Home › Fatawa › Issues Of Prayer › Ref 379/2025

Text size
translateاردو

جنازہ کے سامنے فرض نماز پڑھنے کا شرعی حکم

Question

کیا فرماتے ہیں علمائے زول احتشام مسئلہ ذیل کے بارے میں کے چند روز قبل تقریبا 300 لوگوں کو نماز ظہر جنازہ گاہ میں اس حال میں پڑھائی گئی کہ میت سامنے رکھا ہوا تھا نماز جنازہ کے بعد تکفین ہوئی اور لوگ منتشر ہو گئے تو بعض لوگوں نے اس پر اعتراض کیا کہ نماز نہیں ہوئی کہ قبر کے سامنے نماز مکروہ تحریمی ہوتی ہے لہذا میت کے سامنے بھی نماز مکروہ تحریمی ہی ہونی چاہیے فقہ کی کتابوں کی طرف رجوع کرنے سے قبر کے سامنے نماز پڑھنے کی علت یہ سمجھ میں ائی کہ لوگ پچھلے زمانوں میں قبروں کی پوجا کرتے تھے تو تشبہ بالعبادت کی بنا پر قبروں کے سامنے رکوع و سجود والی نماز مکروہ قرار پائی زندہ آدمی سامنے لیٹا ہو اور مواجہہ نہیں ہو تو نماز ہو جاتی ہے کہ اس طرح نماز پڑھنے میں تشبہ بالعبادت نہیں اب ایک طرف قبر کے سامنے تشبہ بالعبادت ہونے کی وجہ سے نماز کی کراہت منصوص اور دوسری طرف زندہ لیٹا ہو تو اس کے سامنے نماز کا بلا کراہت ہو جانا یہ بھی منصوص کہ زندہ آدمی کے سامنے نماز پڑھنے میں تشبہ نہیں کہ اس طرح زندوں کی عبادت نہیں کی جاتی تھی اب آیا کہ جنازہ سامنے رکھ کر نماز مکروہ تحریمی ہے یا زندہ کے سامنے پڑھی جانے والی نماز کی طرح بلا کراہت درست؟ اگر مکروہ تحریمی ہے اور علت تشبہ ہے تو کیا ایسی کوئی مثال ملتی ہے کہ اس طرح مردوں کو سامنے رکھ کر عبادت کی جاتی ہو جس طرح قبروں کی جاتی تھی یا پھر کسی اور علت کی بنیاد پر کراہت ہوگی

 کتب فقہ سے جزئیات سے مزین فرما کر جواب عنایت فرمائیں کہ سب کو تشفی مل جائے نیز یہ بھی ارشاد فرمائیں کہ اگر مکروہ تحریمی واجب العیادہ ہوئی تو لوگ منتشر ہو چکے ہیں اعادہ کا حکم کس حد تک پہنچانے سے ذمہ داری سے سبکدوش ہو سکتے ہیں

 المستفیان بشیر القادری وومصلیان علاقہ نگر وٹہ (جموں)

Answer

الجواب اللھم ہدایۃ الحق و الصواب : کچھ اشیا ایسی ہوتی ہیں جن کا نمازی کے روبرو (یا خاص صورت و ہیئت میں ارد گرد) ہونے سے نماز میں کراہت تحریمی آ جاتی ہے، اور اس کراہت کی وجہ اس شئ کے پرستاروں اور عابدوںسے مشابہت ہے، یعنی جن جن اشیاکے بارے میں معلوم و ثابت ہوتا جائے کہ اس شی کی عبادت کی جاتی تھی یا کی جاتی ہے تو اس شی کا حالت نماز میں نمازی کے سامنے (یا مخصوص ہیئت و وضع میں ارد گرد) ہونا نماز میں موجب کراہت تحریمی ہے، رد المحتار میں ہے:’’ أن کراھۃ استقبال بعض الأشیاء باعتبار التشبہ بعبادھا ‘‘ ۔ (ص:۷۰۲،ج:۱) بعبارت اخریٰ نماز میں ثبوت کراہت کے لیے اعتبار، کفار کا اس شی کی عبادت کرنا ہے۔(باعتبارہ تثبت الکراھۃ) یعنی اولا ً یہ ثابت ہو کہ اس شی کو کفار و مشرکین کی ایک جماعت پوجتی ہے ۔ ثانیاً یہ کہ اس کے عباد (پرستاروں) سے مشابہت پائی جائے۔ تو اسی شی کے سامنے نماز مکروہ ہوگی جس شی کی عبادت کی جاتی ہو ۔ اور کراہت کی علت واضح ہے اور وہ یہی ہے کہ اس شی کے عباد و پرستاروں سے مشابہت ۔ یاد رہے کہ مطلقا تشبہ ، کراہت کی علت نہیں ، بلکہ تشبہ بعباد الشی علتِ کراہت ہے۔ تشبہ بعباد شی میں اس شی کا کفار کی جانب سے پوجا جانا متحقق ہے۔(اگر وہ شی پوجی نہ جارہی ہوتی تو اس کے عباد (پوجنے والے)ہی نہ ہوتے) تبھی اس شی کے بخاص وضع مصلی کے آگے ہونے سے مشابہت پیدا ہوگی ، ورنہ تو کسی بھی معظم و محترم شئ کے نماز میں باہیئت مخصوصہ سامنے ہونے سے شبہ پایا جا رہا ہے، مگر نماز اسی وقت مکروہ ہے جبکہ تشبہ بعباد الشی ہو۔کما مر)

 مذکورہ ذیل مثالوں میں غور کرنے سے یہ فرق واضح ہو سکتا ہے:

 ( ۱) فقہا نے فرمایا کہ جلتی ہوئی شمع، چراغ یا مومبتی کے آگے نماز پڑھنے سے نماز میں کراہت نہیں آئےگی۔ وجہ؟ اس لیے کہ مجوسی اس آگ کو نہیں پوجتے تھے ،بلکہ جلتے ہوئے انگارے پوجتے تھے۔ لہذا یہاں تشبہ بعباد الشی نہیں پائی گئی، اسی وجہ سے کراہت نہیں۔(یعنی یہاں شبہ تو ہے ، مگر تشبہ خاص نہیں)۔ 

 (۲) مصحف شریف اگر نمازی کے آگے معلق ہو تو نماز میں کراہت نہیں، اگر چہ بعض علما اس میں تشبہ باہل الکتاب کی وجہ سے کراہت دیکھتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ اہل کتاب اپنی نمازوں میں اپنے مصاحف سامنے کھول کر رکھتے ہیں تاکہ اس سے دیکھ کر پڑھ سکیں، (یہاں بھی تشبہ ہے ، مگر تشبہ بعباد الشی نہیں ، کیوں کہ مصحف کی عبادت نہیں کی جاتی)اہل کتاب مصحف کی عبادت نہیں کرتے ، بلکہ مصحف کو دیکھ کر پڑھنے کے لیے آگے رکھتے ہیں، تو یہ تشبہ باہل الکتاب ہوا نہ تشبہ بعباد الکتاب۔ لہذا کراہت نہیں۔

 (۳)اسی طرح سیف معلق ہے ، کہ تلوار اگر چہ آلۂ حرب ہے اور اس کو سامنے لٹکا کر نماز پڑھنے سے تشبہ بعبادت و تعظیم شی کا شبہ ہو سکتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بعض علما نے اس کی کراہت کا بھی قول کیا ۔جیسا کہ امام نخعی کی طرف یہ قول منسوب ہے ولو بطریق ضعیف، مگر ہمارے علما نے اس کا جواب بھی یہی دیا کہ بے شک وہ آلۂ حرب ہے اور نماز بھی محل حرب ہے (اپنی خواہشات سے حرب کا موقع) اسی وجہ سے طاق کو محراب (موضع حرب) کہا جاتا ہے۔ اور یہ کہ تلوار کی عبادت نہیں کی جاتی۔

 ( ۴) یوں ہی درخت ہے ، یوں ہی چھوٹی تصاویر کا معاملہ ہے ۔

 خلاصہ یہ کہ ثبوت کراہت باعتبار عبادت ہے، اگر اس شی کی عبادت کی جاتی ہے تو اس کی سامنے ہونے (یا موجودگی میں) نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہے، اگر عبادت نہیں کی جاتی تو کراہت نہیں ہوتی خواہ کتنی ہی مشابہت پائی جائے۔صاحب نور الانوار اور اصولیوں نے حسن لغیرہ کی مثال میں نماز جنازہ کو پیش کیا، حسن لغیرہ کہنے کی وجہ بحسب ظاہر تشبہ بعبادت الاصنام بتائی ، حالانکہ مقام غور ہے کہ جنازہ و میت ، صنم یا وثن نہیں بلکہ مردہ ہے، صنم یا وثن بت کو کہتے ہیں اور بت پتھر یا لکڑی یا کسی معدن سے بنے ہوئے تمثال کو کہتے ہیں، نہ کہ مردہ یا میت یا جنازے کو بت یا تمثال یا صورت یا صنم یا وثن کہتے ہیں ۔ معلوم ہوا کہ نماز جنازہ کو ان کا تشبہ بعبادت الاصنام کہنا ظاہراً ہے، حقیقۃً نہیں۔

  اور اوپر گزرا کہ نماز میں اسی شی کے روبرو ہونے سے کراہت تحریمی آتی ہے جس شی کی عبادت کی جاتی ہو۔ اور اس کراہت کی وجہ اس شی کے عباد سے مشابہت ہے، نہ کہ مطلق مشابہت۔یعنی یہاں وجہ کراہت خاص مشابہت ہے اور اصولیوں نے حسن لغیرہ کی بحث میں نماز جنازہ میں بحسب ظاہر مشابہت کا ذکر کیا ہے کہ تشبہ بعبادت الاصنام کہا اور یہاں (یعنی شی کے نمازی کے سامنے ہونے سے نماز کے مکروہ تحریمی ہونے میں) ظاہری تشبہ علت کراہت نہیں ، بلکہ تشبہ بعُبَّاد علت ہے۔ بظاہر مشابہت ہونا اور بات ہے، اس شی کے عابدین سے مشابہت ہونا اور بات ہے۔ کسی بھی محترم و معظم شی کے نمازی کے سامنے باہتمام ہونے سے شبہ و تشبہ پایا جا سکتا ہے ، مگر تشبہ بعُبَّادھا اسی وقت پائی جائے گی جبکہ اس شی کی عبادت کی جاتی ہو۔ 

 مصحف شریف، سیف معلق، شمع و چراغ، تصاویر صغیرہ کی مثالیں اوپر گزریں ، اس تمہید حمید کے بعد مسئلہ مسئولہ کو زیر بحث لایے : 

 بعض علما نے جنازہ کو قبر کے مشابہ قرار دے کر حالت نماز میں بلا سترہ اس کے سامنے ہونے کی صورت میں نماز کو مکروہ تحریمی کہا، اور بعض علما نے میت و جنازے کو نائم پر قیاس کرتے ہوئے عدم کراہت کی راہ اختیار کی۔ اور دونوں ہی قول کے قائلین اپنے تئیں دلائل رکھتے ہیں، مگر نظر فقیر میں صورت ثانیہ پر قیاس اظہر ہے، وجہ اس کی یہ ہے کہ جنازہ قبل دفن جنازہ ہے نہ کہ قبر، جنازے کو قبر کہنا نہ لغۃ صحیح ، نہ شرعا ً درست۔ اور جبکہ جنازہ قبر نہیں تو قبر کے احکام اس پر جاری کیوں کر ہو سکتے ہیں، نیز کہیں ثابت نہیں کہ جنازہ و میت کی عبادت کی جاتی ہو ، کہ تشبہ بعباد الجنازہ کے باعث کراہت آئے۔ میت جب تک دفن نہ ہو قبر نہیں اور نہ قبر کے احکام اس پر جاری ہو سکتے ہیں۔ مثلاً بعد دفن نبش نعش کرکے میت کا چہرہ دیکھنا جائز نہیں ، جبکہ میت کا چہرہ کفن کھول کر دیکھ سکتے ہیں۔

  رہا یہ کہنا کہ قبر جنازے سے ہی قبر ہوتی ہے ، مٹی کے ڈھیر کو کوئی قبر نہیں کہتا ہے۔ جاننا چاہیے کہ جس طرح بلا مقبور مٹی کا ڈھیر قبر نہیں یوں ہی میت بلا مٹی کے گڈھے میں دفن ہوئے قبر نہیں۔ جب گڈھے میں میت دفن ہو جائے اور اس پر مٹی سے کوہان نما بنا دیا جائے تو اب اسے قبر کہیں گے، اور اب اس پر قبر کے احکام جاری ہوں گے ۔ مثلاً اس کے سامنے بلا کسی آڑ و اوٹ و سترہ کے نماز وغیرہ پڑھنا مکروہ تحریمی ہوگا۔ لورود النھی فی الحدیث و بعلة التشبہ ۔تو یہ صورت نائم کی صورت سے زیادہ مشابہ ہے بنسبت قبر کے۔اور سونے والے کے سامنے نماز پڑھنا بلا کراہت جائز ہے ، جیسا کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنھا کی روایت میں تصریح ہے ۔ نیز اسی روایت میں جنازہ کی ہیئت کا صاف ذکر بھی موجود ہے:حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنھا فرماتیں ہیں کہ حضور علیہ السلام رات کی نماز ادا فرماتے در آں حالیکہ میں حضور علیہ السلام اور قبلہ کے درمیان ایسے حائل ہوتی جیسے جنازہ حائل ہوتا ہے۔(یعنی حجرۂ شریفہ میں جنازہ کی طرح لیٹی سو رہی ہوتی اور حضور علیہ السلام (جگہ کی تنگی کی باعث) میری طرف رخ فرما کر نماز ادا فرماتے تھے۔) 

 عن عروة، عن عائشة:’’أن النبي صلى الله عليه وسلم كان يصلي من الليل وأنا معترضة بينه وبين القبلة، كاعتراض الجنازة ۔(صحیح مسلم)پھر قرآن و حدیث سے ثابت ہے کہ نیند بھی ایک قسم کی موت ہی ہے۔اللہ فرماتا ہے : 

 (اَللّٰهُ یَتَوَفَّى الْاَنْفُسَ حِیْنَ مَوْتِهَا وَ الَّتِیْ لَمْ تَمُتْ فِیْ مَنَامِهَاۚ-فَیُمْسِكُ الَّتِیْ قَضٰى عَلَیْهَا الْمَوْتَ وَ یُرْسِلُ الْاُخْرٰۤى اِلٰۤى اَجَلٍ مُّسَمًّىؕ-اِنَّ فِیْ ذٰلِكَ لَاٰیٰتٍ لِّقَوْمٍ یَّتَفَكَّرُوْنَ )

 ترجمہ :’’ اللہ جانوں کو وفات دیتا ہے ان کی موت کے وقت اور جو نہ مریں انہیں ان کے سوتے میں پھر جس پر موت کا حکم فرما دیا اسے روک رکھتا ہے اور دوسری ایک میعاد مقرر تک چھوڑ دیتا ہے بیشک اس میں ضرور نشانیاں ہیں سوچنے والوں کے لئے‘‘ ۔ (کنز الایمان)

 مذکورہ بالا آیت کریمہ سے معلوم ہوا کہ نیند بھی ایک طرح کی موت ہے، جبھی تو حدیث پاک میں اسے موت کی بہن بتایا گیا ہے۔ ’’النوم اخو الموت، و اھل الجنة لا ینامون‘‘ اور نیند کے من وجہ موت ہونے کی وجہ سے حضور علیہ السلام سے سوتے وقت اور بیدار ہونے کے بعد کی جو دعائیں ماثور ہیں، ان میں نیند کو موت سے ہی تعبیر کیا گیا ہے،حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ حضور علیہ السلام رات کو جب بستر پر تشریف لے جاتے تو اپنا کف دست، رخسار کے نیچے رکھ لیتے پھر فرماتے:’’اَللّٰہمَّ بِاِسْمِکَ اَمُوْتُ وَاَحْیَا‘‘اور جب بیدار ہوتے تو یوں فرماتے:’’ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَحْیَانَا بَعْدَ مَا اَمَاتَنَا وَاِلَیْہِ النُّشُوْرْ ‘‘ اسی طرح امت کو سونے سے پہلے کی دعا تعلیم فرمائی جس میں نیند میں خروج روح کا مفہوم ملتا ہے: ’’بِاسْمِکَ رَبِّیْ وَضَعْتُ جَنْبِیْ وَبِکَ اَرْفَعُہُ فَاِنْ اَمْسَکْتَ نَفْسِیْ فَارْحَمْہَا وَاِنْ اَرْسَلْتَہَا فَاحْفَظْہَا بِمَا تَحْفَظُ بِہٖ عِبَادَکَ الصَّالِحِیْنْ‘‘اور بیدار ہونے کے بعد کی دعا :’’ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ عَافَانِیْ فِیْ جَسَدِیْ وَرَدَّ عَلَیَّ رُوْحِیْ وَاَذِنَ لِیْ بِذِکْرِہٖ‘‘۔ 

 بہر حال قرآن و حدیث سے نیند کا مثل موت ہونا ثابت ہے۔ اب مسئلہ مسئول عنہ کی طرف آئیے۔ تو سوتے ہوئے آدمی کا چہرہ اگر مصلی کی جانب نہیں تو فقہا نے کراہت تحریمی کا حکم نہیں دیا، اور بمطابق قرآن و حدیث پاک جب نیند مثل موت ہے تو سوتا ہوا آدمی بھی مثل میت و جنازہ ہے، فرق یہ ہے کہ جنازہ کفن میں ہوتا ہے اور یہ عام ملبوس میں۔ اور اوپر مذکور حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہ کی روایت میں جنازہ کے الفاظ وارد ہوئے ہیں۔ ۔۔۔۔ معترضة کاعتراض الجنازة ، نیز بتایا جا چکا کہ جنازہ یا میت قبل دفن قبر نہیں کہ ابھی سے اس پر بعد دفن والے احکام جاری ہو جائیں ، ورنہ تو چہرہ دیکھنا بھی جائز نہ رہ جائے۔

  تو نتیجہ یہ نکلا کہ میت کا ،رکوع و سجود والی نماز میں نمازیوں کے آگے ہونے کی صورت میں نماز مکروہ تحریمی نہ ہو بالخصوص جبکہ جگہ کی تنگی ہو، ہاں البتہ کراہت تنزیہی سے مفر نہیں بالخصوص اس صورت میں جبکہ تنگئ جگہ نہ ہو۔ کہ جنازے کے سامنے ہونے سے بعض اذہان میں شبہ و شغل ہوتا ہے اور شریعت مطہرہ کو یہ پسند نہیں۔ جیسا کہ تنگئ جگہ نہ ہونے کی صورت میں سونے والے کے سامنے نماز پڑھنا کراہت تنزیہی سے خالی نہیں۔نیز یہ کہ اس مسئلے میں اختلاف علما و اضطراب اقوال ہے اور علما کے اختلاف سے بچنا اولی و بہتر ہے ، اسی لیے حکم یہی ہوگا کہ رکوع و سجود والی نماز میں جنازہ نمازی کے سامنے نہ رکھا جائے،ورنہ کراہت تنزیہی کا حکم ہوگا۔

        کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ 

        رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف 

        ۱۵ ؍ رجب المرجب ۱۴۴۶ ھ //۱۶ ؍ جنوری ۲۰۲۵ ء

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.