Home › Fatawa › Issues Of Divorce › Ref 205/2021

Text size
translateاردو

واٹس ایپ پر دی گئی طلاق کا حکم

Question

کیا فرماتے ہیں علمائے دین مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ زید نے اپنی بیوی کو واٹس ایپ پر تحریری تین طلاقیں دی اب زید کا کہنا ہے کہ نہ تو میری طلاق کی نیت تھی اور نہ ہی مجھے طلاق کے مسائل سے واقفیت میں نے محض ڈرانے کے لیے اس کو ایسا کہا تو صورت مسئلہ میں حکم کیا ہوگا جواب عنایت فرمائیں۔ عین نوازش ہوگی ۔

المستفتی - محمد شاہ عالم - برتاپگڑھ

Answer

اللهم هداية الحق والصواب :”الكتاب کالخطاب “ (ہدایہ ، ج :  ۳ ، ص : ۲) ۔ تحریری طلاق بھی تقریری طلاق کی طرح واقع ہو جاتی ہے، مگر یہاں طلاق واقع ہونے کے لیے کچھ امور قابل لحاظ ہیں، اولاً یہ کہ مرد نے لفظ طلاق نہ لکھا ہو بلکہ اپنی زوجہ کی طرف طلاق کی نسبت و اضافت بھی کی ہو ، مثلاً یوں لکھا کہ تجھے طلاق یا ( یا بیوی کا نام لے کر) اسے طلاق اور اگر نسبت واضافت نہ کی ہو ، صرف طلاق کا لفظ لکھا ہو تو نیت دریافت کی جائے گی ، اس سے پوچھا جائے کہ تو نے کسے مراد لیا ؟  کہے : اپنی بیوی کو، طلاق واقع ہو جائےگی ۔  شامی میں ہے :’’وَلَا يَلْزَمُ ‌كَوْنُ ‌الْإِضَافَةِ ‌صَرِيحَةً فِي كَلَامِهِ؛ لِمَا فِي الْبَحْرِ لَوْ قَالَ: طَالِقٌ فَقِيلَ لَهُ مَنْ عَنَيْت؟ فَقَالَ امْرَأَتِي طَلُقَتْ امْرَأَتُهُ ‘‘ ۔ اور اگر اضافت نہ صراحۃً  ہو ، نہ نیت میں ہو تو طلاق واقع نہیں ہوگی، در مختیار میں ہے : ’’  ولم يقع لترکہ الاضافة الیھا ‘‘ ۔ اور یہ بات کہ نیت نہ تھی ، زید کے حلف پر ہے اگر وہ قسم کھا کر کہہ دے گا تو مان لیا جائے گا اور حکم طلاق نہ دیا جائے گا ۔ لہذا اگر زید نے صرف لفظ طلاق لکھا اور اس کی مراد اپنی بیوی کو طلاق دینے ہی کی تھی تو طلاق واقع ہو جائے گی ، ورنہ نہیں ۔ و اللہ تعالی اعلم ۔ ۱۲

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۲ ؍ ذو القعدہ ۱۴۴۲ ھ 

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.