Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 879/2025

Text size
translateاردو

ایک تنظیم کے متعلق استفتا و فتوی

Question

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مسئلہ ذیل میں کہ

زید نے ایک بزرگ کے نام پر ایک تنظیم بنائی۔ دینی خدمات کے نام پر لوگوں سے چندہ وصول کیا لیکن چندے کو صحیح مصرف میں خرچ کرنے کی بجائے ذاتی تشہیر اور دنیوی مفاد میں استعمال کیا۔ اتناہی نہیں گذشتہ بلدیاتی الیکشن میں ایک غیر مسلم سے دس ہزار کی رقم لیکر پوری تنظیم کے ساتھ گے گلے میں غیر مسلم کے نام کا پٹا ڈال کر اس کا پرچار کیا۔

زید عموی طور پر علماے کرام پرطنز و طعنہ زنی کرتا ہے ۔تنظیم کے ممبران کو علما کے خلاف بھڑکانے کے لیے میٹنگیں کرتا ہے۔ علم دین سے مطلق کو را ہونے کے باوجود خود کے ساتھ لمبے چوڑے القابات لکھوا کر خود کو معظم و مکرم بننے کی کوششیں بھی کرتا ہے۔ غلط مسائل بتاتا ہے۔ تنظیم کے چندے کا حساب و کتاب مانگنے پربھی نہیں دیتا۔ دریافت طلب امر یہ ہے کہ جو شخص کسی بزرگ کے نام سے منسوب تنظیم کو چند پیسوں کے عوض غیر مسلم کے الیکشن پر چار میں لگائے ، دینی خدمت کے نام پر لیے گئے چندے کا حساب و کتاب نہ دے اور ذاتی تشہیر پر خرچ کرے ۔ علماے اہل سنت کی غیبت و برائی اور لوگوں میں عیب جوئی کرے۔ جاہل ہونے کے باوجود خود کو بزرگوں جیسے القابات سے ملقب کرے۔ غلط مسائل بیان کرے۔ علما کے بلانے پر وعدہ کر کے بھی نہ آئے۔ سمجھانے سے بھی نہ مانے تو شرعاً اس شخص کا کیا حکم ہے؟ اس کی تنظیم کی رکنیت لینا یا اسے چندہ دینا کیسا ہے؟

مستفتی: محمد راشد را منگر

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب :سوال نامہ میں زید کی بابت جو باتیں مندرج ہیں اگر وہ اس سے بر طریقِ شرعی ثابت ہیں تو وہ ضرور فاسق و فاجر ،مجرم اور گنہگار ہے۔ وہ ہرگز کسی مذہبی تنظیم کا ذمہ دار ہونے  اہل نہیں۔اس پر فرض ہے کہ اپنے ان قبائح و جرائم سے علانیہ توبہ کرے۔

چندہ جس غرض کے لیے کیا جائے اسی میں استعمال کرنا لازم ہے بلا اجازت چندہ دہندگان کسی دوسرے مقصد میں یا اپنے ذاتی استعمال میں صرف کرنا ناجائز اور حرام ہے۔ مجدد اعظم اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ و الرضوان تحریر فرماتےہیں کہ ’’ چندہ کے روپے چندہ دنیے والوں کی ملک پر رہتے ہیں ان سے اجازت لی جائے جو جائز بات وہ بتائیں اس پر عمل کیا جائے ‘‘ نیز فرماتے ہیں ’’ جس کام کے لیے چندہ دہندوں نے دیا تھا اسی میں صرف کریں بے اجازت مالکان دیگ لینے کی اجازت نہیں ۔ ملخصاً ۔ ( فتاوی رضویہ : ج؛ ۱۲ ، ص : ۵۲ ۔ ۱۲۶)

یوں ہی الیکشن کے موقع پر کسی سے پیسہ لے کر اس کا پرچار پرسار کرنا بھی جائز نہیں کہ ایسے موقع پر سیاسی پارٹیوں کا رقم دینے سے عمومی واضح مقصود اپنے لیے ووٹوں کا راستہ ہموار کرنا ہوتا ہے اگرچہ وہ زبان سے کچھ نہ کہیں تو یہ صورتِ رشوت ہوئی جس کے ناجائز ہونے میں شبہہ نہیں بلکہ اگر وہ رقم اس غیر مسلم نے تنظیم کو بعنوان تعاون پیش کی ہو جب بھی اس کا لینا جائز نہ تھا کہ غیر مسلم سے ایسی معاونت ناجائز ہے جو خلاف مصلحت ہو یا جس میں خود کو اس کے لیے مسخر اور ذلیل کرنا پڑے۔در مختار مع رد المحتار جلد ۵ ، ص ۳۶۲ پر ہے : ’’ و فی المصباح الرشوۃ بالکسرما یعطیہ الشخص للحاکم او غیرہ لیحکم لہ او یحملہ علی ما یرید ۔ انتھی ۔ اور شامی کتاب الحظر و الاباحۃ میں ہے : ’’ و علی ھذا قالوا لو مات الرجل و کسبہ من بیع البازق او الظلم او اخذ الرشوۃ یتورع الورثۃ ولا یاخذون منہ شیأ و ھواولی بھم و یردونھا علی اربابھا ان عرفوھم و الا تصدقو بھا لان سبیل الکسب الخبیث التصدق اذا تعذر الرد علی صاحبہ ‘‘ ۔ اور حدیث شریف میں فرمایا : ’’ انی نھیت عن زبد المشرکین ‘‘ ( جامع الترمذی ، کتاب السیر )اور فرمایا : ’’ انا لا نستعین بمشرک ‘‘یعنی ہم مشرک سے مدد نہیں لیتے ۔ ( سنن ابو داؤد کتاب الجہاد ) نیز مجدد اعظم اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ و الرضوان تحریر فرماتےہیں کہ  ’’(کافر) مسجد میں لگانے کو روپیہ اگر اس طور پر دیتا  ہے کہ مسجد یا مسلماوں پر احسان رکھتا ہے یا اس کے سبب مسجد میں اس کی کوئی مداخلت رہے گی تو لینا جائز نہیں اور اگر نیاز مندانہ طور پر پیش کرتا ہے تو حرج نہیں ‘‘۔ ( فتاوی رضویہ : ج ۱۲ ، ص : ۳۲۸ )

بلکہ بلا رقم لیے بھی کسی مذہبی تنظیم کو بلا مصلحت یا بر خلافِ مصلحت شرعیہ کسی سیاسی پارٹی یا شخص کا پرچار کرنے کی اجازت نہیں کہ ایسا کرنا مسلمانوں کی بد خواہی اور کم از کم نظر عوام میں اعتماد کو گوانا اور مذہبی تنظیم کو سیاسی بنانا ہے جو کسی طرح جائز نہیں ۔یہ وہ زہر قاتل ہے جسے پیکر کتنی ہی مذہبی تنظیمیں ہلاک و برباد ہو چکی ہیں اور اب بھی بہت سے اپنے اور بے گانے لوگ محض اپنے مفاد کے لیے مذہبی تنظیموں کو یہ زہر پلا رہے ہیں اور انہیں ہلاک و برباد کرنے پر آمادہ ہیں مگر مسلمان انسان بنے ہوے ہیں ۔ (فاعتبروا یا اولی الابصار) ۔

یوں ہی بلا استحقاق خود کے لیے یا کسی اور کے لیے بڑے بڑے القابات کا استعمال کرنا یا کرانا دین میں محض افراط و اسراف ،مکر و غدر اور ان القابات کے ساتھ خالص نا انصافی و ظلم ہے ۔التعریفات للجرجانی میں ہے : ’’ وضع الشی في غیر موضعہ و فی الشریعۃ عبارۃ عن التعدی عن الحق الی الباطل و ھو الجور ‘‘ یعنی کسی چیز کو اس کے محل کے سوا غیر میں رکھنا اور شریعت کی اصطلاح میں حق سے باطل کی طرف تجاوز کرنے کو ظلم کہتے ہیں ۔ اللہ عز وجل کا ارشاد ہے : ( یا ایھا الذین اٰمنوا لما تقولون ما لا تفعلون کبر مقتاً عند اللہ ان تقولو اما لا تفعلون ۔ الآیۃ )( سورۃ الصف ) اور فرماتا ہے : (اِنَّ الْمُبَذِّرِیْنَ كَانُوْۤا اِخْوَانَ الشَّیٰطِیْنِؕ-بیشک فضول خرچی کرنے والے شیطانوں کے بھائی ہیں۔ ( سورہ بنی اسرائیل : ۲۷ ) اور فرماتا ہے :( و یحبون ان یحمدوا بما لا یفعلوا ) اور پسند کرتے کہ ان کی ایسے کاموں پر تعریف کی جائے جو انھوں نے کئے ہی نہیں ۔ (آل عمران : ۱۸۸ )

اور مسائل شرعیہ بیان کرنا اہل علم کا منصب ہے۔بے علم کو مسائل شرعیہ کے بیان پر جرات کرنا ہی نا جائز ہے پھر غلط مسائل بیان کرنا تو دوہری مصیبت ہے حدیث شریف میں ایسوں پر لعنت فرمائی ۔و قال علیہ السلام : ’’من افتی بغیر علم لعنتہ ملائکۃ السماء و الارض ‘‘ ۔ جو بے علم حکم شرع بیان کرے اس پر آسمان و زمین کے لعنت کریں ۔ ( کنز العمال : باب آفات العلم )

یوں ہی علمائے اہل سنت پر طعن اور ان کی غیبت و برائی کرنا، لوگوں ان کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کرنا اور وہ بھی محض اس وجہ کہ وہ اصلاح چاہتے ہیں اور زید کی حرکات پر تنبیہ کرتے ہیں یہ ضرور سخت حرام بد کام بد انجام ہے۔مجدد اعظم اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ و الرضوان تحریر فرماتےہیں کہ ’’اگر عالم کو اس لیے برا کہتا ہے کہ وہ عالم ہے جب تو صریح کافر ہے اور اگر بوجہ علم اس کی تعظیم فرض جانتا ہے مگر کسی دنیوی خصومت کے باعث برا کہتا ہے گالی دیتا ہے تحقیر کرتا ہے تو سخت فاجر ہے اور اگر بے سبب رنج رکھتا ہے تو مریض القلب خبیث الباطن ہے اور اس کے کفر کا اندیشہ ہے ‘‘ ۔ (فتاوی رضویہ مترجم ، ج : ۲۱ط ص : ۱۲۸ ۔ ۱۲۹ )

اور بعدِ مطالبہ بھی بلا وجہ تنظیم کے چندے کا حساب نہ دینا کم از کم خود کو نظر عوام میں متہم و مشکوک کرنا اور انہیں بد گمانی میں ڈالنا ہے، یہ بھی جائز نہیں ۔حدیث شریف میں فرمایا :’’اتقوا مواضع التھم ‘‘ تہمت کی جگہوں سے بچو ۔  اور ایک روایت میں ہے  : ’’من عرض نفسہ لتھمۃ فلا یلومن من اساء الظن بہ ‘‘ ۔ جس نے خود کو تہمت پر پیش کیا وہ اپنے اوپر بدگمانی کرنے والوں کو ملامت کرنے کا ہرگز حقدار نہیں ۔

اگر مذکورہ تنظیم اپنے مقاصد اور بنیادی امور میں کوئی شرعی فساد نہیں رکھتی اور اس تنظیم کا بانی و ذمہ دار زید اپنے ان قبائح سے علانیہ توبہ و رجوع کر کے امور تنظیم میں اپنی کوہتائیوں اور مالی ہیر پھیر کی تلافی کرے اور آئندہ اپنے اور تنظیم کے حالات درست و سازگار رکھے، تنظیم کو اس کے مقاصد ہی کے لیے استعمال کرے، اپنی ذاتی مفاد کے لیے تنظیم کا نام و مال استعمال نہ کرے تو ایسی صورت میں اس تنظیم کی رکنیت لینے یا اسے چندے و تعاونات دینے میں حرج نہیں بلکہ بنیتِ حسن ہو تو موجب اجر و ثواب ہے۔اور اگر اس کے مقاصد میں کوئی شرعی ظاہر فساد ہے یا اس کا ذمہدار زید اپنی حرکتوں سے باز نہ آے یوں ہی تنظیم کے نظام و مال میں من مانی کرتا رہے اسے خلافِ مقاصد استعمال کرے تو ایسی حالت اس تنظیم کی رکنیت و معاونت میں کوئی بھلائی نہیں بلکہ شرعاً اس کی اجازت بھی نہیں کہ کیونکہ یہ امور قبیحہ میں شرکت یا کم از کم معصیت پر اعانت ضرور ہےجو ہرگز جائز نہیں ۔اللہ عز و جل کا ارشاد ہے : ( و تعاونوا علی البر و التقوی ولا تعاونوا علی الاثم و العدوان ۔۔ الآیۃ ) ۔ واللہ تعالی اعلم بالصواب ۔

کتبہ : فقیر محمد طلحہ رضوی منظری غفر لہ

رضوی دار الافتا مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۲۵ ؍ جمادی الآخر ۱۴۴۷ ھ / ۱۷ ؍ دسمبر ۲۰۲۵

(تصدیق از مظہر حجۃ الاسلام دام ظلہ علینا )

۷۸۶/۹۲ ۔جواب درست ہے ۔ واللہ تعالی اعلم ۔

چندے کے متعلق حکم شرع یہ ہے کہ چندہ دہندگان نے جس کام کے لیے دیا اسی میں صرف کرنا ضروری ہے یہاں تک کہ اگر وہ کام پورا ہو جانے کے بعد چندہ بچ رہے  تو چندہ دہندگان کو واپس کیا جائے یا ان کی اجازت سے دوسرے کام میں صرف ہو سکتا ہے بغیر اجازت کسی دینی مذہبی کام میں ہی صرف کرنے کی اجازت نہیں چہ جائے کہ دنیوی کام میں صرف کیا جائے یہ سخت ناجائز و حرام ہے اور ایسا شخص خائن ہے نہ اس کو چندہ دینا جائز نہ کسی مذہبی تنظیم کا ذمہ دار بنانا نیز غیر مسلم کے نام کا پٹا ڈالنا بھی ناجائز ہے اور علماء تو علماء عوام مسلمین تک پر لعنت طعن کرنا بھی جائز نہیں حضور علیہ السلام نے فرمایا :’’‌ليس ‌المؤمن بالطعان، ولا اللعان، ولا الفاحشِ البذِيء‘‘۔

زید کے متعلق سوال میں مذکور جرائم اگر ثابت ہیں تو زید کی تدینی حالت سخت مشتبہ ہے بلکہ وہ ان جرائم کا مرتکب ہونے کی  وجہ سے بحالت موجودہ مذہبی تنظیم کی ذمہ داری کے لائق نہیں تاوقتیکہ علانیہ توبہ و استغفار نہ کر لے۔واللہ اعلم ۔

از : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہ

۴ ؍ رجب المرجب ۱۴۴۷ ھ /۲۵ دسمبر ۲۰۲۵ ء

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.