Home › Fatawa › Issues Of Funeral › Ref 1001/2026 مدرسے کے چندے سے عوام کو کھانا کھلاناQuestion السلام علیکم و رحمۃ اللہ تعالی و برکاتہ کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ ہمارے یہاں جےپور میں گوٹ (چند لوگ پیسے ملا کر کھانے میں شریک ہوتے ہیں) کا رواج بہت زیادہ ہے حتی کہ کوئی مدرسہ و مسجد کی تعمیر و دینی ملی فلاحی کام کے لیے فنڈ کی کمی ہوتی ہے تو لوگ گوٹ کے ذریعہ چندہ اکھٹا کر لیتے ہیں جس کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ مثلا کسی مدرسہ کی تعمیر کے لیے فنڈ جمع کرنا ہے تو 500، 1000، 2000، 5000، کے ٹکٹ چھپوا کر لوگوں کو دیتے ہیں کہ فلاں مدرسہ کا تعمیری کام چل رہا ہے آپ اس کی امداد کے لیے اپنی حیثیت کے مطابق ان میں سے کوئی ٹکٹ لے لیں۔ اور پھر جو پیسہ ان ٹکٹ کے ذریعہ جمع ہوتا ہے اس میں سے لوگوں کو کھانا بنا کر کھلاتے ہیں اور بچا ہوا پیسہ تعمیر وغیرہ میں لگا دیتے ہیں۔ مثلا ایک ہزار ٹکٹ فروخت ہوئے تو ایک ہزار لوگوں کا کھانا بنا کر ٹکٹ خریدنے والوں کو کھلایا جاتا ہے۔ ٹکٹ لینے والوں سے اگر پوچھے کہ یہ روپیے مثلا پانچ سو ہزار یا دو ہزار جو تم نے دیے ہیں وہ کھانے کے لیے دیے ہیں یا مسجد و مدرسہ وغیرہ کی تعمیر کے لیے تو وہ یہی کہتا ہے کہ میں نے یہ مسجد و مدرسہ کی تعمیر یا ان کی امداد کے لیے دیے ہیں۔ دریافت طلب امر یہ ہے کہ جوج پیسہ مسجد و مدرسہ کے لیے دیا گیا اس میں سے لوگوں کو کھانا کھلانا کیسا جبکہ لوگوگں کو معلوم ہوتا ہے کہ اس ٹکٹ کے عوض کھانا ملے گا۔ دوسری بات یہ کہ ٹکٹ کم زیادہ قیمت کے ہوتے ہیں اور کھانے والوں میں بھی کوئی کم کھاتا ہے اور کوئی زیادہ مثلا 500 والے نے زیادہ کھایا اور 5000 والے نے کم یا اس کے بر عکس تو کیا یہ جائز ہے یا نہیں اس کی بھی وضاحت فرمائیں۔ تیسری بات یہ کہ منتظمین علما کی دعوت بغیر ٹکٹ کے کرتے ہیں یعنی ان سے ٹکٹ کے پیسے نہیں لیتے لیکن انہیں مدعو کرتے ہیں تو اس طرح کرنا کیسا ہے؟؟؟ چوتھی بات یہ ایڈ کرنی ہے کہ کارکنان وغیرہ بھی اس میں سے بغیر ٹکٹ کے کھا لیتے ہیں اور اگر بچ جاتا ہے تو منتظمین اپنے دوست و احباب میں مفت تقسیم کر دیتے ہیں تو کیا کارکنان کا کھانا اور منتظمین کا مفت تقسیم کرنا جائز ہے۔ جب کہ اس کا مالک تو کوئی نہیں ہوتا کہ وہ چندہ کی رقم سے ہوتی ہے۔ (2) زید ایک مدرسہ کا ناظم ہے مدرسہ کے اکاؤنٹ میں جو زکاہ فطرہ کا پیسہ آتا ہے زید اس کا فورا حیلہ نہیں کرتا بلکہ جب مدرسین کی تنخواہ دیتا ہے اس وقت ضرورت کے مطابق نکال کر حیلہ کر لیتا ہے۔ زید کا ایسا کرنا درست ہے؟ (3) کبھی ایسا کرتا ہے کہ زکاہ کی رقم مدرسین کے اکاؤنٹ میں ڈال دیتا ہے اور کہہ دیتا ہے کہ ان کا حیلہ کرا لینا۔ اب اگر مدرسین حیلہ کرائیں تو کیسے؟ یہ کہہ کر کہ تم یہ روپیہ فلاں مدرسہ میں دے دو حالانکہ وہ مدرسہ میں نہیں جائیں گے بلکہ ڈائریکٹ مدرس لے گا۔ پس اس طرح کرنا کیسا؟ اور اگر حیلہ نہ کرائے تو گنہگار زید ہوگا یا مدرس کہ ذمہ داری تو زید ہی کی ہے کہ مدرس کو حیلہ کراکر تنخواہ دے۔ (4)جب زید سے کہا جاتا ہے کہ اکاؤنٹ سے پیسہ نکال کر حیلہ کرا لیں تاکہ تاخیر کی وجہ سے گنہگار نہ ہو تو زید کا کہنا ہے کہ مثلا اکاؤنٹ سے 20 لاکھ نکال کر حیلہ کرا کر پھر اکاونٹ میں ڈالیں تو یہ اکاونٹ میں 40 لاکھ آنا دکھاتا ہے۔ پھر بینک اور سرکار کو جواب دہی مشکل ہو جائے گی کہ 20 لاکھ کہاں خرچ کیے۔ اور اگر اکاؤنٹ سے نکلوا کر رکھتے ہیں تو چوری ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس کا بھی حل ارشاد فرمائیں۔ مستفتی: محمد عرفان انصاری پتہ: تکیہ آدم شاہ گھاٹ گیٹ جےپور۔ Answer و علیکم السلام و رحمۃ اللہ تعالیٰ و برکاتہ الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب:(١ ) جب وہاں گوٹ کا عام رواج یہی ہے تو ظاہر ہے کہ چندے کے ٹکٹ خریدنے والے یہ جانتے ہوں گے کہ اس رقم کے کچھ حصے سے کھانا بنے گا جو فلاں فلاں لوگ ٹکٹ و بلا ٹکٹ کھائیں گے اور جو بچے گا اسے منتظمین مفت تقسیم کر دیں گے، اگر ایسا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں ،یہ مسجد یا مدرسہ کے مال سے کھانا نہیں کہلائے گا ،کیونکہ چندہ جس غرض کے لیے کیا گیا، اس پر صرف ہونے سے قبل چندہ دہندگان کی ملک ہوتا ہے ، یوں ہی اس غرض سے جو فاضل بچے وہ بھی انہی کی ملک پر باقی رہتا ہے ۔ مجدد اعظم اعلی حضرت امام احمد رضا خان قدس سرہ العزیز تحریر فرماتے ہیں کہ: چندہ جس کام کے لیے کیا گیا ہو ، جب اس کے بعد بچے تو وہ انہی کی ملک ہے، جنہوں نے چندہ دیا ہے،کما حققناہ فی فتاوانا ،ان کو حصہ رسد واپس دیا جائے یا جس کام نے وہ کہیں صرف کیا جائے۔۔اہ۔نیز اسی میں مسئلہ یتیم خانہ کی بابت فرماتے ہیں کہ : زر چندہ شرعاً ملکِ چندہ دہندہ پر باقی رہتا ہے ،کما حققناہ فی فتاوانا ،اس میں اجازت چندہ دہندگان پر مدار ہے۔ اگر قدیم سے معمولِ یتیم خانہ رہا ہو کہ جو یتیم، حد یتیم شرعی سے نکل کر بالغ ہو جائیں اور وہ بھی اپنے لیے رزق حلال کسب کرنے کے قابل ہونے تک ان کو یتیم خانہ میں رکھا جاتا اور زر چندہ سے ان کا خرچ کیا جاتا ہو ، چندہ دہندگان اس پر آگاہ ہوا کیے اور اس پر راضی رہا کیے ، تو اب بھی جائز ہے، لان المعروف كالمشروط والإجازة دلالة كالاذن الصريح ۔اور اگر پہلے سے یہ معہود اور معروف نہ رہا اور اب تمام چندہ دہندوں سے اجازت لینی ممکن ہو تو اجازت لے کر کر سکتے ہیں،’’لان المال لهم فيصرف باذنهم وليس هذا خلاف سبيل البر حتى يكره لهم الرجوع عنه بل ربما يؤيده ويرغب اليتامى في دخول هذه الجميعة‘‘ ۔ اور اگر کوئی اجازت نہ دے یا جس قدر پر اجازت پائی، اس سے زیادہ اس کام میں اٹھایا جائے تو ضرور حرام ہوگا اور اس کا مؤاخذہ مہتممین پر رہے گا اور جن جن کا وہ چندہ تھا ان سب کا تاوان ان پر لازم آئے گا،’’لانهم تعدوا على اموالهم والمتعدى غاصب والغاصب مضمون...اه ملخصاً ۔ (فتاویٰ رضویہ مطبوعہ امام احمد رضا اکیڈمی ، ج :١٢، ص: ١٢٥ تا ١٢٩) لہذا جب وہ رقمِ چندہ قبل صرف چندہ دہندگان کی ملک ہے اگرچہ جمع ہوکر کسی ایک ذمہ دار کے ہاتھ میں ہو اور ان امور پر مطلع ہو کر انہوں نے چندہ دیا تو ان کی جانب سے ان جملہ امور کی اجازت ہو گئی اور ان کا مال ان کی اجازت سے صرف ہوا جو بلا شبہہ جائز ہے۔کما مرّ آنفاً من فتاویٰ الامام قدس سرہ۔ اور یہاں رقوم چندہ کا قلت و کثرت میں مختلف ہونا ، یوں ہی کھانے والوں کی خوراک کی کمی بیشی، کھانے میں شرکت کرنے والے مخصوص لوگوں میں ٹکٹ و عدم ٹکٹ کا فرق اور فاضل کھانے کی مفت تقسیم ، کچھ مضر نہیں کہ بوصف علم اجازت ،سب کو عام ہے ۔ہاں اگر عام رواج یہ نہ ہو بلکہ صرف چندے کے ٹکٹ والوں کا کھانا ہی معروف ہو تو ایسی صورت میں بلا اطلاع و اجازت ان علما و منتظمین کا بلا ٹکٹ کھانا اور فاضل کھانے کو ٹکٹ والوں کے سوا پر مفت تقسیم کر دینا جائز نہیں۔ و اللہ تعالیٰ اعلم۔ (٢) زکات و دیگر صدقات وکیل کو محض سپرد کر دینے سے ادا نہیں ہوتے بلکہ جب وہ مصرف کو دیتا ہے تب ادا ہوتے ہیں۔لہذا مسئلہ مسؤل عنہا میں موکلینِ زید سے سقوط فریضۂ زکات اسی وقت ہوگا جب زید حیلۂ شرعی کرے گا، تو اب زید کا بلا عذر معقول و مقبول حیلہ شرعی میں تاخیر کرنا درحقیقت ان مؤکلین کی زکات کو مؤخر کرنا ہے جو جائز نہیں اور اس میں مؤاخذہ زید پر ہے ، نہ ان مؤکلین پر۔ در مختار مع رد المحتار کتاب الزکاۃ باب فی زکاۃ ثمن المبیع میں ہے: ’’ولا يخرج عن العهدة بالعزل بل بالاداء للفقراء..اه‘‘ ۔ اور فتاویٰ ہندیہ کتاب الزکاۃ باب اول میں ہے: ’’وتجب على الفور عند تمام الحول حتى ياثم بتاخيره من غير عذر..اه‘‘ ۔ بہار شریعت حصہ پنجم بیان زکاۃ میں ہے کہ : ’’مال کو بہ نیت زکات علیٰحدہ کر دینے سے بری الذّمہ نہ ہوگا جب تک فقیروں کو نہ دیدے، یہاں تک کہ اگر وہ جاتا رہا تو زکات ساقط نہ ہوئی اوراگر مر گیا تو اس میں وراثت جاری ہوگی۔اہ۔ نیز اسی میں ہے کہ زکات کی ادا میں تاخیر کرنے والا گنہگار و مردود الشہادۃ ہے۔اہ۔ و اللہ تعالیٰ اعلم (٣) موکلین کا اصل مقصود صرف تعاون مدرسہ ہوتا ہے ان کا وکیل ہی حیلہ کر کے تعاون میں دے یہ مقصود نہیں ہوتا۔اور وکیل بالزکاۃ چونکہ دوسرے کو ادائگی کا وکیل کر سکتا ہے اس لیے جب زید نے مدرس سے یہ کہا کہ حیلہ کر لینا اور مدرس نے یہ ذمہ داری قبول کر لی تو اب یہ مدرس وکیل بالادا ہو گیا، اگر مدرس نے حیلہ نہ کر کے یوں ہی مال صرف کر ڈالا تو اس کا گناہ و تاوان اس پر ہوگا، نہ کہ زید پر۔رد المحتار کتاب الزکاۃ باب فی زکاۃ ثمن المبیع میں ہے: ’’ للوكيل بدفع الزكاة ان يؤكل غيره بلا اذن..بحر عن الخانية..اه ‘‘ ۔ اور بہار شریعت حصہ پنجم بیان زکاۃ میں اس کی ترجمانی یوں ہے کہ: ’’ زکات کے وکیل کو یہ اختیار ہے کہ بغیر اجازت مالک دوسرے کو وکیل بنا دے۔اہ‘‘ ۔ و اللہ تعالیٰ اعلم۔ (٤) اس کا حل استبدال ہے یعنی اکاؤنٹ میں جو مال زکات و فطرہ وغیرہ ہے اس کے بدلے اپنے پاس سے اسی کی مقدار رقم کا بہ نیت ادائیگئ زکات و فطرہ حیلۂ شرعی کرا لیں اور اس پیسہ کو مدرسہ پر صرف کر دیں اور جو پیسہ اکاؤنٹ میں ہے اسے اپنے پاس رکھ لیں ، یعنی اکاؤنٹ والا پیسہ اس کا ہو گیا جس نے اس کے بدلے اپنا پیسہ دیا ،یہ جائز بھی ہے اور اس طرح کرنے سے بینک میں اتنا بڑا اماؤنٹ ڈالنے ،نکالنے کی زحمت بھی نہیں ہوگی اور بینک میں بڑا اماؤنٹ بھی دکھائی نہیں دے گا کہ گورنمنٹ کی جواب دہی کی نوبت آئے ۔ اسی رد المحتار کتاب الزکاۃ باب فی زکاۃ ثمن المبیع میں ہے: ’’ الوكيل بدفع الزكاة اذا امسك دراهم الموكل ودفع من ماله ليرجع ببدلها فى دراهم الموكل صح بخلاف ما اذا انفقها أولاً على نفسه مثلاً ثم دفع من ماله فهو متبرع..اه‘‘ ۔ اور ایسا ہی بہار شریعت حصہ پنجم میں بھی ہے۔و اللہ تعالیٰ اعلم بالصواب ۔ کتبہ: فقیر محمد طلحہ رضوی منظری غفر لہ القوی خادم رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف ٢٥؍ ربیع الاول ١٤٤٨ھ / ٨؍ستمبر ٢٠٢٦ء
الجواب بعون الملك الوھاب : (۱) سائل نے یہ ظاہر نہیں کیا کہ رقم دینے والا زکات کی رقم دیتا ہے یا غیر زکوۃ کی ، اگر زکات کی رقم دیتا ہے تو مدرسہ وغیرہ کے لیے ضرورتاً اس کا حیلہ کرا کر استعمال جائز تو ہے مگر جو چیز ضرورتاً جائز ہوتی ہے وہ حد ضرورت سے متجاوز نہیں ہوتی، لہذا وہ حیلہ شدہ ہبہ صرف مدرسہ وغیرہ کی ضروریات ہی میں صرف کیا جا سکتا ہے اس کے علاوہ غیر ضروری کام میں نہیں اور امیرو اغنیا کو کھانا کھلانا ضرورت میں داخل نہیں ۔ اور اگر غیر زکات کی رقم دی اور دینے والے نے، لینے والے کو ماذون کر دیا ہے کہ اس سے کھانا بناؤ ،اغنیا اور فقرا سب کو کھلاؤ اور جو بچے اسے مدرسے وغیرہ میں صرف کرو اور یہ اذن و اجازت صراحتاً ہو کہ دلالتاً جسے سائل نے ظاہر کیا کہ دینے والا یہ جانتا ہے اور عرف میں اس کا رواج ہے تو المعروف کالمشروط کے تحت یہ جائز ہوگا۔ (۲) زکات دہندہ کی زکات اس وقت تک ادا نہ ہوگی جب تک وکیل اس کو کسی مستحقِ زکات کو ادا نہ کر دے ۔ اور فقہا فرماتے ہیں کہ زکات کی ادائیگی میں تاخیر نہ کرنی چاہیے، لیکن یہ اس صورت میں ہے جبکہ زکات کی رقم اس کے پاس ہو کہ موت کی کچھ خبر نہیں، موت واقع ہو گئی تو زکات ادا کرے گا ، بر خلاف اس صورت کے کہ اس نے زکات کی رقم وکیل کے سپرد کر دی اور وکیل نے ہنوز زکات ادا نہ کی ، ہاں مظنون بظن غالب ہے کہ ادا ضرور کر دے گا تو اس تاخیر میں گنہ گار نہ ہوگا کہ ضرورۃً مجبور ہے ۔ (۳) مدرسین پر جب واضح کر دیا تو ان پر لازم ہے کہ حیلہ کروائیں ۔ اور مدرسے کے نام پر حیلہ ہوا پھرخود لے لیا ، یہ بھی جائز ہے کہ مدرسہ مدرس سے ہی ہے ، وہ مدرسہ کو ہی ہوا بحکم متولی ۔ (۴) اس کا حل یہ ہو سکتا ہے کہ اولاً بھیجنے والوں سے یہ کہہ دیا جائے کہ حیلہ کرا کر اکاؤنٹ میں ڈالیں یا پیسے کو نکال کر حیلہ کرائیں اور سونا و چاندی وغیرہ کی شکل وغیرہ میں کر لیں اور پھر اسے بینک کے لاکر میں محفوظ کر دیں اس سے رقم بڑھتی بھی رہے گی اور محفوظ بھی رہے گی ۔ واللہ تعالی اعلم ۱۲ ۔
فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف ۲۷ ؍ ربیع الاول ۱۴۴۸ ھ /۱۰ ستمبر ۲۰۲۶ ء Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
