Home › Fatawa › Issues Of Divorce › Ref 1020/2026

Text size
translateاردو

میں تجھے طلا کہنے سے حکم طلاق ہوگا یا نہیں

Question

کیا فرماتے ہیں علمائے دین مفتیان شرح متین اس مسئلے کے بارے میں کہ

ایک شخص اپنی بیوی کو اس سے پہلے دو مرتبہ طلاق دے چکا تھا۔  تیسری مرتبہ صبح کے وقت میاں بیوی کے درمیان کسی معمولی بات پر جھگڑا ہوا جس کے دوران شوہر نے طلاق کا پورا لفظ نہیں کہا ، بلکہ صرف اتنا کہا : ’’میں تجھے طلا ‘‘ اور اس سے آگے کچھ نہیں کہا ۔

دریافت طلب امر یہ ہے کہ ایسی صورت میں شرعا کیا حکم ہے ؟ کیا مذکورہ الفاظ سے طلاق واقع ہوئی یا نہیں ؟ جبکہ شوہر اس سے پہلے دو مرتبہ طلاق دے چکا ہے ۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرما کر عند اللہ ماجور ہوں ۔

سائل : اسرار،  بھیرا ، ضلع کھیری

Answer

الجواب اللهم هداية الحق والصواب : شوہر کا قول ’’میں تجھے طلا‘‘ میں لفظ ’’طلا‘‘ عرفاً، عادةً ، لغۃً ہمارے بلاد میں طلاق کے لیے صریح ہے نہ کنایہ، بلکہ مہمل ہے، یہ اسی طرح ہے کہ جیسے کسی نے اپنی بیوی سے کہا ’’أنت طاق‘‘ یا ’’أنت طا‘‘۔ لہذا نیتِ طلاق ہو یا دلالتِ حال بہر حال طلاق واقع نہ ہوگی۔

معلوم ہے کہ لفظ صریح محتاج نیت نہیں اور کنایہ میں احتیاجِ نیت ہوتی ہے اور جہاں احتیاجِ نیت نہیں وہاں دلالت حال نیت کے قائم مقام ہو جاتا ہے۔(یعنی جہاں دلالت حال ہو تو کنایہ میں بھی حاجت نیت نہیں)الفاظ کنایہ سے وقوعِ طلاق میں یا تو نیت طلاق ہوگی اور نیت نہیں تو مذاکرۂ طلاق یا حالت غضب ،یعنی کنایہ میں یہ نہیں ہو سکتا کہ نیت طلاق کی ہو پھر بھی طلاق واقع نہ ہو ،ہاں یہ ہو سکتا ہے کہ مذاکرۂ طلاق یا حالت غضب ہو مگر طلاق واقع نہ ہو؛ جیسا کہ کنایہ کے ان الفاظ میں ہوتا ہے جو ردِّ سوال کا احتمال رکھتے ہیں ،مگر ایسا نہیں ہو سکتا کہ الفاظ کنایہ میں نیت ہونے کے باوجود وقوع طلاق کا حکم نہ ہو۔

الفاظ کنایہ میں کچھ تو ردِّ سوال کا احتمال رکھتے ہیں، کچھ سبّ و شتم کا احتمال رکھتے ہیں اور کچھ مستقلاً جواب کے محتمل ہوتے ہیں ، اور ان تینوں کی تین تین حالات ہوتی ہیں، حالت رضا یا حالت غضب یا حالت مذاکرۂ طلاق۔

جو الفاظ رد کے محتمل ہیں وہ تینوں حالتوں میں محتاجِ نیت ہوتے ہیں، جو الفاظ سبّ و شتم کے محتمل ہوتے ہیں ان سے  طلاق حالت رضا و غضب میں نیت کی محتاج  ہے اور جو الفاظ مستقلاً جواب کے محتمل ہوتے ہیں وہ محض حالت رضا میں محتاج نیت ہوتے ہیں۔ لہذا ایسا کبھی نہ ہوگا کہ الفاظ کنایہ سے وقوع طلاق میں نیت ہو اور طلاق نہ ہو ۔ایسا ہو سکتا ہے کہ نیت نہ ہو اور طلاق ہو (کما إذا کان هناك لفظ یحتمل السبّ في الحالتین الأخیرتین أو لا یحتمل الرد و لا السبّ ففي مذاكرة الطلاق) اور ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ نیت نہ ہو اور طلاق بھی نہ ہو۔ ( کما إذا کان لفظ یحتمل الرد في الأحوال الثلاثة أو یحتمل السبّ في حالة الرضا و الغضب)

ہاں نیت طلاق  ہو اور وقوع طلاق نہ ہو ایسا جب ہی ہوگا کہ لفظ مہمل ہو (یعنی نہ صریح نہ کنایہ) ۔ یعنی جب لفظ مہمل ہوگا تبھی نیت ہونے کے باوجود بهی طلاق واقع نہ ہوگی۔

مسئلہما نحن فیه میں دیکھیے! امام قاضی خان نے فرمایا کہ: ’’قال الفقیه أبو القاسم رحمه الله لو أن عجمیاً قال ذلك بالفارسیة و حذف حرف الآخر لا یقع و إن نوی لأنه غیر معتاد في العجم‘‘ ۔ یعنی اگر عجمی حرف آخر کو حذف کرکے یوں کہے ’انت طال‘ تو کچھ واقع نہ ہوگا اگر چہ نیت طلاق کر لی ہو، اس لیے کہ وہ عجم میں معتاد و معروف و مستعمل نہیں ہے۔

سوال یہ ہے کہ اگر نزدِ عجم بھی یہ مثل کنایہ ہے تو نیت ہونے کے باجود حکم وقوع طلاق کیوں نہیں؟ اس لیے کہ وہ از قبیل کنایہ ہے ہی نہیں بلکہ مہمل ہے کہ نہ موضوع ہے نہ مستعمل، اسی کو انھوں نے یوں فرمایا کہ لأنه غیر معتاد في العجم۔

جن حضرات نے فتاوی قاضی خان کی مذکورہ ذیل عبارت سے استدلال کیا ان سے سخت تسامح ہوا ہے:’’ رجل قال لإمرأته أنت طال ونوی به الطلاق یقع الطلاق ،لأن حذف آخر الکلام معتاد في العرب و قال الفقيه أبو القاسم رحمه الله تعالی لو أن عجمیاً قال ذلك بالفارسية و حذف  الحرف الآخر لا یقع ، و إن نوی ؛لأنه غیر معتاد في العجم و لهذا قالوا لو قال لعبده ”تو ازا“ و لم یذکر الذال لا یعتق ، و إن نوی و قال الصدر الشهيد رحمه الله تعالی لا فرق بین العربية و الفارسية إذا نوی صحت نیته و هذا کله إذا قال أنت طال لا یکسر اللام ، و إن قال بکسر اللام یقع الطلاق و إن لم ينو و يكون الإعراب قائماً مقام الحرف ، هذا إذا لم يكن في حال مذاكرة الطلاق و لا في حال الغضب و إن كان ذلك في حال مذاكرة الطلاق أو في حالة الغضب يقع الطلاق و إن لم ينو ‘‘ ۔ ( ج:۱،ص:۴۰۷)

اس لیے کہ امام قاضی خان نے یہ آخری حکم عادتِ عرب کی بنیاد پر دیا ہے نہ کہ عادت عجم کی بنیاد پر ۔

جب واضح ہو چکا کہ اس سلسلے میں عرب و عجم کا فرق ہے کہ اہل عرب کے نزدیک طالِ بالکسر تو موضوع لہ و صریح ہے( اس لیے کہ کسرہ حرف محذوف کے قائم مقام ہے) اور طالْ بدون الکسر  اگرچہ مستعمل ہے مگر کسرہ قائم مقام حرف محذوف نہ ہونے کی وجہ سے از قبیل کنایہ ہے۔ رہے  عجم تو ان کے نزدیک وہ نہ صریح ہے نہ کنایہ۔ کما مر ۔بلکہ لغو و مہمل ہے۔

لہذا مذاکرۂ طلاق یا حالت غضب میں طال سے حکم وقوع طلاق عرف و عادتِ عرب  کی بنیاد پر ہے نہ کہ عجم کے عرف و عادت کی بنیاد پر۔

رہا یہ کہ امام قاضی خان نے فرمایا  کہ ’’قال الصدر الشهيد : لا فرق بین العربیة و الفارسیة إذا نوی صحت نیته ۔۔الخ‘‘۔  تو یہ قول مرجوح و ضعیف ہے، یہ قول نہ ان کا مختار ہے اور نہ مفتی بہ ، اس پر دلیل امام قاضی خان کا اسلوبِ ترتیب ہے، اس لیے کہ معلوم ہے کہ امام قاضی خان کا اپنی کتاب میں اسلوبِ ترتیب یہ ہے کہ قول راجح کو پہلے ذکر کرتے ہیں اور قول مرجوح کو بعد میں؛ جیسا کہ خود فرماتے ہیں: ’’و فیما کثرت فیه الأقاويل من المتأخرين ، اقتصرت علی قول أو قولين ، و قدمت ما هو الأظهر ، و افتتحت بما هو الأشهر ؛ إجابة للطالبين و تيسيراً علی الراغبين . اه و كذا صاحب ملتقی الأبحر التزم تقديم القول المعتمد ‘‘۔ (شرح عقود رسم المفتی ، ص: ۱۴۵ )

امام شامی نے فرمایا :’’

و سابق الأقوال في الخانیة و ملتقی الأبحر ذو مزية

و في سواهما اعتمد ما أخروا دليله لأنه المحرّر (شرح عقود رسم المفتی ، ص: ۱۴۵ )

بلکہ خود سرکار اعلی حضرت نے جد الممتار میں امام قاضی خان کا یہ قول نقل کرنے کے بعد صاف فرما دیا کہ : ’’ قلت: و تقدیمه الأوّل یفید أنّه الأظهر الأشهر کما تقرر، والله تعالی أعلم ‘‘ ۔ یعنی امام قاضی خان کا قول اول کو مقدم رکھنا اس بات کو مفید ہے کہ وہی قول اظہر اشہر ہے جیسا کہ اسلوب خانیہ معلوم ہے ۔

اور فرمایا :’’ و قلت: ولا شكّ في ظهوره ، فإنّ المدار إذا كان الاعتياد فلا يتعدّی من اعتاد ‘‘ ۔  ( جد الممتار، ج:۵،ص:۴۳)

لہذا مدار عرف و عادت پر ہے اور حذف حرف آخر کے سلسلے میں عجمی اور عربی میں بہر حال فرق ہے۔

خلاصہ یہ کہ فقہاے کرام نے طالِ بالکسر اور طالْ بدون الکسر میں عربیوں کے لیے صریح و کنایہ کا فرق کیا ہے، ورنہ عجمیوں کے لیے سرے سے وہ مہمل ہے ،  ’’طالِ‘‘  بالکسر کو جو صریح قرار دیا اور طال بدون الکسر کو جواز قبیل کنایہ قرار دیا تو عربیوں کے لیے نہ کہ عجمیوں کے لیے۔۔

عبارات فقہا میں ذرا تأمل کرنے سے واضح ہے ۔

اہل عرب کے یہاں ترخیم کا رواج ہے، اور ترخیم کہتے ہیں اسم کے حرف آخر کو کسی خاص طریقے سے تخفیف کے لیے محذوف کر دینا۔ لہذا مدار عادت و لغت پر ہے تبھی کسرہ اور غیر کسرہ کا فرق کیا، کیوں کہ از روئے قاعدہ حذف آخر کو محذوف کرنے کے بعد حرف کو کسرہ دینا بطور عوض ہے اور کسرہ نہ دینا غیر عوض، اس لیے طالِ بالکسر مثل صریح ہے، اور طالْ بدون الکسر صریح نہیں کنایہ ہے۔

یوں ہی فتاوی ہندیہ، الوالجیہ و فتح القدیر کی عبارات میں غور کیا جائے تو مفہوم واضح ہو جائےگا، سب کی عبارات کا خلاصہ یہی ہے کہ ’’أنت طال‘‘  لام کے کسرے کے ساتھ کہا تو بلا نیت حکم وقوع طلاق ہوگا، (کیوں کہ یہ لفظ عادت عرب میں مثل صریح ہے کہ کسرہ حرف اخیر یعنی قاف کا عوض ہے) اور اگر بغیر کسرے کے طالْ کہا تو نیت دریافت کی جائے گی ( کہ اس صورت میں وہ صریح نہ رہ گیا) ہاں اگر مذاکرۂ طلاق میں بغیر کسرے کے کہا تو اسی طرح حکم وقوع طلاق ہوگا، ( کہ مثل کنایہ ہو گیا) وجہ یہ ہے کہ کسرہ حرف اخیر کے عوض کے طور پر تھا تو زبان عربی میں صریح تھا اور رہا بغیر کسرے کے تو از قبیل کنایہ ہوگیا۔

فقہا نے طالْ کہنے اور طالِ کہنے میں عربی کے لیے بھی فرق کیا ہے ، اور وہ بھی زبان عربی کے قواعد کی رعایت اور عرب کی عادت کی وجہ سے، کیوں کہ وہ ایسا ہی استعمال کرتے ہیں اور یہ کہ عربیۃً وہ درست ہے، برخلاف اردو کے، کہ اردو میں حذف حرف معتاد نہیں اور نہ لفظ ’’طلا‘‘ طلاق میں موضوع یا مستعمل ہے اور نہ یہ از روئے قواعد اردو درست ،تو وہ زبان اردو میں نہ صریح ہے نہ کنایہ ، بلکہ مہمل ہے۔

اس کی نظیر وہ ہے جو آگے فقہا نے فرمایا کہ اگر لام کو محذوف کیا اور یوں کہا کہ تو طاق ہے تو فرمایا کہ نیت کے باوجود حکم طلاق نہ ہو گا، یوں ہی اگر لام اور قاف دونوں کو محذوف کر دیا، صرف کہا ’انت طا‘ ، یا یہ کہ طالق کہنا چاہ رہا تھا مگر کسی نے اس کا منہ بند کر دیا اور ’’انت طا" ہی کہہ پایا تو فرمایا کہ حکم طلاق نہ ہوگا، اگر چہ نیت طلاق ہو یا مذاکرۂ طلاق یا حالت غضب ہو۔

سوال یہ ہے کہ ان صورتوں میں نیت یا دلالت حال کے باوجود کیوں عربیوں کے لیے بھی حکم طلاق نہ ہوگا، کیوں کہ یہ عرب کے مابین نہ معتاد ہے نہ قواعد لغت کی رو سے درست، یعنی وہ حرف وسط کو حذف نہیں کرتے ہیں (جیسا کہ ’’أنت طاق ‘‘ میں ہے کہ لام محذوف کر دیا) اور نہ آخر کے دو حرفوں کو حذف کرتے ہیں (جیسا کہ ’’أنت طا ‘‘ میں ہے کہ لام اور قاف کو محذوف کر دیا) اگر حذف کرتے ہیں تو صرف حرف آخر کو۔ (جیسا کہ ’’أنت طال‘‘ میں ہے)

یہیں سے مسئلہ مسئول عنہ کو سمجھنا چاہیے کہ جس طرح ’’انت طاق ‘‘ اور ’’انت طا‘‘کہنے سے عرب میں بھی حکم طلاق نہ ہوگا اگر چہ نیت کر لی ہو ،اگر چہ مذاکرۂ طلاق یا حالت غضب ہو ، یوں ہی عجم میں’’ میں تجھے طلا‘‘  کہنے سے حکم نہ ہوگا،اگر چہ نیت ہو اور نیت نہیں تو مذاکرۂ طلاق ہو یا حالت غضب ہو (جب بھی حکم طلاق نہ ہو گا ) کہ مہمل ہے۔واللہ تعالی اعلم۱۲۔

کتبه :فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

قد صح الجواب ، واللہ تعالی اعلم بالصواب رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف

محمد رفیق عالم رضوی مصباحی ۲۵ ؍ جمادی الاولی ۱۴۴۸ ھ / ۶ ؍ نومبر ۲۰۲۶ ء

خادم مرکز تربیت فقہ و افتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف 

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.