Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 792/2025 گمراہ کےلیے ترقئی درجات کی دعا کرناQuestion کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ سلسلہ عارفیہ نوریہ حیدر آباد کا ایک جعلی پیر جس کا نام عارف الدین جیلانی ابن نوری شاہ تھا ۔ جس کے متعلق گمراہ، گمراہ گر اور جہنمی ہونے کا فتویٰ چھپا تھا اور اس فتوی پر دیگر علمائے کرام کے ساتھ ہی ساتھ تاج الشریعہ علیہ الرحمۃ والرضوان کی بھی تصدیق ہے جسے ابھی حال ہی میں رضا اکیڈمی بمبئی نے بھی ہندی اور اردو زبان میں شائع کیا ہے۔ مذکورہ سلسلہ کے احوال و کوائف کی جانکاری کے لیے پمفلیٹ کا فوٹو اس استفتاء کے ساتھ منسلک ہے۔ تقریباً ۲ سال قبل پیر مذکور کے مرجانے پر امبر ناتھ ویسٹ کے کئی اماموں نے اس کےعقائد پر مطلع ہونے کے باوجود بعد نماز جمعہ کثیر نمازیوں کی موجودگی میں اس طرح دعا کیا حضرت عارف الدین جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کے درجات بلند فرمائے اور ان کا فیض عام سے عام تر فرمائے وغیرہ وغیرہ۔ دریافت طلب امر یہ ہے کہ ایسے پیر کے متعلق اس طرح دعا کرنے والے افراد پر شریعت مطہرہ کیا حکم نافذ کرتی ہے؟ اور ایسے امام کے پیچھے نماز پڑھنا درست ہے یا نہیں؟ بہت جلد حکم شرع سے مطلع فرمانے کی زحمت ہو۔ بینوا توجروا المستفى : محمد اسرار رضا قادری رضوی خطیب و امام گجراتن مسجد شہر بلرامپور - (یوپی ) ٤ رمضان المبارك هج مطابق ٥ مارچ ۲۰۲۵ م Answer الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب : مذکور في السوال نام نہاد پیر کی نسبت جب معلوم و مشہور ہو چکا تھا کہ وہ گمراہ و گمراہ گر ، ضال، مضل ہے تو اس کی( بوجہ اندیشہ ابتلائے عوام) نماز جنازہ تک پڑھنے کی اجازت نہیں ، دعائے ترقیٔ درجات و طلب فیوض و برکات کی کیوں کر اجازت ہو؟ متعدد حدیثوں میں بدمذہبوں کی نسبت ارشاد ہوا کہ : ’’ان ماتوا فلا تشھدواھم‘‘ اگر ضال، مضل مر جائے تو اس کے جنازے پر نہ جائیں’’ ولا تصلوا علیھم‘‘ اور اس کے جنازے کی نماز نہ پڑھو ۔ نماز جنازہ اور دعائے استغفار جو بڑے بڑے گناہ گار مسلمان کے لیے بجا لانے کا حکم ہے مگر بد مذہب و گمراہ کے لیے علانیہ اس تک کی اجازت نہیں تو دعائے ترقی درجات کیسے جائز ہو سکتی ہے؟ بد مذہب کے لیے رفع درجات کی دعا کرنا اور مثل اولیا اللہ( معاذ اللہ) اس کے روحانی فیوض و برکات ماننا، پھر اس کے طلب اور عام ہونے کی دعا کرنا، سب سخت ناجائز و حرام، بد کام و بد انجام بلکہ مفضی و منجر الی الضلالہ ہیں، اس سے ان احادیث کی تکذیب لازم اتی ہے جن میں گمراہوں کا دوزخ میں جانا وارد ہوا ہے اگرچہ غیر واصل الی حد الکفر کے لیے صرف دخول في النار ہے، خلود فی النار نہیں، مگر جبکہ دخول في النار ثابت تو دعائے ترقیٔ درجات کا مطلب یہ ہوا کہ وہ اس کے لیے دخول فی النار نہیں مانتا اور یہ حدیث پاک کی تکذیب اور استہزا ہے۔ ترقیٔ درجات تو اس کی ہو جس کا جہنم سے نجات یافتہ ہونا مرجو و مظنون ہو اور جس کے دخول فی النار کا اندیشہ و خوف ہو اس کے لیے زیادہ سے زیادہ مغفرت اور جہنم سے نجات کی دعا کی جا سکتی تھی جبکہ اس سے دینی محبت یا اس کی بدعات و ضلالت کو سہل اور ہلکا سمجھنے کی بنا پر نہ ہو اور اگر اس طور پر ہو تو اس کی بھی اجازت نہیں، اس طور پر کرے گا تو انھیں میں شمار ہوگا، یہ حکم محض اس طور پر اس کے لیے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کرنے کا ہے نہ کہ دعائے ترقیٔ درجات کا،جو مطلع ہونے کے باوجود کسی بد مذہب و گمراہ کے لیے دعائے ترقیٔ درجات کرے اس سے فیوض و برکات کا طالب ہو تو وہ ضرور اس کی بدمذہبی و ضلالت کو ہلکا و سہل بلکہ بد مذہبی کو بد مذہبی ہی نہیں جانتا تو ایسا شخص خود گمراہ ہے، سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں: ہاں جو تبرائی نہیں جیسے تفضیلی ، انھیں ثواب پہنچ سکتا ہے اور پہنچانا بھی حرام نہیں ، جبکہ ان سے دینی محبت یا ان کی بدعت کو سہیل و آسان سمجھنے کی بنا پر نہ ہو ورنہ ( انکم إذا مثلھم) یہ بھی انھیں میں شمار ہوگا۔ ( فتاوی رضویہ :ج : ٧، ص : ٤٣٤) لہذا جن اماموں نے دیدہ و دانستہ اس کے لیے اسی طور پر دعائے ترقیٔ درجات کی، وہ حکم میں اس کے شریک ہیں اور جو دنیوی طمع و لالچ یا دباؤ میں ( گمراہی کو گمراہی جانتے ہوئے) شریک دعا ہو گئے وہ علی الاقل فاسق و فاجر ہیں ان کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہے ، تاوقتیکہ کے توبہ صحیحہ شرعیہ اور رجوع و استغفار نہ کر لیں ۔ اللہ تعالی اعلم۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف ۲۶ ؍ شوال المکرم ۱۴۴۶ ھ / ۲۵ ؍ اپریل ۲۰۲۵ ء تصدیقات : - صح الجواب ، واللہ تعالی اعلم بالصواب ۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی ، جامعہ الخضرا ، مظفر پور، بہار صح الجواب ، واللہ تعالی اعلم بالصواب ۔ محمد افروز عالم نوری بریلوی غفر لہٗ ، خادم التدریس و الافتا جامعہ رضویہ منظر اسلام بریلی شریف الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ فقیر قادری سید کفیل احمد عفی عنہ ، خادم الافتا منظر اسلام بریلی شریف Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
