Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 805/2025

Text size
translateاردو

کسی پیر کو سراپا جمال مصطفی کہنا ؟

Question

کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ ایک شاعر نے شخص معین کی مدح میں ایک شعر پڑھا وہ شعر اس طرح ہے : ؎

جمالِ مصطفیٰ کو حضرت آفاق کہتے ہیں

کہ محبوبِ خدا کو حضرت آفاق کہتے ہیں

یہ شعر کہاں تک درست ہے از روئے شرع اس کا کیا حکم ہوگا ۔ تسلی بخش جواب عنایت فرما ئیں ۔ بینوا توجروا ۔

المستفتی : محمد انتخاب رضا

گرسہائے گنج ، قنوج

Answer

الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب : پہلے مصرع میں لفظ جمال علی الاقل دو معنی کا احتمال رکھتا ہے جمال ظاہری اور جمال باطنی۔

حسن و جمال ظاہری تو حضور نبی ٔ کریم علیہ الصلوۃ و التسلیم کا معجزہ ہے ، جس طرح حضرت یوسف علیہ السلام کا حسن و جمال ایک معجزہ ہے، قران پاک میں ہے:(قلن حاشا للہ ما ھذا بشرا ان ھذا الا ملک کریم) مفسرین کرام نے فرمایا کہ ان کو فرشتہ کہنا ان کے حسن و جمال کی وجہ سے تھا، یعنی ایسا حسن و جمال بشر میں دیکھا ہی نہیں گیا تھا ۔

صحیح مسلم کی روایت ہے کہ حضور علیہ الصلوۃ و السلام معراج کی رات حضرت یوسف علی نبینا و علیہ الصلوۃ و السلام سے ذکر ملاقات کے ضمن میں فرماتے ہیں:’’ ۔۔۔و اذا ھو قد اعطی شطر الحسن ‘‘ حضرت یوسف کو نصف حسن عطا کیا گیا تھا، امام ابن حجر عسقلانی حدیث معراج کے اس ٹکڑے کی شرح میں فرماتے ہیں:’’ ۔۔لکن روی الترمذی من حدیث انس ما بعث اللہ نبیا الا حسن الوجه حسن الصوت و کان نبیکم احسنھم وجھا و احسنھم صوتا، فعلی ھذا یحمل حدیث المعراج علی ان المراد غیر النبی صلی اللہ تعالی علیه وسلم و یؤیدہ قول من قال ان المتکلم لا یدخل فی عموم خطابه و اما حدیث الباب فقد حمله ابن المنیر علی ان المراد ان یوسف اعطی شطر الحسن الذی اوتیه نبینا صلی اللہ تعالی علیہ وسلم ۔۔۔انتھی (فتح الباری)

یعنی ؎

حسن یوسف دم عیسی ید بیضا داری

آنچہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری

حضرت براابن عازب سے دریافت کیا گیا کہ کیا حضور علیہ السلام کا چہرہ مبارک آفتاب کے مثل تھا فرمایا : نہیں ! بلکہ چودہویں کے چاند کے مثل تھا۔

حضرت حسان بن ثابت فرماتے ہیں:؎

و اجمل منک لم تر قط عینی  و احسن منک لم تلد النساء

خلقت مبرأ من کل عیب  کأنک قد خلقت کما تشاء

اور حسان الہند نے عرض کیا:؎

وہ کمال حسن حضور ہے کہ گمان نقص جہاں نہیں یہی پھول خار سے دور ہے یہی شمع ہے کہ دھواں نہیں۔

لہذا بیان بالا سے روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ حضور علیہ السلام مخلوق خدا میں سب سے زیادہ حسین و جمیل ہیں اور بخدا کوئی ان سا ہوا ہے نہ ہوگا ، نہ ہوسکتا ہے ، تو کسی کو ان کے حسن و جمال سے یا ان کے حسن وجمال کو کسی سے تشبیہ دینا یا استعارہ کرنا کیوں کر جائز ہو سکتا ہے؟

تیرے خُلق کو حق نے عظیم کہا تیری خَلق کو حق نے جمیل کیا

کوئی تجھ سا ہوا ہے نہ ہوگا شہا تیرے خالق حسن و ادا کی قسم

رہا جمال باطنی تو یقیناً جو سنت مصطفیٰ علیہ التحیۃ و الثنا کا آئینہ دار، شریعت محمدیہ علیہ الثنا و التحیہ کا پاس دار ہو، اٹھتے بیٹھے، کھاتے پیتے، سوتے جاگتے ، علی الاقل بحسب ظاہر حضور علیہ السلام کی سنن عادیہ کا بھی تارک نہ ہو ، جیسے ماضی قریب میں سرکار مفتی ٔ اعظم ہندرحمۃ اللہ تعالی علیہ کی ذات مبارکہ تھی، تو اسے سنت مصطفیٰ کا آئینہ دار کہہ سکتے ہیں ، مگر اس درجے کے محتاطین و مستقیمین اس زمانے میں نادر ہیں اور نادر پر حکم شرع کی بنا نہیں، اس امر کا تعلق بواطن قلب و نیت سے بھی نہیں ، بلکہ ظواہر سے ہے کہ اگر کسی بزرگ کا ظاہری حال شریعت و سنت مصطفیٰ علیہ التحیۃ و الثنا کا اس درجہ پابند نظر آئے اسے سنت مصطفیٰ کا آئینہ کہہ سکتے ہیں ، مگر یہ جبکہ زمانۂ زوال و انحطاط اور دور قحط الرجال ہے تو جو بظاہر نیک و پرہیزگار بھی نظر آتے ہیں، انھیں بھی عکس جمال مصطفیٰ کہنا درست نہیں، چہ جائے کہ سراپا جمال مصطفیٰ کہنا ، جیسا کہ مذکور فی السوال شعر کے مصرع اول میں کہا گیا ہے کہ عکس و آئینہ ہی نہیں بلکہ شخص معین کو جمال مصطفیٰ کہا گیا : ’’ جمال مصطفیٰ کو حضرت فلاں کہتے ہیں ‘‘ گویا حضرت فلاں جمال مصطفیٰ ہیں اور جمال مصطفیٰ حضرت فلاں ہے۔( استغفر اللہ )یہ سخت بےباکی و جرأت او ر ناجائز ہے۔

جمال مصطفیٰ میں جتنے معانی کا احتمال ہو سکتا ہے ان میں زیادہ تر معانی کا فی زمانہ کوئی شیخ و پیر مصداق نہیں، اس لیے ان پر اس کا اطلاق جائز نہیں۔

رہا مصرع ثانی میں محبوب خدا کہنا تو یقیناً اللہ تعالی کے نیک و پرہیز گار، تہجد گزار، پابند نوافل بندے ضرور اللہ کے محبوب ہوتے ہیں، حدیث پاک میں ہے حضور علیہ السلام نے فرمایا کہ اللہ فرماتا ہے:’’ لا یزال عبدی یتقرب الیّ بالنوافل حتی احبه فاذا احببتہ  کنت سمعه الذی یسمع به و بصره الذی یبصر بہ و یده التی یبطش بھا و رجله التی یمشی بھا ‘‘ ۔

 (یعنی میرا بندہ نوافل کے ذریعہ میرا تقرب چاہتا رہتا ہے یہاں تک کہ میں اسے اپنا محبوب کر لیتا ہوں اور اس کے کان ہو جاتا ہوں،پھرجب میں اسے محبوب کر لیتا ہوں تو میں خود اس کا وہ کان ہو جاتا ہوں جس سے وہ سنتا ہے اور اس کی وہ آنکھیں ہو جاتا ہوںجس سے دیکھتا ہے اور اس کا وہ ہاتھ جس سے کوئی چیز پکڑتا ہے اور اس کا وہ پاؤںجس سے وہ چلتا ہے ۔ )

تو ایسا بندۂ خدا یقیناً محبوب خدا ہے ، جیسے حضرت نظام الدین اولیا رضی اللہ تعالی عنہ کو محبوب الہی کہا جاتا ہے۔مگر یاد رہے ایسے بندگان خدا اقل قلیل ہی نظر آتے ہیں ۔ سرکار اعلی حضرت نے فرمایا کہ ایسے عباد اللہ کبریت احمر و کوہ یاقوت ہیں ۔ (۵۷۶/۱۶) یعنی جس طرح سرخ گندھک اور یاقوت کا پہاڑ نایاب ترین شے ہے ، یوں ہی ایسے محبوبان خدا عباد اللہ بھی دنیا میں انتہائی شاذ و نادر نظر آتے ہیں،

رجماً بالغیب کسی کو ایسا ٹھہرا لینا کیسے درست ہو سکتا ہے ؟ لیکن چوں کہ احتمال و امکان ہے تو حسن ظن کو ہاتھ سے جانے دینا درست نہیں، اس لیے جن بندگان خدا کا ظاہر شریعت و طریقت کا جامع، سنت مصطفیٰ کا عملی نمونہ ہو انھیں تحسینا للظن محبوبان خدا کہہ دیا تو شرعاً حرج نہیں، لیکن یہ عدم حرج انھیں کے حق میں ہے ، جن کا ظاہر و باطن پاک و صاف ہو (باطن کی ہمیں خبر کہاں، اور شق قلب کا ہمیں حکم نہیں، تو ہم ظاہر ہی کے مکلف، مگر عموما ًباطن کا تزکیہ و تصفیہ ظاہر ہو ہی جاتا ہے یا یوں کہیے کہ ظاہر کی صفائی و پاکی، باطن کی پاکی پر دلالت کرتی ہے) استقامت علی السنۃ، پابندئ فرائض و واجبات و مؤکدات تو کجا نوافل و مستحبات پر بھی عمل ہو۔ اور جس کی یہ صفات نہ ہوں اسے محبوب خدا کہنے میں ضرور شرعاً حرج ہوگا۔ واللہ تعالی اعلم ۔ ۱۲

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۱۸ ؍ محرم الحرام ۱۴۴۷ ھ / ۱۴ ؍ جولائی ۲۰۲۵ ء

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.