Home › Fatawa › Issues Of Prayer

Text size
translateاردو

گاؤں میں جمعہ کے بعد ظہر کا حکم دینا

Question

کیا  فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام اس مسئلے میں کہ ہمارے گاؤں بھاؤ پور میرا تھانہ ضلع سدھارتھ نگر میں تقریباً سو سال ہوا مسجد کی تعمیر ہوئی اس میں نماز پنجگانہ و جمعہ کی نماز ہوتی رہی آج سے تقریبا تیس سال ہوا ایک عالم دین نے اعلی حضرت وفقہائے کرام کے فتاویٰ و اقوال کے مطابق بعد نماز جمعہ ظہر کی نماز باجماعت قائم کیا، چند لوگوں کے علاوہ سب لوگ خوشی بخوشی پڑھنے لگے ،مگر ۲۰۱۷ ؁ ء میں انہیں چند لوگوں نے کافی اختلاف و انتشار کیا، تو تھانہ سے ایک دیوان اور دو، دو مولوی گاؤں والوں کی اتفاق رائے سے بریلی شریف فتوی لینے گئے، وہاں سے فتوی آیا کہ دیہات میں جمعہ کی نماز جائز نہیں ہے ، مگر جہاں پر قائم ہے اسے قائم رکھا جائے جمعہ کی نماز کے بعد چار رکعت ظہر کی نماز با جماعت پڑھنا واجب ہے ،جو نہ پڑھے وہ گنہگار ہے اور روکنے والے پر توبہ و استغفار لازم ہے، اسی فتوے کے مطابق عمل ہو رہا ہے، مگر وہ چند لوگ کسی طرح ماننے کو تیار نہیں، ادھر کچھ دنوں سے پھر اختلاف و انتشار پیدا کر دیا تو سی، او مہودے انسپیکٹر تھانہ نے موقع پر جا کر اور تھانہ پر بلا کر کہا کہ جو فیصلہ پہلے کا ہے وہی قائم رہے گا پھر دوبارہ موقع دیا جا رہا ہے، آپ لوگ بریلی سے فتوی منگا لیجئے ،  تھانہ پر جو سوال لکھا گیا ہے ،وہ سوال مندرجہ ذیل ہے:

(۱) فریق اول مولانا محمد حلیم قادری ولد عبداللطیف کا کہنا ہے کہ اعلی حضرت کے فتوے کے مطابق تیس سال سے جمعہ و ظہر کی نماز جمعہ کے دن ، جمعہ کی نماز کے بعد چار رکعت فرض جماعت سے پڑھنا ضروری ہے جو نہیں پڑھے گا وہ گنہگار ہے۔

(۲) فریق دوم امان اللہ و سرمد حسین کا کہنا ہے تقریباً سو سال سے صرف جمعہ کے دن جمعہ کی نماز پڑھتے تھے جو لوگ ظہر کی نماز جمعہ کے دن چار رکعت پڑھتے ہیں وہ غلط ہیں۔  دونوں میں کس کی بات صحیح ہے کس کی غلط؟

المستفتی: کریم اللہ یار علوی، بھاؤ پور سدھارتھ نگر

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : بارہا یہاں سے قضیہ مذکورہ کی بابت فتاویٰ جا چکے، علمائے کرام صاف صاف تحریر فرما چکے کہ گاؤں میں جمعہ درست نہیں ، اس دن وہاں کے لوگوں پر ظہر فرض ہے جو جمعہ پڑھ لینے سے ادا نہیں ہوتا ،بلکہ سر پر باقی رہتا ہے، مگر جہاں پہلے سے جمعہ قائم ہو اس گاؤں والوں کو منع نہیں کیا جائے گا ،عوام جو ہر ہفتہ اللہ کا نام لیتے ہیں اس سے باز رہیں  گے، ان سے کہا جائے کہ تم پر چار رکعات ظہر فرض ہے اور بعد جمعہ ظہر کی نیت سے وہ چار رکعات بھی جماعت سے پڑھنا واجب ہے۔ 

یہ مسئلہ اتنا مستغنی عن البیان ہو گیا ہے کہ ہر کس و ناکس کو معلوم ہے کہ فقہائے احناف نے جمعہ وعیدین کے لئے مصر یا فنائے مصر کی شرط لگائی ہے ’’وإذا فات الشرط فات المشروط‘‘۔فریق اول صحیح کہتا ہے، سرکار اعلی حضرت کا بھی موقف ہے، سینکڑوںفتوے، فتاوی رضویہ میں اس پر دال ہیں ، اور نہ صرف اعلی حضرت، مفتی اعظم، صدر الشریعہ، بلکہ جمہور ائمہ احناف کا، بلکہ سیدنا مولا علی المرتضی کرم اللہ وجہہ الکریم کا، حضرت حذیفہ، حضرت عطا، حضرت حسن بن ابی الحسن، حضرت نخعی، حضرت مجاہد، حضرت ابن سیرین، حضرت ثوری، حضرت سحنون، امام ہمام حضرت ابو حنیفہ و ابو یوسف و محمد رحمہم اللہ تعالی علیہم اجمعین کا یہی موقف ہے کہ نماز جمعہ دیہات میںنہیں۔ ’’ غنیہ شرح منیہ میں ہے:’’لاتجوز في القري عندنا‘‘۔ اور شبہ نہیں کہ جب گاؤں میں جمعہ نہیں تو ظہر ذمہ سے ساقط نہیں ہوگی ،باجماعت اسے ادا کرنا ضروری ہے اور عوام کو جو نماز جمعہ سے منع نہیںکیا جا رہا ہے وہ مصلحتاً ہے تاکہ ایک عظیم مفسدہ کا سدباب ہو لیکن اگر ظہر و  جماعت ادا نہ کی جائے ، تو یہ خود ایک مفسدہ ہے اور ’’درء المفاسد اهم من جلب المصالح‘‘ ۔

اوریہ قول کے پہلے نہیں ہوتی تھی اب کیوں کی جا رہی ہے، مردود ہے ۔کون نہیںجانتا کہ اعلی حضرت امام اہل سنت علیہ الرحمہ سے قبل ایک زمانے سے ہندوستان کے تقریبا تمام شہر و قریہ کی مساجد میں اذان ثانی مسجد کے اندر ہوتی تھی اب کوئی کیوں نہیں کہتا کہ سینکڑ وں سالوں سے مسجد کے اندر ہوتی تھی کیا آج سے پہلے علما نہ تھے؟ مفتیان عظام نہ تھے؟ اب کیوں باہر کی جا رہی ہے اور مسجد کے اندر مکروہ کہی جا رہی ہے ؟ یوں ہو تو کوئی سنت کبھی زندہ ہی نہ ہو سکے۔ حدیث پاک میں ہے:’’من تمسك بسنتي عند فساد امتي فله أجر مائة شهيد‘‘ احیائے سنت علما کا خاص فرض منصبی ہے، اعلی حضرت امام اہل سنت نے اذان ثانی خارج مسجد روبروے امام کی سنت کا احیا فرمایا، بعد اس کے کہ وہ متروک ہو چکی تھی ، اس پر معترضین نے یہی اعتراض بے جا کیا تھا کہ آپ سے پہلے علما نہ تھے ، فقہا نہ تھے،  اگر امام اہل سنت بھی یہی فکر کرتے ، تو یہ سنت بھی زندہ نہ ہو سکتی تھی،امیر المؤمنین عمر ابن عبدالعزیز رضی اللہ تعالی عنہ نے کتنی سنتں زندہ فرمائیں، اس پر ان کی مدح ہوئی نہ کہ الٹا اعتراض کہ تم سے پہلے صحابہ و تابعین نہ تھے۔’’ هكذا في الفتاوي الرضويه‘‘، جبکہ اذان ثانی خارج مسجد روبروے امام سنت ہے اور گاؤں میں روز جمعہ نماز ظہر با جماعت واجب، بينهما فرق شاسع و بون بعید۔

یہ چند سطور طالب حق کے لئے کافی ہیں اور نہ ماننے والے کو دفتر بھی ناوافی ہے، ضد اور ہٹ کا کوئی علاج نہیں مفتیا ن عظام کا کام صرف حکم مسئلہ بتا دینا ہے ، بزور نافذ کرانا ان کا کام نہیں۔’’ اللہم ارنا الحق حقا وارزقنا اتباعه و ارناالباطل باطلا و ارزقنا اجتنابه ‘‘مسلمانوں پر لازم ہے کہ اس مسئلے میں ہرگز با ہم نہ الجھیں اور شیر و شکر ہوکر رہیںا اور جمہور علما ، فقہائے احناف کے فتاوی پر عمل کریں۔ لان علینا اتباع ما رجحوه وماصححوه - واللہ تعالی اعلم وصلی اللہ تعالی علی رسولہ و آلہ وسلم۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۲۵ ؍ ذو الحجہ ۱۴۴۲ ؁ ھ / ۵ ؍ اگست ۲۰۲۱ ؁ ء 

الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہ رضوی ،مظفر پور

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.