Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 915/2026

Text size
translateاردو

وہ ان کا حسن کہ یوسف بھی منہ چھپا کے چلے

Question

کیا فرماتے ہیں علمائے دین وہ مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل شعر کے بارے میں:

وہ ان کا فقر سلیماں  کو جس پہ رشک آئے

وہ ان کا حسن کہ یوسف بھی منہ چھپا کے چلے

عرض ہے کہ کیا شعر  کے مصرع ثانی میں حضرت یوسف علیہ السلام کی توہین و تنقیص ہے ؟ اور مذکورہ شعر پڑھنے پر توبہ و رجوع لازم آتا ہے ؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں،نوازش ہوگی۔

المستفتی : محمد ذکر اللہ قادری مکی

رہ پورہ چودھری بریلی شریف

Answer

وہ ان کا حسن کہ یوسف بھی منہ چھپا کے چلے

الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : مذکورہ شعر، حسن شعری و جمال شرعی دونوں لحاظ سے بے عیب و بے غبار ہے۔ جاننا چاہیے کہ لفظ اپنے معنیٔ موضوع لہ میں استعمال ہو تو حقیقت ہے، غیر موضوع لہ میں استعمال ہو تو مجاز۔

مصرع ثانی میں منہ چھپانا یا منہ چھپا کر چلنا، دونوں ہی اعتبار سے معنی خیز ہے، حقیقی معنی مراد لیں خواہ مجازی و محاورتی ۔اس کا حقیقی معنی منہ ڈھانپنا یا چہرہ ڈھنک لینا مراد لیں تو مصرع ثانی کا معنی ہوگا حضور علیہ السلام کا حقیقی حسن و جمال ایسا ہے کہ حضرت یوسف علی نبینا و علیہ الصلوة و السلام جو معیار حسن ہیں وہ بھی اس کے دیدار کی تاب نہ لا سکیں، اور اپنے چہرے کو ڈھانپ لیں۔ منہ چھپانے سے کبھی آنکھیں چھپانا اور آنکھوں پہ پردہ ڈالنا بھی مراد ہوتا ہے، جزو بول کر کل مراد لینے کی قبیل سے۔

یہ معنی اگر مراد ہو تو متعدد حدیثیں اور اقوال صحابہ و تابعین اس مفہوم میں وارد ہوئے ہیں کہ حضور علیہ الصلوة و السلام کا حقیقی حسن و جمال متعدد پردوں میں مستور تھا ،ورنہ کوئی حضور علیہ السلام کے حسنِ جہاں آرا کے دیدار کی تاب نہ لا سکتا، بلکہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے حسن کی تاب نہ لا کر بعض صحابۂ کرام کا حقیقتاً منہ ڈھکنا مروی ہے۔ 

امام نبہانی اپنی کتاب جواہر البحار میں حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ تعالی عنہ کا قول نقل فرماتے ہیں:’’ لما نظرت الی انوارہ صلی اللہ تعالی علیه وسلم وضعت کفی علی عینی خوفا من ذھاب بصری ‘‘ ۔ یعنی میں جب حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے چہرۂ انور کے انوار و تجلیات کو دیکھنا چاہتا تو دیکھ نہ پاتا اور اپنی آنکھوں کو ہاتھ سے ڈھانپ لیتا، اس اندیشے میں کہ کہیں میری آنکھوں کی روشنی نہ چلی جائے۔

کل بول کر جزو مراد لینا کلامِ فصحا میں شائع و ذائع ہے۔ آنکھیں بچانے کو بھی منہ چھپانا کہتے ہیں۔ حسرت موہانی کا شعر ہے:

کوئی زخمی پرندہ مر رہا ہے

بصارت منہ چھپانا چاہتی ہے

امام زرقانی اپنی کتاب میں امام قرطبی کا یہ قول نقل فرماتے ہیں:’’ لم یظھر لنا تمام حسنه صلی اللہ تعالی علیه وسلم لانه لو ظھر لنا تمام حسنه لما اطاقت اعیننا رؤیته ‘‘ ۔ (شرح المواھب اللدنیة ۵/۲۴۱)۔

حضرت عمرو بن العاص حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے حسن و جمال کا یوں تذکرہ فرماتے ہیں:’’ ‏و ما كان احد أحب  الىّ من رسول الله صلى الله تعالى عليه وسلم و لا أجل في عيني منه و ما كنت أطيق أن أملأ عيني منه اجلالا له ولو سئلت أن اصفه ما اطقت لانی لم اکن املأ عینی منه ‘‘ ۔

(صحیح مسلم : ۱۱۲۱) ۔

حضور مفتی اعظم ہند فرماتے ہیں : ؎ 

کون ان سے نگاہیں لڑا کر چلے

کس کی طاقت جو آنکھیں ملا کر چلے

اسی طرح حضور علیہ السلام کے چہرہ نور فزا کو آفتاب سے تشبیہ دی گئی ہے۔ حضرت ابو ہریرہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے حسن و جمال کو یوں تعبیر کرتے ہیں کہ : ’’ ما رایت شیئا احسن من رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کأن الشمس تجری فی وجھه ‘‘۔

حضرت ابو عبیدہ نے ربیع بنت معوذ سے حضور علیہ الصلوة و السلام کے شمائل پوچھے تو انھوں نے کہا:’’ لو رایته رایت الشمس طالعة ‘‘ ۔ حضرت جابر سے کسی نے یہ سوال پوچھا کہ کیا حضور علیہ السلام کا روئے منور تلوار کی مانند تھا؟  فرمایا : نہیں ! ’’ بل کان مثل الشمس و القمر۔۔الخ ‘‘۔

جب شمس سے چہرۂ مصطفی علیہ التحیۃ و الثنا کی تشبیہ شائع و ذائع ہے تو یہاں منہ چھپانے سے حقیقتاً آنکھیں چھپانے، آنکھوں پہ پردہ ڈالنے کا معنی لیا جا سکتا ہے۔ سورج کو دیکھ کر آنکھیں خیرہ ہو جانا معروف ہے۔ شیخ عبد الحق محدث دہلوی فرماتے ہیں: ’’ آن حضرت بتمام از فرق تا قدم ہمہ نور بود کہ دیدہ حیرت در جمال باکمال وے خیرہ می شد مثل ماہ و آفتاب تاباں و روشن بود اگر نہ نقاب بشریت پوشیدہ بودی ہیچ کس را مجال نظر و ادراک حسن او ممکن نبودی ‘‘ ۔ (مدارج النبوة : ۱۳۷۱)

ممکن ہے اس پر معترضین کہہ دیں کہ ان روایات و عبارات میں صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کا ذکر ہے ،انبیاے عظام علیہم السلام کا تو نہیں ؟ تو شیخ عبد الحق دہلوی کی مذکورہ عبارت کا یہ قول پیش نظر رہے کہ ’’ ہیچ کس ‘‘ ۔

نیز یہ کہ امام فاسی ’’ مطالع المسرات ‘‘ میں خاص حضرت یوسف علی نبینا و علیہ الصلوة و السلام کا ذکر کرکے فرماتے ہیں:’’ وحسن يوسف وغيره جزء من حسنه لانه على صورة اسمه خلق  ‏و لو لا أن الله ستر جمال صورة محمد صلى الله تعالى عليه وسلم  بالهيبة و الوقار و أعمى عنه آخرين لما استطاع احد النظر الیه بھذہ الابصار الدنیاویة الضعیفة ‘‘ ۔  (۳۹۴)

جس طرح حضور علیہ الصلوۃ و السلام کے حسن و جمال، چہرۂ انور اور ذات پاک کو آفتاب سے تشبیہ دی گئی ہے، اسی طرح حضور علیہ الصلوۃ و السلام کی بنسبت دیگر انبیا کو ستاروں سے تشبیہ دی جاتی ہے، دیکھو امام بوصیری علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: ؎ 

فانه شمس فضل ھم کواکبھا  

یظھرن انوارھا للناس فی الظلم

اب تشبیہات اور استعارات کی دنیا میں آئیے توکیا مذکورہ بالا روایات و عبارات سے یہ تعبیر نہیں نکالی جا سکتی ہے کہ سورج کے آتے ہی تارے منہ چھپا لیتے  ہیں۔دیکھو ! سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں:  ؎

تو ہے خورشیدِ رسالت پیارے چھپ گئے تیری ضیا میں تارے  

انبیا اور ہیں سب ماہ پارے تجھ سے ہی نور لیا کرتے ہیں

کیا خبر کتنے تارے کھلے چھپ گئے

پر نہ ڈوبے نہ ڈوبا ہمارا نبی

اسی مفہوم کو اگر شاعر یوں کہہ دے کہ ’’ وہ ان کا حسن کہ یوسف بھی منہ چھپا کے چلے ‘‘ تو کیا قباحت ہے؟؟

ہاں ! ’’منہ چھپانا ‘‘  محاورہ بھی ہے، اور محاورے کا معنی عرف سے سمجھا جاتا،اور بسا اوقات ایک محاورے کے کئی معانی ہوتے ہیں ، جیسے اسی محاورے کے متعدد معانی ہیں، مثلا : فیروز اللغات میں ہے:’’ سامنے نہ آنا، پردہ کرنا، چہرے پر پردہ ڈالنا، شرمندہ ہونا، شرمسار ہونا، حیا کرنا، شرمانا، کنارہ کرنا، پہلو تہی کرنا، آنکھ چرانا، نظر چرانا وغیرہ ذلک۔

اسی طرح پردہ اٹھانا ایک محاورہ ہے اور عرف و لغت میں وہ متعدد معانی میں استعمال ہوتا ہے۔  فیروز اللغات میں ہے:’’ نقاب الٹنا، گھونگٹ اٹھانا، چلمن یا چق اٹھانا، چار دیواری گرانا، راز افشا کرنا، بھید کھولنا،اصلیت ظاہر کرنا، واقعات بیان کرنا، پرت کھولنا، پگڑی اتارنا، حجاب دور کرنا، تکلف بر طرف کرنا، کھال جدا کرنا، جھلی اتارنا وغیرہ ذلک۔

ان معانی میں کچھ کا استعمال انبیا کے حق میں نادرست ہے اور  سیاق و سباق کے قرائن سے کچھ کا استعمال تو انبیاے عظام علیہم السلام کے حق میں بلا شبہ نہ صرف جائز بلکہ اکابر کے کلام میں واقع ہے۔  دیکھو ! حضرت رضا فرماتے ہیں: ؎

اٹھا دو پردہ دکھا دو چہرہ کہ نور باری حجاب میں ہے  

زمانہ تاریک ہو رہا ہے کہ مہر کب سے نقاب میں ہے۔

اسی طرح منہ چھپانے کا محاورہ ہے ،اگر چہ اس کے کچھ معانی کا استعمال انبیاے کرام کے حق میں درست نہیں، مگر محتمل المعانی، الفاظ کا ایک معنی جبکہ قرائن متعین کررہے ہیں تو محمل حسن کو چھوڑ کر معنیٔ  بد پر کس قرینے سے محمول کیا جائے؟ علما فرماتے ہیں : ’’ انبت الربیع البقل‘‘  میں فصل بہار کی طرف سبزہ اگانے کی اسناد حقیقت و مجاز دونوں کا احتمال رکھتی ہے، قرینہ ان میں سے کسی ایک کو متعین کردیتا ہے، اور وہ ہے قائل کا موحد یا ملحد ہونا،تو  یہ قول اگر موحد سے صادر ہو تو نسبت مجازی مراد ہوگی اور ملحد سے ہو تو حقیقی۔

سرکار اعلی حضرت نے بھی یہی فرمایا: ’’ بعض متحمل لفظ جب کسی مقبول سے صادر ہوں بحکم قرآن انہیں معنی حسن پر حمل کریں گے،اور جب کسی مردود سے صادر ہوں جو صریح توہینیںکرچکا ہو تو اس کی خبیث عادت کی بنا پر معنیٔ خبیث ہی مفہوم ہوں گے کہ ’’ کل اناء یترشح بما فیه‘‘۔ (۲۹/۲۲۴)

اگر اس طرح معنی متبادر کو چھوڑ کر محتمل المعانی کلام پر اعتراض شروع کر دیا تو شاید ہی کسی کا کلام اعتراض سے بچ سکے۔

دیکھو ! حضرت حسن بریلوی فرماتے ہیں:

دلِ صباحتِ یوسف میں سوزِ عشق حضور

نبات و قند ہوئے ہیں کبابِ حسن ملیح

صبیح ہوں کہ صباحت جمیل ہوں کہ جمال

غرض سبھی ہیں نمک خوارِ بابِ حسن ملیح

اب بتائیے ! پہلے شعر کے قرینے سے صبیح سے حضرت یوسف نہیں مراد ہیں تو کون مراد ہے؟ اگر وہی یا وہ بھی مراد ہیں تو ان کو اور ان کے حسن صباحت کو حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے حسن ملیح کا نمک خوار کہہ دیا ۔کوئی کہے کہ نمک خوار محاورے میں غلام، ملازم، نوکر کو کہتے ہیں تو یہ بھی ایک نبی کی تخفیف شان ہوئی؟؟

یہاں تو معترضین کسی طرح بات بنادیں ، مگر حضرت حسن بریلوی کے مذکورہ ذیل شعر میں کیا کہیں گے؟: ؎

حسن یوسف کرے زلیخائی

خواب میں دیکھ کر جمال حضور

خواب میں جمال حضور دیکھ کر حسن یوسف کا حسن حضور پر فریفتہ یا قربان و نثار ہو جانے کے معنی کو زلیخائی سے تعبیر کیا ، جبکہ حضرت زلیخا حسن یوسف دیکھ کر فتنہ و آزمائش میں مبتلا ہو گئی تھیں۔ کیا اس کو بھی توہین و تخفیف شان نبی کہیےگا؟؟

نہیں ہرگز نہیں!  وجہ وہی ہے کہ لفظ کے متعدد معانی ہوتے ہیں، حقیقی و مجازی۔ ان معانی میں سے سیاق و سباق اور قرائن کسی  مفہوم کو متعین کر دیتے ہیں۔ یہاں لفظ زلیخائی میں استعارہ کنایہ ہے، یعنی لفظ ذکر کرکے اس کا لازمی معنی مراد لیا، جیسے شیرانہ سے بہادری مراد لی جائے، تو مطلب یہ ہوا  کہ حضرت یوسف کا حسن اگر خواب میں بھی حسن حضور کا دیدار کرتا تو عاشق زار ہو جاتا ،چہ جائے کہ بیداری کی حالت میں۔

خلاصہ یہ کہ موضوع بحث ترکیب کا مصرع ثانی میں استعمال اپنے حقیقی و مجازی ہر دو معنی کے اعتبار سے قباحت و حرج شرعی سے پاک ہے، محاورہ بھی حقیقت نہیں،مجاز ہوتا ہے۔ اور ایک لفظ کے متعدد مجازی معانی ہو سکتے ہیں، منہ چھپانا بطور محاورہ بھی لو تو صرف شرمسار و شرمندہ ہونے کے ہی معنی میں نہیں بلکہ مقابلے میں نہ آنا، کنارہ کشی اختیار کرنا وغیرہ معانی میں بھی مستعمل ہے۔ اور یہی شاعر کی مراد ہے کہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام کا حسن اس قدر افضل ہے کہ اس کے مقابلے میں حضرت یوسف علیہ الصلوۃ والسلام پیکر حسن و جمال بھی نہیں آتے۔واللہ تعالی اعلم ۱۲۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۱ ؍ شعبان المعظم ۱۴۴۷ ھ / ۲۱ ؍ جنوری ۲۰۲۶ ء 

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.