Home › Fatawa › Mixed Issues مسجد کی حفاظت کے نام پر مسجد میں متولی کا سی سی ٹیوی کیمرے لگاناQuestion کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل مسئلہ میں : (۱) مسجد کی حفاظت کے نام پر مسجد میں متولی کا سی سی ٹیوی کیمرے لگانا کیسا ہے ؟ (۲) سی سی ٹیوی مسجد میں لگا کر اپنے گھر سے مسجد میں ہونے والی نماز اور دیگر سرگرمیوں کا اسکرین پر متولی اور اس کے گھر کے خواتین کا مشاہدہ کرنا کیسا ہے ؟ (۳) سی سی ٹیوی کیمرےلگی ہوئی مسجد میں امامت کرنا کیسا ہے ؟ (۴) مسجد کے اندر لگے ہوئے سی سی ٹیوی کیمرےمیں اپنی تصویر سازی کا علم رکھتے ہوئے اس مسجد میں جانا کیسا ہے ؟ (۵) سی سی ٹیوی کیمرےلگی ہوئی مسجد میں نماز ادا کرنے سے نماز ادا ہوگی یا نہیں ؟ (۶) اگر اہل محلہ اس سی سی ٹیوی کیمرے کو مسجد سے ہٹانے پر قادر ہوں تو اس کا ہٹانا ان پر فرض ہے یا نہیں ؟ المستفتی : سید مسعود حسین حبیبی و دیگر مصلیانِ مسجد ۱۰ / ۶۴گنگا گنج ، منوہر داس کا باغ ، الٰہ باد Answer الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : (۱) اگر ضرورت و حاجت متحقق ہو ،بایں طور کہ مسجد مثلاً غیروں کے جھرمٹ میں ہے اور فتنہ و فساد کا قوی اندیشہ ہے ۔( محض وہم نہیں بلکہ مظنون بطن غالب ہے ) اور حکومت بطور دلیل و ثبوت سی سی ٹیوی فوٹیج ہی کو قبول و طلب کرتی ہے ، تو ایسی صورت میں ملک کے حالات کے پیش نظر حفظ ما تقدم کے طور پر مسجد کے باہری و خارجی حصہ میں لگایا جا سکتا ہے اور جہاں یہ حالت نہ ہو ، محض شوق یا لہو و لعب کے طور پر ہو، وہاں اس کی ہرگز ہرگز اجازت نہیں ، حدیث پاک میں ہے : ’’ لا تدخل الملائکۃ بیتا فیہ کلب و لا صورۃ‘‘ (متفق علیہ) ۔ کتا پالنا بھی منع ہے اور حدیث پاک میں کتے اور تصویر کی ممانعت کو ساتھ ذکر کیا اور ممانعت کے لئے یہی کافی کہ مانع دخول ملائکہ ہے، لیکن فقہائے کرام نے حفاظت یا شکار کے لئے کتے پالنے کو اس حرمت و ممانعت سے مستثنی کیا ہے ۔ ہندیہ میں ہے : ’’ فی الاجناس : لا ینبغی ان یتخذ کلبا الا ان یخاف من اللصوص او غیرھم ‘‘ تو جس طرح شوقیہ کتا پالنا حرام یوں ہی لہو و لعب اور شوق کے طور پر تصویر سازی بھی حرام ، مگر وقت ضرورت ، حفاظت کے لئے کتا پالنے کی رخصت ہے ، یوں ہی حفاظت کے لئےشرعی ضرورت و حاجت متحقق ہونے کی صورت میں سی سی ٹی وی لگانے کی رخصت ہونی چاہئےکہ ’’ الضرورات تبیح المحظورات ‘‘ ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ ۱۲ (۲) حفاظتی کیمروں کی اگر ضرورت ہو بھی تو مسجد کے اندر نہیں، بلکہ باہر ہے یا ایسی جگہ پر جہاں کی حفاظت مقصود ہو، مسجد کے اندر کیمروں کی ضرورت نہیں کہ یہ ضرورتاً و حاجتاً نہیں بلکہ لہواً و لعباً ہے ، اس کی ہر گز اجازت نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم ۱۲ ۔ (۳) ضرورۃً و حاجتاً ،اگر باہر لگے ہیں تو قباحت نہیں اور اگر اندر لگے ہیں، تو امام و مقتدی کو حتی الامکان اس کے زوال کی کوشش کرنا چاہئے۔ حدیث پاک میں ہے : ’’ من رای منکم منکرا فلیغیرہ بیدہ و ان لم یستطع فبلسانہ و ان لم یستطع فبقلبہ و ذالک اضعف الایمان ‘‘ ۔ ( ترجمہ : تم میں سے کسی کوکوئی برائی نظر آئے تو ہاتھ سے ہٹا دے اور اس کی طاقت نہ ہو تو زبان سے روکے اور اس کی طاقت نہ ہو تو دل میں برا جانے،یہ ایمان کا ادنیٰ حصہ ہے )۔لہذا امام اگر اس کو زور بازو سے ہٹانے کی قدرت و استطاعت نہ رکھتا ہو ، تو زبان و بیان سے اس کا رد کرے، ورنہ دل سے برا جانے اوراگر معلوم ہو کہ اس کے احتجاج سے متولی اس حرکت سے باز آجائے گا تو بہتر یہ ہے کہ وہاں امامت نہ کرے ۔ واللہ تعالی اعلم ۱۲ ۔ (۴،۶ )حتی الامکان اس کے زوال کی کوشش کریں، بالخصوص اس صورت میں جبکہ ان کیمروں کی وجہ سے تقلیل جماعت ہو رہی ہو ، تو واجب ہے ۔مسجد کو آباد رکھنا مسلمانوں پر لازم ہے ، مسجد سے اس برائی کو ختم کریں نہ کہ مسجد ہی چھوڑ بیٹھیں ۔ واللہ تعالی اعلم ۱۲ ۔ (۵) نماز میں خلل نہ آئے گا ۔ واللہ تعالی اعلم ۱۲ ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضاقادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف ۱؍ محرم الحرام ،۱۴۴۴ ھ / ۳۱؍ جولائی ۲۰۲۲ ء الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
