Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 806/2025 کسی سید صاحب سے صادر ہونے والے بعض غیر شرعی امور اور ان سے توبہ و رجوعQuestion کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ: (۱) زید قوالی مزامیر کے ساتھ سنتا ہے، جس قوالی کے درمیان اچھل کود اور ایک شخص جو کہ قوال کا معاون ہے وہ قوالی کے دستور کے مطابق تالی بجاتا ہے مزید زید قوالی گانے والے کو انعام سے بھی نوازتا ہے نیز زید کے پاس مریضوں کا جنب غفیر لگا رہتا ہے جن میں بچے بوڑھے مرد عورت سب شامل ہیں عورتیں آتیں ہیں تو ان پر جھاڑ پھونک اور ان کے سروں پر برائے برکت ہاتھ رکھتا ہے؟ (۲) ہماری بستی میں زید نے ایک دیوبندی کی لڑکی کا نکاح ایک سنی لڑکے کے ساتھ پڑھایا بعد میں خبر ملی کہ لڑکی کو توبہ کرنے کے فورا بعد نکاح پڑھایا تو کیا زید کا یہ عمل ( تو بہ کے فورا بعد بغیر مدت گزرے اور بغیر آزمائے ) اس لڑکی کا نکاح پڑھانا کیسا ہے حالانکہ وہ لڑکی اپنے میکے والوں سے کھلے عام پہلے جیسے تعلقات رکھتی ہے؟ (۳) مذکورہ تمام افعال کو مد نظر رکھتے ہوئے زید پر کیا حکم شرع ہے نیز زید چونکہ سید ہے تو کیا اس نسبت کے باعث زید کے لیے کوئی تخفیف ہے یا عام مسلمانوں کی طرح ہی زید پر بھی حکم شرع عائد ہو گا ؟ (۴) حکم شرع نافذ ہونے کے بعد زید کو اپنی مجلسوں اور جلسوں میں بلا کر اونچی مسند مثلاً خصوصی مسند پر بیٹھا سکتے ہیں یا نہیں؟ (۵) اہل سنت کے کچھ نادان عوام جو زید کو علاقے کے بڑے بڑے عالموں اور باعمل سیدوں سے بھی زیادہ فوقیت دیتے ہیں ان کا یہ عمل کیسا ہے؟ (۶) غیر عالم کو پیر یا مرشد بنانا کیسا ہے؟ مذکورہ سوالوں کے جوابات شرع مطہر کی روشنی میں ارشاد فرما کر عند اللہ ماجور ہوں؟ المستفتی: عوام انگلیا عاقل ضلع رامپور (یوپی) Answer الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب : (۱) مزامیر کے ساتھ قوالی کے ناجائز و حرام ہونے پر تمام علما و صوفیا کا اتفاق ہے، مشائخ چشت کی جانب سماع بالمزامیر کی نسبت عند التحقیق جھوٹ و افترا ہے، جیسا کہ خود خلیفہ محبوب الہی حضرت فخر الدین زراوی نے اپنے رسالہ ’’ کشف القناع عن اصول السماع ‘‘ میں تصریح فرمائی:’’ سمع بعض المغلوبین السماع مع المزامیر فی غلبات الشوق ، و اما سماع مشائخنا رضی اللہ تعالی عنھم فبریٔ عن ھذہ التھمۃ ، و ھو مجرد صوت القوال مع الأشعار المشعرۃ من کمال صنعۃ اللہ تعالی ‘‘ ۔ ہمارے مشائخ چشت اس الزام سے بری ہیں۔ یوں ہی مشائخ سلسلہ چشتیہ نے متعدد رسائل و ملفوظات میں مزامیر کی حرمت کی تصریح فرمائی ہے۔ملفوظات محبوب الہی میں آپ کا یہ ملفوظ مندرج و موجود ہے کہ ’’ مزامیر حرام است ‘‘ وغیر ذلک من الملفوظات فی حرمۃ المعازف۔ اگر کسی صاحب کو اس کی حرمت میں شبہ ہو تو انھیں سرکار اعلی حضرت کے اس سے متعلق فتاوی کی طرف رجوع چاہیے، اگر نفس پرست اہل ہوا و ہوس نہ ہوگا ، طالب حق تحقیق و تحقیق حق ہوگا تو عند الشرع اس کی حرمت پر شک و تردد کو راہ باقی نہ رہ جائےگی۔’’ من اراد التحقیق بما لا مزید علیه فلیراجع مسائل السماع من الفتاوی الرضویۃ ‘‘ ۔ اور جس سماع کو بعض صوفیا نے اہل کے لیے جائز قرار دیا تھا وہ سماع بلا مزامیر تھا، اور اس کا جواز بھی متعدد شرائط سے مشروط تھا،یعنی سننے والے، سنانے والا،سنایا جانے والا کلام،موضع سماع، آلۂ سماع وغیرہ ذلک جب یہ سب محظورات شرعیہ سے پاک ہوں تب سماع یعنی سننا سنانا جائز ہے اور ہر کس و ناکس جانتا ہے کہ ’’ اذا فات الشرط فات المشروط‘‘ ، تو وہ جو قائلین جواز بھی تھے، آج کل کی مروجہ قوالی و نام نہاد سماع ان کے نزدیک بھی حرام ہے، تو قوالی کی حرمت متفق علیہ ہوئی، قوالی اور سماع کے نام پر آ ج جو کچھ بھی ہوتا ہے اسے جائز نہ کہےگا مگر مداہن فی الدین،اباحت پسند، خواہشات نفسانیہ کا پیروکار یا جاہل و ناجانکار۔ زید جبکہ سید زادے اور صاحب سلسلہ، و معظم دینی سمجھے ہیں تو ان پر بدرجہ اولی واجب ہے کہ ان امور سے ضرور بالضرور توبہ و پرہیز کریں۔ جو برأت نامہ سید صاحب کا موصول ہوا اس میں اس امر سے توبہ و رجوع مذکور نہ تھی، اگر چہ بعض امور سے توبہ مذکور ہے۔ برأت نامہ میں مروجہ قوالی کے عدم جواز کے قائل ہونے کے ساتھ اس بات کا اقرار بھی ہے کہ بعض موقعوں پر لوگوں کے اصرار پر اسی ناجائز قوالی کی محفل میں شریک ہو گیا تھا، یہ شرکت جبکہ اضطراری نہیں اختیاری تھی، تو اس اقراری حرام کام سے توبہ و رجوع ان پر شرعا لازم ہے۔واللہ تعالی اعلم۔ اگر عورتیں باپردہ آتی ہیں تو حرج نہیں، مگر ان کا بے پردہ آنا سخت حرام و ناجائز اور زید صاحب کا اس پر راضی رہنا یا علی الاقل منع نہ کرنا اور بے پردہ ہی ان سے معاملہ کرنا اگر بثبوت شرعی یعنی دو ثقہ عادل کی گواہی سے ثابت ہے تو یہ فعل گناہ ہے اور فتح باب ہزار فتنہ ہے، زید کا کہنا ہے کہ بے بردہ عورتوں سے ملنے اور تعویذ وغیرہ دینے سے پرہیز کرتا ہوں ، مگر پھر اقرار کیا کہ بسا اوقات بےتوجہی و بے خیالی میں لغزش واقع ہوئی یا بےاحتیاطی ہو گئی جس سے وہ اپنے برأت نامے میں اللہ کی بارگاہ میں ان الفاظ سے توبہ بھی کرتے ہیں:’’ ۔۔۔ہاں کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کسی محفل یا کسی جگہ خواتین بھی بڑی تعداد میں موجود رہتی ہیں اور ان میں سے کچھ حجاب میں نہیں ہوتی ہیں ، میں اس پر سخت برہم بھی ہوتا ہوں ، کبھی خواتین سر پر ہاتھ رکھوانے کی کوشش بھی کرتی ہیں ، مگر میں اس سے بھی حتی المقدور بچتا ہوں اور اس کو ہرگز روا نہیں جانتا ۔ پھر بھی اگر کہیں کوئی چوک ہوئی ہو تو میں اللہ رب العزت سے عفو و درگزر کا طلبگار ہوں ، مولی تعالی مجھے معاف بھی فرمائے اور میری حفاظت بھی فرمائے ‘‘ ۔ اب جبکہ زید صاحب اس لغزش کے خود اقراری ہیں تو اس کے ثبوت کے لیے عدول کی گواہی کی ضرورت نہیں، اقرار کرکے اس سے توبہ کرلی تو اس توبہ کی بنیاد پر ان پر الزام نہیں کہ حدیث پاک میں آتا ہے :’’ التائب من الذنب کمن لا ذنب لہ ‘‘ آئندہ کے لیے بھی زید صاحب کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ ان جرائم سے پرہیز کرنا ان پر لازم ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں اللہ تعالی ان کو اس توبہ پر استقامت نصیب فرمائی۔ (۲) اگر یہ عدول کی گواہی سے ثابت ہوتا کہ زید نے دیدہ و دانستہ ایک دیوبندی لڑکی کا سنی لڑکے سے بلا دیوبندیت سے توبہ کرائے نکاح پڑھایا تو زید پر سخت حکم ہو سکتا تھا، مگر جبکہ خود سائل کومقبول ہے کہ توبہ کرا کر نکاح پڑھایا تو اگر اس دیوبندی لڑکی کو بالتعیین دیوبندیت سے تبرّی کراکے از سر نو کلمۂ اسلام پڑھا کر توبہ کرائی (نہ کہ علی وجہ العادۃ توبہ کرائی ، جیسے کہ عام طور پر نکاح سے پہلے توبہ کروا دی جاتی ہے،بلکہ اس کی بدمذہبیت و دیوبندیت کو متعین کرکے اس سے توبہ کرا لی تھی) تب تو وہ نکاح شرعا درست ہوا، لڑکی کا اپنے دیوبندی رشتے داروں سے ملنا ملانا اس کا اپنا فعل و گناہ ہے، پڑھانے والا گنہ گار نہیں ۔ ہاں ! البتہ دامن احتیاط چھوڑنے والا ضرور ہوا، ظہور صلاح حال کی مدت تک انتظار ایک استحبابی و احتیاطی امر ہے ، ہر حالت میں واجبی نہیں۔ (۳) شریعت مطہرہ کے احکام سب کے لیے یکساں ہیں سید ہو کہ غیر سید، اگر ان الزامات کی واقعیت کسی سید صاحب پر بھی ثابت ہو تو سید صاحب بھی شرعاً فاسق و فاجر اور گنہ گار ناقابل پیری ہی قرار پائیں گے، مگر جبکہ سید خواہ غیر سید کسے باشد اپنے دانستہ گناہوں سے بالتعیین توبہ کرلے تو اب وہ شرعاً و قضاء ً بری ہے، اسے مورد الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا، اور جن الزامات کی واقعیت عدول کی گواہی سے نہ ثابت ہو سکے اور ملزم ان الزاموں سے حلفیہ منکر ہو ، جب بھی کسی کو شرعاً مجرم نہیں قرار دیا جا سکتا ۔ حدیث پاک میں ہے:’’ البینة علی المدعی و الیمین علی من انکر‘‘ ۔ ہاں ! یہاں سید و غیر سید میں ایک یہ فرق ضرور ہے کہ مسلمان سید کی تعظیم ہر حال میں واجب ہے، خواہ فاسق ہی کیوں نہ ہو، یہ بھی توحکم شرع ہی ہے۔ (۴) زید جبکہ اپنے ثابت یا اقراری گناہوں سے توبہ کرچکا اور باقی دعووں اور الزاموں کا ثبوت بذمہ مدعی ہے ، لہذا تآں کہ مدعی ثبوت شرعی نہ پیش کر دیں اور مدعی علیہ اس سے منکر ہو ، تب تک مدعا علیہ یا ملزم کو مجرم نہیں قرار دیا جا سکتا، اور بالفرض زید جو کہ سید ہے ، اس کا فسق ثابت بھی ہو جائے جب بھی اس کی تعظیم بمطابق فتاوی رضویہ واجب ہے، تو بوجہ سیادت معزز و ممتاز مقامات پر انہیں بٹھانے میں قباحت و حرج نہیں۔ (۵) فرق مراتب کا لحاظ ضروری ہے ، ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا کی روایت میں ہے : ’’ امرنا ان ننزل الناس منازلھم ‘‘ ۔ یعنی ہمیں حکم ہے کہ لوگون کو ان کے درجوں پر رکھیں ۔ (۶) سائلین کے تمام الزامات میں سے زید پر اس کے اقرار سے تین ہی الزام ثابت ہو سکے ہیں جن میں سے ایک سے انھوں نے توبہ کر لی ، تو اب دو ہی باقی رہے۔اول : محفل سماع میں شرکت (اس پر حکم گزرا) اور دوم : غیر عالم ہونا، غیر عالم ہونا فی نفسہ جرم و گناہ نہیں ، البتہ غیر عالم ہو کر پیری مریدی کرنا ضرور جرم و خطا ہے، اس لیے زید کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ محفل سماع میں شرکت سے توبہ کریں اور حصول علم دین کی سعی کریں، گھر پر کسی باضابطہ عالم کا تقرر کرکے حصول علم دین میں منہمک ہو جائیں ، جب تک بقدر ضرورت علم نہ حاصل کر لیں لوگ ان سے نہ بیعت ہوں اور نہ وہ کریں ، بعد حصول علم اگر اور شرائط کے جامع ہوں تو بیعت کر سکتے ہیں۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف ۱۸ ؍ محرم الحرام ۱۴۴۷ ھ / ۱۴ ؍ جولائی ۲۰۲۵ ء Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
