Home › Fatawa › Issues Of Funeral › Ref 566/2024 ہجڑوں کی طرف منسوب مسجد کا شرعی حکمQuestion علمائے دین و مفتیان شرع متین کیا فرماتے ہیں مسئلہ ذیل کے بارے میں، میں محمد عتیق قصبہ بلہور ضلع کانپور کا باشندہ ہوں ہمارے یہاں ایک مسجد عرصہ دراز سے ویران اور شہید پڑی ہوئی تھی، جس کو اہل قصبہ ہجڑوں والی مسجد کے نام سے جانتے ہیں، اب چونکہ ہجڑوں والی مسجد کے نام سے موسوم ہونے کی وجہ سے اس کو ایک غیر مسلم ہجڑے نے ہی از سر نو تعمیر کروایا ہے، مسجد تو تعمیر ہو گی، لیکن تعمیر ہونے کے بعد اس مسجد میں کچھ لوگوں نے گوبر کے اوپلے اکٹھے کر دئے ہیں، میرا ایک مرتبہ اس جانب سے گزر ہوا تو میں نے دیکھا کہ مسجد کا یہ حال ہے میرے دل میں تمنا جاگی کی میں مسجد کو پھر سے آباد کروں، اس لئے میرا سوال یہ ہے کہ اس مسجد میں جو غیر مسلم ہجڑے کی کمائی اور کمائی بھی وہی جو ان کا پیشہ ہے ناچ گانا سے تعمیر ہوئی ہے ایسی مسجد کو آباد کرنا اس میں نماز پڑھنا پڑھانا کیسا ہے ؟ براہ کرم جواب عنایت فرمائیں۔ المستفتی : محمد حسن قریشی ، وارڈ ۹ ، چندر شیکھر نگر ، بلہور ضلر کانپور Answer الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب : از روئے شرع اس حصہ زمین کے مسجد ہونے کا حکم ہے ،اس میں نماز کا ثواب مسجد شرعی میں نماز کے مثل ہے اس زمین کا وہی ادب و احترام لازم جو تمام مسجدوں کا ہے اور اس پر وہ تمام احکام جاری ہیں جو مسجد شرعی پر جاری ہوتے ہیں۔ مسلمانوں کو اسے آباد کرنا ضروری ہے ،عوام مسلمین نے اس مسجد سے روگردانی واعراض بلکہ اس کی بے حرمتی غالباً اس لاعلمی میں روا رکھی کہ ان کے خیال میں جب کہ وہ مسجد ہجڑوں سے منسوب ہے تو انھوں نے ہی اسے مسجد کیا ہوگا اور چونکہ ہجڑوں کی غالب کمائی حرام کی ہوتی ہے اور معلوم ہے کہ بعینہ مال حرام سے مسجد نہیں بنائی جا سکتی ، تو گویا وہ اس زمین کو مسجد نہیں جانتے تھے ،مگر جاننا چاہیے کہ ہجڑوں سے منسوب ہونے سے یہ لازم نہیں آتا کہ زمین غیر مسلم ہجڑوں نے وقف کی ہو کہ اس وقف کو باطل قرار دیا جا سکے اس لیے کہ مسجد بنانا علامت اسلام ہے اور جب کہ واقف کا حال یقین یا ظن غالب سے معلوم نہیں تو عدم علم محرم ،عدم حرمت کو بس ہے ’’لان الاصل في الاشياء الاباحۃ ‘‘ اب جبکہ غیر مسلم کا وقف کرنا ثابت نہیں تو ماننا پڑے گا کہ کسی مسلم نے ہی وقف کیا ہوگا اور مسلم کا وقف صحیح ہے اگرچہ ہجڑا ہو ،جبکہ بعینہ مال حرام سے زمین خرید نہ کی ہو یا مال حرام ہی سے خریدی مگر اس مال پر عقد و نقد جمع نہ ہوا ہو اور غالب رائجہ میں ان کا اجتماع نہیں ہوتا، تو بوصف شرا بمال حرام فتوی حلت مشتریٰ ہی پر ہے ، ’’ كما في الفتاوی الرضویہ وفتاوى دار الافتا الرضویۃ ‘‘ ۔ اور یہ بھی اس وقت ہے جبکہ انھوں نے (ہجڑوں نے )اپنی حسب عادت قرض لے کر مسجد نہ بنائی ہو ورنہ ہمارے علما فرماتے ہیں کہ ایسے لوگ ایسے کام حسب عادت قرض لے کر انجام دیتے ہیں اور اس حیلے سے مسجد بنانا جائز ہے ۔ ’’قال تلميذ الرضا : الحیلۃ فی ھذہ المسائل ان یشتری نسیۃ ثم ینقد ثمنہ من ای مال شاء و قال ابو یوسف سالت ابا حنیفہ عن الحیلۃ فی مثل ھذا فاجابنی بما ذکرنا‘‘ ۔ بہرحال اس حصہ زمین کے شرعا مسجد ہونے میں شبہ نہیں ، وہ جگہ اب ابدالآباد کے لیے مسجد ہو گئی اور اب بعد تمام مسجدیت کسی غیر مسلم یا کسی اور کا اپنے مال ،بلکہ بعینہ مال حرام سے اس کی تعمیر و مرمت کرا دینا اس کو مسجدیت سے ہرگز خارج نہیں کر دے گا اس لیے کہ مسجدت کے لیے اصل زمین ہے اور عمارت ایک وصف زائد علی الاصل ہے ، فلا يكون من اعاد الوصف كمن احدث الاصل ۔ سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں: مسجد قدیم کی درستی و مرمت اگر کافر کرے تو اس کی مسجدیت میں نقصان نہ آئے گا ،لان المسجد اذا تم مسجدا لا يعود غير مسجد ابدا، اسی طرح کچھ مسجد کو اگر پکی کرا دے ، فرش اور دیواریں پختہ بنوا دے جب بھی اس کی مسجدیت میں حرج نہیں اور اس میں نماز درست ہے کہ دیواریں اگرچہ ملک کافر رہیں گی کہ وہ مسجد کے لیے وقف کرنے کا اہل نہیں مگر دیواریں حقیقت مسجد میں داخل نہیں۔ ’’ حتی لو لم تکن او رفعت لم یتطرق الی المسجد خلل الا تری ان المسجد الحرام لا جدران فیہ اصلاً ‘‘۔ یوں ہی مسالہ کہ فرش پختہ کرنے کو ڈالا ،چٹائی کی طرح ایک شے زائد ہے اور جوازِ نماز یوں کہ اگرچہ وہ مسالہ ملک کافر پر رہے گا مگر اس پر نماز اس کے اذن سے ہے ، ’’ فکان كالصلاۃ في ارض الكافر باذنہ بل اولى ‘‘ ۔ ہاں ایسی چیز کا قبول کرنا مسلمانوں کو نہ چاہیے کہ مسجد کو ملکِ کافر سے آلودہ کرنا ہے ، ’’وقد قال رسول الله صلى الله تعالى عليه وسلم :انا لا نستعين بمشرك ‘‘۔ اور اس میں یہ بھی قباحت ہے کہ جب وہ فرش ملکِ کافر پر باقی ہے تو اگر کسی وقت وہ یا اس کے بعد اس کا وارث اس پر نماز منع کر دے تو نماز ناجائز ہو جائے گی جب تک فرش کھود کر زمین صاف نہ کر دیں ۔ واللہ تعالی اعلم۔ ۱۲ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا مرکز اہل سنت ، بریلی شریف ۲۷ ؍ جمادی الآخرہ ۱۴۴۵ ھ /۹ ؍ جنوری ۲۰۲۴ ء الجواب صحیح و صواب ، واللہ تعالی اعلم ۔ محمد افروز عالم نوری بریلوی غفر لہٗ خادم التدریس و الافتا ، جامعہ رضویہ منظر اسلام بریلی شریف Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
