Home › Fatawa › Issues Of Funeral › Ref 793/2025 حکومت کی زمین پر بنی قبر کا شرعی حکمQuestion کیا فرماتے ہیں علمائے شرع متین اس مسئلہ ذیل میں کہ رام پور کے شاہ باد روڈ پر ایک عمارت میں دو قبریں ہیں جو کہ روڈ چوڑی کرڑ کی زد میں آ رہی ہیں جس کی عمارت کو پرشاشن نے مسمار کر دیا ، قبریں موجود ہیں پرشاشن کا مطالبہ ہے کہ ان قبروں کو آپ خود ہی منتقل کر لیں ، یہ مزارات تقریبا ۷۰ ؍ سال پرانے ہیں جس کی شہادت تمام بستی کے مسلمان دے رہے ہیں اور جن جگہ پر مزار موجود ہیں وہ جگہ P. W. D. کی ہے۔ کیا شریعت میں قبر کو کھول کر دوسری جگہ منتقل کرنے کی اجازت ہے اہل بستی کا کہنا ہے کہ مزار کے اوپر روڈ ڈالا جائے گا اس سے بہتر ہے کہ مزار کو منتقل کر دیا جائے جواب دے کر عند اللہ ماجور ہوں۔ المستفتی : مسلمان پٹوائی ، ضلع رامپور ، یوپی Answer الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب : صورت مسئولہ میں اگر واقعی ميت کو مغصوبہ زمین میں دفن کر دیا گیا تھا اور اب حکومت اسے نکالنے اور ہموار کرنے پر مصر ہے، تو اصل حکم فقہی تو یہ ہے کہ مالک زمین کو اختیار ہے کہ میت کی نعش کسی دوسری جگہ منتقل کر دیں یا قبر برابر کر کے اس پر روڈ وغیرہ جو چاہے بنائیں ۔ اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں : مالک کو اختیار ہے کہ میت کی نعش نکال دے اور اپنی زمین خالی کر لے یا نعش رہنے دے اور قبر برابر کر کے اس پر جو چاہے بنائے ، چلے ، پھرے، تصرفات کرے کہ قبر کی جو حدیثیں ہیں ایسی ناجائز قبر کے لیے نہیں ، رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم فرماتے ہیں: ’’ ليس لعرق ظالم حق‘‘ ۔ در مختار میں ہے : ’’ لا يخرج منہ بعد إھالۃ التراب إلا لحق ادمي کأن تکون الارض مغصوبۃ و يخير المالک بين إخراجہ و مساواتہ بالأرض ‘‘ ۔ اور صورت مسئولہ میں مسلمان جبکہ لاچار ہیں اور حکومت کسی طرح قبر کے باقی رہنے پر راضی نہیں اور قبر بھی نصف صدی سے زائد پرانی ہے تو نبش نعش اور ہتک حرمت مسلم و ستر رب العالمين سے بہتر ہے کہ قبر کو برابر کر دیں ۔ ’’ اذا ابتلي ببلیتین فلیختر اھونھما ‘‘۔ اور یہ حکم جب ہے کہ یقین سے معلوم ہو کہ اگر روڈ بنےگا تو حکومت کے لوگ قبر کی کھدائی نہیں کریں گے اور اگر شبہ و اندیشہ ہو کہ حکومت قبر کی بے حرمتی کر سکتی ہے اس کے کارندے قبر کھول کر میت کی بے حرمتی کر سکتے ہیں، تو خود ہی نعش کو دوسری جگہ منتقل کر دیں. واللہ تعالی اعلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف ۲۹ ؍ ذو الحجہ ۱۴۴۶ ھ / ۲۶ ؍ جون ۲۰۲۵ ء Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
