Home › Fatawa › Issues Of Prayer › Ref 15 فتوی بابت جمعہ فی القریٰ مع جواب اعتراضِ معترضQuestion حضرت مفتی صاحب قبلہ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ بعدہ عرض ہے کہ ہم جملہ مسلمانان اہل سنت بھالو ماڑا کالری ضلع انوپ پور (ایم پی ) کے رہنے والے ہیں ۔ چند سوالات حاضر خدمت ہیں شریعت مطہرہ کی روشنی میں ان کا جواب عنایت فرما کر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں ۔ سوالات درج ذیل ہیں : سوال نمبر (۱) ہماری آبادی میں تقریباً تیس سال قبل سے حضور تاج الشریعہ حضرت علامہ مفتی محمد اختر رضا خاں ازہری رحمۃ اللہ علیہ کے فتوے پر عمل کرتے ہوئے جمعہ کے ساتھ ظہر کی نماز باجماعت کا التزام کیا جاتا رہا ، ابھی تقریباً ایک سال قبل ایک مفتی صاحب تشریف لائے اور قبل نماز جمعہ کھڑے ہوکر یہ کہا کہ نادر روایت کے مطابق یہاں صرف جمعہ واجب ہے ، لہذا اب بعد جمعہ ظہر کی نماز جماعت کے ساتھ ترک کی جائے اور صرف جماعت کے ساتھ جمعہ پڑھا جائے ، مفتی صاحب کے مسئلہ بتانے کے بعد امام صاحب نے مسجد میں جمعہ کے دن ظہر کی نماز باجماعت ختم کرا دی وہ صرف جماعت کے ساتھ جمعہ پڑھاتے ہیں ، لہذا عوام اہل سنت میں اس کے بعد کافی انتشار پیدا ہوا جو اب تک برقرار ہے ۔ بارگاہ عالیہ میں عرض یہ ہے حضرت تاج الشریعہ کا فتوی حق پر ہے یا مفتی صاحب کا بتایا ہو امسئلہ ، قرآن و حدیث مع اقوال ائمہ کی روشنی میں مسئلہ حل فرمائیں۔ سوال نمبر (۲) اسی بھالوماڑا کی سرزمین پر ایک اور مسجد ہے بنام (ازہری مسجد ) وہاں لوگ حضرت تاج الشریعہ رحمۃ اللہ علیہ کے فتوے پر عمل کرتے ہوئے اب بھی نماز جمعہ کے بعد ظہر کی نماز باجماعت ادا کرتے ہیں بارگاہ میں عرض ہے کہ وہاں کے لوگ اب بھی بعد نماز جمعہ ظہر باجماعت پڑھیں یا ترک کر دیں ۔ بینواتوجروا ۔ نوٹ : جس وقت حضرت تاج الشریعہ نے یہاں کے متعلق فتوی صادر فرمایا تھا بھالو ماڑا اپنی اسی حیثیت پر قائم ہے بلکہ اس کی دہی حیثیت میں اور اضافہ ہوا ہے۔ المستفتیان : جملہ اہل سنت و جماعت بھالوماڑہ کالری ، ضلع انوپ پور (ایم پی ) Answer الجواب: فقہا کا اجماع ہے کہ بعض مخصوص صورتوں کو چھوڑ کر قول راجح یا ظاہر الروایہ کے خلاف عمل کرنا یا فتوی دینا جائز نہیں اور وجہ یہ بیان فرمائی کہ یہ خواہش کی پیروی ہے اور خواہش کی پیروی حرام ہے ،کیونکہ قول راجح کے مقابلے میں قول مرجوح اور ظاہر الروایہ کے متوازی نادر الروایہ بمنزلۂ عدم ہے ۔ خاتم المحققین امام شامی فرماتے ہیں :۔ اعلم بأن الواجب اتباع ما ترجیحہ عن اھلہ قد علما او کان ظاہر الروایۃ و لم یرجحوا خلاف ذاک فاعلم اور دربارئہ مسئلہ جمعہ فی القری ظاہر الروایہ اور قول راجح و مفتی بہ وہی ہے جو حضرت تاج الشریعہ علیہ الرحمہ نے اپنے فتوے میں بیان فرمایا اور نہ صرف تاج الشریعہ بلکہ صدر الشریعہ ، مفتیٔ اعظم، حجۃ الاسلام ، اعلی حضرت اور جمہور ائمہ احناف بلکہ حضرت سحنون ، حضرت ثوری ، حضرت ابن سرین ، حضرت مجاہد ، حضرت نخعی ، حضرت حسن ابن ابی الحسن ، حضرت عطا، حضرت حذیفہ اور حضرت مولی علی المرتضی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریمٗ و رضی اللہ تعالی عنہم اجمعین کا یہی موقف ہے کہ دیہات میں، نماز جمعہ جائز نہیں ۔ غنیہ شرح منیہ میں ہے :’’ لا تجوز فی القری عندنا وھو مذھب علی ابن ابی طالب و حذیفۃ و عطا ئ و الحسن بن ابی الحسن و النخعی و مجاھد و ابن سیرین و الثوری و سحنون خلافا للائمۃ الثلاثۃ لما روی ابن شیبۃ عن علی ابن ابی طالب رضی اللہ تعالی عنہ انہ قال : لا جمعۃ ولا تشریق ولا صلوۃ فطر ولا اضحی الا فی مصر جامع او مدینۃ عظیمۃ ۔ ‘‘ نیز مصر کی تعریف ظاہر الروایہ میں یہ ہے کہ شہر وہ جگہ ہے جہاں متعدد گلی کوچے ، دوامی بازار ہوں اور وہ ضلع یا پرگنہ ہو جس کے متعلق دیہات گنے جاتے ہوں اور وہاں حاکم رہتا ہو جو ظالم سے مظلوم کا انصاف لے سکے ۔ در مختار میں ہے : ’’ لان المصر شرط الصحۃ‘‘۔ (فتاوی تاج الشریعہ ، ج: ۴،ص: ۲۱۱) اور قاعدہ مسلمہ ہے کہ ’’اذا فات الشرط فات المشروط‘‘ لہذا دیہات والوں پر اس دن ظہر فرض ہے جیسا کہ حضرت تاج الشریعہ کے فتوے میں ہے اس لئے شبہ نہیں کہ مفتیٔ مذکور کی مذکورہ حرکت نہایت شنیع، غیر صحیح ہے بلکہ بمطابق فقہائے عظام اتباع ہویٰ ہے،معاذ اللہ فرض باجماعت بند کرانے کی وجہ سے وہ گنہ گار ہوئے ان پر علانیہ توبہ و استغفار لازم ، ارشاد باری تعالی ہے : ’’أ ریت الذی ینھی عبدا اذا صلّیٰ ‘‘ یاد رہے کہ ’’ العبرۃ بعموم اللفط لا بخصوص السبب ‘‘ ۔ ہمارےعلما کا تو یہ فتوی ہے کہ جس گاؤں میں عوام پہلے سے جمعہ پڑھتے چلے آئے ہیں انہیں منع نہ کیا جائے لیکن بعد جمعہ چار رکعات فرض باجماعت ضرور پڑھیں ، حکم تو یہ تھا نہ کہ معاذ اللہ وہ جو شخص مذکور نے کیا کہ بعد جمعہ ظہر باجماعت بلا اختلاف پڑھتے آ رہے تھے پھر فرض بند کرا دی یہ اشد کبیرہ ہے ۔ سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں : فقہائے حنفیہ کے نزدیک جمعہ یا عیدین غیر مصر میں مکروہ تحریمی ہے یعنی دیہات میں جمعہ ناجائز ہے اگر پڑھیں گے گنہ گار ہوں گے اور ظہر ذمہ سے ساقط نہ ہوگی ۔ مکروہ تحریمی کا ارتکاب تو یوں ہی ناجائز ہے چہ جائے کہ اس کے ارتکاب کے لئے نہ صرف جائز بلکہ ترک فرض کیا جائے ۔ ہاں گاؤں میں عوام کو جمعہ پڑھنے سے جو منع نہیں کیا جاتا وہ ایک مصلحت کی وجہ سے ہے تاکہ ایک مفسدہ کا سد باب ہو اور وہ یہ ہے کہ عوام کو منع کرنے میں اندیشہ ہے کہ وہ پنج گانہ بھی چھوڑ بیٹھیں گے لیکن بعد جمعہ چار رکعات فرض باجماعت پڑھنے کا انہیں حکم ہے اگر ظہر با جماعت نہیں پڑھیں گے تو یہ خود ایک عظیم مفسدہ ہے اور معلوم ہے کہ ’’درئ المفاسد اھم من جلب المصالح ‘‘ مصلحت کی تحصیل سے مفسدہ کا ازالہ مقدم تر ہے ، لہذا شخص مذکور کئی جرم کا مرتکب ہوا ، عوام کے مکروہ تحریمی اور ترک فرض کے ارتکاب کا وبال و نکال اس پر ہے۔اس لئے توبہ و رجوع لازم اور توبہ یوں ہوگی کہ علانیہ استغفار کریں اور بعد جمعہ فرض باجماعت کا پھر اہتمام و التزام کریں ۔ واللہ تعالی اعلم و صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم ۔ (۲) اس کا جواب مذکورہ بالا جواب سے ظاہر ہے ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف ۲۳؍ جمادی الاولی ۱۴۴۳ ھم ۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۱ ء تصدیقات علمائے کرام: - (۱)صح الجواب ‘ واللہ تعالی اعلم بالصواب، محمد عبید الرحمن عفی عنہ ، خادم التدریس والافتا ، دارالعلوم مظہر اسلام ،بریلی شریف (۲) الجواب صحیح، محمد مطیع الرحمن رضوی غفر لہٗ، مظفر پور (۳) الجواب صحیح ‘ واللہ تعالی اعلم۔ فقیر قادری سید کفیل احمد عفی عنہ، خادم التدریس و الافتا،جامعہ رضویہ منظر اسلام، بریلی شر یف (۴) الجواب صحیح ‘ و ھو تعالی اعلم، محمد ایوب خاں نوری، خادم التدریس و الافتا ، جامعہ رضویہ منظر اسلام، بریلی شر یف (۵ ) الجواب صحیح ‘ واللہ تعالی اعلم بالصواب محمد عاقل رضوی غفر لہ القوی، صدر المدرسین جامعہ رضویہ منظر اسلام ،بریلی شریف اعتراض بر فتوی باسمہ تعالی و تقدس حامدا و مصلیا و مسلما برادرم ! السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ اس خادم کو امید تو یہ تھی کہ سالہا سال سے اہل سنت کے درمیان جو اختلاف و انتشار برپا تھا اس کا دروازہ بند ہونے کے بعد دوبارہ اختلاف و انتشار کا ماحول پیدا نہیں ہوگا ، لیکن محسوس ہوتا ہے کہ آپ اختلاف و انتشار کی چنگاری کو بھڑکائے رکھنا چاہتے ہیں ، اسے ختم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام کرنے کے در پے ہیں ۔ آپ کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ ہم لوگوں کا مزاج یہ ہے کہ ہم اہل سنت کے درمیان کسی قسم کے اختلاف میں نہ پڑنا چاہتے ہیں اور نہ ہی کسی کو ڈالنا چاہتے ہیں ۔ مگر چونکہ آپ نے ایک تحریر واٹس ایپ پر ڈالی ہے ۔ بایں سبب از راہ خلوص و محبت چند سطریں حاضر کی جارہی ہیں ۔ تحریر میں کہا گیا کہ بعض مخصوص صورتوں کو چھوڑ کر قول راجح یا ظاہر الروایہ کے خلاف عمل کرنا یا فتوی دینا جائز نہیں ۔اس پر عرض یہ ہے کہ کیا وہ مخصوس صورتیں اس روایت نادرہ کے علاوہ ہیں اور ان بعض صورتوں میںاس مخصوص صورت کی شمولیت نہیں ہو سکتی ؟ اگر ایسا ہے تو ضرور بحوالہ مطلع فرمائیں ۔ اس تحریر میں حضرت امام ابو یوسف رحمۃ اللہ علیہ سے مروی روایت نادرہ کو کالعدم قرار دیا گیا ہے ۔اس پر عرض یہ ہے کہ تنویر الابصار اور در مختار میں ہے : ’’ یشترط لصحتھا و ھو ما لا یسع اکبر مساجدہ اھلہ المکلفین بھا و علیہ فتوی اکثر الفقہائ ‘‘ صاحب در مختار جس روایت نادرہ کے بارے میں فرما رہے ہیں کہ اس پر اکثر فقہا کا فتوی ہے ، آپ کی تحریر میں یہ فرمایا جا رہا ہے کہ ’’ یہ کالعدم ہے اور اس پر فتوی دینا جائز نہیں ۔‘‘ اعلی حضرت مجدد دین و ملت امام احمد رضا علیہ الرحمہ فتاوی رضویہ جلد سوم میں فرماتے ہیں : ’’ دربارہ عوام فقیر کا طریق عمل یہ ہے کہ ابتداً خود انھیں منع نہیں کرتا نہ انھیں نماز سے باز رکھنے کی کوشش پسند رکھتا ہے ، ایک روایت پر صحت ان کے لئے بس ہے ‘‘ ۔ اعلی حضرت قدس سرہٗ کی خط کشیدہ عبارت سے یہ واضح ہو گیا کہ روایت نادرہ کے مطابق اعلی حضرت علیہ الرحمہ کے نزدیک ان کی نماز جمعہ صحیح ہے نیز یہ بات بھی واضح ہو گئی کہ اس فتوے میں اعلی حضرت علیہ الرحمہ نے روایت نادرہ پر صحت جمعہ کا حکم صادر فرمایا ۔ پھر اعلی حضرت قدس سرہٗ فتاوی رضویہ جلد سوم میں دوسری جگہ ارشاد فرماتے ہیں : ’’ جس گاؤں میں یہ حالت پائی جائے اس میں اس روایت نوادر کی بنا پر جمعہ و عیدین ہو سکتے ہیں اگر چہ اصل مذہب کے خلاف ہے مگر اسے بھی ایک جماعت ِ متاخرین نے اختیار فرمایا ‘‘۔ اعلی حضرت رضی اللہ تعالی عنہ اس فتوے میں فرماتے ہیں کہ جمعہ و عیدین ہو سکتے ہیں ، اور یہ بھی فرماتے ہیں کہ اس کو ایک جماعت متاخرین نے اختیار کیا ہے اور ارسال کردہ تحریر میں یہ فرمایا جا رہا ہے کہ یہ روایت کالعدم ہے ۔ یا للعجب ۔ کیا اعلی حضرت علیہ الرحمۃ والرضوان کے اس فیصلہ کن ارشاد کے بعد بھی کسی اختلاف و انتشار کی حاجت ہے ؟ نیز یہ امر بھی قابل غور ہے کہ اعلی حضرت امام احمد رضا علیہ الرحمۃ والرضوان سے جمعہ فی القریٰ سے متعلق متعدد سوالات کئے گئے ، لیکن آپ نے کسی جواب میں بعد جمعہ ظہر باجماعت ادا کرنے کا حکم صادر نہیں فرمایا ۔ جس کو فتاوی رضویہ جلد سوم میں دیکھا جا سکتا ہے ۔ مرسلہ تحریر میں خاتم المحققین علامہ شامی علیہ الرحمہ کے دو اشعار تحریر کئے گئے جس میں ایک شعر درج ذیل ہے : أو کان ظاھر الروایۃ و لم یرجحوا خلاف ذلک فاعلم اس شعر سے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ وہی ظاہر الروایہ و اجب الاتباع ہے جس کے خلاف روایت عند الفقہا مرجح نہ ہو ۔ اے کاش ! علامہ شامی کی درج ذیل عبارت پر نظر ڈال لی گئی ہوتی تو یہاں پر یہ شعر نقل کرنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑتی ۔ علامہ شامی ’’ و علیہ فتوی اکژالفقہائ۔ الخ‘‘ کے تحت فرماتے ہیں : ’’ و قال أبو شجاع : ھذا احسن ما قیل فیہ ۔ و فی الولوالجیۃ وھو صحیح ۔ کنز ۔ و علیہ مشی فی الوقایۃ و متن المختار و شرحہ و قدمہ فی متن الدرر علی القول الآخر و ظاھر ترجیحہ و أیدہ صدر الشریعۃ بقولہ لظھور التوانی فی أحکام الشرع سیما فی اقامۃ الحدود فی الأمصار‘‘۔ علامہ شامی علیہ الرحمہ فرمارہے ہیں کہ ابو شجاع نے اسے احسن کہا اور ولوالجیہ میں اسے صحیح کہا ، متن وقایہ ، متن مختار اور شرح مختار میں اس قول کو اپنا یااور درر میں دوسرے قول پر اسے مقدم رکھا جس کا ظاہر ترجیح ہے ۔ علامہ شامی کی مذکورہ عبارت کے مطابق یہ روایت نادرہ ’’ لم یرجحواخلاف ذلک ‘‘ میں داخل نہیں ، بلکہ یہ روایت نادرہ ترجیح یافتہ ہے ۔ روایت نادرہ مرجحہ پہ عمل کرنے اور کرانے کے سبب توبہ و استغفار کا حکم ہے اور یہ اشد کبیرہ یعنی اکبر الکبائر ہے ۔ یہ محرر کا اپنا نظریہ ہے یا اکابر فقہا کی عبارات سے ماخوذ ہے ؟ جبکہ عمل کرنے والے یا کروانے والے کے نزدیک صحت جمعہ کے سبب ظہر فرض ہی نہیں ، اگر دوسری صورت ہے تو بحوالہ افادہ فرمائیں ۔ نیز یہ بھی ملحوظ خاطر رہے کہ مرکزی دار الافتا بریلی شریف میں فیصل بورڈ جانشین حضور مفتی اعظم ہند حضرت تاج الشریعہ علیہ الرحمہ ، فقیہ ملت حضرت علامہ مفتی جلال الدین امجدی علیہ الرحمہ اور استاذ الاساتذہ محدث کبیر حضرت علامہ ضیاء المصطفی قادری مد ظلہ العالی نے اس مسئلے میں مجلس شرعی مبارک پور کے مباحث کو ملاحظہ کرنے کے بعد فیصلہ صادر فرمایا اس میں نماز جمعہ کے بعد ظہر باجماعت ادا کرنے کا کوئی حکم صادر نہیں کیا ۔ لہذا میری خلوص و محبت کے ساتھ گزارش ہے کہ اس غیر ضروری اختلاف کو آگے نہ بڑھایا جائے ، یہی اس امت کے حق میں بہتر ہے ۔ ہندوستان میں بے شمار مقامات پر لاکھوں مسلمانان اہل سنت صرف نماز جمعہ ادا کر رہے ہیں اور علمائے کرام وہاں امامت فرما رہے ہیں ، حالانکہ وہ مقامات صرف روایت نوادر پر مصر ہیں ، ظاہر الروایہ کے مطابق مصر نہیں اور ہمارے اکابر و اسلاف نے کبھی بھی ان سب کے مرتکب کبیرہ اور فاسق و فاجر ہونے کا حکم صادر نہیں فرمایا ۔ اور شاید کہ آپ حضرات کو بھی ایسا حکم صادر کرنے میں کچھ غور کرنا پڑے۔ آخر میں مخلصانہ گزارش ہے کہ ہمارا جو موقف تھا عبارات معتبرہ کی روشنی میں واضح کر دیا گیا اگر آپ کو اس سے اتفاق نہیں ہے تو آپ کو اپنا موقف مبارک ہو ہم کو اپنا موقف ۔ غیر ضروری مباحث میں الجھ کر اختلاف و انتشار کو آگے بڑھانا اور وقت ضائع کرنا ہمارا مزاج نہیں ۔ نوٹ : امام اہل سنت اعلی حضرت علیہ الرحمۃ و الرضوان کے فتاوی کی روشنی میں اس مسئلے کے متعلق چند گزارشات زیور طباعت سے آراستہ کر کے حاضر خدمت کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ جس سے مسئلہ کی مزید تفہیم ہوگی اور اہل سنت کے قلوب و اذہان روشن ہوں گے ۔ ان شاء اللہ تعالی ثم ان شا ء الرسول صلی اللہ علیہ وسلم ۔ اللہ تبارک و تعالی ہم سب کے قلوب کشادہ فرما کر اہل سنت کے درمیان دائمی اخلاق و محبت مرحمت فرمائے ۔ آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ وسلم۔ غلام جیلانی مصباحی
جواب الجواب رسم و اصول افتا کی روشنی میں (از : نبیرۂ اعلی حضرت ،حضرت علامہ مولانا مفتی محمد ارسلان رضا قادری ازہری مد ظلہ العالی) باسمہ تعالی رضوی دارالافتا، مرکز اہل سنت ،بریلی شریف میں بھالو ماڑہ کالری ضلع انوپ پور( ایم پی) سے ایک سوال دربارئہ جمعہ فی القریٰ آیا تھا، جس میں تھا کہ ’’ ہماری مسجد میں تقریباً تیس سال سے حضرت تاج الشریعہ علیہ الرحمہ کے فتوے پر عمل کرتے ہوئے جمعہ کے ساتھ ظہر کی نماز با جماعت کا التزام کیا جاتا رہا ، لیکن اب ایک مفتی صاحب نے روایت نادرہ کی بنیاد پر نمازظہر با جماعت بند کرا دی ، جس سے عوام اہل سنت انتشار کا شکار ہے ‘‘ اسی پر حکم شرع دریافت کیا گیا تھا ،دار الافتا ء سے ظاہر الروایہ کے مطابق حکم شرع بیان کیا گیا ، جس پر بریلی شریف کے بہت سے مفتیان عظام کی تصدیقات موجود ہیں۔ اب کسی غیر معروف شخص کے نام سے ایک تحریر موصول ہوئی ہے ، جس میں اس فتوے پر کچھ معارضات و اعتراضات قائم کئے گئے ہیں ، حالانکہ کسی بھی گمنام شخص کے نام سے آئی ہوئی تحریر کوہم نہ قابل التفات سمجھتے ہیں اور نہ اسکا جواب دینا کچھ موافق مصلحت جانتے ہیں ، مگر محسوس یہ ہوا کہ اگر جواب نہ دیا جائے گا تو یہ گروہ کہیں سکوت کو عجز پر محمول کر کے عوام کالانعام کو دھوکا دینا شروع نہ کر دے ، پھر یہ کہ ہمیں یقین ہے کہ اس پردئہ رضویت و مصباحیت میں کچھ اور ہی حضرات کی کارفرمائیاں شامل ہیں : ؎ کب سلیقہ ہے فلک کو اس ستمگاری میں اور ہی کوئی ہے اس پردئہ زنگاری میں اسی وجہ سے طوعا و کرہاقلم اٹھانا پڑا۔ قولہ : ’’اس خادم کو امید تو یہ تھی ۔۔۔۔۔۔الخ‘‘۔ اقول :آں جناب کو امید تو یہ تھی کہ اہل سنت میں اختلاف و انتشار کا دروازہ بند ہونے کے بعد نہیں کھلے گا ، اس پر عرض ہے کہ اہل سنت میں اختلاف و انتشار کا دروازہ کب اور کیسے کھلا اور کھلا تو بند کب اور کیسے ہوا اور جب بند ہو گیا تھا تو اب دوبارہ کب اورکیسے کھل گیا ؟؟ دراصل خادم صاحب کو امید یہ رہی ہوگی کہ اب حضرت تاج الشریعہ علیہ الرحمہ کے وصال کے بعد ہمیں اپنی باتیں عوام پر تھوپنے کا موقع مل جائے گا ، لیکن بعد وصال بھی جب غیر مرجحہ ، غیر مفتی بہ ، مرجوح و مرجوع عنہ اور متروک فتاوی کا منہ توڑ رد مل رہا ہے تو اختلاف و انتشار کی دہائی دی جا رہی ہے ، جبکہ اہل سنت کے درمیان اختلاف کی اصل وجہ یہی کہ اصح کو چھوڑ کر غیر صحیح ، مرجحہ کو ترک کر کے غیر مرجحہ ، راجح سے صرف نظر کر کے مرجوح ، مفتی بہ سے عدول کر کے غیر مفتی بہ اور ظاہر الروایہ کو پیٹھ دکھا کر نادر الروایہ پر نہ صرف فتوی و عمل بلکہ بسا اوقات اس کو نافذ کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جاتا ہے ۔ اہل انصاف پر پوشیدہ نہیں کہ اختلاف و انتشار اول الذکر پر عمل و فتوی دینے والوں کی وجہ سے نہیں بلکہ مؤخر الذکر کو جبراً نافذ کرانے والوں کی وجہ سے ہے ۔ عجب حال ہے کہ جابجا ظاہر الروایہ کے خلاف عمل کرانے کے لئے نہ صرف تحریری و تقریری احکام جاری کئے جا رہے ہیں بلکہ اس کو نافذ کرانے کے لئے ، بلکہ جہاں بلا اختلاف بعد جمعہ ، ظہر باجماعت پڑھی جا رہی ہے ، اس کو بند کرانے کے لئے جہلا کو ورغلا کر ہزاروں لاکھوں روپئے خرچ کر کے جلسے منعقد کئے جا رہے ہیں ، اپنی تقریری و تحریری قوت اس پر صرف کی جا رہی ہے ، جواب اور جواب الجواب کا اہتمام و التزام کیا جا رہا ہے ، سب کرنے کے بعد آخر میں کہا جا تا ہے کہ ’’ ہم اہل سنت کے درمیان کسی قسم کا اختلاف و انتشار نہیں چاہتے ‘‘ فیا للعجب اس پر کہئے ۔ اس کا سیدھا سا مطلب یہ نکلا کہ ہماری کہی ہوئی ہر جائز و ناجائز بات مان لو تو ہم اختلاف و انتشار نہیں چاہتے ورنہ ؎ شیخ اپنی رگ کو کیا کریں ریشے کو کیا کریں مذہب کے جھگڑے چھوڑ یں تو پیشے کو کیا کریں فتوے میں تھا :’’ بعض مخصوص صورتوں کو چھوڑ کر قول راجح یا ظاہر الروایہ کے خلاف عمل کرنا یا فتوی دینا جائز نہیں ‘‘۔ اس پر معترض کا یہ اعتراض : ’’ کیا وہ بعض مخصوص صورتیںاس روایت نادرہ کے علاوہ ہیں اور ان بعض صورتوں میں اس مخصوص صورت کی شمولیت نہیں ہو سکتی ؟؟ اس پر عرض ہے : ایک ہوتی ہے صورت اور ایک ہوتا فتوی دینا اور عمل کرنا ، دونوں الگ الگ باتیں ہیں ، نادر الروایہ کوئی مخصوص صورت نہیں بلکہ کسی خاص صورت مثلاً کسی علت و حکمت یا مصلحت یا ضرورت و حاجت کے پیش نظریا فتنہ و فساد کی حالت میںاس پر فتوی دیا جاتا ہے ، معترض نے دونوں باتوں کو خلط ملط کر دیا ،یہ قلت تأمل کی وجہ سے ہے ۔ بے شک عام حالت میں روایت نوادر پر فتوی دینا جائز نہیںمثلا جو مقام ظاہر الروایہ میں مصر نہیں وہاں عام حالت میں جمعہ قائم کرنے کی اجازت دینا یا پہلے سے قائم ظہر با جماعت کو نادرالروایہ کی بنیاد پر بند کرانا اصل مذہب کے خلاف ہے ،یہ ہرگز اس مخصوص صورت میں داخل نہیں ، اس پر دلیل سرکار اعلی حضرت کے ظاہر مذہب پر جمعہ فی القریٰ کے عدم جواز کے درجنوں فتاوی ہیں ، فتاوی رضویہ جلد ۶ ، باب الجمعۃ (ناشر امام احمد رضا اکیڈمی) میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ نیز امام شامی شرح عقود رسم المفتی میں’’بعض مواقع ‘‘ اور’’ مخصوص صورتوں‘‘ کی آگے چل کر تفصیل مذکورہ ذیل اشعار کی شرح ،میں بیان فرماتے ہیں: و لا یجوز بالضعیف العمل و لا بہ یجاب من جائ یسأل الا لعامل لہ ضرورۃ او من لہ معرفۃ مشھورۃ پھرصا ف فرمایا کہ یہ بھی خود عمل کرنے والے کے لئے ہے نہ کہ اس پر قاضی فیصلہ کردے۔ لکنما القاضی بہ لا یقضی و ان قضی فحکمہ لا یمضی لا سیما قضاتنا اذ قیدوا براجح المذھب حین قلدوا (باقی تفصیل ان اشعار کی شرح میں ملاحظہ کی جا سکتی ہے) ہاں مخصوص صورت یہ ہوسکتی ہے کہ جس گاؤں میں دو مسجدیں، سنی اوروہابی کی ہوں، وہابی کی مسجد میں جمعہ ہوتا ہو اور سنیوں کی مسجدمیں نہ ہو اور عوام کالانعام جمعہ پڑھنے ان کی مسجد میں جاتے ہیں یا جانے کا قوی اندیشہ ہے تو ایسی صورت میںوہاں قیام جمعہ سے منع نہیںکیا جاسکتا یا یہ حالت ہو کہ بعض شرائط جمعہ مثلاً کسی مقام کے مصر ہونے میں شبہ واقع ہو جائے کہ مصر ہے یا نہیں تو اب اس صورت میں نادر الروایہ پر جمعہ کا صحیح ہو جانابس ہے ۔یہ سب ضرورت و حاجت کی صورتیں ہیں نہ کہ عام حالت۔ قولہ : ’’صاحب در مختار جس روایت نادرہ کے بارے میں ۔۔۔۔الخ‘‘۔ اقول : معترض صاحب نے تنویر الابصار اور در مختار کی عبارت نقل کی ، قبل اس کے کہ اسکے جواب کی طرف متوجہ ہوں، اس کے شارح خاتم ا لمحققین امام شامی کا قول، معریٰ در مختار کے تعلق سے نقل کرنا مناسب سمجھتا ہوں ، فرماتے ہیں :’’ (معریٰ) در مختار جیسی غیر محررہ (یعنی عاری از شروح و حواشی ) کتب سے (قلیل الاطلاع کو )فتوی دینا جائز نہیں اور وجہ یہ بیان فرماتے ہیں کہ شدید اختصار و ایجاز کی وجہ سے یہ کتابیں پہیلیوں کی طرح ہو گئی ہیں اور کئی مقامات پر مسائل کی نقل میں عبارات بھی پوری نہیں اور کہیں خلاف راجح کی ترجیح بیان کر دی گئی ہے جس کا اہل مذہب میں سے کوئی قائل نہیں ،و الیک نصہ:’’ تعلم انہ لا ثقۃ بما یفتی بہ اکثر اھل زماننا بمجرد مراجعۃکتاب من الکتب المتاخرۃ ،خصوصاًغیر المحررۃ کشرح النقایۃ للقھستانی، والدر المختار و الاشباہ و النظائر و نحوھا، فانھا لشدۃ الاختصار و الایجازکادت تلحق بالالغاز مع ما اشتملت علیہ من السقط فی النقل فی مواضع کثیرۃ ، و ترجیح ما ھو خلاف الراجح بل ترجیح ما ھو مذھب الغیر ، مما لم یقل بہ احد من اہل المذھب ، رایت فی اوائل شرح الاشباہ للعلامۃ محمد ھبۃ اللہ قال:’’و من الکتب الغریبۃ:،ملا مسکین شرح الکنز ،والقھستانی ،لعدم الاطلاع علی حال مولفیھما او لنقل الاقوال الضعیفۃ کصاحب القنیۃ او الاختصار کالدر المختار للحصکفی۔۔۔۔۔۔‘‘(رسم المفتی ،ص:۵۲ ) اور رد المحتار کے مقدمہ میں تحریر فرماتے ہیں:’’ بید انہ لصغر حجمہ و وفور علمہ قد بلغ فی الایجاز الی حد الالغاز و تمنع باعجاز المجتاز عن انجاز الافراز بین الحقیقۃ والمجاز‘‘ نیزرد المحتار کی وجہ تسمیہ بھی یہی بیان فرماتے ہیں کہ در مختار کے معانی کی مشکلات اور اضطراب کو ان کا حاشیہ ردالمحتار دور کرتا ہے ۔ والیک نصہ: ’’ فدونک حواشی ھی الفریدۃ فی بابھا الفائقۃ علی اترابھا المسفرۃعن نقابھا لطلابھا و خطابھا قد ارشدت من احتار من الطلاب فی فھم معانی ھذا الکتاب فلھذا سمیتھا رد المحتار علی الدر المختار۔۔۔‘‘ مزید یہ کہ امام شامی تنویر الابصار کے بارے میں انفع الوسائل کے حوالے سے رقم طراز ہیں : ’’ اور فقہ حنفی کے معتبر متون میں شیخ تمرتاشی کے متن التنویر کو داخل نہیں کیا گیا ہے کیونکہ اس میں بہت سے فتاو ےکے مسائل بھی موجود ہیں ‘‘ (ص:۱۷۲) اور علامہ ابن قطلوبغا فرماتے ہیں کہ متون کو شروح پر اور شروح کو فتاوی پر تقدم حاصل ہے ۔ تو آپ نےامام شامی کے حوالے سے معریٰ تنویر الابصار اور در مختار کی حالت ملاحظہ کی ، لہذا بغیر حاشیہ رد المحتار یا حاشیہ طحطاوی علی الدرالمختار دیکھےقلیل الاطلاع کو اس پر اعتماد جائز نہیں کہ ایجاز و اختصار مخل ہے ۔ اور جب ہم رد المحتار کی جانب رجوع کرتے ہیں تو ہم دیکھتے ہیں کہ صاحب در مختار نے نادر الروایہ پر اکثر فقہا کے فتاویٰ ہونے کی وجہ احکام شرع میںلاپروائی ظاہر ہونا بیان فرمائی ہے، ’’ لظھورالتوانی فی الاحکام‘‘۔ نادر الروایہ پر فتاویٰ ہونے کی جو وجہ بیان فرمائی گئی ہے ، امام شامی نے رد المحتار میں اس علت یا وجہ ہی کا رد فرما دیا ہے ۔ ظاہرالروایہ کو ھذا ھو الاصح نقل کرنے کے بعد صاحب شرح منیہ کے حوالے سے فرمایا ’’تزییف صدر الشریعہ لہ عند اعتذارہ عن صاحب الوقایۃحیث اختار الحد المتقدم ذکرہ بظھور التوانی فی احکام الشرع مزیف بان المراد القدرۃ‘‘۔ یعنی صدر الشریعہ کا اسے بےحیثیت قرار دینا خود بے حیثیت ہے۔ پھر جس بنیاد پر نادر الروایہ والا قول اختیار کیا گیا ہےاپنے الفاظ میں اس کا صریح رد فرماتے ہیں :(کہ ظاہر الرویہ میں ہے ’’انہ کل موضع لہ امیر و قاض یقدر علی اقامۃ الحدود ‘‘)،اس سے مراد تنفیذ احکام بالفعل نہیںبلکہ بالقوۃ ہے، اما م شامی فرماتے ہیں کہ اگر یہی وجہ ظاہر الرویہ کی تعریف اختیار کرنے میں مخل ہے تو لازم آئے گا کہ ہمارے زمانے بلکہ ہم سے بھی پہلے کے ازمنہ میں کسی بھی اسلامی شہر میں جمعہ صحیح نہ ہو۔ و الیک نصہ : اقول : و یویدہ انہ لو کان الاخلال بتنفیذ بعض الاحکام مخلا بکون البلد مصرا علی ھذا القول الذی ھو ظاھر الروایہ لزم ان لا تصح جمعۃ فی بلدۃ من بلاد الاسلام۔۔۔الخ‘‘ ۔ لہذا جس بات کو علت بنا کر یا تائید میں پیش کرکے ظاہر مذہب سے عدول کیا گیا تھا، امام شامی نے خود اسی کو رد فرما دیا ، تو جب علت یا مؤیِّد ہی ان کے نزدیک مفقود یا مجروح تو معلول یا مؤیَّد کیونکر موجود یا مرجوّ ؟؟(یا علی الاقل وہ کیوں کر انکا موقف و معتمد ہو؟ ) تو امام شامی نے پہلے نادر روایت کا قول مع تصریحات فقہا نقل کیا پھر ظاہر مذہب مع دلیل بیان فرماکر اسے اصح نقل کیا بعدہٗ اس بنیاد، جس پر نادر الروایہ قول کے اختیار کا مدار ہے ،اس کا رد فرمادیا ، لہذا جو قول مع دلیل مؤخر ہوا وہی انکا معتمد ٹھہرا ۔ امام شامی فرماتے ہیں : ؎ سابق الاقوال فی الخانیۃ و ملتقی الابحر ذو مزیۃ و فی سواھما اعتمد ما اخروا دلیلہ ،لانہ المحرر کذا اذا ما واحدا قد عللوا لہ و تعلیل سواہ اھملوا تو معترض اگر صاحب در مختار کے مؤخر قول کو دیکھ لیتا تو بات سمجھنے میں شاید آ سانی ہوتی ، صاحب در مختار خود ظاہر الروایہ کو مؤخر بیان کرنے کے بعد صاف فرماتے ہیں :’’ کما حررناہ فیما علقناہ علی الملتقی ‘‘ اور ابھی معلوم ہو چکا کہ ملتقی الابحر اور خانیہ کےعلاوہ کتب میں اعتماد مؤخر قول مع دلیل پر ہوگا(اگر چہ یہ باعتبار اغلب و اکثر ہےمگر یہاں یہی ظاہر) جیسا کہ رد المحتار میں ہے اس لئے کہ وہ محرر ہے اور در مختار میں محرر ہونے کی خود صاحب در نے تصریح فرمادی۔ یہی وجہ ہے کہ امام شامی نے شدید اختصار و ایجاز مخل وغیرہ اسباب کی بنا پر،قلیل الاطلاع کو، در مختار جیسی غیر محررہ کتب پر بغیر ان کے شروح و حواشی کی طرف مراجعت کئے اعتماد کرنے سے منع فرمایا ہے ۔ مزید یہ کہ در مختار کے دوسرے محشی علامہ امام طحطاوی نے بھی بالتصریح امام قہستانی کے حوالے سے فرمادیا کہ تعریف سابق (یعنی روایت نادرہ پر مصر کی تعریف ) محققین کے نزدیک صحیح نہیں ، صحیح تعریف جس پر اعتماد ہے وہی ہے جو ظاہر مذہب میں بیان ہوئی ۔ قال القھستانی بعد ذکر التعریف السابق الا انھم قالوا ان ھذا الحد غیر صحیح عند المحققین و الحد الصحیح المعول علیہ انہ مدینۃ ۔۔۔۔۔الخ‘‘ (ج:۲،ص: ۵۹۸) اما م شامی مقدمہ کتاب میںصاحب در امام حصکفی کے اسلوب پر روشنی ڈالتے ہوئے فرماتے ہیں کہ صاحب در ارجح الاقوال کا قصد و التزام کرتے ہیں مگر یہ بااعتبار غالب ہے ورنہ امام حصکفی کبھی دو تصحیح شدہ قول ذکر کر دیتے ہیں یا کبھی بغیر اصح کو ذکر کئے صرف صحیح کا ذکر کر کے گزر جاتے ہیں‘ (ھذا باعتبار غالب ما وقع لہ و الا فقد یذکر قولین مصححین او یذکر الصحیح دون الاصح۔ص:۳۴)، جیسا کہ یہاں کیا کہ اصح کا ذکر نہیں فرمایا حالانکہ شرح منیہ سے گزرا کہ اصح قول ظاہر الروایہ والا ہی ہے، پھر امام حصکفی کے اس قول ’’ و علیہ فتوی اکثر الفقہا ‘‘ سے ظاہر کہ فتوے میں اختلاف ہے ۔حتی کہ عنایہ شرح ہدایہ میں ظاہر الروایۃ میں تعریف مصر کو علیہ اکثر الفقہا ، فرمایا گیا ہے کما فی الفتاوی الرضویۃ۔ملاحظہ فرمائیے کیسی صاف تصریح ہے کہ ظاہر الروایہ والا قول ہی اصح ہے اور اسی پر اکثر فقہا ہیں ، بے شک دوسرے قول کو بھی ترجیح ہے تا ہم یہی قول مرجح ہوگا کیوں کہ تصریحات ائمہ میں غور و خوض کے بعد واضح یہی ہوتا ہے کہ مصر کی تعریف اختیار کرنے میں فقہا کے درمیان اختلاف ہے ، جیسا کہ گزرا۔تو ترجیح میں تعارض ہوا ،بعض نے نادر الروایہ کو ترجیح دی اور بعض نے ظاہر الروایہ کو ، اور فتویٰ میں بھی اختلاف ہے لیکن اصول افتا ئسے واقف جانتا ہے کہ تصحیح و ترجیح میں تعارض کے وقت ترجیح ظاہر الروایہ ہی کو ہوگی ، امام شامی تصحیح میں تعارض کی صورت میں ترجیح کے متعلق دس قواعد ذکر فرماتے ہیں، جن میں پانچواں قاعدہ یہ بیان فرماتے ہیں : ’’ اسی طرح دونوں اقوال میں سے ایک ظاہر الروایہ ہو تو اسے دوسرے قول پر مقدم کیا جائے گا ، والیک نصہ :’’ الخامس:ما اذا کان احدھما ظاھر الروایۃ فیقدم علی الآخر ‘‘۔ اور رہا یہ سوال کہ صاحب در نے نادر الروایہ کو فرمایا کہ’’ علیہ فتوی اکثر الفقہا ‘‘ اور صاحب عنایہ نے ظاہر الروایہ کو فرمایا ’’ و علیہ اکثر الفقھا‘‘ تو عمل کس پر ہوگا ؟توبحر رائق کے حوالہ سے مسلمہ قاعدہ بیان فرمایا گیا ہے کہ :’’الفتوی اذا اختلفت کان الترجیح لظاھر الروایۃ‘‘۔ (ج:۳،ص:۳۸۸)، و فیہ من باب المصرف :’’ اذا اختلف التصحیح وجب الفحص عن ظاھر الروایۃ و الرجوع الیہ‘‘ ۔(ج:۲،ص:۴۳۶)۔۔۔۔۔۔۔غور فرمائیں صرف جائز نہیں کہا گیا ہےبلکہ اختلاف فتوی کی صورت میں ظاہر الروایۃ کی طرف رجوع واجب ہے ۔ پھر یہ بھی ایک ضابطہ ہےکہ امام کے ظاہر الروایہ والے قول سے صاحبین کے قول کی طرف عدول ہرگز جائز نہیں الا لضرورۃ ،اگر چہ مشائخ نے تصریح کر دی ہو کہ فتویٰ صاحبین کے قول پر ہے حالانکہ یہاں تو قول صاحبین بھی امام ہی کے ساتھ ہیں تو کیوں کر اس کا خلاف قابل قبول ہو۔ ’’ لا یعدل عنہ الی قولھما او قول احدھما او غیرھما الا لضرورۃ۔۔و ان صرح المشائخ بان الفتوی علی قولھما‘‘ ۔ (مقدمئہ رد المحتار، ص :۷۷) سرکار اعلی حضرت واضح طور پر فرماتے ہیں : ’’ شہر کی یہ تعریف کہ جس کی اکبر مساجد میں اس کے سکان جن پر جمعہ فرض ہے یعنی مرد عاقل بالغ تندرست نہ سما سکیں ، ہمارے ائمہ ثلثہ رحمھم اللہ تعالی سے ظاہر الروایۃ کے خلاف ہے اور جو کچھ ظاہر الروایۃ کے خلاف ہے مرجوع عنہ اور متروک ہے کما فی البحر الرائق و الخیریۃ و رد المحتار وغیرھا اور فتوی جب مختلف ہو تو ظاہر الروایۃ پر عمل واجب ہے ‘‘۔ اقول:محققین تصریح فرماتے ہیں کہ قول امام پر فتوی واجب ہے اس سے عدول نہ کیا جائے اگر چہ صاحبین خلاف پر ہوں اگر چہ مشائخ مذہب، قول صاحبین پر افتا کریں ۔۔۔۔۔تو جہاں قول صاحبین بھی امام ہی کے ساتھ ہے،ایک ر وایت نوادر صرف بوجہ اختلاف فتاوی متاخرین کیوں کر معمول و مقبول اور ائمہ ثلثہ کا ظاہر الروایۃ میں جو ارشاد ہے متروک و لائق عدول ہو؟۔۔۔ظاہر ہے کہ اس روایت غریبہ کی تعریف بہت سے چھوٹے چھوٹے مزرعوں پر صادق ،جنہیں کوئی مصر جامع یا مدینہ نہ کہےگا۔۔۔۔۔تو اس قول کا اختیار اصل مذہب سے عدول ہے اور اسکے ماخذ کا صریح خلاف ہے اور گویا مخالفوں کے اس اعتراض کا پورا کرلینا ہے کہ حنفیہ نے یہ شرط بے توقیف شارع اپنی رائے سے لگا لی ، اس کے سوا عند التحقیق اس پر بہت اشکال وارد ہیںجن کی تفصیل کو دفتر درکار ہے ۔طرفہ یہ ہے کہ وہ پاک مبارک دو شہر جس کی مصریت پر اتفاق ہے اور ان میں زمانہ اقدس سید عالم ﷺسے جمعہ قائم یعنی مدینہ و مکہ زاد ہما اللہ تعالی شرفاً و تکریماً اس تعریف کی بنا پر وہی شہر ہونے سے خارج ہوئے جاتے ہیں ۔۔۔۔تو اس کی بے اعتباری میں کیا شبہ ہے ، ‘‘۔ (فتاویٰ رضویہ ، ج:۶،ص:۱۹۷۔۱۹۸،ناشر امام احمد رضا اکیڈمی) معترض صاحب بنظر انصاف، سطوربالا کو ملاحظہ کریں، بالخصوص اعلی حضرت کی تحریر ،تو چشم کشا ثابت ہو سکتی ہے اور اگرنہ ہوتو عرض ہے کہ :؎ گر نہ بیند روز روشن شپرہ چشم چشمئہ آفتاب را چہ گناہ قولہ : ’’ اعلیٰ حضرت کی خط کشیدہ عبارت سے یہ واضح ہو گیا کہ روایت نادرہ کے مطابق اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کے نزدیک ان کی نماز جمعہ صحیح ہے ، نیز یہ بات بھی واضح ہو گئی کہ اس فتوے میں اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ نے روایت نادرہ پر صحت جمعہ کا حکم صادر فرمایا ‘‘۔ اقول : ’’ لا حول ولا قوۃ الا باللہ العلی العظیم ‘‘ ۔ در اصل معترضین و مخالفین نے فی زماننا ایک نیا طریقہ اپنے زعم میں بڑا شاندار ایجاد کیا ہے کہ فتاوی رضویہ کی مخالفت خود فتاوی رضویہ سے کی جائے ، نام فتاوی رضویہ کا ہی لیا جائے اور عمل فتاوی رضویہ کے خلاف کیا جائے اور وہ یوں کہ بات کو سیاق و سباق سے کاٹ کر ، آگے پیچھے سے قطع و برید کر کے ، سوال و جواب کی مناسبت کو پوشیدہ کر کےاور بات کو توڑ مروڑ کر محض اپنے تاریک موقف کی تائید میں پیش کرکے دعوی کیا جائے کہ اعلی حضرت کے فتاوی کی روشنی میں ہے ، تاکہ مخالفت امام کا الزام بھی نہ لگے اور بات مؤید بھی ہو جائے حالانکہ ان کا اعتراض در حقیقت ہم جیسوں پر نہیں بلکہ اصل اعتراض امام اہل سنت علیہ الرحمہ ہی پر ہے جیسا کہ کچھ تو گزشتہ سطور سے واضح ہوا اور کچھ آیندہ سطور میں روز روشن کی طرح عیاں ہو جاےگا۔اعلی حضرت کی سابقہ عبارت سے واضح ہوا کہ جن کی عبارتوں کو مخالفین اپنا مبلغ استناد و منتہائے استمداد سمجھ رہے ہیں اسکے راقم خود بالتصریح ان جیسوں کا رد بھی فرماتے ہیں اور ان کے شبہات کے قاطع و قامع بھی ہیں، اس کے بعد بھی اس مسئلہ یا اس جیسے دیگر مسائل میں سیاق و سباق سے کاٹ کر اعلی حضرت کی عبارتیں پیش کرنا کیا تدلیس و دھوکا دہی اور توجیہ القول بما لا یرضی بہ القائل کی قبیل سے نہیں؟ یا معارضین یہ سمجھتے ہیں کہ اعلی حضرت خود اپنی عبارتوں کا مطلب نہیں سمجھتے یا انہوں نے جان بوجھ کر لوگوں کو وہم و تردد میں مبتلا کر دیایا انہوں نے اپنی عبارتوں کو سمجھنے کے لئے لوگوں کو آپ حضرات کے ذمہ چھوڑا ہے اور ابھی تک نہ صدر الشریعہ سمجھ پا رہے تھے نہ مفتی اعظم اور نہ تاج الشریعہ نہ دیگر اکابرین یہاں تک کہ آپ حضرات جلوہ آرائے دنیا ہوئے اور انہی کے کلام سے وہ ساری باتیں استنباط و استخراج کیں جو وہ بھی نہیں جانتے تھے۔والعیاذ باللہ تعالی من ذلک ۔ ؎ ہم ایسی کل کتابیں قابل ضبطی سمجھتے ہیں جن کو پڑھ کے لڑکے باپ کو خبطی سمجھتے ہیں سرکار اعلیٰ حضرت کے صریح و واضح اور محکم فتاوی کو چھوڑ کر ایک ایسے فتوے ( جس میں پہلے سے پڑھتے آرہے لوگوں کو منع نہ کیا گیا ہو کہ روایت نوادر میں ان کے لئے صحت بس ہے یا جس مقام کی مصریت میں اشتباہ واقع ہو گیا ہو یا اسکے علاوہ کوئی اور خاص صورت و ضرورت ہو ۔ )کو جی جان سے گلےلگانا کسی عاقل کا کام نہیں بلکہ متبع ہوا کا ہے ۔ کیا معترض صاحب فتاوی رضویہ سے کوئی ایک بھی فتوی ایسا لا سکتے ہیں، جس میں اعلیٰ حضرت نے نادر الروایہ کی بنیاد پر جمعہ قائم کرنے کی اجازت دی ہو ؟ یا یہ کہا ہوکہ جمعہ اس کا ہمارے نزدیک صحیح ہے ۔(بلکہ ہم کہے دیتے ہیں کہ ہرگز نہیں لا سکتے)فتاوی رضویہ چھٹی جلد باب الجمعہ میں جمعہ فی القریٰ کے متعلق چھوٹے بڑے تقریباً ( ) فتاویٰ ہیں ، جن میں سبھی فتوؤں میں جمعہ فی القریٰ کو باطل و ناجائز اور غیر صحیح بتایا اور محض دو یا تین فتاویٰ ایسے ہیں جن میں سائل نے سوال میںیا تو یہ ذکر کیا ہے کہ وہ اپنے گاؤں میں جمعہ پہلے سے پڑھتے آئے ہیں اور دریافت کیا ہےکہ آگے پرھیں یا نہیں ۔( معترض صاحب کے پیش کردہ فتووں کا بھی یہی حال ہے )۔اس پر سرکار اعلیٰ حضرت نے پہلے ظاہر مذہب میں اصل حکم بتایا پھر روایت نادرہ ذکر کر کے فرمایا ’’ دربارئہ عوام فقیر کا طریق عمل یہ ہے کہ ابتداً خود انہیں منع نہیں کرتا نہ انہیں نماز سے باز رکھنے کی کوشش پسند رکھتا ، ایک روایت پر صحت ان کے لئے بس ہے ‘‘ پہلے سے پڑھتے آ رہے لوگوں کو منع نہ کرنا اور بات ہے اور جمعہ کوقائم کرنے کی اجازت دینا اور بات ، تو ان محکمات کو چھوڑ کر متشابہ کے پیچھے پڑنا کیا کجی والےکا کام نہیں ؟(اما الذین فی قلوبھم زیغ فیتبعون ما تشابہ منہ ابتغائ الفتنۃ۔۔) عوام کو ایک مصلحت کے پیش نظر منع نہ کرنے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اعلیٰ حضرت کے نزدیک روایت نادرہ کے مطابق ان کی نماز جمعہ صحیح ہے ، بلکہ منع نہ کر نے کا مقصد اپنے آپ کو ’’ أ رایت الذی ینھی عبداً اذا صلی ‘‘ کی وعید سے بچانا ہے ۔ خود اعلیٰ حضرت رد المحتار سے نقل فرماتے ہیں :’’ قولہ فلا یمنعون افاد ان المستثنیٰ المنع لاالحکم بعدم الصحۃ عندنا ۔۔یعنی یہ قول کہ ’’ عوام کو منع نہ کیا جائے ‘‘ بتلا رہا ہے کہ استثنا ’’ نہ روکنے کا ‘‘ ہے نہ یہ کہ ہمارے نزدیک عدم صحت کا حکم نہیں ۔آگے فرماتے ہیں :’’ہاں جب سوال کیا جائے تو جواب میں وہی کہا جائے گا جو اپنا مذہب ہے ۔ وللہ الحمد ، یہ عوام کالانعام کے لئے ہے‘‘۔اور دوسرے مقام پر فرماتے ہیں:’’خود نہ پڑھیں گے ، حکم پوچھا جائےگا تو فتوی یہی دیں گے ،جہاں نہیں ہوتے،قائم نہ کریں گے بایں ہمہ اگر عوام پڑھتے ہوں منع نہ کریں گے ‘‘لیکن منع نہ کرنے کا مطلب یہ نہیں جو معترض نے سمجھ لیا کہ سرکار اعلی حضرت کے نزدیک نادر روایت پر جمعہ صحیح ہے، بلکہ آپ کے نزدیک حکم عدم صحت کا ہی ہے۔ سرکار اعلی حضرت خود روایت نادرہ پر تعریف مصر کی شناعتیں گنانے کے بعد تصریح فرماتے ہیں : ’’ یہ تحقیق مسئلہ ہے اور بحمد اللہ تعالی اہل انصاف و علم صاف جانیں گے کہ حق اس سے متجاوز نہیں ہم نہ اس کے خلاف عمل کر سکتے ہیں نہ زنہار زنہار مذہب ائمہ چھوڑ کر دوسری بات پر فتویٰ دے سکتے ہیں مگر دربارئہ عوام فقیر کا طریق عمل ۔۔۔الی ان قال۔۔۔ ایک روایت نادرہ پر صحت ان کے لئے بس ہے ( نہ کہ ہمارے نزدیک ) وہ جس طرح خدا و رسول کا نام پاک لیں غنیمت ہے مشاہدہ ہے کہ اس سے روکیں تو وقتی چھوڑ بیٹھیں گے ، اللہ تعالی فرماتا ہے : ’’ أریت الذی ینھی عبداً اذا صلی ‘‘ ۔۔ الی ان قال۔۔ ہاں جب سوال کیا جائے ۔۔۔ الخ ۔‘‘ کیوں معترض صاحب !اب سمجھ میں آیا کہ کیوں کہا گیا کہ ایک روایت پر ان کے لئے صحت بس ہے؟ کہاں یہ احتیاط اور کہاں وہ سرکشی کہ جہاں ظاہر مذہب پر عمل ہو رہا ہے وہاں دیدہ و دانستہ بند کرا دیا جائے ، یہ ہمارے مذہب میں اشد کبیرہ نہیںتو اور کیا ہے ؟؟ اعلیٰ حضرت بتا چکے کہ سوال کیا جائے تو جواب میں وہی کہا جائے گا جو اپنا مذہب ہے ۔ فتاویٰ رضویہ ناشر امام احمد رضا اکیڈمی ،کی ج: ۶ ، ص: ۱۹۴ ، میں ہے : ’’ جمعہ میں اس کے سبب جو ظہر نہ پڑھیں ان پر تو فرض رہ گیا ، ترک فرض اگر چہ ایک ہی بار ہو خود کبیرہ ہے اور جو بزعم خود احتیاطی رکعات پڑھیں تو وہ تارک جماعت تو ضرور ہو گئے اور جماعت مذہب معتمد میں واجب ہے ، جس کا ایک بار ترک بھی گناہ ہے اور متعدد بار ہوکر وہ بھی کبیرہ ‘‘ ۔ سنا معترض صاحب !کیا اعلیٰ حضرت کو نہ معلوم تھا کہ نادر الروایہ میں جمعہ صحیح ہے تو کیوں کر ظاہر الروایہ پر مرتب کر کے حکم متعدی کیا جا رہا ہے اور کبیرہ کہا جا رہا ہے؟؟ ہم پر یہ اعتراض کہ اشد کبیرہ کیوں کہا ؟ معترض صاحب ذرا آنکھیں بھاڑ کر سرکار اعلیٰ حضرت کی اس چشم کشا تحریر پر ایک بارپھر نظر ڈالیں ، فرماتے ہیں : ’’ ہاں جب سوال کیا جائے تو جواب میں وہی کہا جائے گا جو اپنا مذہب ہے ۔ وللہ الحمد ۔ یہ عوام کالانعام کے لئے ہے البتہ وہ عالم کہلانے والے کہ مذہب امام بلکہ مذہب جملہ ائمہ حنفیہ کو پس پشت ڈالتے ، تصحیحات جماہیر ائمہ ترجیح و فتویٰ کو پیٹھ دیتے اورایک روایت نادرہ مرجوعہ عنھا غیر صحیح کی بنا پر ان جہال کو کوردہ میں جمعہ قائم کرنے کا فتویٰ دیتے ہیں ، یہ ضرور مخالفت مذہب کے مرتکب اور ان جہلا کے گناہ کے ذمہ دار ہیں ۔ نسأل اللہ العفو و العافیۃ ۔۔۔ ‘‘ (رضویہ :ج:۶ ، ص:۲۷۳ ) غور فرمائیں گاؤں میں نادر الروایہ کے مطابق فتویٰ دینے والوں کو امام اہل سنت فرماتے ہیں: ’’ کہ وہ نام نہاد عالم ہیں ، مذہب امام بلکہ مذہب جملہ ائمہ حنفیہ کو پس پشت ڈالنے والے ہیں ، تصحیحات جماہیر ائمہ ترجیح و فتویٰ کو پیٹھ دکھانے والے ہیں ، مخالف مذہب ہیں اور ان سب سے بڑھ کر فرمایا جہال کے گنہ کے ذمہ دار ہیں ۔ یہ اس کی تعریف و توصیف ہو رہی ہے جو باب الجمعہ فی القریٰ میں ظاہر الروایہ کے خلاف فتویٰ دے کر جمعہ قائم کرائے ، نہ کہ اسکی جو جمعہ قائم کرانے کے لئے برسوں سے بلا اختلاف ہو رہی ظہر باجماعت کو بند کرائے ، یقیناً جب یہ کبیرہ ہوا تو وہ ضرور اشد کبیرہ ہی ہوگا ۔ کیوں معترض صاحب ! کیا ان سطور میں اپنا چہرا نظر نہیں آ رہا ، سچ بتائیں کیا یہ کلمات آپ جیسوں پر صادق نہیں آتے ، اس پر پھر امام اہل سنت ہی کی عبارتوں کو اول و آخر سے قطع و برید کر کے اپنے فاسد مقصد برآری کے لئے استعمال کرنا ، کیا خیانت اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھوکنا نہیں ؟ اسی ایک باب میں ہی یہ معاملہ نہیں بلکہ مسائل جدیدہ کی تحقیق کے نام پر ایسے ایسے گل کھلائے جا رہے ہیں کہ الامان والحفیظ ۔ اعلیٰ حضرت کے مذکورہ اقوال سے بلا شک و شبہ واضح ہو گیا کہ مفتی اپنے مذہب کے مطابق حکم دیتا ہے اور وہی اس پر واجب ہے ، اگر اس کی رعایت نہ کی جائے تو امان ہی اٹھ جائے جس کو جو من چاہے اور جس کے قول پر خواہش ہو عمل شروع کر دے ، اسی کو فتوے میں اتباع ہوا سے تعبیر کیا گیا تھا اور یقیناً یہ اتباع ہوا ہی ہے اور اسی وجہ سے کہا گیا ہے کہ ظاہر الروایہ کے بالمقابل نادر الروایہ اور قول راجح کے متوازی قول مرجوح بمنزلئہ عدم ہے ۔ ایساہی امام ابن قطلوبغا نے تصحیح القدوری (ص : ۱۳۰) میں ، علامہ ابن حجر مکی نے الفتاویٰ الکبریٰ (ج؛۴،ص:۳۲۱) میں ، شیخ ابراہیم ابن فرحون یعمری مالکی نے تبصرۃ الحکام (ج:۱ ، ص:۵۲) میں اور امام ابو عمرو ابن الصلاح نے ادب المفتی ولمستفتی (ص:۱۲۵) میں فرمایا ہے ۔ رحمۃ اللہ تعالی علیہم اجمعین ۔نیز ایسا ہی سرکار اعلی حضرت نے اسی روایت نادرہ پر فتوی دینے کے تناظر میں البحر الرائق ، فتاوی خیریہ ، رد المحتار اور در مختار کے حوالے سے اسےکالعدم قرار دیا ہے ، کہیں فرماتے ہیں وہ مرجوع عنہ ہے اور مرجوع عنہ امام کا قول ہی نہیں یعنی کالعدم ہے ، کہیں فرماتے ہیں جو ظاہر الروایہ سے خارج وہ نہ امام کا مذہب ہے نہ قول اور کہیں پر اسی تناظر میں فرماتے ہیں کہ قول مرجوح پر فتوی دینا جہالت اور خرق اجماع ہے(فتاوی رضویہ : ج:۶ ، ص:۲۷۰۔۲۷۱)۔ قولہ :’’ کیا اعلیٰ حضرت کے اس فیصلہ کن ارشاد کے بعد بھی کسی اختلاف و انتشار کی حاجت ہے‘‘؟ اقول : بے شک نہیں، لیکن ما سبق تقریرا ت کو مطالعہ و ملاحظہ کرنےکے بعد یہ سوال آپ خود سے کریں ۔ قولہ : ’’ نیز یہ امر بھی قابل غور ہے کہ اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ سے جمعہ فی القریٰ سے متعلق متعدد سوال ہوئے ۔۔ الخ‘‘۔ اقول : جتنے بھی سوال ہوئے سب میں فرمایا کہ جمعہ گاؤں میں جائز نہیں اگر پڑھیں گے گنہگار ہوں گے اور نہ صرف ایک گنہ بلکہ متعدد ، جن میں فرض ظہر با جماعت ترک کرنا بھی شمار کرایا ۔ جدالممتار میں فرماتے ہیں :’’ اقول:بل فیہ خمس کراھات احدھا : ھذہ و الثانیۃ:الاشتغال بما لا یصح ۔۔و الثالثۃ :ترک فرض الظھر او جماعتہ وھی واجبۃ ، الرابعۃ اعتقاد العوام ان الجمعۃ فریضۃ علیہ فی القری و الخامسۃ صلاتھم الظھر فرادی مجتمعین مع عدم المانع و ھذہ شنیعۃ اخری غیر ترک الجماعۃ فان من صلی فی بیتہ منعزلا عن الجماعۃ فقد ترک الجماعۃ و ان صلوا فرادی حاضرین فی المسجد فی وقت واحد فقد ترکوا الجماعۃ واتوا بھذہ الشنیعۃزیادۃ علیہ،فافھم‘‘۔(ج:۳،ص:۵۸۱)، کیا یہ ظہر با جماعت ادا کرنے کا حکم نہیں دیا جا رہا ؟؟ جب ظہر با جماعت ترک کرنے پر گنہ کا حکم دیا جا رہا ہے تو اس سے صاف مفہوم یہی ہے کہ ظہر باجماعت کو ادا کرنے کا انہیں حکم ہے ۔ قولہ :او کان ظاہر الروایۃ ۔۔۔۔ اس شعر سے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ وہی ظاہر الروایہ واجب الاتباع ہے جس کے خلاف روایت عند الفقہاء مرجح نہ ہو ‘‘ ۔ اقول : یہ خود ساختہ قاعدہ ہے یا ائمہ سے اس کی تائد میں کوئی نص بھی ہے ؟ ضابطہ صرف اسی قدر نہیں بلکہ وہ ظاہر الروایہ بھی واجب الاتباع ہے جس کے خلاف روایت بھی مرجح ہو ، اور اس ظاہر الروایہ کی بھی ترجیح کی گئی ہو یعنی ترجیح میں اختلاف و تعارض ہو ، جیساکہ البحرالرائق ، رد المحتار اور فتاویٰ رضویہ وغیرہ سے گزرا کہ تصحیح و ترجیح میں تعارض کے وقت ترجیح ظاہر الروایہ کو ہوگی ، اور فتویٰ جب مختلف ہو تو ظاہر الروایہ پر عمل واجب ، الفتوی متی اختلفت فالمصیر الی ظاھر الروایۃ۔ معترض صاحب جس روایت کو مرجح کہہ رہے ہیں ، امام اہل سنت اسی کو بالتصریح فرماتے ہیں:’’نہ مذہب امام است ، نہ قول صاحبین بلکہ روایت نادرہ مرجوحہ است و حاجت باونیست‘‘۔(ص:۳۱۳)مرجوح ہونے کی وجہ کیا ہے جبکہ فقہا سے اس کی ترجیح و تصحیح منقول بلکہ اکثر فقہا کا اس پر فتوی ہونا مذکور؟؟ وجہ وہی ہے کہ’’ اذا اختلف التصحیح وجب الفحص عن ظاھر الروایۃ و الرجوع الیہ‘‘۔ قولہ : اے کاش علامہ شامی کی درج ذیل عبارت پر نظر ڈالی گئی ہوتی تو ۔۔۔الخ ۔ اقول : کاش ! علامہ شامی کے اس قاعدے پر بھی نظر ہوتی : فی سواھما اعتمد ما اخروا دلیلہ لانہ المحرر کذا اذا ما واحدا قد عللوا لہ و تعلیل سواہ اھملوا اور اس قاعدے کی رو سے امام شامی کے مؤخر قول مع دلیل کو دیکھا ہوتا اور صاحب شرح منیہ کا قول ’’ ھذا ھو الاصح ‘‘ فہم شریف میںآیا ہوتا اور قاعدئہ مسلمہ کہ ’’تصحیح و ترجیح میں تعارض کے وقت ظاہر الرویہ کو ترجیح ہوگی ‘‘ کو سمجھا ہوتا تو یہ اعتراض کرنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑتی ۔ نیز امام شامی کے رد المحتار میںروایت نادرہ کے ذکر کے بعد یہ فرمانے (’’ قال ابو الشجاع :ھذا احسن ما قیل فیہ وفی الولولاجیۃ۔۔۔الخ ‘‘)سے معترض صاحب آخر کیا سمجھ رہے ہیں؟ آیا یہ سمجھ رہے ہیں کہ یہ قول، امام شامی کا معتمد یا منقول فی المذہب ہے ؟ برتقدیر اول ، وہ صریح خطا پر ہے ، (اس کی کچھ وضاحت تو اوپر گزر چکی کہ معتمد، قول اخیر ہے)اس لئے کہ کسی عالم غیر مجتہد کے قول یا بحث کو ا س کی طرف منسوب کرکے نقل کردینے کا مفاد اس کا منقول فی المذہب ہونا یا اس قول پر حکم بالجزم ہونا یا اس کا معتمد ہونا نہیں بلکہ یہ بتانا ہے کہ یہ فلاں کی رائے یا بعض کی بحث ہے، (حالانکہ اس کے برعکس امام قاضی خان نے ظاہر الروایہ والے قول پر جزم و اقتصار کیا ہے کما فی فتاواہ)، سرکار اعلیٰ حضرت رقم طرازہیں :’’ہمارے لئے (دلیل شرعی)قول مجتہد ،صرف ایسی ہی جگہ علمائے کرام حکم بالجزم لکھتے ہیں،اس کے سوا اگر کسی عالم غیر مجتہد نے کسی امر کی بحث کی تو ہرگز اس مسئلے کو یونہی نہیں لکھ جاتے کہ حکم یہ ہے بلکہ صراحۃًبتاتے ہیں کہ یہ فلاں یا بعض کی بحث ہے تاکہ منقول فی المذہب نہ معلوم ہو اور جس کا خیال ہے اسی کے ذمہ رہے ۔ ولِّ حارّھا من تولی قارّھا اگر احیانا کوئی اسے بطور جزم لکھ جاتا ہے ، تو اس پر گرفت ہوتی کہ ساقھا مساق المنقول فی المذھب ، یہ مسئلے کو ایسا لکھ گیا گویا مذہب میں منقول ہے ، خود اسی رد المحتار وغیرہ میں مواضع عدیدہ سے نظر کرنے والوں کو یہ بیان عیاں ہو جائےگا۔۔۔ ‘‘(ج:۶ ،ص:۳۰۶)یہاں بھی امام شامی نے وہی طریق برتا ہے ۔ یا معترض صاحب یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہمارایہ قول، فلاں فلاں امام و فقیہ کا مختار ہےلہذا ہم اس پرعمل و فتوی دیں گے؟؟ تو اسکو امام ابو عمرو ابن الصلاح رحمۃ اللہ علیہ کا یہ فرمان سننا چاہئے : ’’ اعلم ان من یکتفی بان یکون فتواہ او عملہ موافقا لقول او وجہ فی المسئلۃ و یعمل بما شائ من الاقوال و الوجوہ من غیر نظر فی الترجیح فقد جھل و خرق الاجماع ‘‘ (ادب المفتی و المستفتی،المسئلۃ الخامسۃ عشرۃ، فصل احکام المفتین ،ص:۱۲۵) یعنی جو کوئی کسی مسئلہ میں اس بات کو کافی سمجھتا ہو کہ اسکا فتوی یا عمل کسی قول یا وجہ کے موافق ہو جائے اور وہ سبب ترجیح میں غور و فکر کئے بغیر ،اقوال و وجوہ میں سے جس پر چاہے ،عمل کرے وہ نرا جاہل اور اجماع کے خلاف کرنے والا ہے ۔لگے ہاتھوں امام شامی کا یہ فرمان بھی سنتے چلیں:’’ فاذا نظر قلیل الاطلاع و رای المسئلۃ مسطورۃ فی کتاب او اکثر ،یظن ان ھذا ھو المذھب ، و یفتی بہ،و یقول :ان ھذہ الکتب للمتاخرین الذین اطلعوا علی کتب من قبلھم و حرروا فیھا ما علیہ العمل و لم یدر ان ذلک اغلبی و انہ یقع منھم خلافہ ‘‘(رسم المفتی،ص:۶۲) قولہ :’’روایت نادرہ مرجحہ پر عمل کرنے ۔۔۔۔۔۔الخ‘‘ ۔ یہ محرر کا اپنا نظریہ ہے یا اکابر فقہا کی عبارت سے ماخوذ ہے ؟ اقول : ہر گز ہمارا اپنا نظریہ نہیں ، لان علینا اتباع ما رجحوہ وما صححوہ ۔ اور گزر چکا کہ ترجیح و تصحیح میں تعارض کے وقت ترجیح ظاہر الروایہ کو ہوگی اور ہم پر ترجیح و تصحیح یافتہ قول کی اتباع لازم ، سو وہی کیا اور یہ خود ساختہ نہیں بلکہ اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ جیسے اکبر فقہا کی عبارت سے بے شک ماخوذ ہے ، جیسا کہ گزشتہ اوراق میں نقل ہو چکا کہ فرمایا : ’’ ہاں جب سوال کیا جائے تو جواب میں وہی کہاجائے جو اپنا مذہب ہے ۔۔۔۔الخ ، وہ عالم کہلانے والے کہ مذہب ۔۔۔۔۔۔الخ ، یہ ضرور مخالفت مذہب کے مرتکب اور ان جہلا کے گنہ کے ذمہ دار ہیں ‘‘ ۔ قولہ : ’’نیز یہ بھی ملحوظ خاطر رہے کہ مرکزی دارالافتا ۔۔۔۔۔۔ الخ ‘‘۔ اقول : مجلس شرعی مبارکپور کے مباحث فقیر کی نگاہ میں نہیں مگر یقین ہے کہ معترض صاحب کا یہ دعویٰ بھی مع قطع و برید، ادھورا و ناقص ہوگا اس لئےکہ حضرت تاج الشریعہ ، فقیہ ملت اور علامہ صاحب نے کہیں اور کبھی اپنے فتاویٰ میں اس مسئلہ میں نادر الروایہ پر فتویٰ نہیں دیا ، بلکہ فتاویٰ تاج الشریعہ میں درجنوں فتاویٰ شاہدعدل ہیں کہ آپ نے روز جمعہ بعد رکعتین با جماعت ظہر پڑھنے کا حکم صادر فرمایا ہے،اسی طرح فتاوی فیض الرسول اور ایسا ہی فتاوی مفتی اعظم میں ہے ۔ قولہ : ’’اس میں نماز جمعہ کے بعد ظہر با جماعت ادا کرنے کا کوئی حکم صادر نہیں کیا ‘‘۔ اقول : عدم ذکر ، ذکر عدم نہیں ،(ضرور ضمنا ہوگا) بلکہ اس سلسلہ میں جب ہم نے ، حضرت قاضی شہید عالم صاحب سے دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ حضرت تاج الشریعہ علیہ الرحمہ نے ’’توضیح مجمل‘‘ کے عنوان سے اس بحث کو منقح فرما دیا ہے۔ واللہ تعالی علم ۔ قولہ : ’’ہندوستان میں ۔۔۔ الخ‘‘۔ اقول : اسی لئے تو جہاں نماز جمعہ پہلے سے ہو رہی وہاں منع نہیں کیا جاتا جیسا کہ اعلی حضرت نے فرمایا : ’’دربارئہ عوام فقیر کا طریق عمل یہ ہے ۔۔۔۔۔۔الخ‘‘۔لیکن جہاں ظاہر الروایہ پر عمل کیا جا رہا ہو وہاں بند کرانا جائز نہیں ۔ قولہ : ’’غیر ضروری اختلاف کو آگے نہ بڑھایا جائے یہی اس امت کے لئے بہتر ہے ۔۔۔‘‘ اقول : بڑھا کر کہتے ہیں نہ بڑھائیں، اسکا مفہوم مخالف یہی ہوا کہ ہماری بات مان لو اسی میں اس امت کی عافیت اور یہی اس امت کے لئے بہتر ہے ۔ قولہ : ’’یہ ہمارا موقف تھا ۔۔۔۔۔الخ ‘‘۔ اقول : بے شک یہ آپ کا ہی موقف ہے مگر اکابر فقہائے محتاطین کے موقف سے کوسوں دور ہے بلکہ اعلیٰ حضرت کے مطابق یہ موقف مذہب امام بلکہ مذہب جملہ ائمہ حنفیہ کو پس پشت ڈالنے والا ہے ، تصحیحات جماہیر ترجیح و فتویٰ کو پیٹھ دکھاتا ہے اور خلاف مذہب ہے ۔ قولہ : ’’عوام اہل سنت کے قلوب و اذہان روشن ہوں گے‘‘ ۔ اقول : اگر اس سے مراد یہ ہے کہ ظاہر مذہب کے خلاف آزادانہ فتاوی جاری کرکے امت کو آسانی پہنچانے کے نام پر، تاریک موقف سے انکے قلوب و اذہان کو منور کیا جائےگاتو عرض ہے کہ عوام کالانعام جو فی زماننا خواہشات کی پیروی میں لگی ہوئی ہے، اس کے عمل کو سمجھنا کہ ہمارے فتاویٰ پر عمل کرکے ان کے قلوب و اذہان روشن ہو رہے ہیں، نری جہالت و حماقت ہے ۔ آپ کے فتاویٰ پر عمل نہیں ہو رہا بلکہ طبیعت پر عمل ہو رہا ہے، اتفاق سے آپ کےفتاویٰ ان کی طبیعت کے موافق ہو گئے ہیں ۔ کون نہیں جانتا کہ عوام دینی شرعی احکام میں کس قدر کاہل و سست اور بے احتیاط ہو چکی ہے ۔ نہ نماز کے قیام کا اہتمام ، نہ اسلامی وضع و قطع کا التزام ۔ نہ سنت مصطفی علیہ التحیۃ والثنا کا خیال نہ شرعی احکام کی پرواہ ۔ مثال کے طور پر فی زماننا عوام عموما ًایک مشت داڑھی رکھنے سے گریزاں ہے،اب اگر کسی جواز کے قائل کا فتویٰ ان کی نظر سےگزرےگا تو وہ ان کی طبیعت کو بے شک تسکین پہچانے والا ہوگا، اب اس سے یہ سمجھنا کہ عوام ہمارے فتوے پر عمل کرتی ہے ، غلط ہے ۔ وہ اپنی طبیعت پر عمل کررہی ہے ، آپ کا فتویٰ اس کی طبیعت کے مطابق ہو گیا ہے ۔ اسی وجہ سے فقہا نے اس کو اتباع شرع نہیں ، اتباع ہوا کہا ہے ۔ قولہ: ’’نوٹ ۔۔۔ الخ‘‘ ۔ اقول : اول و آخر سے قطع و برید ، سیاق و سباق و لحاق سے غیر مربوط ،یہاں وہاں کی عبارتیں اپنے تاریک موقف کی تائد میں جمع کرکے دعویٰ کیا جائے گا کہ فتاویٰ رضویہ کی روشنی میں ہے جبکہ وہ اندھیرے میں بھی نہیں ہوگا ۔ الحمد للہ حق باحسن وجوہ واضح ہو گیا ، امید کرتا ہوں کہ اب نادر الروایہ کی بنیاد پر گاؤں گاؤں، قریہ قریہ عام حالت میں نہ نیا جمعہ قائم کرانے کا حکم دیا جائےگااور نہ ظہر باجماعت بند کرانے کا اور دوسروں کو بھی عام حالت میں ظاہر مذہب کی مخالفت سے باز رہنے کی ہدایت دی جائےگی۔ اللھم ارنا الحق حقا و ارزقنا اتباعہ و ارنا الباطل باطلا و ارزقنا اجتنابہ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ خادم آستانۂ عالیہ قادریہ رضویہ و رضوی دار الافتا مرکز اہل سنت بریلی شریف ۔ مورخہ : ۲۵ ؍ جمادی الآخر ۱۴۴۳ ھ -:تصدیقات علمائے کرام: - (۱) حضرت علامہ مولانا مفتی شفیق احمد شریفی صاحب قبلہ مد ظلہ العالی ( قاضی شہر الہ باد) ۷۸۶؍ ۹۲ مخدوم گرامی نازش علم و فن حضرت مفتی ارسلان رضا قادری ازہری زید مجدہٗ السلام علیکم ورحمۃ اللہ ، مزاج شریف راقم السطور نے دیہات میں نماز جمعہ کے بعد باجماعت اقامت ظہر سے متعلق دونوں فتاوے بالاستیعاب پڑھے مجمل بھی اور مفصل بھی حضور تاج الشریعہ علیہ الرحمہ کے وصال پر ملال کے بعد کچھ لوگ اس خام خیالی میں مبتلا ہیں کہ اب مرکز اہل سنت بریلی شریف میں کوئی تحقیقی کام کرنے والا نہیں ہے اور وہ لوگ تحقیق جدید کا سہارا لے کر بے لگام سے ہو گئے ہیں، وہابیوں کے فیصلے کو دیکھ کر مرعوب ہو جاتے ہیں اور انہیں کے نقشے قدم پر چل کر نئے نئے مسائل میں الفاظ و انداز بدل کر داد تحقیق حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان شا اللہ تعالی آپ کا مفصل جواب انہیں آئندہ تحقیق اعلی حضرت کے خلاف قلم اٹھانے سے با ر بار سوچنے پر مجبور کرے گا ۔ میری دعا ہے کہ مولیٰ تعا لی آ پ کی تحقیقات علمیہ کو مستحکم سےمستحکم بنائے اور حضور تحسین ملت و حضور تاج الشریعہ علیہما الرحمۃ و الرضوان کے علم کا سچا وارث بنائے ۔ آمین بجاہ حبیبہ سید المرسلین علیہ و علی اٰلہ افضل ا لصلوۃ والتسلیم۔ دعا جو و دعا گو مفتی شفیق احمد شریفی مرکزی قاضی شہر پریاگ راج ۱۸؍ شعبان المکرم ۱۴۴۳ ھ
(۲) حضرت علامہ مولانا مفتی محمد ناظر اشرف قادری ، ناگپور مہاراشٹرا : باسمہ و حمد لہٗ صح الجواب و جواب الجواب ، واللہ تعالی اعلم بالصواب ۔ مجیب علام نبیرۂ اعلی حضرت ، حضرت مفتی محمد ارسلان رضا قادری مد ظلہ المنان کا جواب و جواب الجواب شرع مطہرہ کے عین مطابق ہے ۔ معترض مصباحی صاحب کے اعتراضات ان کی قلت فہم پر دال ، اور جہاں زمانہ دراز سے بعد جمعہ فرض ظہر کی جماعت قائم تھی اس پر قدغن کا مزید وبال ، اور ان کا یہ باطل خیال ، کہ ہر قریہ میں صحت جمعہ کے لئے روایت نادرہ پر عمل کرنا بس ہے ۔ اور فرض ظہر کا سقوط ہر قریہ کے ہر کس کے لئے ہے ، یہ معترض کا فہم عاطل ہے ۔ اور علمی بے بضاعتی کا بین ثبوت ہے ۔ جوابات دیتے وقت نبیرئہ اعلی حضرت نے مصباحی صاحب کے اعتراضات کی اصل میں قلع قمع فرمایا ہے ۔ بادی النظر میں مصباحی صاحب (غلام جیلانی مصباحی) کے اعتراضات کو ملاحظہ کرنے سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ بھی پڑھے لکھے شخص ہیں ، لیکن مجیب علام نے دفع اعتراجات میں وہ درر تحقیق و جواہر دقیق و طرق تفہیم پیش فرمائی ہے اور حتی الوسع مصباحی صاحب کے ذہن و فکر کو حق حقیق کی طرف راغب کرنے کی سعی مطیع فرمائی ہے ، یہ نبیرئہ اعلی حضرت کا ہی خاص حصہ ہے ۔ مولائے کریم کارساز مالک مجیب علام کے علم میں مزید ترقی عطا فرمائے ۔ آمین بجاہ سید المرسلین علیہ افضل الصلوات والتسلیم ۔ مفتی محمد ناظر اشرف قادری بریلوی ، دارالعلوم اعلی حضرت ، رضا نگر ، کلمنا،ناگپور ، مہاراشٹر (۳) حضرت علامہ مولانا محمد ذوالفقار خان نعیمی ککرالوی، کاشی پور باسمہ تبارک وتعالی ! نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم ! دیہات میں نماز جمعہ مشروع نہیں اہل سنت کے یہاں یہ مسئلہ مسلمہ ہے ۔ اور جس جگہ دیہات میں نماز جمعہ قائم ہو تو وہاں نماز ظہر ساقط نہیں ہوگی بلکہ نماز ظہر با جماعت ادا کرنے کا حکم ہوگا ۔ ۲۳؍ ربیع الآخر ۱۴۲۲ ھ مطابق ۱۶ ؍ جولائی ۲۰۰۱ ء بروز دو شنبہ مبارکہ مرکز اہل سنت بریلی شریف میں مرکزی دارالافتا ،محلہ سوداگران میں مجلس شرعی بورڈ مبارک پور کے فیصل بورڈ کے زیر اہتمام فقہی سیمینار میں مرشد برحق حضور تاج الشریعہ علامہ مفتی محمد اختر رضا خان علیہ الرحمۃ و الرضوان ، حضور محدث کبیر دامت معالیہم ، فقیہ ملت مفتی جلال الدین امجدی ، صدر العلما علامہ تحسین رضا بریلوی ، قاضی عبد الرحیم بستوی ، رحمۃ اللہ تعالی علیہم ، اور دیگر اکابر علمائے اہل سنت نے اسی پر جزم فرمایا ۔ کچھ سالوں سے دیکھنے میں آ رہا ہے کہ دیہات میں جہاں باقاعدہ نماز جمعہ کے بعد نماز ظہر کا اہتمام ہوتا ہے اور برسوں سے لوگ بغیر اختلاف نماز جمعہ کے ساتھ نماز ظہر پڑھتے آ رہے ہیں وہاں امام ابو یوسف کی روایت نادرہ بیان کر کے متفق علیہ مسئلہ کو اختلافی بنانے کی کوشش بے کار کی جا رہی ہے۔ اگر اسی طرح شاذ و نادر روایتوں و نصوص کو مستدل بنایا جانے لگا تو شریعت کا مذاق بن کر رہ جائے گا چونکہ شریعت کے بہت سے مسائل میں شاذ و نادر اقوال اور روایات مرجوحہ ، مہجورہ بھی پائی جاتی ہیں ۔ تو جس کے جو من میں آئےگا اسی پر عمل کی ضد پر اڑ جائے گا ۔ فقہ حنفی میں امام ابو یوسف وغیرہ ائمہ احناف کی بہت سی ایسی روایات ہیں (تفصیل کا مقام نہیں ور نہ بیان کی جاتیں)جو ظاہر مذہب کے خلاف ہیں اب اگر انھیں نادرہ شاذہ پر فتوی دیے جانے لگے تو پھر دین کا خدا ہی حافظ ہے ۔ آمدم بر سرِ مطلب : ہمارے سامنے اسی حوالے سے ایک فتوی اور اس فتوے پر بے جا اعتراضات و شبہات پر مشتمل ایک عالم صاحب کی تحریر پھر تحریر کے جواب میں شہزادئہ خاندان اعلی حضرت نبیرئہ مفسر اعظم ، خلیفہ تاج الشریعہ، حضرت علامہ مفتی محمد ارسلان رضا خان حفظہ اللہ الرحمن ، سرپرست اعلی رضوی دارالافتابریلی شریف، کا مفصل و مدلل مضمون ہے ۔ فقیر راقم الحروف تینوں تحریریں بغور مطالعہ کرنے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچا ہے کہ مفتی صاحب قبلہ کے اسلوب تحریر اورطرز استدلال ، بہت ہی عمدہ اور اپنی جد کریم کی تحریروں کا عکس جمیل ہے ۔ موصوف محترم نے اصل مسئلہ کے متعلق شکوک و شبہت کاازالہ اور استحالات و بے جا اعتراضات کا مسکت و اطمنان بخش جواب دیتے ہوئے امام ابو یوسف علیہ الرحمہ کی ر وایت نادہ ، ضعیفہ ،شاذہ، مرجوحہ،مہجورہ کے اصل مذہب اور ظاہر الروایۃ کے خلاف ہونے پر جس طرح کلام کیا ہے اور اصل مسئلہ پر جس طرح دلائل و براہین کا سہارا لیتے ہوئے توضیح و تشریح پیش کی ہے یقیناً وہ انہیں کا حصہ ہے ۔ فقیر راقم الحروف موصوف محترم کی تحریر مستنیر سے متفق اور اصل مسئلہ کا مصدق و مؤید ہے اور ان کے حق میں دعا گو ہے کہ اللہ پاک انھیں اپنے جد کریم کی علمی وراثت عام سے عام تر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کو دنا و آخرت کی بھلائیاں نصیب فرمائے اور ان کے ذریعہ مذہب و مسلک کو خوب فروغ عطا فرمائے ۔آمین بجاہ النبی الامین الکریم علیہ وعلی آلہ و اصحابہ افضل الصلوۃ و التسلیم ۔ یک از گدایان خاندان اعلی حضرت محمد ذوالفقار خان نعیمی ککرالوی نوری دارالافتا ، مدینہ مسجد ، محلہ علی خان کاشی پور مورخہ : ۱۳ ؍ رجب المرجب ۱۴۴۳ ھ
(۴) شہزادئہ بدر ملت ادیب شہیر حضرت علامہ مولانا محمد رابع نورانی بدری صاحب قبلہ ، براؤں شریف ۷۸۶؍ ۹۲ بعد ما ھو المسنون آپ کا ارسال کردہ نقد ونظر پر مشتمل مقالہ باصرہ نوازا ہوا آپ نے معترض کے اعتراضات کے جو جوابات رقم کئے وہ اہل فکر ونگاہ کے لیے لائق مطالعہ مواد ہیں آپ نے معترض کا زبردست تعاقب کیا ہے اس کے ساتھ ہی ساتھ بہت سی ایسی معلومات بہم کی ہے جو قارئین کے علم میں اضافہ کا باعث ہیں کیونکہ کئی کتابوں کے مطالعہ کے بعد یہ جواب الجواپ مرتب کیا گیا ہے جا بجا اشعار نے اس کے حسن کو مزید دوبالا کردیامولائے کریم کی بارگاہ میں دعا ہے کہ آپ کو اعلی حضرت کا سچا جانشین بنائے ۔ آمین ثم آمین۔ بجاہ سید المرسلین صلی اللہ تعالی علیہ وعلیہم وعلی آلہ وصحبہ وبارک وسلم ۔ محمد رابع نورانی بدری استاذ دارالعلوم اہل سنت فیض الرسول براؤں شریف بڑھیا سدھارتھ نگر
(۵) حضرت علامہ مولانا محمد عیسیٰ رضوی قادری، گرسہائے گنج قنوج گرامی مرتبت مخدوم ابن مخدوم حضرت علامہ مفتی ارسلان رضاصاحب زید مجدہٗ مزاج مبارک آپ کے حکم و ایما سے جو فتوی میرے پاس بھیجا گیا اسے دیکھ کر کافی مسرت و شادمانی ہوئی کہ آپ نے نفس سوال کا جواب متانت و سنجیدگی اور تحقیقی انداز میں تحریر فرمایا ہے ، نیز معترض کے اعتراضات جس سلیقہ بندی سے آپ نے تحریر کئے اور اس کی خبر گیری فرمائی وہ بھی بہت خوب ہے بلکہ اگر اس کو دنداں شکن جواب کہا جائے تو بجا ہے ۔ حضور تاج الشریعہ کا دیہات میں جمعہ کے بعد با جماعت ظہر کا حکم فرمانا بھی حق و درست ہے آپ نے اس کے تعلق سے جو بھی لکھا ہے وہ فتاوی رضویہ اور موقف اعلی حضرت امام احمد رضا بریلوی قدس سرہٗ کے عین مطابق ہے ، آپ کی یہ بات میرے دل کی آواز کے موافق معلوم ہوئی کہ جو لوگ آج کل فتاوی رضویہ کے بعض مسائل سے اختلاف کر رہے ہیں وہ اپنی بات اور اپنا موقف فتاوی رضویہ ہی کی بعض عبارات سے ثابت کرنے کی کوشش و دعوی کرتے ہیں ، مثلاً: دیہات میں نماز جمعہ کا جو مسئلہ ہے معترض و مخالف نے اسے اعلی حضرت کی تحریر سے جائز و روا کر دیا اور خوشی سے جھومنے اچھلنے لگے ۔ اگر یہی بات ہوتی جو معترض کے سمجھ میں آئی تو اعلی حضرت امام احمد رضا بریلوی قدس سرہٗ عدم جواز کا فتوی کیوں دیتے صرف روایت نادرہ پر جواز جمعہ کا فتوی دے کر قلم روک لیتے عدم جواز کا قول نہ کرتے نہ اس کی وضاحت و صراحت فرماتے ۔ یوں ہی چلتی ٹرین پر نماز فرض و واجب کا مسئلہ ہے ، اعلی حضر ت نے فرمایا کہ چلتی ٹرین پر فرض و واجب نمازیں نہیں ہوں گی مگر معترض یا مخالف نے اعلی حضرت ہی کی تحریرو تحقیق سے جواز ثابت کرنے کا جو ناخوشگوار فریضہ انجام دیا ہے وہ لائق دید بھی ہے اور قابل حیرت بھی ۔ یوں ہی مزامیر کے ساتھ سماع و قوالی کا مسئلہ ہے ، اعلی حضرت نے مزامیر وغیرہ آلات لہو و لعب کے ساتھ سماع و قوالی کو ناجائز و ممنوع لکھا ہے مگر معترض یا مخالف کی ذہانت و فطانت کو داد دیجئے کہ اس نے بڑی چابکدستی اور کمال عیاری سے اعلی حضرت کی تحریر سے اس کا جائز و مباح ہونا ثابت کیا اور فخر سے دنیا کو بتایا کہ ہم نے اعلی حضرت کے حوالے سے مزامیر والے سماع و قوالی کو جائز و حلال کر دیا ہے ۔ اگر یہی بات ہوتی تو اعلی حضرت اسے ناجائز و حرام کیوں لکھتے ؟ خدا جانے یہ خود ساختہ محققین اور کس کس مسئلے پر خامہ فرسائی کر کے تحقیق جدید کا فرض ادا کریں گے ۔ میں یہ کہتا ہوں کہ اگر ابھی تحقیق جدید کا نشہ کافور نہیں ہوا تو کسی ایسے مسئلے پر اپنا جوہر فکر و قلم دکھائیں جس پر اعلی حضرت امام احمد رضا بریلوی قدس سرہٗ یا علمائے اہل سنت کی کوئی تحریر و تحقیق موجود نہ ہو۔ پھر یہ کہ اعلی حضرت کی تحقیق و تحریر کو اپنی تحقیق جدید کہہ کر پیش کرنا انصاف و دیانت کا خون نہیں تو اور کیا ہے ۔ میرے تاثرات کی تحریرشاید کچھ طویل ہو گئی اس کا کچھ خیال نہ فرمائیں ۔ خدا کرے آپ بعافیت ہوں ۔ فقط والسلام محمد عیسیٰ رضوی قادری خادم الحدیث والافتا الجامعۃ الرضویۃ مظہر العلوم ، گرسہائے گنج، ضلع قنوج، یو پی Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
