Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 657/2024 جھوٹا فتوی لینے والے کا شرعی حکمQuestion بخدمت حضرت مفتی ارسلان رضا خان صاحب ازہری دامت برکاتہم العالیہ بعد آداب کے عرض خدمت کرتا ہوں کہ کچھ دن پہلے زبیر نام کے شخص نے رضوی دار الافتا سے ایک استفتا زید و بکر کے نام سے لیا تھا۔ پھر سوال کے مطابق جواب ملنے کے بعد جب وہ الہ آباد آیا تو یہاں پر اس نے اس فتاوی کے نیچے نوٹ لگا کر کی یہ فتوی خانقاہ صوفی ملت کے سجاد نشین کے خلاف ہے اور حضرت صوفی ملت کے عرس میں ہنگامہ کرنے کی کوشش کی جس کے بعد دار الافتا سے ایک وضاحتی بیان بھی آیا تھا کہ یہ فتوی کسی معین شخص کے بارے میں نہیں ہے اس وقت معاملہ ختم ہو گیا۔ اب کچھ دن پہلے ۲۸ جولائی ۲۰۲۴ ء کو ہنوتی کی ایک خانقاہ زیدیہ میں سید عاقل رضا افتخاری سجادہ نشین خانقاہ صوفی ملت کے خلاف اس فتوے کی بنیاد پر ایک مضمون لکھ کر اس پر کچھ لوگوں کی دستخط کروا کر ان کے خلاف سازش کی گئی جس میں لوگوں سے اپیل کی گئی کہ سید صاحب ایک مشکوک شخص ہیں لہذا ان سے مرید ہونا ان کو پروگرام وغیرہ میں بلانے سے پر ہیز کیا جائے جب بانی خانقاہ زیدیہ کو ساری باتیں پتہ تھی کہ یہ فتوی سید صاحب کے لیے نہیں تھا۔ لہٰذا عرض یہ ہے کہ : (۱) آپ اس بات کی خود وضاحت فرما دیجئے کی کیا جو فتویٰ رضوی دار الافتاء سے کیا گیا وہ فتاوی سید صاحب کے متعلق ہے۔ (۲) جن لوگوں نے فتوے پر نوٹ لگا کر چلایا ان پر شریعت کا کیا حکم ہوگا۔ (۳) جھوٹ بول کر فتویٰ لینا اور اس کو کسی شخص معین پر چسپا کرنا اور اسکا مصداق ٹھہرانا بنا ثبوت شرعیہ کے. تو کیا کسی مسلمان پر بنا ثبوت شرعیہ جھوٹا الزام لگانا اور پھر اس کو عوام میں پھیلانا کیا یہ درست ہے۔ جب کی ہم سب جاتے ہیں کہ یہ الزام بالکل غلط ہے۔ (۴) جب کہ زید (پانی خانقاہ جو صوفی صاحب کا مرید بھی ہے) کو یہ بات پتہ تھی کی یہ فتویٰ سید صاحب کے لیے نہیں تھا پھر بھی میٹنگ کر کے ان کے خلاف عوام اہل سنت کو بھڑکانا اور یہ اپیل کرنا کی سید صاحب سے دینی معاملات یعنی پیری مریدی امامت تقریر و غیرہ کرنے سے بچے کیسا ہے۔ (۵) جو لوگ اس میٹنگ میں شریک تھے ان پر شریعت کا کیا حکم لگے گا۔ (۶) زید جس نے کچھ دن پہلے خانقاہ بنائی ہے جب کہ وہ عالم بھی نہیں ہے اس نے سب باتیں جاننے کے بعد بھی سید صاحب کے خلاف حکم لگایا اور لوگوں سے دستخط بھی کروایا جس کی کاپی استفتا کے ساتھ لگی ہے. اس پر شریعت کا کیا حکم ہوگا۔ (۷) شک کی بنیاد پر کسی شخص سے دینی معاملات سے اجتناب کا حکم دینا کیسا۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرما کر شکریہ کا موقعہ عطا فرمائے۔ المستفتی : ایڈوکیٹ عبد الواحد افتخاری و جملہ اراکین خانقاہ صوفی ملت نوری نگر سکندرہ آلہ آباد Answer الجواب اللھم ہدایۃ الحق و الصواب : دار الافتا کا کام بر تقدیر صدق مستفتی حکم شرع سے آگاہ کر دینا ہے ، باقی رہا یہ کہ کون اس حکم کا مصداق ہے اور کون نہیں تو یہ دار القضا کا کام ہے ، یعنی حکم شرع بیان کرنا کارِ مفتی ہے اور اس حکم کو ثبوت شرعیہ کی روشنی میں نافذ کرنا فعلِ قاضی شرع ہے ۔ سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں : ’’ یہاں فتوی دیا جاتا ہے ، دار القضا نہیں کہ فریقین کے بیان سننا تحقیقات امر واقع لازم ہو ، مفتی تو صورت سوال کا جواب دے گا ، اس سے بحث نہیں کہ واقع کیا ہے ، نہ فریقین کا بیان سننا اس پر لازم ، نہ اس کا کام ۔ ہاں ! اتنا ضرور ہے کہ سوال ظاہر البطلان ہو تو اس کا جواب نہ دے اور دے تو اس کی غلطی ظاہر کر دے تاکہ وہ اپنے فتوے سے باطل کا مددگار نہ بنے ‘‘ ۔ ( رضویہ ، ج : ۱۲ ، ص : ۱۸۳ ) رضوی دار الافتا میں جو سوال مذکور فی السوال شخص کے نام سے آیا تھا وہ ظاہر البطلان نہ تھا ، بلکہ مستفتی نے اس میں خیانت سے کام لیا تھا اور مجیب سوال اول کو صورت واقعہ سے اندھیرے میں بھی رکھا تھا ، بلکہ فاضل مجیب کا بیان ہے کہ ان کو بتایا گیا تھا کہ یہ سوال اس علاقے کی بدنام زمانہ خانقاہ سے متعلق ہے اگر چہ وہ جرائم جو سوال میں مندرج تھے اس خانقاہ کے ارباب کے جرائم کے آگے ہیچ تھے ، اس لیے فاضل مجیب کو بھی شبہ ہوا کہ جو اعلی جرائم میں مبتلا ہے اس کے ادنی جرائم کیوں شمار کرائے جا رہے ہیں ، مگر چوں کہ تحقیق و تفتیش مفتی کی ذمہ داری نہیں بلکہ صورت سوال کا جواب دینا اس کا وظیفہ ہے ، اس لیے انہوں نے قواعد اصول شر ع کی روشنی میں جواب بمطابق سوال بالکل صحیح تحریر فرمایا جس پر فقیر راقم الحروف کے تصدیقی کلمات بھی ثبت ہیں ، مگر اب معلوم ہوا کہ اس مستفتی نے کئی خیانتیں کی ہیں ، دار الافتا سے جھوٹ بول کر فتوی لینا ، پھر اس فتوے کو بنیاد بنا کر بلا ثبوت شرعی کسی مسلمان کو فاسق عملی بلکہ فاسق اعتقادی مشہور کرانا اور فتنہ و فساد کا دروازہ کھولنا حرام حرام اشد حرام کام ہے ، آداب استفتا سے ہے کہ سوال زید ، بکر ، عمرو جیسے فرضی نام سے کرنا چاہئے اور ان فرضی نام سے سوال کرنے کا مقصد ایک یہ بھی ہوتا ہے کہ شخص معین پر بلا ثبوت شرعی حکم عائد نہ کر دیا جائے ، اگر اس ادب کی رعایت نہ کی جائے تو معاشرے سے امان اٹھ جائے اور جو جس کو چاہے بلا ثبوت شرعی متہم کر کے کے اس پر فتوے لگواتا پھرے ، جبکہ حکم مطلق اور حکم معین میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے ، مطلقاً تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ، مگر کسی معین کو جھوٹا کہہ کر اس پر معین لعنت بھیجنے کی ہر گز اجازت نہیں ، اس تقریر سے واضح ہے کہ شخص معین پر حکم لگانے کے لیے شرعی ثبوت درکار ہیں اور وہ ثقہ عادل دو مرد یا ایک مرد دو عورتیں ہیں یا مجرم اپنے جرم کا خود اقراری ہو اور جو بلا ثبوت شرعی ثبوت کسی مسلمان کی نسبت گناہ کبیرہ کی طرف کرے وہ خود گنہ گار ہے ۔ شرح فقہ اکبر میں ہے : ’’ لا تجوز نسبۃ مسلم الی کبیرۃ من غیر تحقیق ‘‘ ۔ مذکورہ بالا تفصیل کی روشنی میں حکم شرع یہ ہے کہ اگر سوال اول کے مستفتی نے خیانت سے کام لے کر کسی مسلمان کو فسق اعتقادی تک پہنچانے کی کوشش کی اور فتوے کے حکم کا بلا ثبوت شرعی شخص معین کو مصداق ٹھہرایا تو وہ خود گنہ گار ہے اور جس پر تہمت و افترا کی وہ بری ہے ، اور عناداً و حسداً اس پر تہمت رکھ دینے سے وہ مشکوک بھی نہیں ہو جاتا ، مشکوک اس وقت ہو تا جبکہ ایسی حرکتوں میں معروف ہوتا جس سے لوگوں کو اس کے متعلق بد گمانی ہوتی ، حدث پاک میں ہے : ’’ اتقوا مواضع التھم ‘‘ مثلاً اگر کوئی شخص اپنے اپ کو سنی کہتا ہے اور معمولات اہل سنت پر قائم بھی ہے مگر بدمذہبوں سے رشتہ داریاں بھی کرتا ہے اور ان سے گھلا ملا بھی رہتا ہے تو اگر چہ اسے بلا ثبوت شرعی بدمذہب نہیں کہا جا سکتا ، مگر وہ متہم و مشکوک ضرور ہے کہ اس نے بدمذہبوں سے شیر و شکر ہو کر خود کو تہمت کے لیے پیش کیا اور خود کو دائرئہ شکوک میں لایا ۔ صورت مسئولہ میں جب انہوں نے ایسی کوئی حرکت نہیں کی تو انہیں مشکوک بھی نہیں کہا جا سکتا ۔ جب وہ شرعاً نہ مجرم نہ مشکوک تو اگر شرائط امامت و خطابت کے جامع ہیں تو امامت بھی کر سکتے ہیں اور خطابت بھی ، یوں ہی اگر شرائط پیری کے جامع ہیں تو بیعت کرنے میں بھی شرعاً کوئی گرفت نہیں ۔ و اللہ تعالی اعلم ۔ ۱۲ کتبہ : فقیر ارسلان رضا قادری غفر لہ رضوی دار الافتا مرکز اہل سنت بریلی شریف مورخہ : ۱ ؍ صفر المظفر ۱۴۴۶ ھ
Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif. A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case. |
