Home › Fatawa › Issues Of Heirship › Ref 643/2024 چرن جیوی پولیسی میں ملنے والی رقم کا شرعی حکمQuestion کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیان شرع متین درج ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ زید کا بذریعہ کار اکسیڈنٹ ہوا بعده زید کو ہاسپیٹل میں ایڈمیٹ کرایا گیا، ادھر زید کے بڑے بھائی بکر نے اکسیڈینٹ کرنے والے پر کیس کر دیا ادھر زید زیر علاج رہا اور اور ادھر اکسیڈینٹ کرنے والے نے صلح کی پیش کش کی اور کہا کہ جتنے اخراجات زید کے علاج و معالجه میں لگیں گے میں دوں گا، پھر اس نے کہا کہ ٹوٹل دس لاکھ روپیے لے لیجیے تو زید کے بھائی بکر کو لوگوں نے مشورہ دیا کہ کیس و مقدمہ سے کوئی فائدہ نہیں صلح کر لینا بہتر ہے تو بکر نے کیس کو ملتوی کر دیا، اور ادھر دوران علاج زید کا انتقال ہو گیا، بعد انتقال ساڑھے بارہ لاکھ میں صلح کر لی گئی۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ ساڑھے بارہ لاکھ روپیے کا حقدار کون ہے جبکہ زید کی ایک بیوی، ایک نابالغ بیٹا، ایک نابالغ بیٹی ایک ماں، تین بھائی، چار بہنیں موجود ہیں، لہذا وراثت کے اعتبار سے مذکورہ رقم کا مستحق کون کون ہے؟ ۲ ۔ زید کے انتقال کے بعد حکومت کی طرف سے بذریعہ چرن جیوی، پانچ لاکھ روپے زید کی ماں کے کھاتے میں آیا زید کے انتقال کرنے کی وجہ سے، لہذا مذکورہ رقم کا زید کے اہل خانہ میں سے کون کون مستحق ہے؟ ۳۔ مرحوم زید کی ایک ذاتی زمین اور ایک پیسٹ مشین اور ایک موٹر سائیکل نیز دیگر ضروریات کی چیزیں کپڑے وغیرہ ہیں ، لہذا مذکورہ اشیا و زمین کا حقدار کون کون ہے ؟ ٤۔ زید کو مرحوم باپ کی جائیداد اور وراثت میں سے جو حصہ ملا زید کے مذکورہ رشتہ داروں میں سے کون کون حقدار ہیں ؟ سوال نمبر ایک سے سوال نمبر چار تک کی ساری دولت و جائیداد کا مستحق کون کون ہے ؟ مرحوم زید کے قرض بھی ہیں ۔ مرحوم زید کے رشتہ دار: ایک بیوی ، ایک نابالغ بیٹا ایک ، نابالغ بیٹی ، ایک ماں، تین بھائی ، چار بہنیں ۔ مندرجہ والا سوالات کے جوابات قرآن و حدیث کی روشنی میں مفصل و مدلل عنایت فرما کر عند اللہ ماجور ہوں۔ المستفتی : محمد مشتاق دیا رضوی ، رضا چوک سجان گڑھ Answer الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب : مقتول کے ورثہ اور ڈرائیور کے درمیان جس رقم پر مصالحت ہوئی اس میں میت کے تمام ورثہ کا حق ہے وہ اس کی میراث شمار ہوگی جو کہ بمطابق قاعدہ شریعہ ان کے درمیان تقسیم کی جائے گی، کما فی الدیۃ فانھا حق جمیع الورثۃ و جاء فی الحدیث : ’’ وقضى رسول الله صلى الله عليه وسلم:أَنَّ العَقْلَ ميرَاث بَينَ وَرَثَةَ القَتيلِ عَلَى فَرَائضِهِمْ ‘‘ ( نسائی : ۴۴۶۸ ) و فی الفتاوی العالمکیریۃ : ’’ يجوز الصلح عن جناية العمد والخطأ في النفس وما دونها إلا أنه لو صالح في العمد على أكثر من الدية جاز۔۔۔ وفي الخطأ لو صالح على أكثر من الدية لا يجوز ۔۔۔‘‘ ( ج : ۴ ، ص : ۲۸۳ ) البتہ چرن جیوی پولیسی سے بعد موت جو رقم ملتی ہے وہ حکومت کی جانب سے امداد و عطیہ اور ایک قسم کا تبرع و احسان ہے ، میت کا قریبی رشتہ دار( ماں ،باپ یا بیوی ،بچے )جس کو بھی دینے کے ارادے سے حکومت نے وہ رقم بھیجی وہی اس کا مستحق اور بعد قبضہ مالک ہے ، یہ رقم جب کہ میت کے سب سے قریبی رشتہ دار کے لیے بطور خاص اس کے اکاؤنٹ میں آئی ہے برائے امداد و عیانت تو وہی اس کا مالک ہوتا ہے ، صورت مسئولہ میں وہ رقم یعنی پانچ لاکھ روپے میت کی والدہ کے اکاؤنٹ میں آئے ہیں تو شرعاً اور قانوناً اس کی ماں ہی اس رقم کی مالک ہوگی، وہ میراث و ترکہ نہیں کہ دیگر ورثہ کا بھی اس میں حق ہو ۔لہذا صورت مسئولہ میں برتقدیر صدق مستفتی و عدم موانع ارث و انحصار ورثہ فی المذکورین وصحت ترتیب اموات و تقدیم امور مقدمہ علی المیراث زید کا ترکہ یعنی جو کچھ اس نے کمایا ، جو کچھ اسے اپنے باپ کی جائیداد وراثت سے ملا نیز وہ رقم جو ایکسیڈنٹ کرنے والے نے دی ۷۲ ؍ سہام پر منقسم ہو کر ۱۲ ؍ حصے اس کی ماں کو، ۹ ؍ حصے اس کی زوجہ کو ملیں گے اور ما بقیہ۵۱ ؍ سہام میں سے ۳۴ ؍ حصے اس کے لڑکے کو اور ۱۷ ؍ حصے اس کی بیٹی کو ملیں گے ۔ فرمان باری تعالی ہے:( يُوصِيكُمُ اللَّهُ فِي أَوْلَادِكُمْ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الْأُنْثَيَيْنِ) (وَلِأَبَوَيْهِ لِكُلِّ وَاحِدٍ مِنْهُمَا السُّدُسُ مِمَّا تَرَكَ إِنْ كَانَ لَهُ وَلَدٌ) (وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِنْ لَمْ يَكُنْ لَكُمْ وَلَدٌ فَإِنْ كانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُمْ ۔۔۔الآیۃ) ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ و صلی اللہ تعالی علی رسولہ الاکرم و علی آلہ و صحبہ وسلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف ۷ ؍ محرم الحرام ۱۴۴۶ ھ Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
