Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 819/2025

Text size
translateاردو

وارث کو تفویض منصب امامت بوجہ احقیت و اہلیت ہے نہ کہ بوجہ وراثت

Question

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ ہمارے قصبے میں ایک جامع مسجد ہے، جس میں ہمارے مفتی صاحب قبلہ پچاس سال سے امامت فرمارہے ہیں، مفتی صاحب متقی پر ہیز گار عالم دین ہیں، ضلع کے قاضی شرع بھی ہیں، مسلک اعلیٰ حضرت کے بچے ترجمان ہیں، انہوں نے آج سے چھ ماہ قبل عوام اہل سنت اور مصلیان مسجد کی طلب پر اپنے صاحب زادے کو جامع مسجد کا امام مقر فرمادیا تھا، جس پر کمیٹی کے چند لوگوں نے اعتراض کیا، جب کہ ۸۰ ؍ فیصد عوام اور علما اس بات پر خوش ہیں کہ مفتی صاحب کے صاحب زادے جو خود ایک قابل مفتی ہیں ، اپنے والد گرامی کے نقش قدم پر چلتے ہیں۔فقیہ ملت کے شاگرد ہیں، تقریباً پچیس سال سے جامع مسجد کے نوری دار الافتاء سے مرکز اہل سنت بریلی شریف کے موقف کے مطابق فتوی نویسی کر رہے ہیں، ان کے بیانات اور قرات کو بھی لوگ پسند کرتے ہیں، اچھے مصنف ہیں کئی کتابیں تصنیف کر چکے ہیں، امامت کے وہی حقدار ہیں، اس لیے مفتی صاحب اور مصلیان مسجد نے انہیں امام مقرر کیا تھا، لیکن پچھلے جمعہ میں کمیٹی کے چار پانچ افراد نے انہیں ہٹا کر مسجد کے موذن اور نائب ( جو عالم و حافظ ہیں) کے لیے امامت کا اعلان کروادیا، جسے لوگوں نے پسند نہیں کیا، تو سوال یہ ہے کہ بغیر عذر شرعی ایک قابل مفتی (جو علم میں موذن سے زیادہ ہیں) کوامامت سے ہٹانے کا حق کمیٹی کے چار پانچ افراد کو ہے یا قاضی شرع اور ۸۰ فیصد عوام نے جسے امام بنایا وہ امام ہو گا۔شریعت کی روشنی جواب عنایت فرما کر عوام اہل سنت کی بے چینی کو دور فرمائیں۔

سائلین: ممبران مکتبہ اعلیٰ حضرت، باسی ناگور شریف

Answer

الجواب اللہم ہدایۃ الحق و الصواب: مذکورہ بالا سوال لے کر شہر باسنی سے بہت سے سنی حضرات رضوی دارالافتا (واقع روبرو مزار اعلی حضرت) حاضر ہوئے ، ان سے علاقے کے تفصیلی حالات کا علم ہوا اور کچھ حالات سوال میں بھی مندرج ہیں ، تو صورت حال یہ ہے کہ مسجد کے متولیان یا ٹرسٹیان نہ بانی مسجد ہیں ،نہ بانی مسجد کی اولاد، پھر جن کو نیا امام مقرر و متعین کیا جا رہا ہے وہ احق بالامامت ہیں اور مصلیان مسجد یعنی اکثر عوام کی رائے بھی انہی کی جانب ہے ، پھر یہ کہ سابقہ امام نہ صرف یہ کہ مسجد ہذا کے معین امام تھے ، بلکہ بلا اختلاف قاضی شرع اعلمِ علماے بلد، مرجع الفتاوی ہیں اور انھیں من جانب شرع مکمل حق حاصل ہے کہ جسے بھی اہل و لائق امامت جمعہ جانیں اس کو امام جمعہ مقرر کر دیں اور اس کی اجازت دیں، بلکہ ان کی اجازت کے بغیر کوئی بھی غیر ماذون اگر جمعہ پڑھا دے گا تو جمعہ ہوگا ہی نہیں۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ امامت میں وراثت جاری نہیں ہوتی ، لیکن اگر وارث ہی احق بالامامت ہے تو محض اس وجہ سے اسے امامت سے برطرف کرنا کہ یہ سابقہ امام کا بیٹا ہے ، درست نہیں ۔ یہاں انھیں وراثت کی وجہ سے امامت تفویض نہیں ہو رہی ہے ، بلکہ اہلیت و احقیت کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ لہذا مذکورہ تمام بیانات اور حالات کی روشنی میں شرعاً اس میں کوئی شبہ نہیں رہ جاتا کہ صحیح شرعی قاضی شہر نے جسے امام مقرر کیا اور نمازیوں کی اکثریت بھی اسی پر راضی ہے اور وہ دیگر موجودین میں احق بالامامۃ بھی ہیں تو وہی منصب امامت کے زیادہ حقدار ہیں ، بلکہ چھ ماہ سے امامت کے منصب پر فائض ہیں اب انھیں اس منصب سے بلا وجہ شرعی معزول کرنا جائز نہیں ، ’’ لا يجوز عزل صاحب وظيفة  ‌بغير ‌جنحة‘‘ ۔تنویر الابصار مع در مختار میں ہے : ’’(والأحق بالإِمامة) ‌تقديما ‌بل ‌نصبا مجمع الأنهر((الأعلم بأحكام الصلاة)(ثم الأحسن تلاوة) وتجويدا‘‘ ۔(۱/۵۹۹)

اور رد المحتار میں فرمایا : امام راتب کے نصب کرنے کے اعتبار سے احق بالامامۃ بھی وہی ہے جو احکام صلوۃ کا سب سے زیادہ جانکار ہو ، پھر وہ جس کی قرات و تجوید زیادہ اچھی ہو۔۔۔ الخ ‘‘ ۔’’ ( بل نصبا) أي للإمام الراتب‘‘ ۔

در مختار میں کچھ سطور بعد فرمایا کہ اگر سب برابر ہوں تو قوم کو اختیار ہے جسے چاہیں امام متعین و مقرر اور نصب کرے اور اگر ان میں اختلاف واقع ہو جائے تو اکثریت کا اعتبار ہوگا ، اگر غیر اولی کو بڑھائیں گے تو برا کریں گے ، ’’و الیک نصہ:(أو الخيار إلى القوم) فإن اختلفوااعتبر أكثرهم؛ ولو قدموا غير الأولى أساءوا بلا إثم‘‘ و قال فی رد المحتار تحتہ :لا يظهر هذا إلا في المنصب‘‘۔

پھر ایسے امام کے بارے میں جس کی امامت سے قوم احق الامامت کی موجودگی میں راضی نہ ہو فرمایا:’’ (ولو ام قوما وهم له كارهون، إن) الكراهة (لفساد فيه أو لأنهم ‌أحق ‌بالإِمامة ‌منه كره) له ذلك تحريما(وإن هو أحق لا) والكراهة عليهم‘‘ ۔ (۶۰۲)

اور حاکم و عقیلی، طبرانی و ابن عدی و خطیب بغدادی نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت کی کہ حضور پر نور سید عالم ﷺ نے فرمایا : جو کسی جماعت سے ایک شخص کو کام پر مقرر کرے اور ان میں وہ موجود ہو جو اللہ عزوجل کو اس سے زیادہ پسندیدہ ہے ، بے شک اس نے اللہ اور رسول اور مسلمانوں سب کے ساتھ خیانت کی۔ واللہ تعالی اعلم۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف

۱۸ ؍ صفر المظفر ۱۴۴۷ ھ / ۱۲ ؍ اگست ۲۰۲۵ ء

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.