ شرعی امامت سے معزول کرنے والے ، مسجدکو گویا ذاتی ملکیت اور خادم مسجد کو ذاتی خدمت گزار تصور کررہے ہیں، تومسجد کو اپنی ذاتی اغراض و مفاد کا ذریعہ بنانے والے یہ لوگ گنہ گار ہوئے، توبہ و رجوع کریں، اعلی حضرت امام اہل سنت فرماتے ہیں (ج: ۱۲ ، ص : ۳۷۸):’’ بغیر عذر شرعی امام کو خارج کرنے کا متولی وغیرہ کسی کو حق نہیں، امام اگر کسی قوم کا تنخواہ دار ہے تو وہ انکا نوکر ضرور ہے ، مگر نہ خدمت گار بلکہ مخدوم ، جسےعلما و قضاۃ و سلاطین کہ بیت المال سے وظیفہ پاتے ہیں مگر وہ رعایا کے خدمت گار نہیں ہو سکتے ، حدیث میں نبی ﷺفرماتے ہیں :’’اجعلوا ائمتکم خیارکم فانھم وفدکم بینکم و بین ربکم ‘‘ ۔ واللہ تعالی  ورسو لہ ﷺاعلم۱۲

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہ

 رضوی دار الافتا، بریلی شریف

۲۲؍ ذو القعدۃ۱۴۴۲؁ھ/۴؍ جولائی۲۰۲۱؁ء

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.