Home › Fatawa › Lawful / Unlawful › Ref 12 دھرم کوئی معنی نہیں رکھتا" کہنا از روئے شرع کیسا ہے؟"Question کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان ذوی الاحترام اس مسئلہ میں کہ زید جو کہ مسجد وعید گاہ کا امام ہے اور عالم بھی ہے۔اس نے واٹس ایپ کے ایک گروپ میں پوسٹ کرتے ہوئے یہ لکھا کہ : ’’میرے بھائی دھرم کوئی معنی نہیں رکھتا بلکہ انسانیت بہت معنی رکھتی ہے ہم سب کے باپ بابا آدم ہی ہیں ۔ہمارے بتانے سے کوئی مریض ٹھیک ہوجاتاہے ٹھیک ہونے کے بعد دعا ہی دے گا۔الخ۔‘‘ اسی میسج پر جب ایک عالم دین نے تنبیہ کی تو جواب میں زید نے یہ لکھا۔ ’’اس جگہ ایمان اور کفر کی بات نہیں ہورہی ہے۔‘‘ اور لکھاکہ: ’’مولانا ۔۔۔صاحب آپ خود ہی سمجھ سکتے ہیں کہ یہاں پر ایمان وکفر کی بات نہیں ہے بلکہ یہاں اغیار کو بتانا چاہتے ہیں کہ انسانیت ہی اہم ہے اور اغیار جس دن انسانیت سمجھ گئے دامن اسلام میں داخل ہوجائیں گے۔اس تحریر کو آپ بار بار پڑھئے اور نتیجہ دیکھیں۔‘‘ اب معلوم یہ کرنا ہے کہ زید کا یہ کہنا کہ دھرم کوئی معنے نہیں رکھتا بلکہ انسانیت بہت معنے رکھتی ہے۔شرعاً کیساہے؟ کیا زید کے پیچھے نماز پڑھنے کی اجازت ہے؟شریعت کا جو بھی حکم ہو بیان فرماکر عند اللہ ماجور ہوں۔ ( نوٹ۔ہم نے پوری پوسٹ کا اسکرین شارٹ بھی استفتا کے ساتھ پیش کردیا ہے۔) المستفتی : راحل رضا ازہری ، کاشی پور Answer الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : ’’ دھرم کوئی معنی نہیں رکھتا ‘‘ میں لفط دھرم ، دین کا ہندی ترجمہ ہے، اور مطلقاً تمام ادیان کی نفی ، دین اسلام کی نفی کو مستلزم ہے ، لہذا بغیر استثناء یا نفی کے بعد اثبات و اقرار حقانیت دین اسلام کئے، یہ جملہ بکنا ایسا ہی ہے جیسے کوئی محض ’’لا الہ‘‘ کا اقرار و اعتقاد کرے اور ’’الا اللہ‘‘ کا اقرار و اعتقاد نہ کرے ۔ بہار شریعت میں ہے کہ ’’لا الہ‘‘ (پڑھتا ہے کہنا ) بہت قبیح ہے کہ یہ نفی محض ہے جس کا مطلب یہ ہوا کہ کوئی خدا نہیں اور یہ معنی کفر ہے ۔ نیز سرکار اعلی حضرت قدس سرہٗ فرماتے ہیں : ’’علماء تو یہاںتک فرماتے ہیں کہ اس ’’لا‘‘ کا مد طویل نہ کرے کہ صورت نفی سے جلد جانب تصریح اثبات منتقل ہو جائے ۔ (رضویہ ، ج : ۱۱، ص: ۲۷۴ ) ۔ ایسا ہی یہاں ہے کہ اصل تو یہ ہے کہ کہا جاتا ’’لا دین الا دین الاسلام‘‘ یعنی دین اسلام کے سوا کوئی دین، دھرم نہیں ، یا دین اسلام کے سوا کوئی دین دھرم معنی نہیں رکھتا اور یہی مراد ہے اس فرمان باری تعالی میں : ’’ان الدین عند اللہ الاسلام ‘‘ ، لیکن دین اسلام کے استثناء کے بغیر تمام ادیان کی مطلقاً نفی کرنا لا دینیت ہے اور عرف عام میں بھی یہ بولی عموماً سیکیولریعنی لا دینی اور ملحد قسم کے لوگ بولتے ہیں اور اس نفی عام و تام پر قرینہ امام مذکور کا یہ کہنا ہے کہ ’’ہم سب کے باپ آدم ہی ہیں‘‘ ۔ مجمع الانھر شرح ملتقی الابحر میں ہے : ’’(یکفر) بقولہ لاحمیۃ ولا دین لی فی جواب من قال لیس لک حمیۃ ولا دین‘‘ ۔ (ج: ۲، ص: ۵۱۳ ) ۔ پھر بعد میں امام مذکور کا یہ کہنا کہ ’’ایمان و کفر کی بات نہیں ہو رہی‘‘ نری جہالت و حماقت ہے ، کیا دین ودھرم میں ایمان و کفر نہیں ہوتا؟ کیا دین اسلام میں اللہ و رسول پر ایمان لانا نہیں ہوتا اور باقی دھرموں میں اللہ و رسول سے کفر نہیں ہوتا ؟ کیا دین، دھرم ایمان و کفر کے علاوہ کسی اور چیز کا نام ہے ؟ بلکہ دین و ایمان تو بسا اوقات بطور مترادف ہی استعمال ہوتے ہیں ۔ سرکار مفتی اعظم ہند علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :؎ میرا دین و ایماں فرشتے جو پوچھیں تمہاری ہی جانب اشارہ کروں میں بہر حال شخص مذکور کو اس کفریہ جملہ سے علی الاعلان توبہ و استغفار لازم او ر احتیاطاً تجدید ایمان و تجدید نکاح بھی کرلے ۔ ردالمحتار کے حوالے سے صدر الشریعہ فرماتے ہیں : ’’کہنا کچھ چاہتا تھا اور زبان سے کفر کی بات نکل گئی تو کافر نہ ہوا یعنی جبکہ اس امر سے اظہار نفرت کرے کہ سننے والوں کو بھی معلوم ہو جائے کی غلطی سے یہ لفظ نکلا ہے ، او راگر بات کی پچ کی (یعنی اڑا رہا) تو اب کافر ہو گیا کہ کفر کی تائید کرتا ہے ‘‘ ۔ جب تک امام مذکور علی الاعلان توبہ و استغفار نہ کرے اس کے پیچھے نماز جائز نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم و صلی اللہ تعالی علی رسولہ الاکرم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفرلہٗ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف ۱۲ ؍ جمادی الاولی ، ۱۴۴۳ ھ /۱۸؍ دسمبر ، ۲۰۲۱ ء تصدیقات علمائے کرام : - الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی ، جامعۃ الخضراء ، مظفر پور الجواب صحیح و صواب و المجیب مصیب و مثاب ، واللہ تعالی اعلم ۔ افروز عالم نوری بریلوی غفر لہٗ ، خادم التدریس و الافتا ،۔ جامعہ رضویہ منظر الاسلام ،بریلی شریف صح الجواب ، واللہ اعلم بالصواب ۔ سید کفیل احمد ، عفی عنہ ، خادم الافتا ،جامعہ رضویہ ، منظر الاسلام بریلی شریف
Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
