Home › Fatawa › Issues Of Prayer کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کا حکمQuestion کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ زید کہتا ہے کہ کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنا جیسا کہ ہمارے بعض علماء نے بیماری کی وجہ سے بیٹھ کر نماز پڑھنے کے جواز کا فتوی دیا ہے، جائز نہیں بلکہ خلاف اجماع امت ہے۔ اس کرسی کے فتوئے جواز سے صرف لوگ اپنی نمازیں ضائع کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور جن جدید بیماریوں کا بہانابنایا جا رہا ہے وہ بلکہ ان کی مثال پہلے بھی موجود تھںلیکن اکابرین میں سے کسی ایک عالم دین نے بیماری کی صورت میں کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کے جواز کا فتوی نہیں دیا حتی کی اعلی حضرت مجدد دین و ملت امام احمد رضا فاضل بریلوی علیہ الرحمہ سے بیمار مرد و زن کے متعلق کئی سوالات کئے گئے لیکن آپ رحمۃ اللہ علیہ نے بھی بیماری کے لئے کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کا حکم نہ دیا ۔ کیا کرسیاں اس دور میں نہ تھیں ؟یا کسی بھی عالم دین کو اس بات کی اطلاع نہ ہوئی کہ کرسی پر بھی بیٹھاجاتا ہے جن علماء نے فتوی جواز دیا ہے اسے ہی پڑھ لیجئے آج وہ علما اپنی مساجد ہی میں اس کی شرائط کا خون ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں اور اب روکنے کی ہمت بھی نہیںرکھتے اوراسی فتوی جواز کا فیضان ہے کہ صوفے مساجد میں داخل ہوا چاہتے ہیں بلکہ بعض مساجد میں ڈاکٹر صاحب کے فرمان کے مطابق جیساکہ ہمارے بعض علماء فقہی جزئیات سے جائز کرنے کی ناکام کوششوں میں لگے ہوئے ہیں صوفے داخل بھی ہو چکے ہیں کراچی ڈیفینس کی مساجد میں وہ اعلی قسم کی کرسیاں داخل ہوچکی ہیں جو بڑی گاڑیوں مثلا ہینو میں لگی ہوتی ہیں جن کے سائڈ میں چھوٹے سے ہنڈ ل لگا ہوتا ہے جس سے کرسی کو کمر کی طرف سے نیچا کیا جا سکتا ہے یہ عوام کو سہولت نہیں دی گئی بلکہ آج ہمارے بعض لوگ یعنی علماء، چرچ کلچر کو فروغ دے رہے ہیں اور بات سمجھنے کو تیار بھی نہیں ، کتب فقہ میں کسی بیمار انسان کو بیٹھ کرنماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے اس فتوئے جواز نے سب پر چھری چلا دی اگر چہ فقہ کی وہ عبارتیں نقل کی بھی گئی ہیں لیکن عوام کی حالت کا اور اپنے اکابرین کے طریقے کا بھی ا نہیں علم نہ ہوا؟ راہ ان بعض علماء نے عوام کو دکھائی اب جو نوجوان و بوڑھے اپنی نمازیں ضائع کر رہے ہیں اس کا ذمہ دار کون ، جس عوام کو اس بات کا بھی علم نہیں کہ تکلیف کس درجہ کی ہو تو بیٹھنےکی اجازت ہے ، شہری ویسے ہی آج زمین پر بیٹھنے کی بجائے کرسیوں پر بیٹھنے کو ترجیح دیتے ہیں ، ان کو بھی اس فتوئےجواز سے کافی فیضان ملا ۔ صاحب بہار شریعت اپنے وقت کے لوگوں کا حال دیکھ کر سمجھاتے رہے کہ معمولی معمولی تکا لیف کی وجہ سے زمین پر بیٹھ کر نماز مت پڑھوبلکہ اگر کوئی تمہیں سہارا دے کرکھڑا کرے تو تم کھڑے ہو جاتے ہو تو تمہارے لئے زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز نہیں اسی طرح اگر کوئی کسی سہارے سے خود کھڑا ہو سکے اس کے لئے بھی بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز نہیں اور ایسے لوگ جو دو صورتیں بیان کی گئی ہیں اگر بیٹھ کر جتنی بھی نمازیں پڑھیں گے ان کو دوبارہ پڑھنا پڑے گا وہ نہیں ہوئیں، لیکن کرسی کے جواز کے فتوے نے ان سب صورتوں کو ختم کر ڈالا ایسی اور باتیں زید اپنی تقاریر میں بیان کرتا ہے،لیکن کسی عالم دین کا نام نہیںلیتا بلکہ صرف اس مسئلہ میں علماسے اختلاف رائے رکھتا ہے آپ ہماری رہنمائی فرمائیں کہ زید کے احتمالات بظاہر صحیح معلوم ہوتے ہیں لیکن ہم ناقص ہیں ،آپ سے رہنمائی چاہتے ہیں رہنمائی فرما کر ثواب دارین حاصل کریں۔ (سائل محمد عرفان ولد محمد انوار احمد مکان نمبر:۵۱۔ مولا کمپاونڈ ملیر سٹی کراچی پوسٹ کوڈ ۷۵۰۵۰) Answer الجواب بعون الملک الوھاب : قیام و رکوع و سجود ہر ایک من جملہ ارکان نماز ہے ،تو جس سے عاجز بس وہ ساقط اور جس پر قادر وہ لازم اور واصب و واجب۔ جو قیام پر قادر اور رکوع و سجود سے عاجز ہو،اس سے قیام ساقط نہیں، اسی طرح اگر رکوع و سجود کی استطاعت ہو،نہ قیام کی تووہ فرض اور یہ ساقط بشرطیکہ تحریمہ کھڑے ہو کر باندھنے کی بھی قدرت نہ ہو اور ہو تو اعلی حضرت فرماتے ہیں: اس پر لازم کہ تحریمہ کھڑے ہو کر باندھے جب قدرت نہ رہے بیٹھ جائے ، یہی صحیح ۔ کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنے سے یہ تمام صورتیںبگڑتی ہوئی نظر آتی ہیں ، قیام سے عاجز اوررکوع و سجود پر قادراگر کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھے اور اشارے سے رکوع و سجود کرے ،نماز جائز نہیں ، یونہی اگر قیام پر قادر اور رکوع و سجود سے عاجز کرسی پرسرے سے بٹیھ کر پڑھے فرض ادا نہ ہوگا ، علی القول المفتی بہ۔ مزید بر آں نماز ،اپنے رب کے حضور انتہائی خشوع و خضوع، تواضع و انکساری اور تذلل و گریہ وزاری کی حالت ہے اور کرسی پر جلوس بظاہر، تعلّی و ترفع ، تکبر و تعظم کی وضع ہے ، رب ذو الجلال کی بارگاہ میں اس ہیئت و وضع کے ساتھ حاضری یوں بھی اچھی نہیںمعلوم ہوتی ہے۔ ’’غنیۃ المستملی شرح منیۃ المصلی‘‘ میں ہے:’’یکرہ للمصلی کل ما ھو من اخلاق الجبابرۃ عموما لان الصلوۃ مقام التواضع و التذلل و الخشوع فالتکبر و التجبر ینافیھا‘‘(ص: ۱۶۸) لہذاکرسی پر بیٹھ کر نماز خشوع و خضوع کے بھی خلاف ہے۔ بعض حضرات کو دیکھا کہ معمولی سی تکلیف کی بدولت مسجد میں کرسی پر نماز شروع کر دیتے ہیں،یہ ہرگز جائز نہیں، بلکہ ان میں اکثریا تومحض رکوع و سجود سے عاجزہوتے ہیں اورقیام پر قادر، ایسوں کوسرے سے کرسی پر بیٹھ کر نماز جائز نہیں،یا تو صرف قیام سے عاجز ہوتے ہیں اور رکوع و سجود پر قادر، ایسوں پر لازم کہ زمین پر بیٹھ کر رکوع و سجود کریں ،زید نے جس کو خلاف اجماع کہا وہ یہی ہے کہ قدرت کے باوجود بیٹھ کر پڑھنا، ہاں اگر کوئی ایسی صورت ہو کہ قطعاً، یقیناً ، قیام ، رکوع و سجود اور زمین پر جلوس کی بھی استطاعت نہ ہو تو ایسوں کے لئے رخصت ہے ، اللہ فرماتا ہے :(لا یکلف اللہ نفسا الا وسعھا)، لہذا جو ایسا عاجز نہ ہو اسے کرسی سے احتراز چاہئے اگر چہ وہ رکوع و سجود نہ کر سکتا ہو ، کہ جب اس کے لئے زمین پر بیٹھنا ممکن ہے تو کرسی پر یوں بھی کراہت ہے۔ کتب فقہ میں جہاں کہیں بھی عاجز کے لئے جلوس و قعود کا ذکر ہے ، وہاں جلوس و قعود علی الارض مراد ہے،کرسی دور جدید کی پدائش نہیں، بلکہ نبی رحمت ﷺ کے دور پاک ، بلکہ اس سے بھی پہلے سے اس کا وجود ہے حضرت سلیمان بن داؤد علیہ السلام کے واقعات میں بھی کرسی کا ذکر ملتا ہے ، تاہم حضور علیہ السلام نے مرض اخیر میں جب بیٹھ کر نماز ادا فرمائی تو کرسی پر نہیں، بلکہ زمین پر بیٹھ کر ادا فرمائی ۔ نیز صحابہ و تابعین و تبع تابعین کے افعال و اقوال اور فقہائے مجتہدین کی عبارات میں کہیںایسی نص نہیں ملتی جو عاجز کے لئے مطلقاً کرسی پر بیٹھ کر نماز کے جواز کو مفید ہو، بلکہ صحابہ کرام کے بارے میںتو یہ وارد ہوا ہے کہ طول قیام کی وجہ سے عصا وغیر ہ پر ٹیک فرماتے نہ کہ کرسی پر،حالانکہ معلوم ہے کہ نماز تراویح، از نوافل ہے جس میں باوجود قیام پرقدرت کے ، قعود کی اجازت ہے ۔ اخیر میں اعلی حضرت کایہ فرمان سنتے چلیں:’’آج کل بہت جہال ذرا سی بے طاقتی، مرض یا کبر سن میں سرے سے بیٹھ کر فرض پڑھتے ہیں ، حالانکہ اولاً ان میں بہت ایسے ہیں کہ ہمت کریں تو پورے فرض کھڑے ہو کر ادا کرسکتے ہیں اور اس ادا سے نہ ان کا مرض بڑھے ، نہ کوئی نیا مرض لاحق ہو ، نہ گر پڑنے کی حالت ہو ، نہ دوران سر وغیرہ کوئی سخت الم شدید ہو ، صرف ایک گونہ مشقت و تکلیف ہے جس سے بچنے کوصراحۃً نمازیں کھوتے ہیں ،ہم نے مشاہدہ کیا ہے کہ وہی لوگ جنہوں نے بحیلہ ضعف و مرض، فرض بیٹھ کر پڑھے ، وہی باتوں میں اتنی دیر کھڑے رہے کہ اتنی دیر میں رکعت دس بارہ ادا کر لتے، ایسی حالت میں ہرگز قعود کی اجازت نہیں، بلکہ پورے فرض قیام سے ادا کریں ‘‘۔ (رضویہ ،ج : ۳ ، ص: ۵۲ )یہاں قعود سے قعود علی الارض مراد ہے، جب اس کی اجازت نہیں تو قعود علی الکرسی کیوں کر ہو ؟۔و اللہ تعالی اعلم ۱۲ کتبہ:فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفرلہٗ رضوی دار الافتا بریلی شریف ۱۱ جمادی الاخری۱۴۴۲ھ Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
