Home › Fatawa › Mixed Issues

Text size
translateاردو

غير موقوفہ زمین پر تعمیر کی گئی مسجد کا شرعی حکم

Question

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل مسئلہ میں کہ زید بہار کی ایک اہم شخصیت اور معروف عالم دین تھے انہوں نے شہر مظفر پور میں ایک نجی زمین خریدی اور خانقاہ مدرسہ و عبادت خانہ وغیرہ کے قیام و انتظامات کو اپنا معمول بنایا کیونکہ وہ ایک مشہور بزرگ کے سجادہ نشین بھی تھے پھر انہوں نے اس وقت کے مشترکہ بہار ( فی الوقت جھارکھنڈ) کے دھنباد میں ایک زمین اپنے نام سے خریدی اور جو معمولات ان کے مظفر پور میں تھے وہی معمولات انہوں نے دھنباد میں مظفرپور کی شاخ کے طور پر شروع کیا جس کی عمارت کی تعمیر میں جیب خاص سے صرفہ کے ساتھ ہی مریدین، معتقدین، متوسلین اور احباب خاص کے تعاون کا سہارا بھی لیا. واضح ہو کے مذکورہ عمارت کے مین گیٹ کے بالائی منزل کا ایک حصہ عبادت خانہ کے طور پر مستعمل ہے جس میں پنجگانہ جمعہ وعیدین کی نماز ہوتی ہے اس میں طلبہ بھی تعلیم حاصل کرتے ہیں اور مدرسے کے وہ طلبہ جو فراغت کی منزل میں ہوتے ہیں انہیں امامت کی تربیت بھی دی جاتی ہے یہ تقریبا 45 سال پرانی بات ہے. 

زید اپنی آخری عمر میں مجذوب ہو گئے مدرسے کے انچارج صدر مدرس نے تقریبا 20 سال پہلے زید کے جانشین و مذکورہ جائیداد کے وارث بکر کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا پھر بکر نے بحیثیت ناظم اعلی دھنباد کی خانقاہ مدرسہ و عبادت خانہ کے انتظامات بہتر سے بہتر بنانے کی ہر ممکنہ تدبیر اختیار کی جو بفضلہٖ تعالی بحسن و خوبی جاری و ساری ہے اور ایک مجلس مشاورت (شوریٰ) بھی ناظم اعلی کے نامزد اشخاص معتبرین پر مشتمل تشکیل شدہ ہے

 ادھر چند ہفتہ پہلے عمر نے اپنے چند ہم خیالوں کے ساتھ یہ تجویز سامنے لائی کے متذکرہ عبادت خانہ کو باضابطہ مسجد تسلیم کیا جائے اور اس کی ایک الگ انتظامیہ کمیٹی تشکیل دی جائے اور یہ خبر پھیلائی جانے لگی کہ مسجد کے نام پہ کبھی ٹوکن چھپا تھا اور مورث اعلی زید نے کچھ لوگوں کے سامنے مسجد کی خواہش ظاہر کی تھی جس کے گواہ بھی موجود ہیں. 

دریافت طلب امر یہ ہے کہ 

1. کیا غیر وقف شدہ زمین پر تعمیر کوئی بھی عمارت شرعی طور پر مسجد تسلیم کی جائے گی؟ 

2. خانقاہ و مدرسہ کے مین گیٹ کے بالائی منزل کا کوئی حصہ جو عبادت خانہ کے طور پر مستعمل ہے اس کی موجودہ نوعیت کیا ہے ؟مسجد عام یا مسجد بیت کی؟

3. تین کیا موجودہ جائیداد کے وارث پر دباؤ ڈال کر مذکورہ عمارت کا کوئی حصہ بنام مسجد وقف کرایا جا سکتا ہے؟ 

4. قیام عبادت خانہ کے 40 سال بعد مسجد کے نام کے ٹوکن کی اشاعت یا کسی زبانی وصیت یا گواہ کی بات کرنا ازروئ شرع کیسا ہے؟ 

مذکورہ بالا صورتحال کی روشنی میں قرآن و حدیث کے حوالے سے مدلل و مفصل رہنمائی فرمائی جائے 

المستفتی: محمد حسیب، رحمت گنج دھنباد

18 مارچ 2025

Answer

الجواب اللہم ہدایۃ الحق والصواب : سائل کے بیان سے واضح ہے کہ وہ زمین جس پر زید نے عبادت خانہ تعمیر کیا تھا اس کو برائے مسجد وقف نہیں کیا تھا محض نماز، تلاوت، عبادت، درس و تدریس وغیرہ کے لیے اس جگہ کو مختص و متعین کر دیا تھا جیسا کہ بعض حضرات اپنے گھر میں ایک کمرہ عبادت و نماز و تلاوت و فاتحہ وغیرہ کے لیے متعین و مختص کر دیتے ہیں ، تو اس تعیین و تخصیص سے وہ جگہ شرعاً مسجد نہ ہو جائے گی بلکہ مسجد کے لیے وقف شرط ہے ، جبکہ زید نے اور اب اس کے وارثین نے اسے برائے مسجد وقف نہیں کیا تو اس پر مسجد کے احکام جاری نہیں، نہ اس میں نماز پڑھنا مسجد میں نماز پڑھنے کا ثواب رکھتا ہے، نہ اس جگہ کے نیچے اوپر کی جگہ محترم بہ احترام مسجد ہے، نہ اسے شرعی مسجد کہا جا سکتا ہے، اور نہ بلا وقف وہ جگہ ابد الآبا تک مسجد ہو سکتی ہے۔ اور مسجد کے نام سے ٹوکن یا رسید وغیرہ چھپ جانا مسجدیت پر دلیل نہیں اور نہ ہی زید کا خواہش ظاہر کرنا دلیل مسجدیت ہے ، بلکہ یہ قرینہ قویہ ہے کہ زید مالک زمین نے اس وقت تک اس زمین کو برائے مسجد وقف نہیں کیا تھا بلکہ وہ صرف خواہش رکھتے تھے تو محض خواہش رکھنے اور اسے پورا نہ کرنے سے زمین وقف نہیں ہو جاتی ۔ 

 ہاں ! اگر زید کے وارثین اپنے مورث اعلی کی خواہش و تمنا یا وصیت کو پورا کرنا چاہیں تو اس عمارت کو اوپر سے لے کر نیچے تک بندوں کے حقوق سے منقطع کرکے مسجد کردیں، زبان سے ایک دفعہ کہہ دیں اور اذان و اقامت کے نماز اس میں قائم ہو جائے تو اب وہ جگہ شرعا مسجد ہو جائےگی۔ اگر اس عمارت کے نیچے یا اوپر کے حصے بندوں کے حقوق سے متعلق ہوں گے مثلا عمارت کے نیچے شاہراہ و راہ گزر ہو تو وہ عمارت اور زمین مسجد نہیں ہو سکتی۔ 

 (۲) جس زمین پر وہ گیٹ و عمارت قائم ہے اگر زید کی ملکیت تھی ، یعنی زید نے اس جگہ کو مدرسہ ، خانقاہ و ادارہ، مقبرہ ، مسجد وغیرہ کسی بھی کار خیر کے لیے وقف نہیں کیا تھا تو وہ زید کی ملک ہے اور ان کے بعد وصال ان کا ترکہ ہے جس کے مالک بمطابق شرعی تقسیم ان کے وارثین اس جگہ کی حیثیت وہی ہے جو زید مورث اعلی کے زمانے میں تھی اور اس کے وارثین نے اس کو اب تک اسی حالت پر قائم رکھا یعنی اپنی ذاتی زمین کو نماز و عبادت کے لیے مختص کر رکھا ہے ۔ لہذا اگر زید کے وارثین اس کی موجودہ حالت قائم رکھنا چاہتے ہیں فبھا ۔ اور اگر یہ عمارت عوامی چندے سے بنائی گئی ہے تو اگرچہ زمین وقف نہیں مگر اس کی موجودہ حیثیت و حالت کو چندہ دہنگان کی اجازت کے بغیر بدلنا نہ چاہیے یعنی نماز و عبادت اور درس و تدریس کے لیے باقی رکھیں اور اگر مسجد ہی کرنا چاہتے ہیں تو واضح رہے کہ گیٹ کے بالائی حصہ پر قائم عبادت خانہ موجودہ حالت میں شرعی مسجد ہو بھی نہیں سکتا، اس لیے کہ مسجد ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ارض مسجد کے اوپر اور نیچے دونوں جگہیں حقِ عباد سے منقطع ہو جائیں، (کما مر) برخلاف اس صورت کے جبکہ اوپر نیچے کی جگہ مصالحِ مسجد ہی کے لیے ہی وقف ہو ، لیکن صورت مسئولہ میں اس عبادت خانہ کی جو موجودہ حالت و کیفیت سوال سے ہم سمجھ سکے ہیں وہ یہی ہے کہ لمبے چوڑے گیٹ کی عمارت کے بالائی حصے میں عبادت خانہ قائم ہے جس کے نیچے سے گاڑی ، گھوڑا، انسان، جانور، پیدل،سوار سب گزرتے ہوں گے اور وہ گویا رَہ گزر ہے۔ 

 لہذا اس نیچے کی جگہ سے حق العبد اس حالت میں منقطع نہ ہوگا تو وہ جگہ یعنی اوپر کا بالائی خانہ حالت موجودہ میں مسجد نہیں ہو سکتا ، اس کو مسجد کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے نیچے کی جگہ بھی بندوں کے حقوق سے جدا و آزاد ہو ۔ رد المحتار میں ہے : ’’ و حاصلہ أن شرط کونہ مسجدا ان یکون سفلہ و علوہ مسجدا لینقطع حق العبد منہ لقولہ تعالی ( و ان المسجد للہ ) بخلاف إذا کان السرداب و العلو موقوفا لمصالح المسجد ‘‘ ۔ ( ج : ۴ ، ص : ۵۵۴ )

  در مختار میں ہے : ’’ و لو جعل لغیرھا أو جعل فوقہ بیتاً و جعل باب المسجد الی طریق و عزلہ عن ملکہ لا یکون مسجداً و لہ بیعہ یورث عنہ ‘‘ ۔ ( ایضا ) 

 (۳) دباؤ ڈالنا جائز نہیں۔واللہ تعالی اعلم ۔ 

  (۴) ٹوکن ، رسید اور چندہ کیا بھی گیا ہو تو اس سے وہ زمین مسجد نہیں ہو جاتی ، جب تک کہ مالک اس کو مسجد نہ کر دے ۔ یوں ہی وصیت ، خواہش ، آرزو ، تمنا کرنے سے بھی تمام مسجدیت نہیں ہو سکتی ، جب تک وارثین اس کو نافذ نہ کر دیں ۔واللہ تعالی اعلم

        کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ 

        رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف 

        مورخہ : ۲۶ ؍ رمضان المبارک ۱۴۴۶ ؁ھ 

        ۲۸ ؍ مارچ ۲۰۲۵ ؁ ء / بروز جمعرات

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.